– فلسفہ کی تاریخ (History of Philosophy)
– قسط: 62
– خدا کا شہر (City of God)
سینٹ آگسٹائن کی ایک اہم کتاب "خدا کا شہر” (City of God) ہے۔ یہ کتاب 413 سے 426 عیسوی کے درمیان لکھی گئی۔ سینٹ آگسٹائن نے یہ کتاب اسلئے لکھی کہ جو کافر اور مسیحیت کے خلاف لوگ تھے یا جنہوں نے مسیحیت کو قبول نہیں کیا تھا، ان کا یہ کہنا تھا کہ روم کی بربادی و زوال میں بنیادی طور پر مسیحی افکار و نظریات ذمہ دار ہیں، بنیادی طور پر اس کے جواب میں ہی سینٹ آگسٹائن نے یہ کتاب لکھی۔
اس کتاب میں آگسٹائن نے روم کی بربادی کے اسباب پر بحث کی ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ روم کی بربادی میں مسیحیت کا کوئی قصور نہیں تھا۔
• روح اور جسم
سینٹ آگسٹائن کے مطابق انسان کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے: روح اور جسم۔
روح غیر مادی، غیر فانی اور عقلی ہے جبکہ جسم مادی، فانی اور جسمانی ہے۔
آگسٹائن کے مطابق روح ہی انسان کی اصل اور بنیاد ہے۔ روح انسان کو سوچنے، سمجھنے اور پرامید کرنے کی صلاحیت دیتی ہے۔ روح سے انسانی امن اور روحانی ترقی کا قیام ہوتا ہے۔
جسم، دوسری طرف، انسان کی مادی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ جسمانی خوشی، مادی خواہشات جیسے کھانا، پینا، نفسانی خواہشات طاقت اور مال و دولت سے حاصل ہوتی ہے۔
آگسٹائن کے مطابق روح اور جسم دونوں ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ روح جسم کو حرکت دیتی ہے اور جسم روح کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم، روح اور جسم کے درمیان ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ روح ہی اصل اور دائمی ہے، جبکہ جسم فانی ہے۔
آگسٹائن کے مطابق روح کی پیروی کرنے سے انسان کو حقیقی خوشی اور نجات حاصل ہوتی ہے جبکہ جسم کی پیروی کرنے سے انسان کو نفرت، ظلم اور بربریت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
• خدا کا شہر (City of God)
آگسٹائن کے مطابق روح اور جسم کے درمیان ایک بنیادی تضاد ہے۔ یہ تضاد صرف انسان کی اپنی زندگی پر ہی نہیں بلکہ پوری تاریخ میں لاگو نظر آتا ہے۔
یعنی یہی روح و جسم کی لڑائی ہمیں انسانی تاریخ میں بھی نظر آتی ہے۔ اس لحاظ سے کہ کچھ ریاستیں جسمانی ضرورتوں کی بنیاد پر تشکیل پائی اور کچھ روحانی بنیادوں پر۔ روحانی ریاستیں ہمیشہ ظلم و جبر اور جنگ و جدل کے خلاف رہتی ہیں۔ وہ امن، محبت اور مساوات کے لئے جدوجہد کرتی ہیں جبکہ مادی و جسمانی ریاستیں ہمیشہ ظلم و جبر اور جنگ و جدل کے لئے تیار رہتی ہیں۔ وہ امن، محبت اور مساوات کے لئے کوئی کوشش نہیں کرتی ہیں۔
روحانی ریاست کو ہی آگسٹائن خدا کا شہر (City of God) کا نام دیتے ہیں، دوسرے معنوں میں وہ ریاستیں جو خالصتاً مسیحی بنیادوں پر استوار ہو، کو آگسٹائن خدا کے شہر کا نام دیتے ہیں۔
اس کے علاوہ مادی و جسمانی بنیادوں پر تشکیل پائی ہوئی ریاست سے مراد آگسٹائن کی روم (Rome) کا شہر ہے۔
• روم کا زوال
روم کو آگسٹائن، تمام جسمانی خصوصیات سے جوڑتا ہیں، یعنی جنگ کرنا، دوسروں کو مغلوب کرنا اور دوسروں پر ظلم و ستم کرنا وغیرہ۔
اس کے علاوہ آگسٹائن کے مطابق روح کے ساتھ منسلک ادارہ چرچ (Church) ہے۔
جسم سے منسلک ادارہ دراصل ریاست (State) ہے اور آگسٹائن کے مطابق، چرچ اور ریاست کے درمیان تضاد ہی اسلئے پیدا ہوتا ہے کیونکہ چرچ کی بنیاد روحانی اور ریاست کی بنیاد جسمانی ہے۔
اس سے آگسٹائن کی مراد یہ نہیں ہیں کہ چرچ میں بلکل بھی بری لوگ نہیں ہوتے اور نہ ہی ریاست میں اچھے لوگ ہوتے ہیں بلکہ اس سے اس کی مراد کلی طور پر چرچ روحانی بنیادوں اور ریاست جسمانی بنیادوں پر کھڑی ہے اور چونکہ چرچ ہمیشہ امن، محبت اور مساوات کے لئے جدوجہد کرتا ہے۔ اس لئے ریاست کو ہمیشہ چرچ کی رہنمائی میں چلنا چاہئیے۔
آگسٹائن کے مطابق، چونکہ روم کی بنیاد جسمانی بنیادوں پر تھی، اس وجہ سے اس کا زوال ہوا۔ روم کو تباہ ہونا ہی تھا کیونکہ وہ انسانوں کو نجات کی راہ سے ہٹا رہا تھی۔
اس کے علاوہ آگسٹائن کے مطابق چرچ کی کامیابی ہی انسان کی روحانی نجات کا ذریعہ ہے اور چرچ کی کامیابی سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ صرف خدا تعالیٰ کی تدبیر ہی اس دنیا میں کامیاب ہوتی ہے۔ نیز کوئی بھی وہ ریاست انصاف پر نہیں قائم ہوسکتی جو چرچ اور مسیحی مذہبی عقائد کے مخالف ہو۔
اگسٹائن کے مطابق، نہ صرف روم کی شکست بلکہ تمام یہودی حکومتوں و ریاستوں کی ناکامی کا سبب بھی عیسیٰ مسیح ع کے تعلیمات سے دوری کا نتیجہ تھی۔
اس کا دوسرا مطلب یہ بھی ہے کہ انسان اور انسانی تاریخ کا مقصد ہی یہ ہے کہ انسان اور انسانی زندگی کا ایک خاص مقصد ہے اور وہ مقصد آگسٹائن کے مطابق یہ ہیں کہ خدا تعالیٰ کے احکام اور مسیحیت درست ثابت ہو۔
• روح و جسم کی جدائی کا سبب
The contradiction between the body and soul is the result of the original sin.
روح و جسم کی تضاد کی شروعات ہی اس پہلی گناہ و انکار سے ہوئی جو جنت میں آدم و حوا نے کی تھی۔
یعنی سینٹ آگسٹائن کے مطابق، اصل گناہ کی وجہ آدم اور حوا کی نافرمانی تھی۔ انہوں نے خدا کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ درخت کا پھل کھایا۔ اس سے انسانوں کو خدا کی رحمت سے دور ہونا پڑا اور ان میں اچھائی اور برائی کا تصور پیدا ہوا۔
آگسٹائن کے مطابق آدم اور حوا کی نافرمانی سے پہلے، انسان ایک متحد وجود تھے۔ ان کی روح اور جسم ایک دوسرے کے ساتھ کامل ہم آہنگی میں تھے۔ وہ خدا کے ساتھ بھی ہم آہنگی میں تھے لیکن آدم اور حوا کی نافرمانی کے نتیجے میں، ان کی روح اور جسم میں ایک شگاف اور تقسیم پیدا ہوگئی۔ اس نافرمانی کے نتیجے میں ہی آگسٹائن کے مطابق، انسان کی روح خدا سے دور ہوگئی، اور ان کا جسم مادی دنیا میں قید ہوگیا۔
جسم ہمیشہ جسمانی و نفسانی خواہشات کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ روح ہمیشہ انسان کی دائمی خوشی کی طرف انسان کو راغب کرتا ہے۔
آگسٹائن کے مطابق یہ تقسیم ہمیشہ قائم رہے گی۔ انسان ہمیشہ اپنی نفسانی خواہش میں پھنس چکا ہے اور انسان کو ہمیشہ نفسانی خواہش ورغلانے گا۔ یعنی اس اعتبار سے ہمارا جسم ہمیشہ روح کی نافرمانی کرے گا۔ ساتھ میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ انسان خدا کی رحمت سے فائدہ اٹھا کر اس تقسیم کو کم کرسکتے ہیں، یعنی انسان کوشش سے روحانی زندگی گزار سکتا ہے۔
اس کے علاوہ آگسٹائن کے مطابق پیار و محبت اور عشق دراصل ایک روحانی خصوصیت ہے۔ مگر کسی دوسرے کو فقط جسمانی خصوصیات کی بنیاد پر پسند کرنا اور ان سے جسمانی ضروریات کو پورا کرنا، آگسٹائن کے مطابق برائی کا عمل ہے۔
• عورت اصل گناہ کا ذمہ دار
Augustine holds Eve responsible for original sin.
یہ مضبوط جسمانی و نفسانی خواہش انسان کی پہلے انکار کے نتیجے میں قائم ہوا اور آگسٹائن کے مطابق اس کا اصل ذمہ دار حوا (عورت) تھی۔ اسلئے آگسٹائن یہ بھی کہتے ہیں کہ عورت کو مکمل آزادی نہیں دینی چاہئیے بلکہ عورت کو ہمیشہ قابو میں رکھنا چاہئیے۔
• رومن کیتھولک چرچ کے خواتین کے بارے میں قوانین
رومن کیتھولک چرچ نے بھی خواتین کے بارے میں جو اصول و قوانین تشکیل دئیے، وہ بنیادی طور پر آگسٹائن کے افکار پر ہی مبنی تھے۔ جیسے، کوئی بھی خاتون چرچ کی قیادت نہیں کرسکتی، کوئی بھی خاتون عدالت میں گواہی نہیں دے سکتی اور کوئی بھی خاتون مسیحی تعلیمات کی سربراہی نہیں کرسکتی۔
ان قوانین کا اصل مقصد یہ تھا کہ خواتین کو مردوں کے زیر اقتدار رکھیں۔
• آگسٹائن کا سیاسی نظریہ
آگسٹائن کے مطابق ریاست پر قابو، چرچ کی ہونی چاہئیے، اس لحاظ سے نہیں کہ چرچ خود ہی ریاست بن جائیں بلکہ ریاست کے بنیادی تمام امور چرچ کے کنٹرول میں ہونے چاہئیے۔ ان کے مطابق چرچ کے بغیر ایک ریاست، انصاف کا قیام کر ہی نہیں سکتا، عدل و انصاف کا حصول فقط چرچ کے تعلیمات سے ہی ممکن ہے۔
اس کے علاوہ ریاست کا مسیحی افکار و نظریات کی دفاع کو آگسٹائن "انصاف پر مبنی جنگ” (Just War) یا عام فہم میں جہاد کا نام دیتے ہیں۔ یعنی آگسٹائن کے مطابق بنیادی طور پر انسان کو امن پسند ہونا چاہیئے لیکن اگر مسیحی افکار و نطریات اور مسیحی افکار سے جوڑے ہوئے ریاست کا دفاع کرنا ہو، تو وہ دراصل حق اور عدل و انصاف کے لئے جنگ ہیں۔
– لیکچرر: ڈاکٹر تیمور رحمان
– تحریر و ترتیب: میثم عباس علیزی
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3845150529048785

Comments
One response to “– فلسفہ کی تاریخ (History of Philosophy) – قسط: 62 – خدا کا شہر (City of God) …”
ایک بہترین سلسلہ…مثالی کاوش…