پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

#میں_جانوں_میرا_خدا_جانے تحریر: مائرہ مشتاق قسط ن…

#میں_جانوں_میرا_خدا_جانے
تحریر: مائرہ مشتاق
قسط نمبر 5
"جنہوں نے کفر کیا ان کے اعمال کی مثال ایسی ہے جیسے دشتِ بے آب میں سراب کہ پیاسا اس کو پانی سمجھے ہوا تھا, مگر جب وہاں پہنچا تو کچھ نہ پایا, بلکہ وہاں اس نے اللہ کو موجود پایا جس نے اس کا پورا پورا حساب چکا دیا, اور اللہ کو حساب لیتے دیر نہیں لگتی.” (النور ٣۹)

"کل کے سبق میں ہم نے دیکھا تھا کہ اللہ کے نور کے مستحق کون کون ہوتے ہیں اور ان کو اللہ کس طرح سے نوازتا ہے. آج ہم دیکھیں گے کہ منکروں کے بارے میں اللہ اپنی کتاب میں کیا فرماتا ہے. جو لوگ اللہ کے نور کو پانے کا واحد ذریعہ یعنی رسول کو قبول کرنے اور اس کا اتباع کرنے سے انکار کرتے ہیں, چاہے دل سے انکار اور زبان سے اقرار کریں یا دل اور زبان دونوں سے انکار کریں, ان لوگوں کی مثال اس آیت میں بیان ہے.
جو لوگ کفر کے باوجود ظاہری طور پر نیک اعمال کرتے ہوں اور زبان سے آخرت کے بھی قائل ہوں, اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ایمانِ صادق اور اطاعتِ رسول کے بغیر ان کے اعمال آخرت میں انھیں کام دیں گے تو ان کی حقیقت دھوکے سے زیادہ کچھ نہیں. ایک پیاسا ریگستان میں چمکتی ہوئ ریت کو دور سے دیکھ کر پانی کا گمان کرتا ہے اور اپنی پیاس بجھانے کی خاطر اس طرف دوڑا چلا جاتا ہے مگر وہاں پہنچنے پر اسے معلوم ہوتا ہے کہ پانی تو کہیں بھی نہیں. اسی طرح ان لوگوں کا حال بھی ہے. یہ لوگ اپنے اعمال کے جھوٹے بھروسے پر موت کا سفر طے کرتے جاتے ہیں اور جب موت کی منزل میں داخل ہوں گے تو انھیں پتا چل جاۓ گا کہ وہاں تو ایسی کوئ چیز نہیں جو انھیں فائدہ دے سکے. اس کے بر عکس اللہ ان لوگوں کو کفر اور بد اعمالیوں کا پورا پورا حساب دے گا. بے شک اللہ پورا حساب دینے والا ہے .”
"میڈم یہ دنیا تو سراب کے سوا کچھ نہیں, پھر کیوں انسان اس کے لیۓ اتنی مشقت کرتا ہے.؟؟” دوسری رَو میں بیٹھی پریزے نے سوال کیا.
"بیٹا ہم سب جانتے ہیں کہ یہ ایک سراب ہے لیکن اس سراب میں کچھ انسانوں کو ایسی لزت محسوس ہوتی ہے کہ وہ اس میں سے نکلنا ہی نہیں چاہتے. اپنی ساری زندگی اسی لزت میں گزار دیتے ہیں.. اللہ ہم سب کو ہدایت دے. آمین.” میڈم جویریہ نے جواب دیا.
*————————-*
رمشا گھر سے نکلنے کے بعد سیدھی رومیسہ کی طرف گئ جہاں ماہم اور رومیسہ اس کے انتظار میں تھیں. وہ دونوں اسے گیٹ پر ہی مل گئ تھیں. آج ان تینوں کا ارادہ مونال جانے کا تھا..
"آج تو بہت مزہ آۓ گا مشی.. ایبک بھی ادھر آ رہا ہے..” رومیسہ نے اپنے کزن کا ذکر چھیڑا جس کے ساتھ پچھلے ہفتے ہی یہ تینوں لنچ کر چکی تھیں..
"ارے میسی اپنے اس ڈفر کزن کو مت بلایا کرو… وی وانٹ سم تھنگ نیو… کیوں ماہم ٹھیک بولا ناں میں نے…؟؟” رمشا نے ڈرائیو کرتے ہوۓ بیک ویو مِرر میں ماہم کو دیکھتے ہوۓ اس کی تائید چاہی.
"میرے لیۓ تو اس کا کوئ بھی کزن چل جاۓ گا لیکن تمہارا ٹَیسٹ دیکھتے ہوۓ مجھے لگتا ہے کہ ابھی تک تمہارے دل کو فتح کرنے والا پیدا بھی نہیں ہوا…” ماہم نے رمشا کی نفی کی.. وہ تو کسی بھی لڑکے کے ساتھ آسانی سے سیٹ یو جاتی تھی..
"یُو نَو میں سٹینڈرڈ پر کمپرومائز کرنے والوں میں سے نہیں ہوں…” رمشا نے شانِ بے نیازی سے کہا..
"ارے یار کچھ ٹائم کی تو بات ہوتی ہے.. کونسا شادی کرنی ہے… سٹینڈرڈ کا اچار تو نہیں ڈالنا ہم نے…” ماہم ایک دم میں بولی..
"ارے ہاں تمہارا وہ رامش کیسا یے… کہاں تک پہنچی بات…؟” رمشا کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھی رومیسہ نے سوال کیا..
"منگنی تک پہنچ چکی ہے لیکن اس سےآگے کبھی نہیں جاۓ گی…”
تینوں نے ایک ساتھ قہقہہ لگایا….
*——————–
فرمان نواز جب سے آفندی ہاؤس سے لوٹے تھے دردانہ بیگم کافی اکھڑی اکھڑی سی تھیں. ٹھیک طرح سے بات ہی نہیں کر رہی تھیں. فرمان نواز نے انھیں منگنی کے حوالے سے شاپنگ کے لیۓ کچھ رقم دی تو انھوں نے وہیں بیڈ پر پھینک دی.
"فرمان صاحب اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ سب کرنے کے لیۓ آپ مجھے مجبور کر سکتے ہیں تو آپ کی بھول ہے… میں کل بھی اس رشتے کے خلاف تھی اور آج بھی ہوں. جب آپ میری مرضی کے بغیر رشتہ طے کر سکتے ہیں تو پھر یہ سب بھی خود ہی سنبھال سکتے ہیں…” دردانہ بیگم کھڑکیوں کے کرٹن آگے کرتے ہوۓ بولیں…
"دردانہ بیگم آپ کی بے جا ضد ہمارا گھر تباہ کر کے رکھ دے گی.. ہم نے بہت کچھ سوچ کر ہی پارسا کو رد کیا ہے…”
"سب جانتی ہوں میں.. آپ کو تو میرے خاندان والے ایک آنکھ نہیں بھاتے… آپ چاہتے ہی نہیں ہیں کہ میری بھانجھی اس گھر میں آۓ… دو ٹکے کی لڑکی کے لیۓ آپ…..” ابھی دردانہ بیگم بول ہی رہی تھی کہ ایک ذناٹےدار تھپڑ ان کے گال پر پڑا….
"بہت سن لی آپ کی بکواس, اب مزید نہیں. اگر اس گھر میں رہنا ہے تو وہی سب کرنا ہو گا جو ہم کہتے ہیں…” فرمان صاحب غصے سے لال پڑ گۓ… شادی کے ستائیس سالوں میں پہلی مرتبہ انھوں نے دردانہ بیگم پر ہاتھ اٹھایا تھا…
"فرمان صاحب دکھا دی آپ نے اپنی مردانگی…. کر لیا اپنا شوق پورا… اب اس گھر میں رہنے کے لیۓ میرے پاس کوئ وجہ بھی نہیں رہی… آپ کو اس گھر کی خوشیاں مبارک…” وہ سیدھی الماری کی طرف بڑھیں اور اپنا بیگ نکال کر اس میں سامان ڈالنے لگیں.. فرمان نواز کمرے سے باہر نکل گۓ.
*——————–
رمشا, رومیسہ اور ماہم مونال پہنچ گئ تھیں. رمشا نے گاڑی پارکنگ میں کھڑی کی اور وہ تینوں راہداری سے ہوتی ہوئ نیچے اوپن ائیر میں آ گئیں. وہاں پہلے سے ہی کافی رش تھا اس لیۓ انھیں اپنے ٹیبل کے لیۓ پانچ منٹ انتظار کرنا پڑا. اب وہ تینوں اسلام آباد کے اس ویو کو انجواۓ کر رہی تھیں جسے دیکھنے کے لیۓ بہت سے لوگ اس چوٹی پر بنے مونال کا رُخ کرتے ہیں..
"کتنا مبہوت کر دیتا ہے یہ ویو مجھے. جب بھی آتی ہوں تو یوں لگتا ہے فرسٹ ٹائم آئ ہوں. میں تو ان سب کو داد دیتی ہوں جنہوں نے اس جگہ پر مونال بنانے کا سوچا ورنہ ہم اس ویو سے محروم ہو جاتے.” رمشا اس وقت اس طرح سے بیٹھی ہوئ ایک بچی لگ رہی تھی جسے اپنی پسندیدہ چیز مل گئ ہو..
"ان لوگوں کا اس میں کوئ کمال نہیں. یہ سب تو قدرت کے کرشمے ہیں اور قدرت اپنا آپ منوانا جانتی ہے…” ایبک اس کے کاندھے پر ہاتھ رکھتے ہوۓ بولا تو وہ چونکی…
"یہ سب تو سائنس کا کمال ہے.. مجھے اس قدرت پر بالکل ٹرسٹ نہیں…” رمشا نے لا پرواہی سے شانے اچکاۓ..

"ہو جاۓ گا ٹرسٹ بھی.. پہلے اس بندے پر تو ٹرسٹ کر لو…” ایبک وہیں رمشا کے ساتھ والی کرسی پر بیٹھ گیا..

"ایبک ڈئیر یہاں پر ہم بھی موجود ہیں جو اپنا آپ بچھانا جانتے ہیں… ایک نظرادھر بھی ڈال دو…” رمشا کی ناپسندیدگی کو دیکھتے ہوۓ ماہم نے ایبک کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہا…
"کیوں نہیں ماہم… تم جان مانگ کر دیکھو تو وہ بھی حاضر ہے, نظر کا کیا ہے..” ایبک نے بے باکی سے کہا…

ان چاروں نے ساتھ میں ڈنر کیا اور پھر آئس کریم کھائ.. ایبک چلا گیا تو تینوں لڑکیاں جیولری سیکشن کی طرف آئیں جہاں رمشا نے اپنے لیۓ کچھ جیولری پسند کی.. رانیہ کے لیۓ بھی اس نے ہیوی سٹونز والا نیکلس لیا…
*————————*
اتنی رات کو دردانہ کو اپنے دروازے پر دیکھ کر سلطانہ بیگم کو تو ہول اٹھنے لگے.. وہ اسے سیدھا سٹور روم میں لے گئیں اور اس سے ساری روداد سنی.
"ارے بیوقوف اس طرح سے گھر چھوڑ کر تو تُو نے فرمان کو پوری چھوٹ دے دی ہے. اتنا تو سوچ لیا ہوتا کہ میری پارسا کا کیا ہو گا..” سلطانہ بیگم اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گئیں.. انھیں دردانہ سے اس بیوقوفی کی توقع نہیں تھی..

"آپا میں کیا کرتی, میری سمجھ میں تو کچھ بھی نہیں آ رہا تھا. میں نے یہ سب پارسا کے لیۓ ہی تو کیا ہے ورنہ کس چیز کی کمی تھی مجھے اس گھر میں.” دردانہ اپنی آپا کے سینے سے لگ کے رونے لگی…
"میری مان تو صبح ہوتے ہی اپنے گھر واپس چلی جا. اس طرح تیرا گھر بھی بچ جاۓ گا اور میری پارسا کا راستہ بھی بن جاۓ گا..”
"میں اب وہاں کبھی نہیں جاؤں گی آپا.. اتنی ذلت کے بعد میں اس آدمی کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتی. رامش کو میری پرواہ ہوئ تو مجھے مل لے گا…”دردانہ نے دو ٹوک فیصلہ سنایا تو سلطانہ بیگم برہم ہو گئیں.
"دیکھ دردانہ میں نے ایسے ہی بال نہیں سفید کیۓ. آج تک تجھے جو بھی مشورہ دیا اس میں تیری ہی بھلائ تھی. اب اگر تجھے اپنی آپا پر یقین ہے تو سن لے میری بات اور واپس چلی جا, ورنہ تو میں سمجھوں گی میری کوئ بہن ہی نہیں.” آخر کار دردانہ کو سلطانہ بیگم کی بات ماننی ہی پڑی..
صبح فرمان نواز آفس کے لیۓ نکل رہے تھے جب ان کی نظر دروازے سے اندر آتی دردانہ پر پڑی. وہ ایک حقیر نظر اس پر ڈال کر باہر نکل گۓ. رامش ابھی تک اپنے کمرے میں تھا اس لیۓ اسے اس سب کی خبر نہیں تھی.. دردانہ نے تو شکر کیا ورنہ وہ اپنے بیٹے کو کیا بتاتی کہ ایک ہی رات میں ان کی بہن نے انھیں واپس بھیج دیا.
*————————*
تانیہ کے کیس کا ایک اور اہم گواہ شہریار آفریدی نے ڈھونڈ نکالا تھا. اس کا نام مہتاب گل تھا اور وہ تانیہ کا چچاذاد بھائ تھا. اس نے شہریار آفریدی کو ساری تفصیل بتائی

"جب مجھے پتا چلا کہ چوہدری صاحب کے ہاتھ غلام فرید نے تانیہ کا سودا کیا تو میں اس کے پاس گیا. میں نے اسے بہت سمجھایا کہ میں تانیہ سے شادی کروں گا, وہ اسے فروخت نہ کرے لیکن اس نے میری ایک نہ سنی. اگلے دن میں پولیس اسٹیشن جانے کا سوچ رہا تھا تو مجھے چوہدری دلاور جہانگیر کے خاص بندے اٹھا کر ایک کوٹھری میں لے گۓ. انھوں نے مجھے بہت مارا کہ میں تانیہ کا نام نہ لوں, اب وہ چوہدری کی عزت ہے. مارنے کےبعد مجھے مردہ سمجھ کر انھوں نے ایک ڈھیر پر چھوڑ دیا لیکن میں زندہ تھا..”
"کیا آپ میرے ساتھ چل کر گواہی دے سکتے ہیں..؟” شہریار آفریدی نے مہتاب گل سے ریکیوسٹ کی..

"دیکھو صاحب آپ خود بھی مرو گے اور ساتھ میں مجھے بھی مرواؤ گے.. میری تو ابھی شادی بھی نہیں ہوئ.” مہتاب گل کی جگہ کوئ بھی ہوتا تو وہ اس گواہی کے لیۓ تیار نہ ہوتا. چوہدری دلاور جہانگیر کی دہشت ہی اتنی تھی.
"اگر تانیہ آپ کی سگی بہن ہوتی تو کیا آپ اسے انصاف نہ دلاتے. ” شہریار آفریدی نے ایک آخری کوشش کرنے کا سوچا..
"ٹھیک ہے صاحب میں آپ کے ساتھ چلوں گا.. میں گواہی دے کر واپس آ جاؤں گا, پھر آپ جانے اور قانون جانے…” کافی دیر تک سوچنے کے بعد مہتاب گل نے حامی بھری تو شہریار آفریدی نے شکر ادا کیا…
*———————–*
"رامش تم کیوں میری لائف کو خراب کر رہے ہو…” رامش کے فون اٹھاتے ہی رمشا اس پر برس پڑی.
"میں تو تمہاری لائف کو سیٹ کرنا چاہتا ہوں رمشا.. یاد ہے جب تم…”
"بچپن کی باتیں یاد کروانے سے میرا فیصلہ بدل نہیں سکتا رامش. کیا تم میں اتنی ہمت ہے کہ میرے انکار کے باوجود مجھے اپناؤ..” رمشا نے رامش کو چیلنج کرنے والے انداز میں پوچھا..
"یہ فیصلہ سب نے مل کر کیا ہے. اس میں صرف میرا دخل تو نہیں ہے. بہتر یہی ہو گا تم بھی یہ سب قبول کر لو ورنہ خالی ہاتھ رہ جاؤ گی…” رامش نے اپنے لہجے کو نارمل رکھتے ہوۓ رمشا کو سمجھانا چاہا…
"اوہ پلیز رامش یہ فلمی ڈائیلاگز میرے سامنے مت بولا کرو… میں تمہیں لاسٹ ٹائم وارن کر رہی ہوں کہ پاپا کو منع کر دو ورنہ نتائج کے ذمہ دار تم خود ہو گے…”

"کبھی بھی نہیں مس رمشا آفندی.. اب تو میں اپنے فیصلے پر تب تک قائم رہوں گا جب تک تم اس گھر میں آ نہیں جاتی…” رامش نے یہ کہہ کر فون بند کر دیا.. اب یہ لڑکی اس کے لیۓ چیلنج بن چکی تھی جو اسے ہر حال میں جیتنا تھا..
رمشا کو اپنا آپ اس مچھلی سا محسوس ہو رہا تھا جو پانی میں جانے کے لیۓ تڑپ رہی ہو مگر پانی میسر نہ ہو.. وہ ہارنے والوں میں سے نہیں تھی لیکن رامش اسے ہرا رہا تھا….
"میں تمہاری زندگی کو جہنم بنا دوں گی رامش نواز… جسٹ ویٹ اینڈ واچ.” رمشا نے موبائیل بیڈ پر پٹخا اور کار کی چابی اٹھا کر باہر نکل گئ…