( غیـر مطبـوعـہ )
میری دنیا مِرا دائرہ میرا دل
میرا حاصل مِرا مرتبہ میرا دل
ایک آنسو میں ڈوبی ہوئی کائنات
ایک آنسو میں ڈوبا ہوا میرا دل
میں نے دیکھا سدا قربتوں میں جو تھا
ہم میں نادیدہ اک فاصلہ میرا دل
ایک شام الم ناک پھیلی ہوئی
زخم خوردہ کوئی فاختہ میرا دل
میری جانب ذرا دیکھتا بھی نہیں
آدمی سے خفا اک خدا میرا دل
میری آنکھیں چھلکتی ہوئیں پے بہ پے
ایسی کیا بات کرتا ہوا میرا دل
مجھ کو بچھڑے ہوؤں سے ملاتا ہوا
میرا کھویا ہوا راستا میرا دل
کس اداسی کی پاداش ہے میری ذات
کس اداسی کا ہے سلسلہ میرا دل
تیرے چہرے کا اب اس میں کچھ بھی نہیں
زنگ آلودہ اک آئنہ میرا دل
میں نے سب شاعری درد کو دان دی
میں نے دکھ کے حوالے کیا میرا دل
( مہندر کمار ثانی )
— with Mahender Kumar Sani.

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔