پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیا گناہ ہمارا سکھ چین چھین لیتا ہے؟ کیا انسان بے …

کیا گناہ ہمارا سکھ چین چھین لیتا ہے؟
کیا انسان بے بس ہے؟
کیا مُسرت کا حصول ناجائز ذرائع سے ممکن ہے؟
کیا گناہ کا احساس بلواسطہ یا بلا واسطہ گناہ گاروں کے خاتمے کا مُوجب ہوتا ہے؟

یہ وہ سوالات ہیں جو ایمائل ژولا کا ناول "تھریسا” پڑھتے ہوئے میرے ذہن میں پیدا ہوئے۔ اور ان سب کا جواب بھی اس ناول میں ملا

انتہائی اچھے جملوں اور خیالات کا اظہار اس ناول میں پڑھنے کو ملا۔ مصنف کے خیالات یا نقطۂ نظر سے اختلاف تو ہو سکتا ہے پر بیان کرنے کے انداز کو ضرور سراہنا پڑے گا۔

اس ناول کے مترجم سیّد حسن رضوی (کراچی والے، لاہور والے نہیں) نے اس ناول کا ترجمہ کیا ہے۔ جو اتنا رواں اور بامحاورہ ترجمہ ہے کہ اس کو پڑھنے والا اسے اردو کا ہی ایک ناول سمجھے گا۔ ترجمہ کا تو گمان بھی نہیں ہوتا۔

اس ناول کے موضوع کے بارے میں سّید حسن رضوی (مترجم) لکھتے ہیں،

"ٹھریسا فرانس میں آج سے پورے سو برس پہلے 1860ء میں شائع ہوئی۔ پوری ایک صدی کا طویل زمانہ کسی بھی شاہکار کے خدوخال کو ماند کردینے کے لیے کافی ہوسکتا ہے۔ لیکن تھریسا آج بھی اتنی ہی مقبول، اتنی ہمہ گیر ہے جتنی وہ آج سے سو برس پہلے تھی اور اس کی وجہ ایمائل ژولا کا وہ مخصوص اندازِ نگارش ہے جو زمانے کے ساتھ ساتھ چلتا ہے، وقت سے پیچھے نہیں رہ جاتا اور بڑے ادب کی سب سے بڑی ایک پہچان یہی ہے۔
اس ناول کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں کوئی "ولن” نہیں ہے۔ اس کا ہر کردار اول اول آپ کو نفرت کو ابھارے گا لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی جائے گی، آپ آہستہ آہستہ غیر محسوس طریقے سے اس سے ذہنی طور پر متفق ہوتے جائیں گے، اس سے محبت کرنے لگیں گے ۔۔۔ پڑھنے والوں کو Convince کرنے کا یہ انداز ایمائل ژولا کے علاوہ آپ کو کہیں نہیں ملے گا۔
ایمائل ژولا کی تھریسا اپنے شوہر کیلس کی زندگی کی قیمت دے کر جنسی آسودگی حاصل کرنا چاہتی ہے ۔۔۔ لارنٹ اپنے عزیز ترین دوست کو اپنی سرکش جنسیت کی شہ پر قتل کردیتا ہے۔۔۔۔ مادام راکوئن اپنے بیٹے کے قاتلوں کو اپنی ضعیفی کا آسرا بنا لیتی ہے۔۔۔۔ اس طرح انسانی فطرت کی تمام تر بے شرم اور خود غرض مصالح بھرپور طریقے سے ہمارے سامنے آتی ہیں اور ہم خود سے یہ سوال کرتے ہیں کہ کیا انسان اتنا ہی چھچھورا، اتنا ہی کمینہ ہے۔۔۔۔ ؟ اور یہ ایک ایسا سوال ہے جس کے محور پر پوری کہانی گھومتی ہے۔ یہ سوال ہر ہر منزل پر ہمارے سامنے ابھرتا ہے، ہمارے ذہن کو جھنجھوڑکر رکھ دیتا ہے اور عین اس منزل پر، جب ہم جنجھلا کر کوئی فیصلہ کرنے والے ہوتے ہیں، امائل ژولا ہمیں متعفن ماحول سے نکال کر تعفن کے منبع پر لاکر چھوڑ دیتا ہے اور ہمیں ایمائل ژولا کے اس عقیدے پر ایمان لانا پڑتا ہے کہ انسان بنیادی طور پر لاکر چھوڑ دیتا ہے، بے گناہ ہے۔۔۔ یہ حالات ہیں جو کبھی اسے تھریسا اور کبھی لارنٹ بنادیتے ہیں۔ ۔۔۔ زندگی "ڈامینوز” کی ایک بازی ہے، جس پر ہم حالات کی شہ پر مہروں کی طرح ناچ رہے ہیں اور اور نہیں جانتے کہ حالات کی کون سے چال ہمیں کس منزل پر پہنچا دے گی۔
تھریسا اسی انسانی بے بسی کی کہانی ہے اور میں اس اعتماد کے ساتھ اسے اردو میں متقل کیا ہے کہ اس کے ذریعہ آپ انسان کے سیاہ و سفید کا میزان کرسکین گے ۔۔۔۔۔ انسان سے قریب تر آسکیں گے۔”

ناول کے کردار
*************
اس ناول کے چار بنیادی کردار ہیں اور پوری کہانی ان ہی کرداروں کے گرد رہتی ہے۔

(1) مادام راکوئن – کیلس کی ماں، تھریسا کی پھوبھی اور ساس، ایک ساٹھ سالہ معمر خاتون، پہلے ایک بساط خانہ کی مالک اور منتظم، پھر اسٹور کی مالک اور منظم، ناول میں بیان کردہ آخری دور میں فالج کا شکار ہوگئی۔ اور ایک بے بس جسم کے ساتھ اپنے بیٹے کے قتل سے واقف ہوئی اور قاتلوں کا اعترافِ جرم اور ان کے انجام کا سامنا کیا۔

(2) تھریسا – کیلس کی بیوی، لارنٹ کی معشوقہ اور پھر بیوی، اٹھارہ سال کی خوبصورت لڑکی، اس ناول کے باقی تمام کردار اسی کے ارد گرد رہتے ہیں۔ بچپن میں ماں کی وفات ہوجاتی ہے اور دو سال کی عمر میں باپ جنگ میں جانے سے پہلے اپنی بہن کے حوالے کردیتا ہے۔

"تھریسا اپنی پھوپھی کی زیرِ نگرانی کیلس کے ساتھ ایک ہی بستر پر سو کر پروان چڑھی۔”

(3) کیلس – مادام راکوئن کا بیٹا، تھریسا کا پھوپھی ذاد اور پہلا شوہر، سدا کا بیمار اور ایک کمزور آدمی

"۔۔۔۔ کیلس، جس کا خون بیماری کی وجہ سے رکیک ہوگیا تھا، شباب کی حریصانہ خواہشوں سے قطعی ناواقف تھا۔ وہ اپنی ماموں زاد بہن کے سامنے ایک بچہ ہی تھا۔ وہ اسے اسی طرح بوسہ دیتا جس طرح اپنی ماں کو دیتا تھا اور ایسا کرتے ہوئے اس کی طبیعت میں کوئی ہیجان پیدا نہیں ہوتا تھا۔ اس نے تھریسا کو ہمیشہ ایک نیاز مند دوست کی طرح دیکھا تھا۔۔۔۔”

(4) لارنٹ – کیلس کا دوست، تھریسا کا محبوب اور جنسی تسکین کے حصول کا ذریعہ اور بعد میں دوسرا شوہر

"۔ ۔ ۔ ۔ تھریسا نے، جو اب تک ایک لفظ بھی نہیں بولی تھی، نووارد کی طرف دیکھا ۔ ۔ ۔ ۔ اس نے ایک حقیقی مرد کو آج تک نہیں دیکھا تھا۔ چنانچہ لارنٹ نے، جو دراز قد، مضبوط جسم اور ترو تازہ چہرے کا مالک تھا، اسے متعجب کردیا۔ ۔ ۔ ۔ "

بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2137523803144808