نعتِ رسول مقبول ﷺ – ڈاکٹر شہناز مزمل کرم یہ رحمتِ…
نعتِ رسول مقبول ﷺ – ڈاکٹر شہناز مزمل
کرم یہ رحمتِ ربّ الانام کر دینا
عطائے جلوئہ دارلسّلام کر دینا
پیامِ اذنِ حضوری مجھے ملے جس دم
زباں پہ جاری محمد ﷺکا نام کر دینا
نہ لُوں میں دولتِ کونین آپ ﷺکے بدلے
تو روزِ حشر، شفاعت امام کر دینا
ترس رہی ہوں میں انوارِ صبح کو کب سے
درُودِ نورِ سحر میرے نام کر دینا
دیارِ یثرب و بطحا میں کر سکوں سجدے
نگاہِ لطف سے یہ انتظام کر دینا
طوافِ روضہءاقدس ﷺہو میری قسمت میں
تُو ایک صبح کی ایسی بھی شام کر دینا
نصیب تیرے ہیں مجھ سے بلند بادِ صبا!
درُود پڑھ کے، مرابھی سلام کر دینا
تِرے لیے کوئی مشکل نہیں مِرے مولا!
سرُورِ کیفِ حضوری دوام کر دینا
ہر ایک سانس میں میں مدحتِ رسول ﷺکروں
عطا خاص یہ عالی مقام کر دینا
تِری ہی یاد میں شہناز ؔکی یہ عمر کٹے
دعا قبُول یہ خیر الانام کر دینا