پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

~ کچھ لوگ میری سوچ سے بھی بڑھ کر حسین تھے (جرمنی …

~ کچھ لوگ میری سوچ سے بھی بڑھ کر حسین تھے

(جرمنی کی آنٹی ڈورس؛ علامہ اقبال کے بچوں کی اتالیق):
ڈورس.DORRIS. جرمنی کے شہر برلن کی رہائشی تھیں ان کی بہن نے علی گڑھ کالج کے ایک پروفیسر سے شادی کر لی۔اپنی بہن کے ساتھ ہندوستان آگئیں اور یہاں رہنے لگیں۔ علامہ اقبال کی بیوی سردار بیگم کے انتقال کے بعد بچوں کی پرورش کےلئے گورننس(اتالیق) کی ضرورت تھی‘ آپ نے اپنے دوستوں کو اس بارے مطلع کیا۔رشید احمد صدیقی علامہ صاحب کے دوست تھے‘ وہ علی گڑھ یونیورسٹی میں پڑھاتے تھے‘ انہوں نے ڈورس سے بات کی،پچاس روپے
ماہانہ وظیفہ طے ہوا‘ ڈورس لاہور آئیں اور ڈورس سے آنٹی ڈورس اور آپا جان بن گئیں‘ وہ ہمیشہ کےلئے علامہ صاحب کے خاندان سے جڑ گئیں‘ آنٹی ڈورس نے علامہ صاحب کا خاندان سنبھال لیا‘ وہ جرمن‘ انگریزی اور اردو تین زبانیں جانتی تھیں‘ کھانا پکانے کی ماہر تھیں‘ خانساماں کو جرمن کھانے‘ سوپ اور کیک بنانا سکھا دیئے‘ علامہ صاحب اہلیہ کے انتقال کے بعد سارا دن تہبند اور بنیان پہن کر گھر میں لیٹے رہتے تھے‘ وہ بھی ڈورس کے آنے کے بعد شلوار قمیض پہننے لگے‘ خاندان دوپہر کا کھانا بھی میز پر اکٹھا کھانے لگا‘ علامہ صاحب رات کے وقت جاوید اقبال اور منیرہ کو ساتھ بٹھا کر ڈورس کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو بھی کرتے تھے‘ ان کی خواہش تھی‘ ان کے بچے جرمن زبان سیکھیں‘ وہ اپنی صاحبزادی سے کہا کرتے تھے ” جرمن زبان سیکھو‘ جرمن عورتیں بہت بہادر ہوتی ہیں“ منیرہ اقبال کوشش کر کے تھوڑی بہت جرمن بھی سیکھ گئیں علامہ صاحب نے منیرہ اقبال کو کنیئرڈ سکول میں داخل کرا دیا‘ جو کہ مشنری سکول تھا‘ یہ بعد میں لڑکیوں کا کنیئرڈ کالج بن گیا‘ آنٹی ڈورس منیرہ اقبال کی پراگریس رپورٹ لینے اکثر اوقات سکول جاتی تھیں‘وہ ایک بار سکول گئیں تو انہیں معلوم ہوا سکول میں بائبل کا مطالعہ لازمی ہے‘ آنٹی ڈورس پریشان ہو گئیں‘ انہوں نے انتظامیہ سے احتجاج کیا‘ آپ مسلمان بچی کو زبردستی بائبل کیسے پڑھا سکتے ہیں‘ وہ اس کے بعد علامہ اقبال کے پاس گئیں‘ انہیں بتایا کہ منیرہ کو سکول میں بائبل پڑھائی جا رہی ہے‘ آپ بچی کا سکول تبدیل کرا دیں؛ انہوں نے منیرہ کو کنیئرڈ سکول سے اٹھا کر انجمن حمایت اسلام کے سکول میں داخل کرا دیا۔ علامہ اقبال کے بڑے بھائی شیخ عطاء محمد منیرہ اقبال کو غیر مسلم عورت کی دیکھ بھال میں دینے کے خلاف تھے‘ وہ اپنے اس اختلاف کا برملا اظہار کیا کرتے تھے علامہ صاحب خاموشی سے ان کی باتیں بھی سن لیتے تھے اور آنٹی ڈورس سے بھی مطمئن رہتے تھے‘ بچی کے تایا نے ایک دن ان کےلئے سیالکوٹ سے ایک چھوٹا سا ریشمی برقعہ بھجوا دیا‘ منیرہ کی عمر اس وقت سات سال تھی۔۔۔۔۔ ڈورس برقعہ اٹھا کر سیدھی علامہ صاحب کے پاس گئیں اور ان سے کہا”کیا آپ اتنی چھوٹی سی بچی کو پردہ کرائیں گے“ علامہ صاحب نے مسکرا کر فرمایا ” میرے بڑے بھائی نے منیرہ سے محبت کا اظہار کیا ہے‘ آپ ان کا تحفہ رکھ لیں‘ منیرہ یہ برقعہ اوڑھے یہ ضروری نہیں“ علامہ صاحب نے مزید فرمایا ” میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا‘ منیرہ جب بڑی ہو گی تو خواتین میں پردہ رہے گا بھی یا نہیں“علامہ صاحب کی بیٹی کو رخصت بھی آنٹی ڈورس نے کیا تھا‘ وہ منیرہ اقبال کی شادی کے بعد برلن چلی گئیں لیکن وہ ہر سال سردیوں میں پاکستان آ جاتی تھیں اور ماں کی حیثیت سے علامہ صاحب کے بچوں کے ساتھ رہتی تھیں‘ وہ آخری عمر میں بیمار ہو گئیں‘ منیرہ نے اپنے بیٹے کو برلن بھیجا وی انہیں ہاتھوں پر اٹھا کر لاہور لایا‘ منیرہ نے بیٹی کی طرح ان کی خدمت کی‘ آنٹی ڈورس نے لاہور میں انتقال فرمایا‘ وہ عیسائی تھیں‘علامہ صاحب کے خاندان نے انہیں مسیحی طریقے سے دفن کیا‘ میت مسیح تھی لیکن جنازے میں شریک لوگ مسلمان بھی تھے اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی اولاد بھی۔ آنٹی ڈورس کی تدفین کے بعد جاوید اقبال نے مسیحی روایات کے مطابق بیٹے کی حیثیت سے باقاعدہ تقریر بھی کی‘ یہ عظیم خاتون گلبرگ کے مسیحی قبرستان میں دفن ہیں‘ جاوید اقبال کرسمس کے موقع پر ان کی تربت پر پھول بھی چڑھایا کرتے تھے۔

●نوٹ:ڈورس کے حالات کا مزید مطالعہ کرنے کیلیے
جاوید اقبال کی خودنوشت"اپنا گریبان چاک" اور اقبال کی سوانح عمری "زندہ رود"(مصنف:جاوید اقبال) پڑھیے۔

#حنظله_خليق

????:ڈورس اقبال کے پوتے کا ساتھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2831993893697792