پیارے پڑھنے والے گزشتہ ماہ لاہور سے کراچی جانے والا طیارہ منزل پر پہنچنے سے پہلے اپنے ٹائر نہ کھول سکا۔ ہر طیارہ میں دو انجن ہوتے ہیں تا کہ ایک خراب ہو جائے تو بھی دوسرا چلتا رہے مگر اس بدقسمت طیارے کے کراچی پہنچنے پر دونوں انجن ہی فیل ہو گئے۔ طیارہ ایئرپورٹ کے رن وے پر اترنے کی بجائے قریبی گھروں پر جا گرا اللہ معاف کرے 97 لوگ پائلٹ اور عملہ سمیت شہید ہو گئے۔ طیارہ میں آگ لگنے کی وجہ سے میتیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ پھر معلوم ہوا کہ چونکہ چہرے پہچانے نہیں جاتے اس لئے اب شہید ہونے والوں کا ڈی این اے ٹیسٹ ہو گا۔ حسب معمول نتیجہ کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ پھر شور مچا کہ تحقیقات ہونی چاہئے۔ تو پاکستانی پائلٹ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تحقیقاتی کمیٹی میں ہمارا نمائندہ بھی ہونا چاہئے کیونکہ کہا جا رہا تھا کہ طیارہ پائلٹ کی غلطی سے گرا۔ ادھر پائلٹ حضرات کا کہنا تھا کہ ایسا کون سا ناسمجھ پائلٹ ہو گا جو اپنی غلطی سے طیارے کے دونوں انجن بند کر دے۔ میں نے ان دنوں بھی اپنے ٹی وی پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں جو روزانہ چینل ۵ پر دکھایا جاتا ہے۔ سابقہ تجربات کے پیش نظر پیش گوئی کی تھی کہ کہا جاتا ہے پائلٹ نے طیارہ میں بیٹھتے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ انجن میں کوئی خرابی لگتی ہے۔ اس افواہ کا پھیلنا تھا کہ اندازہ ہو گیا کہ پائلٹ ایسوسی ایشن کا نمائندہ نہیں لیا جائے گا اور بالآخر پائلٹ کی غلطی کہہ کر یہ فائل بند کر دی جائے گی۔ یہی ہماری سابقہ روایات کہتی ہیں ۔وہ جو جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اس پر سارا ملبہ ڈال دو انجینئرنگ کا کوئی ذکر نہ کرو دوسرے افسروں کو بھی ہر گز ذمہ دار نہ ٹھہراﺅ، یہی ہماری سابقہ روایات کہتی ہیں۔ یہی کچھ ہوا پاکستانی پائلٹ کی بجائے خانہ پری کے لئے اعلان کیا گیا کہ انٹرنیشنل لیول پر پائلٹ ایسوسی ایشن کا کوئی غیر ملکی نمائندہ (جسے ہماری انجینئرنگ کی خامیوں کا پتہ نہ ہو) کو ساتھ لینے کا اعلان کر دو اب یہ بین الاقوامی لوگ اتنے فارغ تو ہوتے نہیں لہٰذا تحقیقاتی کمیٹی بیٹھے گی اور نہ اس کی رپورٹ آئے گی۔ سو کے لگ بھگ قیمتی جانیں گئیں، قیمتی طیارہ گیا مگر پی آئی اے کے چیف صاحبان کو کیا پرواہ رفتہ رفتہ خاموشی چھا جائے گی ہماری رپورٹ تو آ ہی گئی کہ پائلٹ قصور وار نکلا اسے معلوم تھا کہ وہ خود بھی جہاز میں مارا جائے گا لیکن اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ بس اس کی غلطی تھی کہ بس اس نے دونوں انجن ہی خراب کر دیئے خس کم جہاں پاک اس سے پہلے بھی ہمارے ہاں جہازوں، ریل گاڑیوں اور بسوں کے حادثے ہوتے رہتے ہیں اور مرنے والے ڈرائیور پر ہی الزام لگا کر جو زندہ ہوتے ہیں وہ صاف بچ نکلتے ہیں آپ کو یاد ہو گا ہمارے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ذاتی کمپنی ایئر بلیو کا ایک طیارہ اسلام آباد اترتے وقت پہاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا اس کی تحقیقات بارے بھی ایسی ہی خبریں آئی تھیں اور اب ایک اور خوفناک انکشاف ہوا ہے لیکن خاطر جمع رکھئے ہونا اس انکوائری کا بھی کچھ نہیں۔
شہری ہوا بازی کے وفاقی وزیر ہمارے پرانے دوست غلام سرور خان نے بہت بڑی خبر سنا دی۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں کہہ دیا ہے کہ پاکستان میں پتہ چلا ہے کہ ہمارے ہاں سو میں سے 40 پائلٹ ایسے ہیں جن کے پاس ہوا بازی کا سرٹیفکیٹ نہیں ہوتا، غلام سرور خان پرانے سیاست دان ہیں، پہلے بھی متعدد حکومتوں میں وفاقی وزیر رہ چکے ہیں گویا ان کا تجربہ کافی ہے اور یہ تجربے کا کمال ہے کہ وہ بار بار وزیر بنتے ہیں اور اپنی باری لے کر دوبارہ اقتدار کے امیدواروں کی صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کوئی پوچھے جناب غلام سرور خان صاحب آپ نے کتنی بڑی بات کتنی آسانی سے کہہ دی آپ بہادر آدمی ہیں ہم جیسے کمزور دل کے لوگ تو ایسی خبر سن کر ڈر کے مارے رات کو سو نہیں سکتے کون جانے کس دن اتفاق سے لاہور سے کراچی اکثر جانا ہوتا ہے یا پھر لاہور سے اسلام آباد، پشاور یا کوئٹہ اب کون جانے ایک جہاز میں دو پائلٹ بیٹھے ہوتے ہیں اللہ نہ کرے دونوں کے دونوں ان 40 میں سے ہوں جن کے پاس ہوا بازی کا کوئی سرٹیفکیٹ ہی نہیں ہے۔ قربان جایئے غلام سرور خان کی بہادری کے کہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے اچھے سے اچھا تجربہ کار پائلٹ بھی غلطی کر سکتا ہے مگر ہمیں کیا ڈر اگر ہوائی بیڑے میں غلام سرور خان کے بقول 40 پائلٹ ایسے ہیں جو شائد ہوا بازی کی تربیت ہی نہیں لے سکے۔ یہ پاکستان ہے یہاں انسان کی جان کی کوئی وقعت نہیں حکومتیں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں اب بھلا اس سنسنی خیز انکشاف کو لیجئے غلام سرور خان صاحب نے بیان تو دے دیا مگر خود گھر جا کر سو گئے باقی اللہ جانے اور اس کا کام جانے اب اگر کسی کی موت آنی ہی ہے تو غلام سرور خان کیا کر سکتے ہیں۔
یہ پاکستان ہے پیارے
یہ ہماری جان ہے پیارے
یہاں تو ایسا ہی چلے گا کر لو جو کرنا ہے۔
ماشاءاللہ زندہ باد پی آئی اے پائندہ باد اس کے سربراہان کومبارکباد ہو وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان کو، عمران خان صاحب بھی مبارکباد کے حصے دار ہیں کہ ان کی ٹیم کے منیجر نے یہ انکشاف تو کر دیا مگر یہ نہیں بتایا کہ 40 فیصد جعلی پائلٹ کس نے بھرتی کئے تھے اس کا ذمہ دار کون ہے97 مسافروں کو جان سے مارنے کا سرٹیفکیٹ جس پائلٹ کو ملا ہے اور جو خود بھی جاں بحق ہو گیا وہ بھی اصلی تھا یا جعلی کیا پی آئی اے سے پہلے ایئر بلو جہاز ان کمپنی کے پائلٹ بھی جعلی تھے۔ غلام سرور خان نے یہ نہیں بتایا کہ پائلٹ کا انٹرویو کون لیتا ہے۔ کچھ ایسے نابغوں کے نام بھی بتلا دیتے۔ ماشاءاللہ خبر تو بڑی دھانسو ہے ذرا اس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کر دیتے۔ 40 فیصد کم و بیش آدھی تعداد ہوتی ہے اتنے جعلی پائلٹ جہاز اڑائیں گے کیا اتاریں گے کیا، کس کو ماریں گے اور کس کو بچائیں گے، خود اپنی جان بھی خطرے میں لئے بیٹھے ہیں۔ پائلٹ بننے سے پہلے بیچارے شائد گھاس کاٹتے تھے۔ پائلٹ کا جعلی سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے، اس کی شناخت کہاں سے ہوتی ہے، کن کن افسروں نے یہ جعلی سرٹیفکیٹ نہیں پکڑے تھے اور یہ 40 فیصد والی بات غلام سرور خان کو کس نے بتائی جس کو معلوم تھا اسے راتوں کو نیند کیسے آتی تھی۔ خود غلام سرور خان راتوں کو کیسے چین کی نیند سوتے تھے سارے کام چھوڑ کر انہوں نے یہ معلومات اپنے پاس رکھ کر اس بدقسمت قوم کی کون سی مدد کی؟ سب سے پہلے تو انہیں پکڑنا چاہئے کہ جب یہ پتہ چل ہی گیا تو آپ کیوں خاموش بیٹھے ہیں۔ کہاں انکوائری ہوئی؟ کس نے تحقیقات کیں؟ کون کون ملوث پایا گیا؟ شاید اس کے لئے بھی تحقیقاتی کمیٹی میں انٹرنیشنل لیول کا پائلٹ رکھا جائے۔
خدایا اس سے بڑی دھاندلی اور کیا ہو سکتی ہے کہ پاکستان میں 40 فیصد جعلی پائلٹ جہاز اڑاتے پھرتے ہیں، نہ کوئی انکوائری، نہ کوئی پوچھنے والا نہ کوئی تحقیقات کرنے والا، جو ہوتا ہے ہونے دو، جو چلتا ہے وہ چلنے دو، اربوں اور کھربوں کے جہاز جعلی پائلٹ اڑاتے پھرتے ہیں اور لوگوں کی جان خطرے میں ہے۔ ہے کوئی پوچھنے والا!
٭٭٭

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔