#میں_جانوں_میرا_خدا_جانے
#تحریر_مائرہ_مشتاق
قسط نمبر 9
سورج کی کرنوں نے آفندی ہاؤس کے گرد گھیراؤ کر لیا تھا.. رتجگے سے رمشا کی آنکھیں سرخ ہو گئی تھیں مگر ابھی تک اس کی آنکھوں میں نیند کے کوئی آثار نہیں تھے. وہ کل کے واقعے کے بارے میں سوچ کر ہلکان ہو رہی تھی کہ آخر ایسا کیا ہوا ہو گا جو رانیہ اس طرح سے ہوٹل کے بند کمرے میں پہنچی. اس کے سوالوں کا جواب دینے وہاں کوئی نہیں تھا اسی لیۓ اس نے پورٹیکو سے گاڑی نکالی اور رومیسہ کی طرف جانے کا ارادہ کیا .. شاید رومیسہ ہی کچھ جانتی ہو… آخر ایبک بھی تو وہاں تھا… پورے راستے وہ یہی سوچتی رہی..
*—————————*
حالات نے بنا دیا یوں _____ تلخ سا مجھے
میں تو ایسی تھی کہ تتلیوں سے ڈرتی تھی
رانیہ اسپتال سے گھر آ گئی تھی. وہ کافی بجھی بجھی سی تھی. مہرین اس کیفیت کا اندازہ بخوبی لگا سکتی تھی جس سے رانیہ ہو کر آئی تھی اسی لیۓ اس نے کوئی سوال نہ کیا. مہرین نے رانیہ کو دلیہ بنا کر کھلایا اور اس کے بعد وہ دونوں واک کے لیۓ نکل پڑیں. انھیں اندازہ ہی نہیں ہوا کب وہ گھر س بہت دور نکل آئیں. وہ تو مغرب کی اذان ہوئی تو رانیہ نے گھڑی دیکھی…
"مہرین ہمیں اتنی دور نہیں آنا چاہیۓ تھا. اب گھر جانے میں کتنی دقت ہو گی.” رانیہ کے چہرے پر خوف کے آثار نمایاں تھے.
"میں تو آپ کا دل بہلانے کے لیۓ آ گئی اور آپ مجھے ہی کوس رہی ہیں.” مہرین نے خفگی سے منہ بنا لیا..
"اچھا بابا سوری.. چلو اب گھر چلیں.. میرے پاس پیسے تھے لیکن بیگ گھر رہ گیا ہے… اب پیدل ہی مارچ کرنا پڑے گا..”
"میرے ہوتے پیدل کیوں. ابھی دیکھنا کسی آنٹی کو رکواتی ہوں اور گھر کے قریب تک لفٹ مانگتی ہوں. آخر ایک انسان ہی دوسرے انسان کے کام آتا یے..” مہرین نے چٹکیوں میں حل پیش کیا جسے رانیہ نے رد کر دیا..
"کوئی ضرورت نہیں کسی سے مدد مانگنے کی.. بس آدھے گھنٹے کی واک ہی تو ہے.. چلو اس طرف..” رانیہ مہرین کا ہاتھ پکڑ کر سڑک پار کرنے لگی.. شہریار آفریدی نے ان کو دیکھ لیا تھا اسی لیۓ گاڑی لا کر ان کے پاس روک دی اور خود گاڑی سے نکل کر ان دونوں کے پاس آ گیا..
"چلیں میں آپ کو ڈراپ کر دوں. اس ٹائم اس طرح سے جانا آپ کے لیۓ ٹھیک نہیں ہے..” شہریار آفریدی نے اپنی بے ترتیب دھڑکنوں کو قابو میں رکھ کر رانیہ کو پیشکش کی.
"ہمیں پتا یے ہمارے لیۓ کیا ٹھیک ہے کیا نہیں. آپ کو پہلے بھی منع کیا تھا کہ اس طرح گاڑی لا کر میرا راستہ مت روکا کریں لیکن شاید آپ میں شرم نام کی چیز ہی نہیں..” رانیہ نے سرخ ہوتے چہرے کے ساتھ کہا..
"آپی یہ تو وہی ہیں ناں جو ایک دفعہ رمشا باجی کی برتھ ڈے پر تھے. ان کے ساتھ چلے جاتے ہیں پلیز.. مجھ سے پیدل نہیں چلنے ہو گا..” مہرین نے رانیہ کے قریب ہو کر اس کے کان میں بولا جسے شہریار آفریدی بھی سن چکا تھا..
"آپ گاڑی میں بیٹھیں.. میں آپی کو لے کر آتی ہوں…” مہرین نے شہریار آفریدی کو دیکھ کر دانت چباتے ہوۓ بولا..
"آپی چلیں ناں پلیز. آپ کو پتا یے حالات کتنے خراب ہیں. اگر میرے ساتھ کچھ… ” مہرین نے رانیہ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا تھا. وہ جانتی تھی کہ اب رانیہ منع نہیں کر سکے گی اور ایسا ہی ہوا تھا..
"چلو جیسے تمہاری مرضی…” رانیہ اور مہرین گاڑی میں پیچھے بیٹھ گئیں.
*————————-*
میں تماشا ہوں ______ مجھے دیکھ رہی ہے دنیا
تم تو خالق ہو، مجھے ڈھانپ کیوں نہیں دیتے!
"رامش بھائی! صاحب نے بولا کہ آپ کو جگا دوں. آج آپ کی کوئی میٹنگ ہے تو وہی سب بتانا ہے صاحب کو..” دروازے میں کھڑے ملازم نے رامش کو بتایا..
"اچھا تم جاؤ میں آتا ہوں تھوڑی دیر میں…” کہہ کر رامش نے دروازہ بند کر دیا..
پارسا ابھی تک سوئی ہوئی تھی.. رامش کمرے میں کافی دیر چکر کاٹتا رہا.. اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کس طرح خود کو پارسا والے معاملے سے کلئیر کرے.. اس نے اپنے کپڑے اٹھاۓ اور گیسٹ روم چلا گیا.. نہا کر وہ لاؤنج میں آیا تو منظر بدلا بدلا سا تھا.. فرمان نواز کمرے میں یہاں سے وہاں ٹہل رہے تھے جبکہ دردانہ بیگم شان و شوکت کے ساتھ صوفے پر براجمان تھیں.. پارسا ان کے گھنٹوں پر سر رکھ کر رو رہی تھی…
"شاباش بیٹا.. آج آپ نے وہ کر دکھایا جو برسوں پہلے آپ کی چچی کے ساتھ آپ کے پاپا نے کیا…” دردانہ بیگم نے اپنے دونوں ہاتھوں کو ملایا اور تالی بجاتے ہوۓ کہنے لگیں..
"بس کر دیں دردانہ بیگم.. کب تک ماضی کی اس کھڑکی کو کھول کر رکھیں گی جس میں سے سواۓ جھوٹ کے کچھ بھی نہیں نظر آتا…”
"اگر آپ سچے تھے تو کیا کر رہے تھے اس کمرے میں فرمان صاحب… اتنے پاک تو آپ تب تھے نہ ہی آج.. اپنے بیٹے کو بھی اپنی ہی راہ ہر چلا دیا آج آپ نے… میری ساری زندگی کی تربیت تو خاک میں مل گئی.” دردانہ بیگم پارسا کے بالوں میں اپنا ہاتھ پھیرتے ہوۓ بولنے لگیں..
"یہ جو ڈرامہ آپ خالہ بھانجی نے رچایا ہے اس کو انجام تک میں پہنچاؤں گا…”
"ہاۓ میری معصوم بچی… اس لیۓ تو نہیں بھیجا تھا اسے کہ اس کی زندگی تباہ کر دو تم رامش.. اب کون بارات لے کے آۓ گا میرے گھر میں…” دروازے سے سلطانہ بیگم واویلہ کرتی داخل ہوئیں..
"پاپا یہ سب….” رامش نے اپنی صفائی دینی چاہی لیکن فرمان صاحب نے ہاتھ کے اشارے سے اسے خاموش کروا دیا…
"سب جانتا ہوں میں رامش.. آپ کو کچھ بھی کہنے کی ضرورت نہیں….”
"رامش اتنا سب کچھ کر لیا پارسا کے ساتھ اور ابھی بھی بے شرموں کی طرح کھڑے ہوۓ ہو… ایک بات یاد رکھنا یہ سب کرنے کے بعد اگر آپ نے پارسا کو دھتکارہ تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہو گا…” دردانہ بیگم اب رامش کےعین سامنے آ کر کھڑی ہو گئیں..
"میں نے فیصلہ کر لیا ہے دردانہ بیگم کہ رامش کی منگنی نہیں نکاح ہو گا آج…” یہ سن کر ایک پل کو دردانہ بیگم کا چہرہ کھل اٹھا مگر فرمان نواز کی اگلی بات سن کر اس پر انگارے سے لپکنے گے..
"وہ بھی رمشا کے ساتھ.. اگر آپ کو شرکت کرنی ہے تو ٹھیک ورنہ شام تک طلاق نامہ مل جاۓ گا…” دردانہ بیگم جو پوری شان کے ساتھ کھڑی تھیں, وہیں ڈھے سی گئیں.
ہاں….. شاید…..
اسے ہی تو کہتے ہیں…
پیروں تلے زمین نکلنا…
سر سے آسمان چھننا…
کسی کا سائبان چھننا…
دردانہ بیگم حقیقی معنوں میں خود کو بے سہارا ہوتے محسوس کر رہی تھیں.. طلاق کا سن کر ان کی ساری اکڑ ختم ہو گئی تھی… آنسو ان کے میک اپ سے بھرے چہرے کو دھو رہے تھے..
فرمان صاحب اپنا فیصلہ سنا کر ایک سیکنڈ بھی وہاں نہیں رکے.. ان کے پیچھے پیچھے رامش بھی گھر سے نکل گیا…
*————————*
تجھ سے محبت کیلئے تیری موجودگی کی ضرورت نہیں
میری رگ رگ میں تیری روح کا _____ احساس کافی ہے
شہریار آفریدی نے ان کے گھر کا پوچھا اور گاڑی اس طرف بڑھا دی. راستے میں ان میں کوئی بات نہیں ہوئی. وہ تو جب ان کا گھر آیا تو مہرین نے شہریار آفریدی کو شکریہ ادا کرنے کے بعد اندر آنے کا کہا.. شہریار آفریدی نے بات پھر کبھی پر ٹال دی کیوں کہ وہ مہرین کو صاف منع بھی نہ کر سکتا تھا اور ان لوگوں کی نیک نامی کو بھی اچھے سے جانتا تھا کہ اس کے اسطرح جانے سے لوگوں کو باتوں کا موقع مل جاۓ گا..
گھر پہنچ کر رانیہ نے مہرین کی خوب کلاس لی کہ اس کی وجہ سے انھیں شہریار آفریدی کی گاڑی میں آنا پڑا..
"دیکھو مہرین اسطرح سے کسی نامحرم کے ساتھ بیٹھنا…” رانیہ مہرین کو سمجھانے لی تو مہرین نے اس کی بات کاٹ دی..
"آپی پلیز.. اب یہ جو آپ بس میں آتی ہیں تو کتنے نامحرم ہوتے ہیں ادھر بھی.. تب تو آپ کو خیال نہیں آتا..” مہرین کو رانیہ کی دلیل بہت کھوکھلی سی لگی..
"خیال تو آتا ہے لیکن وہ میری مجبوری ہے مہرین.. خوشی سے تو نہیں آتی میں..”
"اچھا آپی وہ جو شہریار آفریدی آپ کو روز لفٹیں دینے آتا ہے, آپ نے مجھے کیوں نہیں بتایا.” مہرین مصنوعی خفگی لیۓ گویا ہوئی..
"کیونکہ یہ کوئی اتنی ضروری بات نہیں تھی..”
"مجھے تو لگتا ہے کل بھی وہ آپ کے پیچھے ایمرجنسی میں….”
"تم کچھ زیادہ ہی بولنے لگ گئی ہو مہرین.. ٹائم دیکھو کیا ہو گیا.. جلدی سے سو جاؤ..” رانیہ نے مہرین کو جھٹکا اور بیڈ پر جا کر لیٹ گئی.. آج پہلی مرتبہ وہ شہریار آفریدی کے بارے میں سوچ رہی تھی… اس کی آنکھوں میں بار بار اسی کا چہرہ گھوم رہا تھا…
"اے اللہ یہ سب کیا ہو رہا ہے.. کیوں وہ شخص میرے خیالوں میں اس طرح سے… میرے لیۓ آپ کی محبت ہی کُل ہے اللہ… مجھے اتنا کمزور مت کرنا کہ اس دل میں آپ کے علاوہ کوئی اور آ جاۓ.. میں یہ سب نہیں سہہ سکتی اللہ.. مجھے معاف کر دیں…” بھیگے چہرے کے ساتھ رانیہ نے اللہ سے اس کی محبت مانگی..
*————————-*
"ایک کام کے لیۓ بھیجا تھا تمہیں اور وہ بھی تم ادھورا چھوڑ آۓ.. میری ساری پلاننگ پر پانی پھیر دیا تم نے.. کیسے مرد ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہو تم ایبک..” رومیسہ اپنے بیڈ پر بیٹھی ایبک پر برس رہی تھی..
"میں اس لڑکی کے ساتھ وہ سب نہیں کر سکتا تھا رومیسہ.. اگر تم ایک مرتبہ اس کے چہرے کو دیکھ لیتی تو تمہیں اس سے خوف آنے لگتا..” ایبک رومیسہ کے گرد اپنے بازو پھیلاتے ہوۓ بولا..
"یہ سب کیا بکواس کر رہے ہو ایبک.. اتنی بری نہیں ہو گی وہ جتنا تم بتا رہے ہو…” رومیسہ نے ایبک کے ہاتھوں کو پرے جھٹکا.
"میں نے کب کہا وہ بری تھی… وہ تو شاید انسان تھی ہی نہیں رومیسہ… جانتی ہو اس کو دیکھتے ہی مجھے اپنا آپ ختم ہوتا محسوس ہوا.. میں ایک دم پیچھے ہٹ گیا…”
"کیسی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہو ایبک تم.. میں نے تمہیں اتنا فیور دیا.. تمہارے لیۓ اس رمشا کو ٹریپ کیا اور ایک تم ہو کہ…” رومیسہ اب کافی غصے سے بولنے لگی..
"رمشا اس سب میں کہاں سے آ گئی..” ایبک کو رمشا کا ذکر کچھ پسند نہیں آیا شاید اسی لیۓ بولا…
"رمشا ہی تو اس سب میں ہے ایبک… اگر اس لڑکی کی جگہ وہاں رمشا ہوتی تو کیا تمہارا ایمان نہ ڈگمگاتا… ہاں بولو…؟؟” رومیسہ اب ایبک کے قریب ہو کر اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوۓ کہنے لگی..
"اگر وہاں رمشا ہوتی تو شاید وہ اس حالت میں جانے کے قابل نہ رہتی جس میں وہ آئی تھی…. لیکن وہ رمشا نہیں…” دروازے میں کھڑی رمشا پر ایبک کی نظر پڑی تو وہ چپ ہو گیا.. رومیسہ نے بھی اسے دیکھ لیا تھا…
"جانے کب سے کھڑی ہماری باتیں سن رہی ہے ایبک.. پکڑو اسے ورنہ….” رمشا تیز تیز زینے پھلانگتی لاؤنج میں آ گئی.. ایبک اور رومیسہ بھی اس کے پیچھے تھے.. اس کا بیگ اس کے ہاتھ سے چھوٹ گیا تھا.. اسے صرف اپنی جان بچانی تھی اسی لیۓ اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا.. وہ تیز قدموں سے لاؤنج سے باہر نکلی اور دروازے کو باہر سے ہینڈل لگا لیا…
"کچھ کرو ایبک… یہ لڑکی بہت شاطر ہے….”دروازے سے اندر کھڑی رومیسہ کی بات رمشا نے سن لی تھی… اس کا سانس پھول گیا تھا… وہ جلدی سے گاڑی میں بیٹھی اور گاڑی اسٹارٹ کر کے گھر کے راستے جانے لگی.. اسے تو اللہ سے مانگنا بھی نہیں آتا تھا ورنہ اس مشکل وقت میں اس سے مدد مانگتی..
جو ہر پکار پر ہمیں نوازتا یے…
ہماری سوچ سے بھی زیادہ…
ہماری اوقات سے بھی زیادہ….
*————————-*
تانیہ نے لال رنگ کا ریشمی سوٹ پہننے کے لیۓ نکالا جو اسے شہریار آفریدی نے لا کر دیا تھا کہ اب وہ پرانے فیز سے نکلے اور زندگی میں بکھرتے رنگوں کو محسوس کرے.. وہ اس کی چاہت کو ہر پل محسوس کر رہی تھی.. نہا دھو کر وہ آئینے کے سامنے آ کر بیٹھ گئی. بلاشبہ وہ بہت حسین تھی مگر یہ حسن اس نے شہریار آفریدی کے آنے کے بعد نوٹ کیا تھا. اس نے کپڑوں کے ساتھ میچ کر کے لال لپ سٹک لگائی, آنکھوں پر سیاہ میک اپ کیا اور اپنے بالوں میں دو چٹیا باندھ دیں.
"آج تو آپ میرے سے نظر بھی نہیں ہٹا سکیں گے شہریار صاحب.” تانیہ اپنے سراپے کو آئینے میں دیکھ کر خود سے شرمانے لگی.. اسے شہریار آفریدی کی گاڑی کی آواز آئی تو دوڑ کر باہر گئی اور دروازے کے پاس ہی پِلر کے ساتھ ٹیک لگا کر کھڑی ہو گئی.. شہریار آفریدی نے گاڑی سے نکلتے ہی اسے دیکھ لیا تھا.. اسے رانیہ کے رویے سے تکلیف پہنچی تھی مگر وہ تانیہ کو تکلیف سے دوچار نہیں کرنا چاہتا تھا اسی لیۓ سیدھا اس کی طرف بڑھا..
"آج تو کتنی پیاری لگ رہی ہیں آپ تانیہ.. ایسے ہی خوش رہا کریں…” شہریار آفریدی کو تانیہ کا بدلا بدلا روپ پسند آیا تھا. وہ یہی چاہتا تھا کہ تانیہ اپنا ماضی بھلا کر حال میں رہنا سیکھے..
"میری خوشی تو آپ کی خوشی سے جڑی ہے شہریار صاحب…” تانیہ اپنا چہرہ جھکا کر بہت آہستہ سے بولی جسے شہریار آفریدی بھی نہ سن سکا…
"کیا ہوا.. نیچے کیا ڈھونڈ رہی ہیں… ” تانیہ کو لگا اس کی چوری پکڑے گئی ہے… وہ دوڑ کر اندر کمرے میں چلی گئی..
*————————–*
اے بُت تراش عشق کو حیرت میں ڈال دے
پتھر کی آنکھ سے کوئی آنسو نکال دے
گھر پہنچ کر رمشا نے خود کو کمرے میں بند کر دیا تھا. وہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ رومیسہ اتنا گناؤنا کھیل کھیلے گی. اسے رہ رہ کر رانیہ کی یاد آ رہی تھی. وہ یہ سب رانیہ کو بتانا چاہتی تھی…
"کیا بتاؤ گی تم اسے کہ اس کی زندگی کو برباد کرنے کا ارادہ رکھنے والی کوئی اور نہیں تمہاری ہی دوست ہے.. نہیں رمشا نہیں.. تم اسے کچھ نہیں بتاؤ گی.” رمشا کو اپنے گرد ایک آواز آئی..
"اسے بتا دو رمشا.. کیوں اس سے یہ سب چھپانا چاہ رہی ہو.. کس کے لیۓ…؟؟ رومیسہ کو بچانے کے لیۓ یا اپنا بھرم قائم رکھنے کے لیۓ…؟؟” اس کے ضمیر کی آواز ابھری..
دروازے سے مشال آفندی داخل ہوئیں تو رمشا خود کو نارمل رکھنے کی کوشش کرنے لگی…
"آج ہم بہت خوش ہیں مشی بیٹا.. جانتی ہیں کیوں…؟” مشال آفندی رمشا کے پاس آ کر بولیں..
"آپ ہی بتا دیں ممی کہ کیوں…” رمشا نے بے توجہی سے پوچھا..
"کیونکہ آج ہماری مشی کی شادی ہے…”
"یہ سب کیا مذاق ہے ممی… کس کی شادی ہو رہی ہے..صاف صاف بتائیں.؟؟” رمشا کو اپنی ممی سے اس قسم کے مذاق کی توقع نہیں تھی اسی لیۓ تلخ لہجے میں بولی..
"دیکھیں مشی بیٹا.. آپ کے فرمان انکل نے ہم سے ریکیوسٹ کی ہے کہ ہم آج منگنی کے بجاۓ نکاح رکھ دیں اور ہمیں بھی اس میں کوئی اعتراض نہیں.. اس لیۓ ہم نے ہامی بھر لی ہے…” مشال آفندی بہت ٹھہر ٹھہر کر بتانے لگیں… رمشا کے لیۓ یہ خبر کسی بمب سے کم نہیں تھی…
"مجھ سے پوچھے بغیر میری ذندگی کا اتنا بڑا فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں آپ لوگ.. ہر گز نہیں… میں یہ شادی نہیں کروں گی….” رمشا نے احتجاج کیا جبکہ وہ جانتی تھی کہ اس سب کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا..
"آپ کے لیۓ یہی بہتر یے مشی اسی لیۓ تو اتنی جلدی یہ سب ہو رہا یے.. آپ اس فیصلے کو مان لیں تو آپ کو آسانی رہے گی….” مشال آفندی رمشا کے گال پر پیار کر کے باہر نکل گئیں.. رمشا سوچوں کے سمندر میں غرق ہو گئی..
*————————-*
#نور

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔