"ہماری شمو”
تحریر: زویا حسن
قسط نمبر : 7 (آخری)
دسمبر 2017، شمو نیو ائیر پارٹی کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ گھر کی چھت پہ سبھی مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے صوفے لگوائے۔ لائٹس سے چھت کو ڈیکوریٹ کیا۔ میری اور شاہدہ کے شامت آئی ہوئی تھی۔ امی اور بابا ہمارے ساتھ کاموں میں لگے تھے۔ بار بی کیو کی ساری ذمہ داری سرمد کو دی گئی۔ باقی لوازمات ریسٹورنٹ سے آرڈر کر دیے۔ مہمانوں کو 8 بجے کا ٹائم دیا تھا۔ ڈیکوریشن کرتے کرتے 4 بج گئے۔۔ شمو ادھر ادھر پھدکتی پھر رہی تھی۔
"اے رک۔۔۔ ”
میں نے اس کی کلائی سے پکڑ لیا
"جی صبا آپی۔۔!”
وہ میری طرف دیکھ کے بولی
"باہر چلنا ہے۔۔۔ ”
میں نے اسے بتایا
"کہاں۔۔؟”
اس نے سوال کیا
"چلو گی تب ۔۔۔ ”
"بہت سارے کام ہیں ابھی۔۔ ”
"امی اور شاہدہ باقی سب سنبھال لیں گے۔۔ تم چلو بس”
میں اسے کمرے میں لے آئی
"اچھا ٹھیک ہے میں کپڑے بدل لوں۔۔ ”
وہ واش روم میں گھس گئی۔۔ میں بھی فریش ہوئی۔ اسکے بعد ہم دونوں گھر سے نکلے۔۔
"آپی۔۔! ہم جا کہاں رہے ہیں۔۔ ؟”
"صبر کرو تھوڑا سا۔۔ ”
میں شمو کو سرپرائز دینا چاہتی تھی۔ اس لیے اسے کچھ بتائے بنا ایک جانے مانے بیوٹی پارلر میں لے آئی۔۔ میں نے کل ہی ٹائم لے لیا تھا۔ شمو کئی دنوں سے اپنی لکس کو لے کر بہت اداس سی تھی۔ نئے سال میں شمو کی نئی لک بھی ضروری تھی۔ ہم بیوٹی پارلر پہنچے تو اسکی باچھیں کھل گئیں۔۔
"آپی۔۔ سچ مچ۔۔ آپ مجھے بیوٹی پارلر لائی ہیں۔۔ ؟”
"پگلی۔۔! یہ خواب نہیں حقیقت ہے۔۔ تم وہاں بیوٹی پارلر نہیں جاتی۔۔ ؟”
"لئے۔۔۔ گاؤں میں بیوٹی پارلر کہاں سے آگئے۔ سرگودھا میں ہیں۔۔ میں بس ایک دو بار گئی تھی۔۔ ”
وہ بتانے لگی
قریب تین گھنٹے کی لگاتار محنت کے بعد، شمو شمشاد سے شمع کے روپ میں آئی۔ بال سٹریٹ کراکے اچھی سی سٹائلنگ کرائی۔ مینی کیور، پیڈی کیور، سکن پالشنگ ۔۔ کمپلیٹ گرومنگ کے بعد شمو پہچانی نہیں جارہی تھی۔
"آپی۔۔! سچ مچ ان کے ہاتھ میں تو جادو ہے۔۔ لگ ہی نہیں رہا کہ میں شمو ہوں۔۔۔ ”
وہ خوشی سے اچھل رہی تھی۔ اسکے نین نقش تو تیکھے تھے ہی۔ ذرا سا میک اپ سب کچھ نکھار گیا۔ رنگ بھی سانولے سے گندمی ہوا۔
"آپ کچھ نہیں کرائیں گی۔۔ ؟”
وہ پوچھنے لگی
"نہیں شمو۔۔! میرا بالکل دل نہیں کررہا۔۔ ”
میں نے جواب دیا
"مجھے پتا ہے۔۔ آپ اسد بھائی کو یاد کررہی ہیں۔۔”
وہ میری آنکھوں میں دیکھ کے بولی
"چل پگلی۔۔! ایسا کچھ نہیں ہے۔۔ ”
میں نے نظریں جھکا لیں۔ اس نے زیادہ کریدنے سے گریز کیا۔۔
ہمیں گھر لوٹتے لوٹتے آٹھ بج گئے۔ سرمد نے اپنے دوستوں کو بلایا ہوا تھا۔ جو باربی کیوں میں اسکی مدد کررہے تھے۔ وہ لوگ چھت پہ ہی تھے۔ شاہدہ اور امی کچن میں تھیں۔ اور بابا ٹی وی کے آگے بیٹھے تھے۔
"سنو۔۔! ابھی کسی کو اپنی شکل مت دکھانا۔۔۔ ”
میں نے اسے تاکید کی
"کیوں۔۔ ؟”
اس نے پوچھا
"اندرچلو پھر بتاتی ہوں۔۔۔”
میں اسے کمرے میں لے گئی۔۔ کل شاپنگ کرتے ہوئے میں نے اسکے لیے ایک سوٹ لیا تھا۔ لیکن شمو کو سرپرائز دینے کے لیے میں نے اسے بتایا نہیں۔ لائیٹ گرین کلر کا شفون فراک اور پنک کلر کا چوڑی دار پاجامہ میں نے اسے تھمایا
"یہ لو۔۔ میری طرف سے نیو ائیر کا تحفہ۔۔۔ ایڈوانس میں۔۔۔ ”
"آپی۔۔! پہلے ہی آپ نے اتنا کچھ کیا ہے۔۔ ”
اسکی آنکھیں نم ہونے لگیں
"اوہو۔۔۔۔۔ آپی ۔۔ آپی ۔۔بولتی رہیتی ہو مجھے۔۔ تم تو حق سے لو یہ سب۔۔ ”
وہ مسکراتے ہوئے مجھ سے لپٹ گئی
"اچھا۔۔! بہت ہوا ایمو شنل ڈرامہ۔۔ تم جلدی سے یہ سوٹ پہنو اور ۔۔ باہر آکے سب کو چونکا دو۔۔۔ ”
میں نے اسکا گال تھپتھپایا
"اور آپ۔۔ آپ تیار نہیں ہوں گی۔۔ ؟”
وہ بولی
"نہیں شمو۔۔! میرا بالکل دل نہیں کررہا ۔۔”
میں اکتا کے بولی
"ایسے کیسے۔۔! آپ کے وارڈروب میں وہ جو وائیٹ اور گولڈن کلر کا شلوار سوٹ ہے آپ وہ پہنیں گی۔۔ پلیز۔۔۔ ”
اس نے ریکوسٹ کی
"اچھا ۔۔ٹھیک ہے۔۔ پہلے تم تیار ہوجاؤ۔۔پھر میں ہوتی ہوں۔۔ ”
میں اسکا دل نہیں توڑنا چاہتی تھی
میں کمرے سے باہر آئی۔ شمو تیارہونے لگی
گیٹ پہ گاڑی کا ہارن بجا۔ شاہدہ باہر گئی۔۔ نیو ائیر پارٹی کے پہلے مہمان جوڑے کی آمد ہوئی۔ روشنی اورریحان کو شاہدہ نے ڈرائنگ روم میں بٹھایا۔۔ امی ، بابا اور میں ان سے ملے۔۔ وہ دونوں بہت اچھے لگ رہے تھے۔
"بھئی۔۔! مہمان تو آگئے۔۔ میزبانِ خصوصی نظر نہیں آرہی۔۔۔ ”
روشنی ادھر ادھر دیکھنے لگی
"آپکی میزبان تیار ہورہی ہے۔۔”
میں نے جواب دیا
امی نے مجھے اشارہ کیا کہ میں بھی جاکے تیار ہو جاؤں۔۔ اتنے میں شمو کمرے سے نکلی۔۔
"اوہ۔۔۔۔! ماشاء اللہ۔۔۔ ماشا ء اللہ۔۔۔ بہت پیاری لگ رہی ہے میری بچی۔۔ ”
امی کے ساتھ ساتھ میں بھی حیران ہوئی۔ شمو تو وہ لگ ہی نہیں رہی تھی۔ لمبے سٹریٹ بال۔۔ کھلے ہوئے بہت جچ رہے تھے۔ ہلکے گندمی رنگ پہ گرین کلر خوب اٹھ رہا تھا۔ امی اس کی بلائیں لینے لگیں۔ شمو آگے بڑھ کے روشنی سے ملی۔۔
"اوہ میرا خدایا۔۔۔۔! یہ پری کہاں سے اتری ہے۔۔۔ ”
روشنی نے اسکے ماتھے پہ بوسہ دیا۔۔ وہ شرمانے لگی۔ میں ہم سب کی نظریں شمو پہ جمی تھیں۔۔
"آپی۔۔! اب آپ بھی تیار ہوجائیں۔۔ ”
شمو نے میرا کندھا ہلایا۔ میں کمرے میں چلی آئی
"آنٹی۔۔۔! کھانے کا کیا پروگرام ہے۔۔۔ ؟”
روشنی کہنے لگی۔۔
"بیٹا۔۔! کھانا باہر سے آرڈر کردیا ہے۔ لیکن باربی کیو کا انتظام اوپر کیا ہے۔۔ ”
امی نے بتایا
"میٹھے میں کچھ ہے یا میں بنا دوں۔۔ ؟”
روشنی نے کہا
"لو۔۔۔ میٹھے کا تو ہم بھول ہی گئے۔۔۔ چلو کچھ آرڈر کردیتے ہیں”
امی نے سر پکڑ لیا۔۔۔
"میں گاجر کا حلوہ بنا دیتی ہوں۔۔۔ ”
وہ اٹھ کھڑی ہوئی
"نہیں ۔۔ نہیں بیٹا۔۔ آپ تو مہمان ہو۔۔۔ ”
امی کہنے لگیں
"خالہ۔۔! مہمانوں والا کوئی چکر نہیں ہے یہاں پہ۔۔ روشنی آپی اور میں گاجر کا حلوہ بنا لیتے ہیں۔۔ ”
شمو بولی
"اچھا بابا ٹھیک ہے۔۔۔ ”
ریحان اور بابا سرمد اور اسکے دوستوں کے پاس چھت پہ چلے گئے۔ روشنی اور شمو گاجر کا حلوہ بنانے لگیں۔۔ شاہد ہ اور امی مہمانوں کے استقبا ل کے لیے بیٹھ گئیں۔۔ اتنے میں ڈور بیل بجی اس بار بینا اور احتشام نے گھر میں قدم رکھا۔۔۔ احتشام کو مردوں کے پاس چھت پہ بھیج دیا۔۔ بینا بھی روشنی اور شمو کے ساتھ کچن میں گھس گئی۔۔
"کھانا باہر سے منگانے کی کیا ضرورت تھی۔ ہم خود بنا لیتے۔۔۔ ”
وہ بولی
"بس بیٹا۔۔ اب تو ہوگیا۔۔۔ ”
امی نے جواب دیا
"روشنی گاجر کا حلوہ بنا رہی ہے تو میں رس ملائی بنا لیتی ہوں۔۔ ”
بینانے بھی کمر کس لی۔۔
میں نے شمو کا بتایا ہوا سوٹ پہنا اور ہلکا سا میک اپ کرکے باہر آگئی۔۔ بینا سے ملنے کے بعد میں چھت پہ جانے لگی تو ڈرو بیل بجی۔۔ اس بار رانی اور ارسل تھے۔۔ کیوں کہ میں ان لوگوں سے نہیں ملی تھی اس لیے پہچاننے میں تھوڑی دقت ہوئی۔۔
"یہ رانی ہیں۔ سرمد بھائی کے ساتھ انھیں ہی انوائیٹ کرنے گئی تھی میں۔۔ ”
شمو آگئی۔۔ امی نے رانی کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا۔۔ وہ بہت خواہش مند تھیں اس سے ملنے کی۔۔ میں ارسل کو لے کہ چھت پہ چلی گئی۔۔ امی اور رانی ڈارئنگ روم میں باتیں کرنے بیٹھ گئیں۔۔۔
"شمو سارے مہمان آگئے یا پھر کسی اور نے بھی آنا ہے۔۔۔ ؟”
بینا پوچھنے لگی
"بس۔۔۔آخر جوڑا رہیتا ہے۔۔ ”
شمو بولی
"کون؟”
روشنی نے پوچھا
"ارسہ اور احمر۔۔۔”
وہ بتانے لگی
"او ایم جی۔۔۔۔ سچ مچ۔۔۔ ارسہ او ر احمر بھی آرہے ہیں۔۔ ؟”
بینا خوشی سی اچھل پڑی
"مجھے بہت حسرت تھی ان سے ملنے کی۔۔۔ ”
روشنی پتیلی میں چمچ ہلاتے ہوئے بولی
اتنے میں رانی بھی کچن میں آگئی
"رانی ۔۔! تمہیں پتا ہے۔۔ کون آرہا ہے۔۔؟”
بینا اس کی طرف دیکھ کے بولی
"کون آرہا ہے۔۔۔؟”
اس نے پوچھا
"ارسہ اور احمر۔۔۔۔ ”
بینا نے بتایا
"ارے۔۔ واہ۔۔۔ شادی ہوگئی انکی یا پھر ابھی تک صرف نکاح ہی چل رہا ہے۔۔”
فریج کے ساتھ کندھا ٹکائے وہ پوچھنے لگی
"یہ تو اب ہماری شمو ہی بتا سکتی ہے۔۔۔ ”
روشنی شمو کی طرف دیکھ کے بولی
"آپی۔۔! پتا ہے کیا۔۔ کل ہمیں ارسہ آپی۔۔ مال میں ملیں۔ ۔۔ ہم نے پارٹی کے لیے انوائیٹ کیا۔۔ احمر بھائی کے نام پہ تو ان رنگ پھیکا پڑنے لگا۔۔ عجیب سی اداسی چہرے پہ تھی۔۔ میں تو پوچھنا چاہ رہی تھی کہ آخر کیا ہوا ۔۔ پر انھوں نے کچھ بتایا نہیں۔۔ بس اتنا بولیں کہ ہم آجائیں گے۔۔ ”
شمو نے تفصیل بتائی
"اچھا۔۔! اگر اس نے کہا ہے کہ ہم لوگ آجائیں گے تو سب ٹھیک ہی ہوگا۔۔ چھوٹی موٹی رنجش تو چلتی ہی رہتی ہے۔۔ میاں بیوی میں۔۔۔ کیوں روشنی۔۔؟”
بینا بولی
"ہا ں تو اور کیا۔۔ میں اور ریحان جب تک بحث نہ کریں تب تک کھانا نہیں ہضم ہوتا۔۔۔ ”
روشنی ہنستے ہوئے بولی
"ہمارا بھی یہاں حال ہے۔۔ ذکیہ کے آنے سے پہلے احتشام اور میں اکیلے تھے۔ گھر کے کاموں میں وہ میرا ہاتھ بٹاتا تھا۔۔ اف اتنی لڑائیاں ہوتیں ہماری کے پوچھو مت۔۔ پلیٹیں دھونے سے ڈسٹنگ کرنے تک۔۔۔ اور تو اور ٹی وی چینلز۔۔۔ احتشام کو سپورٹس پسند ہیں میں ڈارمے دیکھتی ہوں۔۔ بس نان سٹاپ لڑائی چلتی رہیتی ہے۔۔”
بینا نے اپنا قصہ سنایا
"رانی۔۔! تم لوگوں کی لڑائی نہیں ہوتی۔۔ ؟”
روشنی نے پوچھا
"ارسل خاموش طبیعت کے ہیں۔۔ اس لیے بحث ہو بھی جائے تو وہ چپ رہیتے ہیں۔۔ دو چار منٹ بول کے میں بھی چپ ہوجاتی ہوں۔۔۔”
رانی بتانے لگیْ
"ہاں۔۔ ویسے بھی تم لوگوں کا رشتہ خاموشی سے ہی شروع ہوا تھا۔۔۔ ”
بینا بولی
"یار۔۔۔! بھوک سے پیٹ میں چوہے دوڑ رہے ہیں۔۔ کھانا کب لگے گا۔۔۔ ”
احتشام کچن میں آیا
"اوہ۔۔ میں ابھی صبا آپی سے پوچھتی ہوں ، انھوں نے ریسٹورنٹ فون کیا یا نہیں۔۔ ”
شمو چھت کی طرف بھاگی۔۔
اوپر ہلکا سا میوزک چل رہا تھا۔۔ سرمد ریحان اور ارسل کے ساتھ گپیں ہانک رہا تھا۔۔ بابا بھی انکے ساتھ ہی بیٹھے تھے۔ میں اور شاہدہ بار بی کیو کے مسالے دیکھ رہے تھے۔
"صبا آپی۔۔۔! آپ نے ریسٹورنٹ فون کیا۔۔ کھانا کب تک آئے گا۔۔۔ سب کو بھوک لگی ہے۔۔دیکھیں ناں دس بج رہے ہیں۔۔ ”
شمو کہ آواز پہ سب اسکی طرف دیکھنے لگے۔۔ سرمد شمو کا نیا روپ پہلی بار دیکھ رہا تھا۔۔اسکی نظریں تو جیسے جم ہی گئیں۔۔ باقی سب کی طرح اسے بھی یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ سچ مچ شمو ہے۔۔
"میں بس ابھی پوچھتی ہوں۔۔ ”
میں نے ریسٹورنٹ کا نمبر ڈائل کیا
شمو واپس چلی گئی۔۔ سرمد کی نگاہیں اب بھی وہیں ٹکی تھیں۔۔
"یار سب لو گ تو آگئے۔۔ ارسہ اوراحمر کب تک آئیں گے۔۔؟”
روشنی نے شمو سے پوچھا
"انھیں بھی آٹھ بجے کا ٹائم دیا تھا۔۔ اب تو کافی دیر ہوگئی ہے۔۔”
شمو سوچتے ہوئے بولی
تھوڑی دیر میں کھانا بھی ڈیلیور ہوگیا۔۔ ہم سب کی امید ٹوٹ چکی تھی کہ اب ارسہ اوراحمر آگئیں گے۔۔ اس لیے شاہدہ اور شمو ڈائننگ ٹیبل پہ کھانا لگانے لگے ۔۔ ڈور بیل بجی۔۔ میں نے جا کے دروازہ کھولا، سامنے ارسہ اکیلی کھڑی تھی۔
"ہم سب آپ کا ہی انتظار کررہے تھے۔۔ ”
میں نے بولی
"ایم سوری۔۔ مجھے آنے میں ذرا دیر ہوگئی۔۔”
وہ بولی۔۔ میں اسے ڈائننگ روم میںہی لے آئی۔۔ سب ارسہ کو دیکھ کے خوش ہوئے۔۔ وہ باری باری سبھی خواتین سے گلے ملی
"احمر بھائی نہیں آئے۔۔۔ ؟”
شمو نے سوال کیا
"بیٹا۔۔ بے چاری کو بیٹھنے تو دو۔۔۔ ”
امی نے اسے ٹوکا۔ سب اپنی اپنی کرسی پکڑ کے بیٹھ گئے
"اتنا کھانا منگانے کی کیا ضرورت تھے۔۔ اب بار بی کیو کے لیے جگہ کیسے چھوڑیں۔۔۔”
ریحان بولا
"یار۔۔! باربی کیو تو نیو ائیر کے بعد ہی انجوائے کریں گے۔۔۔ تب تک بھوک لگ ہی جائے گی۔۔”
احتشام نے جواب دیا
"یار ایک بات بتاؤ۔۔ سرمد۔۔۔! تم نے شادی کا کیا سوچا ہے۔۔ ؟”
ارسل نے سوال کیا
"بس۔۔ارسل بھائی جلد ہی انشاء اللہ۔۔۔”
سرمد نے سر جھکا کے جواب دیا
"لڑکی بھی دیکھ لی یا پھر وہ ہم ڈھونڈیں تمہارے لیے۔۔؟”
احتشام کہنے لگا
"لڑکی بھی مل ہی جائے گی۔۔۔”
سرمد کی نگاہیں غیر ارادی طور پر شمو کی طرف اٹھیں
"سرمد ۔۔! تمہارے سامنے لوّ میرج ، ارینج میرج، فورس میرج۔۔ کی سبھی مثالیں موجود ہیں۔۔۔ تم نے کون سا رستہ پکڑنا ہے۔۔؟”
بینا جھٹ سے بولی
"ابھی تو برخودار صرف شادی کے لیے مانے ہیں۔۔ لڑکی ڈھونڈنے والا سلسلہ شروع نہیں ہوا۔۔ اب دیکھیں یہ خود ڈھونڈتا ہے یا پھر بوڑھے ماں باپ کو تکلیف دیتا ہے”
بابا بولے
"انکل۔۔! ہو سکتا ہے ۔۔ اس نے ڈھونڈ لی ہو۔۔۔ کیوں صبا۔۔۔؟”
روشنی نے شرارت کی
"بھئی۔۔! میں کچھ نہیں کہہ سکتی ۔۔۔ ”
میں نے ہاتھ کھڑے کیے
شمو اور ارسہ خاموشی سے کھانا کھا رہے تھے
"ارسہ۔۔! تم کیوں چپ ہو یار۔۔۔ ؟”
میں اسکا اترا ہوا چہرہ دیکھ کے بولی
"احمر بھائی کی یاد آرہی ہوگی۔۔اور کیا۔۔”
شمو نے چھیڑا
ارسہ نے پھیکی سی مسکراہٹ ہونٹوں پہ سجائی
"ویسے۔۔ ہماری شمو۔۔ کا کیا بنے گا۔۔۔؟”
ریحان اسکی طرف دیکھنے لگا
"ریحان بھائی۔۔! میں جب واپس گاؤں پہنچوں گی تو اماں نے رشتہ ڈھونڈ لیا ہوگا۔۔ اسی شرط پہ تو لاہور آنے دیا کہ یہ آخری عیاشی ہے۔۔ اسکے بعد فوراً شادی۔۔۔ ”
شمو بتانے لگی
"تو تمہیں کیسا لڑکا پسند ہے۔۔ ؟”
بینا نے پوچھا
"ہمارے ہاں کیسے لڑکے کا کوئی رواج نہیں ہے۔۔ بس لڑکا ہونا چاہیے۔۔ چاہے رکشہ چلانے والا ہو ۔۔ یا پھر دکاندار۔۔ سب چلتا ہے۔۔ ”
شمو کے جواب پہ ہم سب چپ ہوگئے
کھانا ختم کرنے کے بعد سبھی چھت پہ پہنچے۔۔ رنگ برنگی لائٹس میں لائیٹ سا میوزک۔۔ اور ساتھ میں رس ملائی اور گاجر کے حلوے کے مزے لیے جارہے تھے۔ ماحول ایک دم شاندار تھا۔۔ حالانکہ چھت پہ کافی ٹھنڈ تھی۔ لیکن سب نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے پر جوش تھے۔
"صبا۔۔! تم نے اپنے ہزبنڈکے بارے میں نہیں بتایا۔۔ ”
رانی نے وہی سوال کیا جس سے میں ڈر رہی تھی
میں امی اور شمو کی طرف دیکھنے لگی۔۔ لیکن ان دونوں نے میری صفائی میں کچھ بھی کہنے سے گریز کیا
"اسد۔۔! دوبئی میں ہیں۔۔ ”
"تو وہ آئے کیوں نہیں۔۔ ؟”
ریحان نے سوال کیا
"سرمد بیٹا۔۔! اپنے بابا کو اور مجھے نیچے چھوڑ آؤ۔۔ اتنی ٹھنڈ ہم لوگوں سے برداشت نہیں ہوتی۔۔”
امی نے جان بوجھ کر سرمد سے کہا تاکہ بابا کو میری طلاق کی بات نہ پتے چلے سرمد بابا کو لیے نیچے چلا گیا۔ امی بھی وہاں سے اٹھ گئیں
"بتایا نہیں تم نے۔۔ صبا۔۔! ”
بینا نے کندھا ہلایا
"یار۔۔! میں نےاسد کے ساتھ علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔۔ ”
میں نے جواب دیا
میرے جواب پہ سب کے چہرے افسردہ ہوگئے
"لیکن کیوں۔۔ ؟”
روشنی نے میرا ہاتھ پکڑا
"رشتے پیار محبت اور خیال رکھنے سے چلتے ہیں۔۔ جب ایک شخص دوسرے کی قدر کرنا ہی چھوڑ دے تو پھر بہت مشکل ہوتا ہے ساتھ چلنا۔۔۔ ”
میں نے جواب دیا
"رشتوں کو قائم رکھنے کے لیے کسی ایک کو زیادہ مشقت کرنی پڑتی ہے۔۔ تبھی گاڑی چلتی ہے صبا۔۔!”
رانی کہنے لگی
"تمہاری مشقت کچھ اور طرح کی تھی۔۔ میری مشقت اور ہے۔۔ تمہاری مشقت جسمانی تھی۔ دماغی تھی۔ جذباتی تھی۔۔ تم اس لیے جیتی کیوں کہ تمہیں یقین تھا کہ ارسل زندگی میں واپس لوٹ آیا تو وہ تمہیں ان ریاضتوں کا صلہ دے گا۔۔ میری مشقت تنہائی سے لڑنا ہے۔۔ اور اسکا صلہ مجھے بس خاموشی کی صورت میں ملا ہے ۔۔ اور یہ خاموشی جان لیوا ہے۔۔”
میری آنکھیں نم ہونے لگیں
"صبا۔۔! رشتے بند گلی میں تبھی جاتے ہیں جب آپ ہمت ہار دیں۔۔۔”
روشنی بولی
"ہمت بھی دو طرفہ چاہیے ہوتی ہے۔۔اکیلا انسان کب تک کوشش کرے گا۔۔؟”
میری آنکھیں چھلکیں
"رو مت۔۔۔ ”
بینا نے میرے آنسو پونچھے
"ارسہ۔۔! تم اسے سمجھاؤ ناں۔۔۔ ”
رانی اسکی طرف دیکھنے لگی۔۔ ارسہ خود کہیں ڈوبی ہوئی تھی۔۔ رانی کی آواز پہ وہ چونکی۔۔ اس سے پہلے وہ کچھ کہتی اسکے فون پہ کال آنے لگی۔۔
"ہیلو حمزہ۔۔! میں بس پانچ منٹ میں یہاں سے نکل رہی ہوں۔۔۔”
وہ کال اٹنڈ کرتے ہی بولی
"حمزہ۔۔!”
ہم سب کے چہروں پہ ایک سوال درج تھا
"گائیز۔۔! مجھے نکلنا پڑے گا۔۔۔ ایکچولی۔۔۔ شمو کی ضد پہ میں یہاں آئی ہوں۔۔ حمزہ کا نیو ائیر پلا ن تھا۔۔ وہ باہر ویٹ کررہا ہے۔۔ ”
ارسہ کھڑی ہوتے ہوئے بولی
"تم ڈاکٹر حمزہ کی بات کررہی ہو۔۔۔؟”
بینا نے حیران ہو کے پوچھا
"ہاں۔۔! حمزہ اور میں شادی کررہے ہیں۔۔ ”
وہ سر جھکا کے بولی
ہم سب اپنی اپنی جگہ سے اٹھے
"لیکن۔۔ آپکا تو نکاح احمر سے ہوا تھا۔۔ ”
احتشام نے سوال کیا
"احتشام بھائی۔۔۔! کہانیوں کا ہیپی اینڈ کرکے آپ آنے والی پوری زندگی ہیپی نہیں گزرا سکتے۔۔۔ کچھ چیزیں وقتی ہوتی ہیں۔۔۔ احمر کا اور میرا رشتہ بھی وقتی تھا۔۔ جو اب ماضی بن چکا ہے۔۔ وہ اپنی لائف میں آگے نکل چکا ہے۔۔ اور میں اپنی زندگی جی رہی ہوں۔۔۔ ”
وہ بولی
سب اپنی اپنی جگہ پریشان کھڑے تھے
"ارسہ آپی۔۔! تو آپ یہ کہنا چاہ رہی ہیں کہ اب آپ لوگ ایکدوسرے سے پیار نہیں کرتے؟”
شمو سامنے آکے بولی
"ایسا نہیں ہے گڑیا۔۔! حالات بدلنے سے پیار کبھی ختم نہیں ہوتا۔ لیکن ساتھ رہنا مشکل ہوجاتا ہے۔۔ ”
"ایسا کیوں۔۔؟ جس ساتھ کے لیے اتنا کچھ سہا ہو اسے کیسے توڑ دیتے ہیں۔۔ ؟”
"توڑنا آسان تھوڑی ہوتا ہے۔۔ لیکن اسکے علاوہ کوئی رستہ نہیں ہوتا انسان کے پاس۔۔۔”
ارسہ اور میں زندگی کے ایک جیسے حالات سے لڑ رہے تھے۔ لیکن اسکی احمر سے علیحدگی مجھے بہت تکلیف دے رہی تھی۔
"میں صبا کی حالت سمجھ سکتی ہوں۔۔ اسکے اور میرے حالات میں بس اتنا فرق ہے یہ اپنی مرضی سے اسد کو چھوڑ رہی ہے لیکن احمر کو چھوڑنا میری مرضی نہیں تھی۔۔ ”
ارسہ نے میرے کندھے پہ ہاتھ رکھا
"تو۔۔۔ایسا کیا ہوا ؟”
بینا نے پوچھا
"بینا۔۔! کئی بار دو لوگوں کے ‘قبول ہے’ کہنے سے بھی رشتے مکمل نہیں ہوتے۔۔ شادی جیسے رشتے کے لیے بہت سارے ایسے ‘قبول ‘ضروری ہوتے ہیں جن کا اندازہ بعد میں ہوتا ہے۔۔۔ شائد میں اور احمر اس ‘قبول ‘سے ہار ہیں۔۔ ”
ارسہ کا فون پھر سے بجنے لگا۔۔ وہ آنکھوں سے آنسو صاف کرتے ہوئے۔۔ ہم سب کو ہزاروں سوالوں میں چھوڑ کے وہ چلی گئی۔
(احمر اور ارسہ کے رشتے میں اتنا بڑا موڑ کیسے آیا۔۔ جاننے کے لے "ہم راہ 2” کا انتظار کریں)
"صبا۔۔! تم نے ایک بات نوٹس کی۔۔ بے شک ارسہ زبان سے اپنے فیصلے پہ قائم ہے لیکن آنکھیں اور دل کچھ اور ہی کہہ رہے تھے۔۔ وہ جتنی دیر یہاں تھی ایک باربھی کسی نے اسے مسکراتے نہیں دیکھا۔۔ اسکے اندر کا کرب صاف صاف دکھائی دے رہا تھا۔ اب تم بتاؤ۔۔ کیا تم ایسے حالت میں جینے کے لیے تیار ہو۔۔۔ ؟”
بینا میرے کندھے پہ ہاتھ رکھا
"میں کیا کروں ۔۔ میرے پاس اور کوئی آپشن نہیں ہے۔۔ میں ٹوٹ رہی ہوں اندر سے۔۔ دل اور دماغ کے درمیان جنگ جاری ہے۔۔ وہ ایک بار بھی روک لیتا تو میں رک جاتی۔۔۔ لیکن بیتے دس دنوں میں اس نے یاد نہیں کیا مجھے۔۔۔ کس امید پہ اسکے پاس لوٹ جاؤں۔۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اسکی زندگی میں میرے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔۔ آپ لوگ ہی بتائیں کیا کروں میں۔۔۔؟”
میں پھوٹ پھوٹ کے رونے لگی
وہ سبھی مجھے تسلی دیتے رہے ۔۔ ایک دم سے لائٹ چلی گئی۔۔
"اف لائٹ کو بھی ابھی جانا تھا۔۔ ”
کسی کی آواز آئی۔۔
"میں کینڈلز لاتی ہوں۔۔ ”
شمو نیچے جانے لگی۔۔ سب صوفوں پہ دوبارہ بیٹھ گئے۔۔ ہر طرف اندھیرا تھا۔۔
میں اپنی جگہ پہ جوں کی توں کھڑی رہی۔۔ میری زندگی میں بھی ہر طرف اندھیرا چھایا ہوا تھا۔۔
"مجھے یقین ہوتا کہ میرے روکنے سے تم رک جاؤ گی تو کبھی بھی تمہیں جانے نہیں دیتا۔۔ جس درد میں تم نے یہ دس دن گزارے ہیں ۔۔ اس سے زیادہ تکلیف میں نے جھیلی ہے۔۔ اس اکیلے پن کو محسوس کیا جس میں تم جی رہی تھی۔۔ ”
اسد کا ہاتھ میرے کاندھے پہ تھے۔۔ اسکی گرم سانسیں میں اپنی گردن پہ محسوس کررہی تھی۔۔ میں چونک کے پیچھے مڑی۔۔ ساری لائٹس پھر سے آن ہوگئیں۔۔
اسے اپنے سامنے دیکھ کے مجھے مری آنکھوں پہ یقین نہیں آرہاتھا۔۔ اسکی بھی آنکھیں نم تھیں۔۔ اس سے پہلے کہ میں اسے کچھ کہتی وہ گھٹنوں کے بل فرش پہ بیٹھ گیا۔۔ اور دونوں کان پکڑ لیے۔۔
"پلیز۔۔صبا۔۔! مجھے معاف کردو۔۔ میں اپنی غلطیوں پہ شرمندہ ہوں۔۔۔”
"معاف کردو ظالم لڑکی۔۔۔ بے چارے کی حالت تو دیکھو۔۔۔ ”
ریحان کی آواز آئی
"نہیں۔۔ نہیں۔۔ اتنی آسانی سے کیسے معاف کردے۔۔۔ صبا۔۔ تھوڑا اور رلاؤ۔۔۔”
روشنی بولی
"روشنی ٹھیک کہہ رہی ہے۔۔ یہ لوگ مرد ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔۔ ”
رانی نے ہاں میں ہاں ملائی
"تم عورتیں بھی کم نہیں ہو۔۔۔ جب احساس ہوجائے تو معاف کردینا چاہیے۔۔۔ ”
ارسل نے جواب دیا
"کیوں معاف کردینا چاہیے۔۔۔ اتنا ستایا بے چاری کو۔۔۔ ”
بینا کہنے لگی
"تم تو چپ ہی رہو بینا۔۔۔ تم لوگ کتنا ایموشنل ٹارچر کرتے ہو ہم لوگوں کو۔۔۔”
احتشام نے اسے چپ کرایا۔۔
اسد جوں کا توں مجرمو ں کی طرح گھٹنے ٹیکے بیٹھا رہا
اگلے ہی پل سرمد اورشمو آگے بڑھے۔۔۔ دونوں نے ایک ایک بازو سے پکڑ کے اسد کو فرش سے اٹھایا۔۔۔
"پلیز۔۔۔! معاف کردو۔۔۔ ”
ان دونوں نے جس انداز سے سفارش کی میں سمجھ گئی کہ یہ شمو کے پلان کا حصہ تھا۔
میں بھاگ کے اسد سے لپٹ گئی۔۔۔
تالیاں گونجنے لگیں۔۔ کتنی ہی دیر ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ لپٹے رہے۔۔
"بارہ بج گئے۔۔۔۔ ہیپی نیو ائیر۔۔۔۔ ”
کسی نے نعرہ لگایا
ساتھ ہی پٹخاے اور پھل جھڑیاں جلنے لگیں۔۔۔ نیا سال نئی امیدیں لایا تھا۔۔ میں اسدکو واپس پا کے بہت خوش تھی۔۔
"چلو۔۔۔! چلو۔۔۔ اب سبھی جوڑے یہاں لائن بنا لو۔۔۔ گروپ فوٹو بناتے ہیں۔۔۔”
شمو نے سب کو حکم دیا
سب اپنے اپنے ساتھی کے بغل میں کھڑے ہوگئے۔۔۔ اس لائن کی ایک طرف شمو کھڑی تھی اور دوسری طرف سرمد۔۔۔ درمیان میں سبھی جوڑے
سرمد کے دوست نے ہاتھ میں کیمرہ پکڑا ہوا تھا۔۔۔
"یار۔۔۔ ! کچھ کمی ہے۔۔ ”
وہ سب کی طرف دیکھ کے بولا
"کیوں کیا ہوا ۔۔؟
سرمد نے پوچھا
"یار ۔۔ یا تو تم دونوں اس گروپ سے نکل جاؤ۔۔ یا پھر ساتھ کھڑے ہو۔۔تاکہ جوڑوں کا سیکونس بیلنس ہوجائے۔۔ ”
وہ بولا
"ارے ہاں۔۔۔! اس نئے سال میں ایک نیا جوڑا تو بننا ہی چاہیے۔۔۔ کیا خیال ہے دوستو۔۔!”
روشنی بولی
"ہاں بالکل۔۔۔! جوڑا تو ہے۔۔ بس ملانا باقی ہے۔۔۔ ”
میں شمو اوراحمر کی طرف دیکھ رہی تھی
"آپ لوگ بنو ا لیں۔۔میں بعدمیں بنوا لوں گی۔۔ ”
شمو۔۔ایک کونے میں جا کے کھڑی ہوگئی۔ہم سب نے سرمد کے گرد گھیرا ڈال دیا
"یار۔۔کیا سوچ رہا ہے تو۔۔۔ ؟”
احتشام بولا
"میں کیسے۔۔۔ ؟ آئی مین میں اسے پسند ہوں بھی کے نہیں۔۔۔ ”
سرمد شرمانے لگا
"لو ۔۔ ابھی پوچھ لیتے ہیں”
لڑکیوں نے شمو کے گرد گھیرا تنگ کیا
"آپ لوگ کیسی باتیں کررہے ہیں۔۔۔ میں انکے قابل نہیں ہوں۔۔۔ ”
شمو نے نظریں جھکا لیں
"اف۔۔ ہو۔۔تمہیں کس نے کہہ دیا پگلی۔۔”
رانی آگے بڑھ کے بولی
ایک طرف لڑکیاں شمو کو سمجھانے میں لگی تھیں او دوسری طرف لڑکے سرمد کے پیچھے پڑے تھے۔۔
کافی دیر کی تگ ودو کے بعد بینا نے سب کو آواز دی
"گائیز۔۔! یہ ان لوگوں کا اپنا فیصلہ ہے۔۔۔ اب انھیں خود ہی سوچنے دو۔۔ ہم نے جتنا کہنا تھا کہہ دیا”
ہم سب ایک طرف جا کے کھڑے ہوگئے۔۔۔
وہ دونوں ایکدوسرے سے فاصلے پہ کھڑ ے تھے۔۔ اور ہم سب کی نگاہیں ان پہ ٹکی تھیں۔۔
کچھ دیر بعد سرمد نے آرٹیفیشل پھول ہاتھ میں پکڑا۔۔ اور شمو کی طرف بڑھا۔ اسکے سامنے جا کے ایک گھٹنا فرش پہ ٹیک کے فلمی انداز میں پھول اسکی طرف بڑھایا
"شمع۔۔۔! کیا تم مجھ سے شادی کرو گی۔۔۔؟”
"اس نقلی پھول کی طرح۔۔ یہ نام بھی نقلی ہے۔۔۔ میں شمو ہوں۔۔ سرگودھا سے آئی ہوں۔۔ اور وہی میری پہچان ہے۔۔ میرے بال گھنگریالے ہیں اور رنگ سانولا۔۔ ہر رنگ نہیں جچتا مجھ پہ۔۔۔ یہ بن ٹھن۔۔ یہ خوبصورتی۔۔ سب عارضی ہے۔۔ دو دن بعد میں پھر سے وہی بن جاؤں گی جو میں ہوں۔۔ کیا اس رنگ میں قبول کرو گے مجھے۔۔؟”
شمو ذ را سا پاس آئی۔۔۔
"میں جانتا ہوں۔۔ تم تھوڑی پاگل ہو۔۔ سنکی ہو۔۔ بنا سوچے سمجھے نان سٹاپ بولتی ہوں۔۔ اپنی چائے کے قصے سناتی ہو۔۔ یہ بھی پتا ہے۔۔بہت ہمت والی ہو۔۔ نڈرہو۔۔۔ ہنسانا جانتی ہو۔۔دل جیتنے میں ماہر ہو۔۔ غیر محسوس طریقے سے دل میں اترتی ہو۔۔ ہر طرف اپنی چھاپ چھوڑتی ہو۔۔۔ مجھے تم ہر رنگ میں قبول ہو۔۔۔ ”
سرمد کے چہرے پہ سنجیدگی تھی
"بارات۔۔ سلانوالی والے کے قریب ایک گاؤں میں آئے گی۔۔ ہمارے ہاں ڈولی ماں کے گھر سے اٹھتی ہے شادی ہالوں سے نہیں۔۔۔ ”
شمو نے اسکے ہاتھ سے پھول پکڑا
ہم سب وہ فلمی منظر دیکھ لطف اندواز ہوگئے۔۔
"اب اگر۔۔ جوڑے مکمل ہوچکے ہیں تو میں فوٹو بنا لوں۔۔۔ ”
کیمرے والا بولا۔۔
سب ہنسنے لگے۔۔۔
کسی نے عاطف اسلم کا گانا لگا دیا۔۔۔
"کچی ڈوریوں ، ڈوریوں ، ڈوریوں سے۔۔۔ مینو تو باندھ لے
پکی یاریوں، یاریوں ، یاریوں میں ۔۔۔ ہوندے نہ فاصلے
اے ناراضگی کاغذی ساری تیری
میرے سوہنیاں سن لے میری
دل دیاں گلاں
کراں گے نال نال بہ کے
اکھ نالے اکھ نوں ملا کے
دل دیا ں گلاں۔۔۔”
پہلی حسیں یاد فوٹو میں محفوظ کرکے ہم نے "نئے سال” کو خوش آمدید کہا۔۔
ختم شد
"ہماری شمو” لکھ کے میں نے اپنا پورا سال ایک کہانی میں سمو دیا ہے۔ آٹھ مختلف کہانیوں کو ایک رنگ دینا آسان نہیں تھا لیکن میں نے کوشش کی۔ امید ہے آپ سب کو میری یہ کوشش پسند آئی ہوگی۔ میری کہانی کے کرداروں کی طرح دعا ہے آپ سب کا سال انتہائی خوشگوار گزرے۔ آپ لوگوں کا ساتھ برقرار نہ ہوتا تا شائد میں اتنا نہیں لکھ پاتی۔ یہ ساتھ ہمیشہ قائم رکھیے گا۔ اور سب سے خاص بات اس بار اس کہانی پہ اپنے رائے کے ساتھ دعا ضررو دیجے گا۔ کیوں کے آپکے ساتھ اور دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔
زویا حسن

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔