پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مری عمر کی جو کتاب تھی وہ نصاب تھی وہ جو چند آخری…

مری عمر کی جو کتاب تھی وہ نصاب تھی
وہ جو چند آخری باب تھے مجھے کھا گئے
…
معروف معلم اور شاعر فرتاش سید کا یومِ وفات
April 18, 2021
سید فضل حسین فرتاش کا تعلق بنیادی طور پر لڈن (وہاڑی) سے ہے۔ آپ ۱۵ اپریل ۱۹۶۷ء کو پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی۔ فرتاش سید نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان اردو میں ایم فل کی ڈگری لی ہے۔
…
ترے خلاف کیا جب بھی احتجاج اے دوست
مرا وجود بھی شامل نہیں ہوا مرے ساتھ
….
تو سمجھتا ہے کہ میں کچھ بھی نہیں تیرے بغیر
میں ترے پیار سے انکار بھی کر سکتا ہوں
…..
آسمانوں پہ اڑو ذہن میں رکھو کہ جو چیز
خاک سے اٹھتی ہے وہ خاک پہ آ جاتی ہے
….
رنگ و خوشبو کا کہیں کوئی کرے ذکر تو بات
گھوم پھر کر تری پوشاک پہ آ جاتی ہے
….
یار کہتے مجھے نہ تھکتا تھا اس لیے میں غلام تھا اس کا
ایک مدت کے بعد مجھ پہ کھلا یار تکیہ کلام تھا اس کا
….
نت نیا روپ دھارتی ہے میاں
زندگی، مار ڈالتی ہے میاں
یہ جو ہے مرگ، ہے کمال کی چیز
زندگی کو اجالتی ہے میاں
یہ محبت جو ہے، عجب شے ہے
زنگ دل کا اتارتی ہے میاں
یہ جو خواہش ہے، یہ ہے طُرفہ خیال
عمر بھر پیچھے بھاگتی ہے میاں
یہ مصیبت جو ہے، یہ نعمت ہے
آدمی کو سنبھالتی ہے میاں
یہ جو دنیا ہے، یہ تو دنیا ہے
یعنی حلیہ بگاڑتی ہے میاں
…..
کبھی ستارے کی صورت کبھی قمر کی طرح
ترا خیال رہا ساتھ ہم سفر کی طرح
فراق و وصل کے سب مرحلے تمام ہوئے
وہ بس گیا ہے مری آنکھ میں نظر کی طرح
گماں کے چاک پہ بیتے دنوں کی مٹی سے
نگار و نقش بناتا ہوں کوزہ گر کی طرح
وہ ایک تو ہے جسے دعوٰی خدائی ہے
بشر ہوں، کرتا ہوں میں زندگی بشر کی طرح
جنونِ شوق کی در ماندگی نہ پوچھ اے دوست
کٹی ہے عمر مری آہِ بے اثر کی طرح
…..
کس مکاں کے مکیں ہوئے ہم لوگ
آسماں تھے، زمیں ہوئے ہم لوگ
تھی یہاں تیرگیٔ وہم و گماں
سو چراغِ یقیں ہوئے ہم لوگ
اپنی قسمت پہ رشک آتا ہے
آپ کے ہم نشیں ہوئے ہم لوگ
زندگی، زندگی سی لگتی ہے
جب سے تیرے قریں ہوئے ہم لوگ
عمر عشق سخن میں گزری ہے
میر کے جانشیں ہوئے ہم لوگ
….
اسے بھی بے خبر رکھا گیا ہے
ہمارے ساتھ بھی دھوکا ہوا ہے
کبھی فرصت ملے تو پڑھ ہی لینا
کتاب دل بڑی پُر ماجرا ہے
گریزاں تھا مرا وجدان مجھ سے
بڑی مشکل سے آمادہ کیا ہے
سوالاً جانبِ افلاک دیکھا
جواباً ایک اونچا قہقہہ ہے
ملالِ وصل کے دن عارضی ہیں
نشاط غم کا عالم دیرپا ہے
میں اپنے آپ سے واقف نہیں ہوں
تو کہتا ہے کہ مجھ کو جانتا ہے
گزر جا، جان سے اپنی گزر جا
تو راہِ شوق میں بھی سوچتا ہے
…
نخلِ ممنوعہ کے رخ دوبارہ گیا میں تو مارا گیا
عرش سے فرش پر کیوں اتارا گیا؟ میں تو مارا گیا
جو پڑھا تھا کتابوں میں وہ اور تھا، زندگی اور ہے
میرا ایمان سارے کا سارا گیا میں تو مارا گیا
غم گلے پڑ گیا، زندگی بجھ گئی، عقل جاتی رہی
عشق کے کھیل میں کیا تمھارا گیا، میں تو مارا گیا
مجھ کو گھیرا ہے طوفان نے اِس قدر، کچھ نہ آئے نظر
میری کشتی گئی یا کنارہ گیا، میں تو مارا گیا
مجھ کو تو ہی بتا، دست و بازو مرے کھو گئے ہیں کہاں؟
اے محبت! مرا ہر سہارا گیا، میں تو مارا گیا
عشق چلتا بنا، شاعری ہو چکی، مے میسر نہیں
میں تو مارا گیا، میں تو مارا گیا، میں تو مارا گیا
مدعی، بارگاہِ محبت میں فرتاشؔ تھے اور بھی
میرا ہی نام لیکن پکارا گیا، میں تو مارا گیا
…
وہِ زیست میں جو سراب تھے ، مجھے کھا گئے
وہ جو ہجرتوں کے عذاب تھے، مجھے کھا گئے
وہ جو چشمِ شوق میں خواب تھے، مجھے کھا گئے
وہ جو رتجگوں کے عذاب تھے، مجھے کھا گئے
سرِ گفتگو جو سوال تھے، وہ کمال تھے
وہ جو میرے تشنہ جواب تھے، مجھے کھا گئے
سرِ دشتِ شوق جو خار تھے، مرے یار تھے
وہ کہیں کہیں جو گلاب تھے، مجھے کھا گئے
وہ جو اک گھڑا مرے پاس تھا، مری آس تھا
وہ جو نفرتوں کے چناب تھے، مجھے کھا گئے
کسی بے اماں کو جو دی اماں، وہ عدوئے جاں
وہ عمل جو کارِ ثواب تھے، مجھے کھا گئے
مری عمر کی جو کتاب تھی، وہ نصاب تھی
وہ جو چند آخری باب تھے، مجھے کھا گئے
فرتاش سید
…………………………