” یہ مصوری ہی تھی جس نے میری زندگی کو مکمل کئے رکھا ۔ ”
فریدا کاہلو ۔۳
( قیصر نذیر خاور )
1941 ء کے نئے سال کا سورج طلوع ہونے سے قبل فریدا تو میکسیکو لوٹ آئی لیکن ریویرا اپنی اسسٹنٹ ’ایمی لاﺅ پیکرڈ‘ کے ساتھ فروری میں واپس آیا اور فریدا کے ساتھ ’نیلے گھر‘ ، جس پر کھٹرے قرضے اتار کر وہ اسے اپنے نام کرا چکا تھا ، میں رہنے لگا ۔ اب وہ سان اینجل والا گھر بطور ’سٹوڈیو‘ استعمال کر رہا تھا ۔ 14اپریل 1941 ء کو فریدا کا باپ چل بسا ، اس کی موت نے فریدا پر ڈیپریشن طاری کر دیا جس نے اس کی صحت کو مزید خراب کیا اور اس کا پستر سے اٹھنا مزید محال کر دیا ۔ ایسے میں ہی اس کو میکسیکو کلچر کے سیمینار کے پچیس بنیادی ارکان میں شامل کر لیا گیا جو اگلے برس فروری میں منعقد ہونا تھا اور اس کی پینٹنگز امریکہ خصوصاً بوسٹن میں نمائش کے لئے پیش ہوتی رہیں ۔ اِدھر وہ ” Seminario de Cultura Mexicana“ میں شامل ہوئی ، ” Anahuacalli“ میوزیم کے لئے چندہ مہم چلائی تاکہ اس میں پری ۔ کولمبین دور کے نوادرات اس میں رکھے جا سکیں (ریویرا کے پاس ان نوادرات کا ایک بڑا ذخیرہ تھا )، اُدھر امریکہ میں نیویارک کے میوزیم آف مارڈرن آرٹ نے ’بیسویں صدی کے پورٹریٹس‘ نامی سیریز کے لئے اس کا پورٹریٹ ’ Self-portrait with Braid‘ منتخب کیا ۔ وہ اس سے قبل ’ Self-portrait with Cropped Hair ‘ بنا چکی تھی ۔ یہ دونوں پینٹنگز بھی فریدا کی طلاق سے جڑی ہوئی ہیں ۔ طلاق کے بعد فریدا نے اپنے بال کاٹ ڈالے تھے ، روایتی میکسیکن لباس بھی ترک کر دئیے تھے ۔ فریدا کے بال اور اس کے روایتی میکسیکن لباس دونوں ریویرا کو بہت پسند تھے ۔’ کٹے بالوں کے ساتھ سیلف پورٹریٹ‘ میں وہ تراشے بالوں کے ساتھ مردانہ لباس میں قینچی ہاتھ میں تھامے بیٹھی ہے جبکہ اس کے لمبے بالوں کی لٹیں فرش پر بکھری پڑی ہیں ۔ فریدا سیدھے سیدھے اپنی نسوانیت کو قتل کرتی ، ڈییگو رویرا کی کھلے بندوں نِندا کرتے اپنی آزادی کا اعلان کرتی دکھائی دیتی ہے ۔
’چٹُیا یا گنُدھی لٹَوں کے ساتھ سیلف پورٹریٹ ‘ ( Self-portrait with Braid ) فریدا نے 1941ء میں بنایا تھا ۔ دسمبر 1940ء میں ڈییگو رویرا کے ساتھ اس کی دوبارہ شادی ہو گئی تھی ۔ اس پورٹریٹ میں اس نے اپنی نسوانیت کو دوبارہ سے حاصل کرنا دکھایا ہے ۔ گنُدھی لٹَوں کی لوُپ (Loop) اور ان کے کھلے سِرے’ وقت ‘ کے پراسرار لامتناہی سلسلے کی نشاندی کرتے معلوم پڑتے ہیں ۔ پینٹنگ کی نچلی طرف سے اوپر کی جانب پھلتے پھولتے پتے بھی اسی کی علامت نظر آتے ہیں ۔
’ موسیٰ‘ (Moses, 1945) بننے تک فریدا کی کئی پینٹنگز میکسیکو ، فرانس اور امریکہ میں اپنی شناخت بنا چکیں تھیں ۔ ان میں ’ The Portrait of Marucha Lavin ‘ ، ’ Xochitl ‘ ، ’ The Flower of Life ‘ ، ’ The Two Fridas ‘ ، ’ What the Water Gave Me ’، ‘Self-Portrait with Necklace of Thorns ‘ ،’ The Broken Colunm ‘ شامل ہیں ۔
’کانٹوں کے نیکلس کے ساتھ سیلف پورٹریٹ‘ ( جو چہچہاتے پرندے کے ساتھ پورٹریٹ بھی کہلاتا ہے ) اور ’ دی بروکن کالم ‘ ایسے پورٹریٹ ہیں جو فریدا کی المیوں سے بھری زندگی کی نئی علامتوں کے ساتھ عکاسی کرتے ہیں لیکن دونوں میں اس کے چہرے کے تاثرات کہیں یہ ظاہر نہیں کرتے کہ وہ گریہ کر رہی ہے ۔ اپنی زندگی کی المناکیوں کو دکھانے کے لئے اس کے پاس نئے سے نئے استعارے ہیں اور وہ ان کا استعمال انتہائی خوبصورتی سے کرتی ہے ۔ ’ بروکن کالم ‘ کی فریدا کا جسم کیلوں سے اٹا پڑا ہے، آنکھوں سے نکلے آنسو گالوں پر ہیں لیکن اس کی چھاتیوں کا تناﺅ ، کھڑے ہونے کا انداز ، تنی گردن اور چہرے پر جنگجوآنہ تاثرات اس کی خود اعتمادی (self determination) کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں ۔
اس دوران فریدا نے شعبہ تعلیم کے ساتھ بطور آرٹ ٹیچر بھی کام شروع کر دیا تھا ۔ جب طبعیت بہتر نہ ہوتی تو وہ اپنے طلبہ و طالبات کو گھر بلا لیتی ۔ اس کی صحت دن بدن گرتی جا رہی تھی ، پینٹنگز کے علاوہ وہ ڈائری لکھتی اور کتابوں کے مطالعے میں من لگاتی ۔
اس کی پینٹنگ ’ موسیٰ ‘ اسی مطالعے کا نتیجہ تھی ۔ اُس نے اس پینٹنگ کو بنانے سے قبل سگمنڈ فرائڈ کی کتاب ’ Moses and Monotheism‘ کو پڑھا تھا ۔ یہ اِس کتاب کی وہ توجیح ہے جو فریدا کو نظر آئی تھی ۔ اس پینٹنگ کو اس کی غیر موجودگی میں 1946 ء کا قومی انعام برائے آرٹ کا حقدار ٹہرایا گیا۔ ’ Moses and Monotheism‘ اسے مطالعے اور پھر اسے پینٹنگ میں ڈھالنے کے لئے ڈان لیون نے دی تھی جس کی بیوی ماروچا کا پورٹریٹ فریدا نے 1942 ء میں بنایا تھا ۔ ’ موسیٰ ‘ کا تعلق’ تخلیق‘ کے ساتھ تو اسی طرح جُڑا دکھائی دیتا ہے جس طرح بہت سے ماسٹر پینٹرز نے اسے اپنی تخلیقات میں دکھایا ہے ، فریدا کے ہاں البتہ فرق یہ ہے کہ اس نے پینٹنگ کی بہت سی جزئیات اپنے ہم عصر زمانے سے اٹھائی ہیں جیسے تاریخی شخصیات اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ڈییگو اُس موسیٰ کی علامت ہے جو شیرخوارگی کے زمانے میں دریا میں بہا دیا گیا تھا ۔ اس کے ماتھے پر ایک تیسری آنکھ بھی ہے جو ذہانت اور فراست کی علامت ہے ۔ ( فریدا کی پینٹنگز دیکھ کر آپ آسانی کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ڈییگو کی شخصیت فریدا پر کتنی حاوی تھی اور ڈییگو کی شخصیت کی تمام تر کمزوریوں ، خصوصاً دوسری ان گنت خواتین کے ساتھ تعلقات کے ، فریدا اسی طرح ڈییگو سے عشق کرتی تھی جیسے کوئی صوفی اپنے ’بے پرواہ ‘ رب سے کرتا ہے ۔ ) جب اس پینٹنگ کو قومی انعام برائے آرٹ کا حقدار ٹہرایا گیا تھا تو وہ اس وقت اپنی کمر کے آپریشن کے لئے اپنی بہن کرسٹینا کے ہمراہ نیویارک میں تھی ۔
اکتوبر 1946ء میں وہ واپس آ کو مہینوں آہنی اور چمڑے کے زیر جامے (corset) میں جکڑی رہی ۔ درد کی شدت کو کم کرنے کے لئے اسے اب مارفین کی انجیکشنوں کی ضرورت پیش آنے لگی اور اس کے جسم میں خون کی شدید کمی ہو گئی تھی ۔ 6جولائی7 194ء کو فریدا چالیس سال کی ہو گئی ( گو اس نے اسے اپنی 37ویں سالگرہ کے طور پر منایا ) میکسیکو شہر میں واقع فائن آرٹس کے قومی انسٹیٹیوٹ نے اس موقع پر اس کی پینٹنگ ’ Self-Portrait as a Tehuana ‘ کو ان پنتالیس سیلف پورٹریٹس میں شامل کیا جو اٹھارویں صدی تا بیسویں صدی تک کے مصوروں کے کام میں سے چنے گئے تھے ۔ یہ پورٹریٹ ڈییگو ان مائی تھاٹس (Diego in My Thoughts) یا پھر تھنکنگ آف ڈییگو (Thinking of Diego) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ یہ اس نے 1940 ء میں بنانا شروع کیا تھا لیکن وہ اسے 1943 ء میں مکمل کر پائی ۔ یہ پورٹریٹ بھی اس جنونی عشق کا غماز ہے جو اسے ڈییگو سے تھا ۔
1948 ء میں ریویرا اور فریدا نے کمیونسٹ پارٹی کی ممبر شپ کے لئے دوبارہ درخواست دی ۔ کمیونسٹ پارٹی نے فریدا کی درخواست تو منظور کر لی لیکن ریویرا کو 1954 ء تک لٹکائے رکھا ۔ اسی برس ریویرا کا اداکارہ ماریا فیلکس کے ساتھ سکینڈ ل منظر عام پر آیا اور ریویرا فریدا کو پھر سے طلاق دینے پر تُل گیا ۔ ایسے میں کرسٹینا آڑے آئی اور اس نے ماریا کو قائل کیا کہ وہ ریویرا کے ساتھ اپنے تعلق کو ختم کرے ۔ 1949ء کے موسم گرما میں ماریا نے ریویرا کا پیچھا چھوڑ دیا ۔ اس برس فریدا نے ایک طرف تو ڈییگو ریویرا کے بطور مصور پچاس سالہ فنی کیرئیر پر مضمون لکھا اور ساتھ ہی ساتھ ’ Diego and I‘ اور ’ The Love Embrace of the Universe, the Land (Mexico), Me, Diego, and Mr. Xolot‘ نامی پینٹنگز بھی بنائیں ۔ فریدا کی صحت مزید خراب ہوئی اس کا دایاں پاﺅں گینگرین (gangerene) کا شکار ہونے لگا تھا ۔ کمر کا مسئلہ اسے اگلے برس ایک بار پھر ہسپتال لے گیا اور وہ سات بار آپریشنز کے کٹھن مرحلوں سے گزری ۔ واپس آ کر وہ اپنے بستر ، وہیل چئیر،کمرے اور کبھی کبھار صحن تک ہی محدود ہو کر رہ گئی تھی ۔
ایسے میں اس نے سیلف پورٹریٹ بنانے بند کر دئیے تھے اور ’سٹل لائف‘ بنانے شروع کر دئیے تھے ۔ اپنی تکلیف اور جذبات کو اس نے زخمی پھلوں اور روتے ناریلوں کی شکل میں پینٹ کیا ۔ درد کو برداشت میں لانے والی دوائیاں اور ٹیکے اس کی پینٹ کرنے کی صیلاحیت کو بھی متاثر کر رہے تھے ۔ اس پر شراب نوشی زخموں پر نمک کا کام کر رہی تھی ۔ 1953ء میں اس کی پہلی سولو نمائش 13 اپریل کو شروع ہونی تھی ۔ ڈاکٹرز کی مرضی کی برعکس فریدا ایمبولینس کے ذریعے وہاں پہنچی ۔ اس کا پلنگ پہلے ہی وہاں پہنچا دیا گیا تھا ۔ ایمبولینس سے اپنے پلنگ پر منتقل ہو کر وہ ہال میں گئی اور اس نمائش کا افتتاح کیا اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اگست میں اس کی داہنی ٹانگ ،جو گینگرین سے بری طرح متاثر ہو چکی تھی ، کو گھٹنے کے پاس سے کاٹ دیا گیا ۔ اس کے بعد بھی فریدا کو کئی بار ہسپتال جانا پڑا ۔
18جون 1954 ء کو امریکی سی آئی اے نے آپریشن ’ PBSUCCESS‘ کے ذریعے گوئیٹے مالا کے صدر جیکوبو آربینز (Jacobo Árbenz) کی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کی باگ ڈور کارلوس کیسٹیلو آرمَس (Carlos Castillo Armas) کی سربراہی میں فوج کے حوالے کر دی ۔ امریکہ کی گوئیٹے مالا میں اس دست درازی کے خلاف جہاں دنیا بھر میں مظاہرے ہوئے وہاں میکسیکو میں بھی شدید ردعمل ہوا ۔ میکسیکو شہر میں 2 جولائی کو ہونے والا امریکہ مخالف مظاہرہ ایک بڑا مظاہرہ تھا ۔ ڈاکٹروں کی مخالفت کے باوجود نمونیہ کی شکار فریدا ریویرا کے ہمراہ اس مظاہرے میں شامل ہوئی ۔ یہ آخری موقعہ تھا جب وہ عوام کے درمیان نظر آئی ۔ نمونیہ اسے اندر سے کھا ئے جارہا تھا اور اس کی شدت بڑھ رہی تھی ۔ 13/12 جولائی 1954 ء کی درمیانی شب فریدا نے ریویرا کو یاقوت جڑی چاندی کی انگوٹھی دی اور اسے اس کے ساتھ اپنے پچیس سال بِتانے کی مبارک باد دی ۔ اس پر ریویرا نے اسے کہا کہ ابھی تو 21 اگست آنے میں کافی دن پڑے ہیں تو فریدا کا جواب تھا کہ وہ شاید اس وقت تک زندہ نہ ہو ۔ ابھی پو بھی نہ پھٹی تھی کہ اجل کا فرشتہ آیا اور فریدا کو اپنے ساتھ لے گیا ۔ اس کے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ پرموت کی وجہ ’ پلمونری ایمبولیزم‘ (Pulmonary embolism) بیان کی گئی لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جو اس پر یقین نہیں کرتے ۔ ان کا خیال ہے کہ فریدا نے اپنی جان خود لی یا پھر ریویرا نے اس عمل میں اس کی مدد کی تھی ۔
فریدا کا ڈییگو ریویرا سے مجذوبی عشق اپنی جگہ لیکن ان کی شادی کبھی بھی زیادہ خوشگوار نہ گزری تھی ، جس کی بنیادی وجہ دونوں کے جنسی رویے تھے ۔ ’ڈییگو‘ کے تعلقات فریدا کے علاوہ دیگر کئی عورتوں کے ساتھ رہتے تھے جبکہ فریدا بھی اپنی بائی سیکسوئل (bi-sexual) فطرت کی وجہ سے کئی مردوں ( جن میں سے کمیونسٹ رہنما لیون ٹراسکی ، جاپانی نژاد امریکی آرٹسٹ و معمار ’Isamu Noguchi‘ کا ذکر اوپر آ چکا ہے) کے علاوہ عورتوں ( جن میں امریکی نژاد فرانسیسی رقاصہ اور انسانی حقوق کی علمبرارجوزفین بیکرجو کچھ کے لئے ’کالا موتی‘ (Black Pearl) ،کچھ کے لئے ’ کانسی کی زہرہ (Bronze Venus) اور باقیوں کے لئے ’ بدیسی دیوی‘ (Creole Goddess) کہلاتی تھی ، اہم ہے ) سے بھی تعلق رکھتی تھی ۔ جب فریدا کو ’ڈییگو‘ کے اس تعلق کا پتہ چلا تھا جو اس نے فریدا کی چھوٹی بہن کرسٹینا سے قائم کر رکھا تھا تو ناچاقی طلاق کی نوبت لے آئی تھی لیکن دسمبر 1940 ء میں وہ پھر سے ایک ہو گئے تھے ۔ دوبارہ کی ہوئی شادی فریدا کی موت تک قائم رہی ۔ ریویرا نے فریدا کی موت کے ایک سال بعد اپنی آرٹ ڈیلر اور پبلشر ’ ایما ہُرٹیڈو (Emma Hurtado) سے شادی تو کر لی البتہ ’نیلے گھر‘ (Blue House) کو فریدا کے نام سے میوزیم میں بدلنے کے لئے ٹرسٹ بنا ڈالی ۔ اس نے ’ Anahuacalli‘ کی عمارت بھی اس ٹرسٹ کے حوالے کر دی تھی تاکہ وہ بھی بطور میوزیم قائم رہ سکے ۔ ڈییگو ریویرا 24نومبر 1957 ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے فوت ہوا ۔ فریدا نے اپنی موت سے کچھ عرصہ قبل ریویرا کو کہا تھا:
”میں چاہتی ہوں کہ تم مجھے ، میرے مرنے پر، جلا دو ۔ میں دفن نہیں ہونا چاہتی ۔ میں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ لیٹے رہتے ہوئے ہی گزارا ہے ۔ بس مجھے جلا دینا ۔“ ریویرا نے اس کی خواہش کا پالن کیا ۔ فریدا کی مایا تہذیبی ہیوپِل (Huipil) لباس میں ملبوس اور مخصوص میکسیکن زیورات میں سجی میت کو ’ Palacio de Bellas Artes‘ کے ہال میں لوگوں کے دیدار کے لئے رکھا گیا ۔ اس کے کمیونسٹ دوستوں نے اس کے تابوت کو لال کمیونسٹ جھنڈے میں لپیٹ دیا ۔ اگلے روز دوپہر کو اس کی میت کو ’ Panteon Civil de Dolores ‘ کے قبرستان میں نذر آتش کر دیا گیا ۔ ریویرا نے اس کی راکھ پری۔کولمبین مایا تہذہبی مرتبان (Pre-Columbian Maya Civilization Urn) میں محفوظ کرکے ’نیلے گھر‘ میں رکھوا دی ۔ فریدا نے اپنی زندگی میں لگ بھگ 140 پینٹنگز مکمل کیں ( اگر اس کے نامکمل کام کو بھی شامل کر لیا جائے تو یہ تعداد 200 کے لگ بھگ پہنچتی ہے ) جن میں سے 55 اس کے سیلف پورٹریٹ ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ اس نے خود کو سب سے زیادہ پینٹنگز میں اس لئے ڈھالا کیونکہ وہ اپنے ارد گرد پھیلی دنیا کی نسبت خود کو سب سے بہتر جانتی ہے ۔ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ اپنے ارد گرد پھیلے موضوعات سے بے بہرہ تھی ۔ اس کی ایک عمدہ مثال امریکی سوشلائیٹ (Socialite) اور اداکارہ ڈورتھی ہیل (Dorothi Hale) کی خود کشی پر بنائی اس کی’ ری ٹیبلو‘ پینٹنگ ہے جو اس نے 1939ء میں بنائی تھی ۔ ڈورتھی ہیل نے اپنے خاوند کی موت اور کئی ناکام عشقوں کے بعد21 اکتوبر 1938 ء کو نیو یارک کی ہیمپشائر ہاﺅس بلڈنگ میں اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے کود کر ‘آپ گھات’ کیا تھا ۔ فریدا کاہلو اور اس کا کام 1970ء کی دہائی کے آواخر تک ڈییگو ریویرا کی شخصیت اور اس کے کام تلے دبا رہا لیکن جب آرٹ میں نیومیکسیکانوازم (Neomexicanismo) کا احیا ء ہوا تو فریدا اور اس کے کئی دیگر ہم عصر مصوروں کا کام سراہا جانے لگا ۔ اس کے بعد سے فریدا کی زندگی اور اس کے کام نے فنون لطیفہ پر گہرے اثرات مرتب کرنے شروع کئے جو تاحال جاری ہیں ۔ اس پر لکھی گئی سوانح عمری ’ Frida: A Biography of Frida Kahlo (1983)‘ بیسٹ سیلر ٹہری ۔ ہیڈن ہریرا کی لکھی اسی سوانح عمری کو سامنے رکھتے ہوئے امریکی ہدایت کارہ جُولی تیمور نے فلم ’ فریدا‘ بنائی جس میں سلمیٰ ہائیک نے فریدا کا کردار اس عمدگی سے نبھایا کہ بہتر ین اداکارہ کےآسکر کے لئے نامزد ٹہرائی گئی ۔ یہ فلم اگست 2002 ء میں ریلیز ہوئی تھی ۔ اس کی عوام میں پذیرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے پہلے ہی رن (run) میں لگ بھگ ساٹھ ملین ڈالرز کا بزنس کیا تھا ۔
فن کی دنیا میں آج فریدا کا قد کاٹھ اپنے خاوند ڈییگو ریویرا سے اگر بڑا نہیں تو کم از کم اس کے برابر ضرور گردانا جاتا ہے جبکہ فیمینسٹ تو بہرحال اسے ڈییگو ریویرا سے کہیں اوپر ہی جگہ دیتے ہیں ۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2142455102651678

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔