پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کبھی سایہ ہے کبھی دھوپ مقدر میرا ہوتا رہتا ہے یوں …

کبھی سایہ ہے کبھی دھوپ مقدر میرا
ہوتا رہتا ہے یوں ہی قرض برابر میرا
…
اطہرؔ نفیس کا یومِ ولادت
22؍فروری 1933
کنور اطہر علی خاں اور اطہرؔ تخلص تھا۔ 22؍فروری 1933ء کو علی گڑھ (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ 1948ء میں پاکستان آگئے۔ اطہرؔ نفیس طویل عرصے تک روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے وابستہ رہے۔ انہوں نے کالم بھی لکھے اورمختلف عہدوں پر کام کیا۔تمام عمر تنہا گزاری اور کسی کو اپنا شریکِ حیات نہیں بنایا۔اطہرؔ نفیس کی شاعری کا مجموعہ ’’کلام‘‘ کے نام سے 1975ء میں ’’فنون‘‘ لاہور سے شائع ہوا۔ وہ طویل علالت کے بعد 21؍نومبر 1980ء کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:274
اطہرؔ نفیس کے چند اشعار
…
اس نے مری نگاہ کے سارے سخن سمجھ لیے
پھر بھی مری نگاہ میں ایک سوال ہے نیا
—–
اک آگ غم تنہائی کی جو سارے بدن میں پھیل گئی
جب جسم ہی سارا جلتا ہو پھر دامن دل کو بچائیں کیا
—–
اطہرؔ تم نے عشق کیا کچھ تم بھی کہو کیا حال ہوا
کوئی نیا احساس ملا یا سب جیسا احوال ہوا
—–
اک شکل ہمیں پھر بھائی ہے اک صورت دل میں سمائی ہے
ہم آج بہت سرشار سہی پر اگلا موڑ جدائی ہے
—–
با وفا تھا تو مجھے پوچھنے والے بھی نہ تھے
بے وفا ہوں تو ہوا نام بھی گھر گھر میرا
—–
بہت چھوٹے ہیں مجھ سے میرے دشمن
جو میرا دوست ہے مجھ سے بڑا ہے
—–
داستانِ شبِ ہجر ان کو سنانے کا دن یہ نہیں
محفلِ عشق میں آج ہی تو وہ کچھ مہرباں آئے ہیں
—–
خوابوں کے افق پر ترا چہرہ ہو ہمیشہ
اور میں اسی چہرے سے نئے خواب سجاؤں
—–
دروازہ کھلا ہے کہ کوئی لوٹ نہ جائے
اور اس کے لیے جو کبھی آیا نہ گیا ہو
—–
لمحوں کے عذاب سہ رہا ہوں
میں اپنے وجود کی سزا ہوں
—–
وہ دور قریب آ رہا ہے
جب دادِ ہنر نہ مل سکے گی
—–
کبھی سایہ ہے کبھی دھوپ مقدر میرا
ہوتا رہتا ہے یوں ہی قرض برابر میرا
—–
ہمارے عشق میں رسوا ہوئے تم
مگر ہم تو تماشا ہو گئے ہیں
—–
یہ دھوپ تو ہر رخ سے پریشاں کرے گی
کیوں ڈھونڈ رہے ہو کسی دیوار کا سایہ
—–
کیا وقت پڑا ہے ترے آشفتہ سروں پر
اب دشت میں ملتے نہیں ملتے ہیں گھروں پر
—–
مثل بادِ صبا تیرے کوچے میں اے جانِ جاں آئے ہیں
چند ساعت رہیں گے چلے جائیں گے سر گراں آئے ہیں
—–
پھر کوئی نیا زخم نیا درد عطا ہو
اس دل کی خبر لے جو تجھے بھول چلا ہو
—–
جس طرح دل آشنا تھا شہر کے آداب سے
کچھ اسی انداز سے شائستۂ صحرا بھی تھا
………..
جل گیا سارا بدن ان موسموں کی آگ میں
ایک موسم روح کا ہے، جس میں اب زندہ ہوں میں
——
وہ عشق جو ہم سے روٹھ گیا، اب اس کا حال بتائیں کیا
کوئی مہر نہیں، کوئی قہر نہیں، پھر سچا شعر سنائیں کیا
اک ہجر جو ہم کو لاحق ہے، تا دیر اسے دہرائیں کیا
وہ زہر جو دل میں اتار لیا، پھر اس کے ناز اٹھائیں کیا
اک آگ غمِ تنہائی کی، جو سارے بدن میں پھیل گئی
جب جسم ہی سارا جلتا ہو، پھر دامنِ دل کو بچائیں کیا
پھر آنکھیں لہو سے خالی ہیں، یہ شمعیں بجھنے والی ہیں
ہم خود بھی کسی سے سوالی ہیں، اس بات پہ ہم شرمائیں کیا
ہم نغمہ سرا کچھ غزلوں کے، ہم صورت گر کچھ خوابوں کے
بے جذبۂ شوق سنائیں کیا، کوئی خواب نہ ہو تو بتائیں کیا
——
یہ بھی پڑھیں : حسن و جمالِ روضہء اطہر نظر میں ہے
——
اطہرؔ تم نے عشق کیا کچھ تم بھی کہو کیا حال ہوا
کوئی نیا احساس ملا یا سب جیسا احوال ہوا
ایک سفر ہے وادئ جاں میں تیرے درد ہجر کے ساتھ
تیرا درد ہجر جو بڑھ کر لذت کیف و صال ہوا
راہ وفا میں جاں دینا ہی پیش رؤں کا شیوہ تھا
ہم نے جب سے جینا سیکھا جینا کار مثال ہوا
عشق فسانہ تھا جب تک اپنے بھی بہت افسانے تھے
عشق صداقت ہوتے ہوتے کتنا کم احوال ہوا
راہ وفا دشوار بہت تھی تم کیوں میرے ساتھ آئے
پھول سا چہرہ کمہلایا اور رنگ حنا پامال ہوا
——
وہ دور قریب آ رہا ہے
جب داد ہنر نہ مل سکے گی
اس شب کا نزول ہو رہا ہے
جس شب کی سحر نہ مل سکے گی
پوچھو گے ہر اک سے ہم کہاں ہیں
اور اپنی خبر نہ مل سکے گی
آساں بھی نہ ہو گا گھر میں رہنا
توفیق سفر نہ مل سکے گی
خنجر سی زباں کا زخم کھا کے
مرہم سی نظر نہ مل سکے گی
اس راہ سفر میں سایہ افگن
اک شاخ شجر نہ مل سکے گی
جاؤ گے کسی کی انجمن میں
پر اس سے نظر نہ مل سکے گی
اک جنس وفا ہے جس کو ہر سو
ڈھونڈو گے مگر نہ مل سکے گی
سیلاب ہوس امڈ رہا ہے
اک تشنہ نظر نہ مل سکے گی
——
رونق بیش و کم کس کے ہونے سے ہے
موسم خشک و نم کس کے ہونے سے ہے
کس کا چہرا بناتی ہیں یہ ساعتیں
وقت کا زیر و بم کس کے ہونے سے ہے
کون گزرا کہ بنتے گئے راستے
راہ کا پیچ و خم کس کے ہونے سے ہے
کس کی خاطر دریچوں سے آئی ہوا
یہ فضا یوں بہم کس کے ہونے سے ہے
شاخ در شاخ پتوں کی یہ زندگی
آج بھی محترم کس کے ہونے سے ہے
موت برحق ہے کس کے نہ ہونے سے آج
زندگی دم بہ دم کس کے ہونے سے ہے
کس کی زلفوں کا اعجاز ہے بوئے گل
یہ ہواؤں میں نم کس کے ہونے سے ہے
صبح شادابئ جاں کا کیوں ہے ملال
عشرت شام غم کس کے ہونے سے ہے
وحشت دل کو کس نے سنبھالا دیا
یہ جنوں کم سے کم کس کے ہونے سے ہے
کس سے منسوب ہے ہر جفا ہر وفا
یہ ستم یہ کرم کس کے ہونے سے ہے
——
نہ شام ہے نہ سویرا عجب دیار میں ہوں
میں ایک عرصہء بے رنگ کے حصار میں ہوں
سپاہ غیر نے کب مجھ کو زخم زخم کیا
میں آپ اپنی ہی سانسوں کے کار زار میں ہوں
کشاں کشاں جسے لے جائیں گے سر مقتل
مجھے خبر ہے کہ میں بھی اسی قطار میں ہوں
شرف ملا ہے کہاں تیری ہمرہی کا مجھے
تو شہسوار ہے اور میں تیرے غبار میں ہوں
اتا پتا کسی خوشبو سے پوچھ لو میرا
یہیں کہیں کسی منظر کسی بہار میں ہوں
میں خشک پیڑ نہیں ہوں کہ ٹوٹ کر گر جاؤں
نمو پزیر ہوں اور سرو شاخسار میں ہوں
نہ جانے کون سے موسم میں پھول مہکیں گے
نہ جانے کب سے تری چشم انتظار میں ہوں
ہوا ہوں قریۂ جاں میں کچھ اس طرح پامال
کہ سر بلند ترے شہر زر نگار میں ہوں
——
ہم بھی بدل گئے تری طرز ادا کے ساتھ ساتھ
رنگ حنا کے ساتھ ساتھ شوخئ پا کے ساتھ ساتھ
نکہت زلف لے اڑی مثل خیال چل پڑی
چلتا ہے کون دیکھیے آج حنا کے ساتھ ساتھ
اتنی جفا طرازیاں اتنی ستم شعاریاں
تم بھی چلے ہو کچھ قدم اہل وفا کے ساتھ ساتھ
وحشت درد ہجر نے ہم کو جگا جگا دیا
نیند کبھی جو آ گئی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ ساتھ
ہوش اڑا اڑا دیئے راہ کے اضطراب نے
نکہت گل چلی تو تھی باد صبا کے ساتھ ساتھ
…………………………….