پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر آصف کی غزلیں — Akhtar Asif Ghazals

اختر آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر رات امن و صلح کے جلسے سنا کئے (غزل)

ہر رات امن و صلح کے جلسے سنا کئے

ہر صبح قتل و خون کی خبریں پڑھا کئے

تخریب اس کا کام تھا تعمیر میرا شوق

جتنے مکاں جلا کئے اتنے بنا کئے

لوٹا سزا جو کاٹ کے ناکردہ جرم کی

گھر آ کے اس نے سارے پرندے رہا کئے

بس کا سفر تھا راہ میں تھے پیچ و خم بہت

دو ہم سفر حیات کی باتیں کیا کئے

اب کس سے سنگ و خار کا شکوہ کریں بھلا

ہم خود ہی اپنی راہ سے ہٹ کر چلا کئے

ایسا بھی اک شفیق مرے دوستوں میں ہے (غزل)

ایسا بھی اک شفیق مرے دوستوں میں ہے

جس کے کرم کا عکس مرے آنسوؤں میں ہے

پتھر ہزار راہ کی مشکل بنیں تو کیا

ان مشکلوں کا حل تو مری ٹھوکروں میں ہے

کاغذ کے پھول جیسے ہوں گلدان میں سجے

ایسا ہی کچھ خلوص کا جذبہ دلوں میں ہے

تنگ آ کے شہر سے جو بیاباں چلا گیا

شہرت اسی کے نام کی آبادیوں میں ہے

رکتی ہے بھیگی پلکوں پہ کیوں فکر کی نظر

کیا زندگی کی شرح انہیں حاشیوں میں ہے

تو نے دغا جو دی تو تعجب کی بات کیا

تیرا شمار بھی تو مرے دوستوں میں ہے

آصفؔ خرد کی گرد پہاڑوں پہ جم گئی

گرم سفر جنوں کا لہو وادیوں میں ہے