" فنکار " اور " مقتل "
کافکا کے دو افسانے
منیرفراز
کافکا کو ہر بار پڑھ کر توبہ کرتا ہوں کہ دوبارہ نہیں پڑھوں گا۔ لیکن ہر بار توبہ کر کے توڑ دیتا ہوں، شاید میری یہ توبہ ، توبۂ رندانہ ہے ہربار ٹوٹ جاتی ہے۔ جس طرح دورانِ علالت ڈاکٹر جن اشیاء کی ممانعت کرتے ہیں طبیعت اُسی طرف جاتی ہے۔ بعینہ گذشتہ دو چار روز کی علالت میں یہی کچھ ہوا، ڈاکٹروں نے دودھ والی چائے، فاسٹ فوڈ، انڈے اور کافکا کی تحریروں کی ممانعت فرمائی اور دل اسی طرف گیا۔ کافکا کا افسانہ" فنکار" جیسے تیسے پڑھا اور "مقتل" درمیان میں ہی چھوڑ کر کافکا کو پڑھنے سے توبہ کی۔
" فنکار" کا پلاٹ کیا ہے ؟ بالکل سیدھا ، جس طرح کوئی پینٹر اپنی تصویروں کی نمائش لگاتا ہے۔ مجسمہ ساز اپنے تراشے ہوئے صنم اور فلم میکر اپنی فلم کی نمائش کرتا ہے ایسے ہی کافکا کا ایک فنکار ہے جو اپنی بھوک کی نمائش کرتا ہے وہ شہر میں جاری سرکس کا حصہ ہے اسے ایک بڑا پنجرہ دیا گیا ہے جس میں وہ خود کو بند کرتا ہے اور بھوکے رہنے کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اُس پر ٹکٹ لگتا ہے، لوگ اسے دیکھنے آتے ہیں دو دن ، چار دن ، دس دن ، بیس دن۔ وہ ہڈیوں کا ڈھانچہ رہ جاتا ہے اس کے گال پچک جاتے ہیں، بازو ڈھلک جاتے ہیں ، جبڑا باہر کو آجاتا ہے زبان لٹک جاتی ہے لوگ تالیاں بجا کر اُس کے فن کی داد دیتے ہیں اور وہ لوگوں کو اپنی کیفیت بتاتا ہے کچھ لوگ اُسے بھوک ترک کرنے کا کہتے ہیں لیکن وہ کہتا ہے کہ وہ ایک سچا فنکار ہے اور وہ یہ مظاہرہ ترک نہیں کرسکتا اور وہ مرنے تک اپنے فن سے وفا کرے گا۔
بات تو اتنی سی ہی ہے لیکن بات یہ ہے کہ کافکا نے اُس فنکار سے کیا کچھ کہلوا دیا اُس نے دنیا کے سب سے بڑے مسئلے ، یعنی بھوک اور اس سے جنم لینے والی دیگر کہانیوں کو کس بے دردی سے بے نقاب کیا
اگر آپ کافکا کے فنکار والے پنجرے کے اندر والے طبقہ سے ہیں تو آپ یہ کہانی پڑھ کر دھاڑیں مار مار کر روئیں گے اور اگر پنجرے سے باہر کے طبقہ سے ہیں تو رو رو کر تالیاں بجائیں گے۔
کافکا کے افسانے " مقتل" کا نہ پوچھیئے یہ " فنکار " سے بھی آگے کی کہانی ہے یہ مجھ سے مکمل نہیں پڑھی گئی کہ اس میں جنگی قیدیوں میں موت کی سزا پانے والے قیدیوں کا تذکرہ ہے اس کہانی میں سارا کمال اُس مشین کی منظر کشی کا ہے جس میں باندھ کر قیدیوں کو موت کے گھاٹ اُتارا جاتا ہے مشین کس کمال سے ڈیزائن کی گئی ہے، کس طرح اس میں لگی میخیں انسانی جسم میں پیوست ہوتی ہیں، کس طرح انسانی گوشت ریزوں میں تبدیل ہوتا ہے، جسم سے بہنے والا خون کن نالیوں سے گزرتا ہوا کہاں پہنچتا ہے ، مشین میں بندھا قیدی پندرہ سے بیس منٹ تک اذیت کے کن مرحلوں سے گزرتا ہے اور دوسری طرف مشین آپریٹ کرنے والا فوجی کس بے نیازی سے اس اذیت ناک موت سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ وہ معائنہ کے لئے آئے ہوئے صحافیوں کو کس شوق سے اس خود کار مقتل کے تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کرتا ہے۔
کافکا کے پاس دو ہی طبقے ہیں۔ ظالم اور مظلوم ، پنجرے کے اندر اور پنجرے کے باہر والا طبقہ۔ مشین کےساتھ بندھا قیدی اور مشین کے اوپر بیٹھا فوجی ، اُس کی کہانیاں انہی دو طبقوں کے گرد گھومتی ہیں اور وہ مظلوم کا کرب پورے جذبے کے ساتھ کہانیوں میں سمو دیتا ہے۔ وہ بڑا بے رحم اور الجھا ہوا کہانی کار ہے قاری کی ذرا پروا نہیں کرتا اور اسے کہانی کے درمیان ہی چھوڑ کر غائب ہو جاتا ہے پڑھنے والا سوچتا رہ جاتا ہے کہ اب وہ اس کہانی کا کیا کرے اسے کس طرف لے جائے۔ کافکا کا افسانہ " فنکار " ڈھونڈیئے اور اس کی کہانی " مقتل " تلاش کر کے پڑھیں اور دیکھیں کہ آئن اسٹائن نے کیوں کہا تھا کہ کافکا کی تحریریں دماغ میں خراشیں ڈال دیتی ہیں
میں نے تو کافکا کو پڑھنے سے توبہ کر رکھی ہے اور اس بار توبۂ رندانہ نہیں ، توبۂ زاہدانہ ہے ٹوٹے گی نہیں


بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2340030812894105

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔