عدوات (ریاض عاقب کوہلر)
قسط نمبر 8
چند قدم چلنے کے بعد نیہا نے پیچھے مڑ کر دیکھا ۔وہ ہوٹل میں داخل ہو رہا تھا ۔
”بڑا آیا میرا خیر خواہ ۔“طنزیہ انداز میں کہتے ہوئے اس نے موبائل فون نکال کر اپنے ابوجان کا دیا ہوا نمبر ڈائل کیا ۔وہ ایک دن تو ابوجان کے دوست کے پاس گزار سکتی تھی ۔
”جی کون ؟“کال اٹینڈ کرتے ہی پوچھا گیا ۔
”انکل صغیر!….میں نیہااکرام الحق بات کر رہی ہوں ۔آ پ کا نمبر ابوجان نے دیا تھا ۔میں ایبٹ آباد پہنچ چکی ہوں ۔“
”اوہ ہو٫معذرت خواہ ہوں بیٹی !….میں تو اس وقت عارضی طور پر ایبٹ آباد سے باہر ہوں ۔میں اپنے بیٹے یاسر کو بھیجتا ہوں وہ آپ کو بس اڈے سے اٹھا لے گا ۔“
”انکل !….میں اس وقت سربن ہوٹل کے سامنے کھڑی ہوں ۔“
”ٹھیک ہے آپ وہیں انتظار کرو ۔یاسر خود آپ سے رابطہ کر لے گا ۔“رابطہ منقطع کر کے وہ وہیں رک گئی ۔چند منٹ بعد ہی ایک انجان نمبر سے کال آنے لگ گئی تھی ۔
”یس ؟“اس نے فوراََکال اٹینڈ کی ۔
”مس نیہا اکرام الحق ؟“سوالیہ انداز میں اس کا نام پکارا گیا ۔
”جی اور آپ غالباََ یاسر ہیں ۔“
وہ ہنسا ۔”صحیح پہچانا۔بس میں دس منٹ میں آپ کے پاس ہوں گا ۔میں سرخ رنگ کی آلٹو میں ہوں ۔“
”میں منتظر ہوں۔“کہہ کر اس نے رابطہ منقطع کر دیا ۔
دس پندرہ منٹ کے بعد وہ وہاں پہنچ گیا ۔سرخ آلٹو پہچاننے میں نیہا کو ذرا دقت نہیں ہوئی تھی ۔ہاتھ اٹھا کر اس نے یاسر کو اپنی شناخت کرائی ۔
اس کے قریب کار روک کر وہ نیچے اتر ا۔
”اسلام علیکم مس نیہا !“اس نے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا۔
”یہ کیا ہے ؟“نیہا نے اس کے مصافحے کے لیے بڑھے ہوئے ہاتھ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خفگی بھری حیرانی سے پوچھا۔
”اوہ سوری ۔“اس نے خفت بھرے انداز میں ہنستے ہوئے اپنا ہاتھ پیچھے کھینچا ۔” آئیں بیٹھیں ۔“اس نے اگلی سیٹ کا دروازہ کھولا۔
نیہا کو اس کا انداز ذرابھی اچھا نہیں لگا تھا ۔وہ ایک لمحے کے لیے پچھتائی مگر پھر سر جھٹکتے ہوئے بیٹھ گئی ۔
”سفر کیسا گزرا ؟“کار آگے بڑھاتے ہوئے اس نے بے تکلفی سے پوچھا ۔
”کوئی اتنا اچھا نہیں کہہ سکتی ۔“نہ چاہتے ہوئے بھی اسے جوا ب دینا پڑا ۔
”ہاں اکیلا آدمی بور ہو جاتا ہے ….کوئی اچھا ہم سفر ہو تو رستا کٹنے کا پتا ہی نہیں چلتا ۔“
اس مرتبہ اس نے جواب دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی ۔
”ویسے آپ فکر نہ کریں میں یہاں آپ کو بور نہیں ہونے دوں گا ۔پورے ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں کی سیر کرانا میری ذمہ داری ہے ۔“
”شکریہ ۔“اسے مختصراََ کہنا پڑا ۔وہ کچھ زیادہ ہی بے تکلف ہونے کی کوشش کر رہا تھا ۔
”ویسے اکرام الحق تو آپ کے والد محترم کا نام ہے نا ؟“وہ اس کے بے رخی محسوس کیے بنا مستفسر ہوا ۔
”جی ۔“نیہا نے ایک بار پھر مختصراََ کہا ۔
”شکر ہے ۔“وہ اس کی جانب گہری نظروں سے دیکھ کر شوخی سے بولا۔
”کس بات پر ؟“نیہا نے تیکھے لہجے میں پوچھا ۔
”ہا….ہا….ہا….یونھی بس مذاق کر رہا تھا۔“اس نے کھسیانے انداز میں قہقہہ لگایا۔
”میرا خیال ہے ہم اتنے بے تکلف تو نہیں ہوئے کہ آپ بھونڈے قسم کے مذاق پر اتر آئیں ۔“
”ہا….ہا….ہا۔ویسے بڑی دلچسپ باتیں کرتی ہیں آپ ۔“اس نے کار ایک ریسٹورنٹ کے سامنے روکتے ہوئے زبردستی قہقہہ لگایا۔
”رک کیوں گئے ؟“
”کھانا کھاتے ہیں،گھر میں تو کچھ خاص پکا نہیں ہے۔“
”کوئی بات نہیں ۔جو پکاہو گا وہ کھا لوں گی ،آپ براہ مہربانی چلیں۔“
”اوکے ۔“اس نے کندھے اچکاتے ہوئے کار موڑ لی ۔اس کے ساتھ ہی اس نے سی ڈی پلیئر کا بٹن پش کر دیا ۔کار کی اندرونی فضا انگلش میوزک کے بے ہنگم شور سے گونجنے لگی ۔
”اگر آپ مجھے گھر اتار کر میوزک سننے کا شوق پورا کرلیں تو مہربانی ہوگی ۔“
”آپ تو پڑھی لکھی لگتی ہیں ،کیا انگلش سمجھ میں نہیں آتی ؟“
نیہا نے جواب دیے بغیر کانوں میں انگلیاں ٹھونس لیں ۔
”اچھا یہ لیں جی !….آپ کے لیے میں میوزک سننا بھی چھوڑ دیتا ہوں ۔“نیہا کا انداز دیکھتے ہوئے اس نے سی ڈی پلیئر بند کر دیا ۔مگر وہ جواب دیے بغیراس کی جانب سے رخ موڑ کر باہر دیکھنے لگی ۔
چند منٹ کی ڈرائیونگ کے بعد اس نے ایک چھوٹے سے مکان کے سامنے کار روکی ہارن دینے پر چوکیدار نے دروازہ کھولا اور وہ کار اندر لے گیا ۔
”یہ لیں جی اپنا غریب خانہ آ گیا ۔وہ کیا کہتے ہیں ….وہ آئیں گھر میں ہمارے خدا کی قدرت ہے ….کبھی ہم ان کو کبھی اپنے گھر کو دیکھتے ہیں ۔“
وہ گھسا پٹا شعر سن کر نیہا کا جی چاہ رہا تھا کہ ڈیش بورڈپر سر دے مارے ۔اس کے پچھتاوے میں کئی گنا اضافہ ہو چکا تھا ۔
”نیچے اتر اس نے نیہا کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا اس طرف ۔
وہ اس کی بتائی ہوئی سمت بڑھی ۔اچانک اسے محسوس ہوا کہ وہ اس کے بالکل قریب ہو کر چلتے ہوئے اسے چھونے کی کوشش کر رہا ہے ۔نیہا کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کس طرح اس سے جان چھڑائے ۔ڈرائنگ رو م میں گھس کر اس نے صوفے کی جانب اشارہ کیا ۔
”بیٹھیں مس !“
نیہابے زاری سے ایک صوفے پر بیٹھ گئی ۔وہ بھی اسی صوفے پر بیٹھتے کر ملازما کو آواز دینے لگا ۔
نیہا اسے کچھ کہنے کے بجائے خود اٹھ کر دوسرے صوفے پر بیٹھ گئی ۔
”جی چھوٹے صاحب !“ایک ادھیڑ عمر کی ملازما نے آ کر پوچھا ۔
”سلطانہ ماسی کھانا لگاو۔“اس نے نیہا کی حرکت پر کسی قسم کے تاثرات کا اظہا رنہیں کیا تھا۔
سلطانہ اثبات میں سر ہلاتے ہوئے واپس مڑ گئی ۔
وہ نیہا کو مخاطب ہوا ۔”سوری آپ سے پوچھ ہی نہیں سکا ہوں ،کیا کھانے سے پہلے آپ فریش ہونا پسند کریں گی ؟“
نیہا نے زبان کو تکلیف دینے کے بجائے نفی میں سر ہلا دیا ۔
”آپ کچھ تکلف برت رہی ہیں ،دیکھیں اسے اپنا گھر ہی سمجھیں ۔“
”آپ کی امی وغیرہ نظر نہیں آ رہیں ؟“اسے جواب دینے کے بجائے وہ مستفسر ہوئی۔
”وہ میری چھوٹی بہن کے ساتھ ایک شادی میں شرکت کے لیے گئی ہوئی ہیں، آ جائیں گی تھوڑی دیر تک ۔“
نیہا گہرا سانس لے کر رہ گئی ۔ان کے آنے تک اسے برداشت کرنا اس کی مجبوری تھی۔
ملازما نے کھانا لگانے کی اطلاع دی اور وہ اس کے ساتھ ڈائینگ روم کی طرف بڑھ گئی۔ دن بھر میں اس نے چند بسکٹس کےعلاوہ کچھ نہیں کھایا تھا۔جبکہ کھانے پینے کی وہ بہت شوقین تھی ۔سارے رستے میں ثوبان کی موجودی میں وہ کچھ بہتر نہیں کھا سکی تھی ۔الو بھجیا کے سالن کو دیکھ کر اس کا منہ بن گیا تھا ۔
اس نے تھوڑا سا سالن لے کر آدھی روٹی زہر ما ر کی ۔آلو بھجیا کو دیکھ کر اس کی بھوک ہی اڑ گئی تھی ۔
”میں نے کہا تھا نا ہوٹل میں کھالیتے ہیں۔“یاسر نے اس کی بے زاری بھانپتے ہوئے کہا ۔”اب بھی وقت ہے چلو تمھیں کچھ اچھا سا کھلا کر لاتا ہوں ۔“اس نے فوراََ آفر کی ۔
”شکریہ ۔اگر مجھے میرا کمرہ دکھا دو تو مہربانی ہو گی ۔“
”ضرور آو۔“اس نے کھڑے ہو کر نیہا کو آگے بڑھنے کا اشارہ کیا ۔
”آپ آگے چلیں میں آپ کے پیچھے آ رہی ہوں ۔“نیہا ڈرائینگ کی طرف آتے وقت اس کی گری ہوئی حرکت نہیں بھولی تھی ۔جب وہ اس کے قریب ہو کر اس کے جسم کو چھونے کی کوشش کر رہا تھا ۔
”لیڈیز فرسٹ جی !“وہ ڈھیٹ پن سے بولا۔
”مسٹر یاسر !….آپ چلیں میں آپ کے پیچھے آ رہی ہوں۔“اس مرتبہ اس نے ذرا سخت لہجے میں کہا تھا ۔
”اچھا جی ،جو حکم ۔“وہ آگے چل پڑا ۔ایک کمرے کے اندر داخل ہو کر اس نے کہا یہ لیں جی آپ کا کمرہ ۔“
نیہا اندر داخل ہوگئی ۔وہ شاید مہمانوں کا کوئی کمرہ تھا ۔اندر دو سنگل بیڈ لگے ہوئے تھے ۔اور ایک تھری سیٹرصوفہ بھی رکھا تھا ۔
وہ بے تکلفی سے صوفے پر بیٹھتے ہوئے بولا ۔
”چاے یا کافی ؟“
”بس جی !….تھوڑی سی تنہائی ۔“نیہا نے حد درجہ بے زاری سے کہا ۔
”اچھا ٹھیک ہے آپ آرام کریں ۔“کہہ کر وہ اٹھ گیا ۔
اس کے کمرے سے نکلتے ہی اس نے دروازہ کنڈی کیا ۔اور سب سے پہلے گھر کال کر کے ماں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرنے لگی ۔اس نے اسے صغیر انکل کے گھر رات بتانے کے بارے بھی بتا دیا تھا ۔چند منٹ گپ شپ کر کے اس نے رابطہ منقطع کیا اورغسل خانے کا دروازہ ڈھونڈنے لگی ۔مگر کمرے میں ملحق غسل خانہ موجود نہیں تھا ۔
وہ کمرے سے باہر نکلی ۔سلطانہ ماسی اسے ڈائینگ ٹیبل کی صفائی کرتی نظر آئی ۔
”خالہ! غسل خانہ کہاں ہے ؟“
”یہ ہے بی بی جی !“اس نے غسل خانے کی طرف اشارہ کیا ۔اور نیہا اندر گھس گئی ۔ باہر نکلنے پر اسے سلطانہ باورچی خانے میں برتن دھوتی نظر آئی تھی ۔
”خالہ !….یاسر کی امی کس وقت تک واپس پہنچ جائیں گی ؟“
”وہ تو پرسوں واپس آئیں گے بی بی جی ۔وہ تو صغیر صاب اور رخشندہ بی بی کے ساتھ شہر سے باہر گئی ہوئی ہیں ۔“
”کیا ….؟“وہ حیران رہ گئی تھی ۔یاسر نےصریحاََ جھوٹ بولا تھا ۔چند لمحے سوچنے کے بعد وہ سر جھٹکتے ہوئے کمرے کی طرف بڑھ گئی ۔دروازہ کنڈی کر کے وہ سونے کی کوشش کرنے لگی ۔اسے عجیب قسم کی بے چینی اور گھبراہٹ محسوس ہو رہی تھی جس کی توجیہ سے وہ قاصر تھی۔عشاءکی آذان اس کے کانوں میں پڑی مگر وہ اٹھ کر وضو کرنے کی ہمت نہ کر سکی ۔اسے اچھی خاصی بھوک بھی محسوس ہو رہی تھی ۔اچانک اسے خیال آیا کہ وہ چوکیدار کو بھیج کر ہوٹل سے اچھا سا کھانا منگوا سکتی تھی ۔اپنا پرس لے کر وہ باہر نکلی ۔ڈرائنگ روم کے دروازے پر پہنچتے ہی اس کے کانوں میں یاسر کی آواز آئی وہ چوکیدار کو مخاطب تھا ۔وہ جلدی سے ڈرائنگ روم کے دروازے کے پیچھے ہو گئی ۔اس کے دفع ہو جانے کے بعد ہی وہ چوکیدار کو کھانا لینے بھیج سکتی تھی ۔
”سلطانہ ماسی چلی گئی ہے اجمل خان !“
”جی صاب !“چوکیدار نے جواب دیا ۔
”ایسا کرو آج تم بھی گھر جا کر آرام کرو ۔“یاسر نے کہا ۔
نیہا کو لگا جیسے کسی نے اس کے سر پر بم پھوڑ ڈالا ہو ۔ماسی چلی گئی تھی ۔اس کے والدین اور بہن پہلے سے گھر سے باہر تھے اور اب وہ چوکیدار کو چھٹی کر جانے کا کہہ رہا تھا ۔
”ٹھیک ہے صاب جی !“چوکیدار نے ممنونیت سے کہا ۔
مگر اس سے پہلے کہ چوکیدار باہر جاتا وہ ڈرائنگ روم کے دروازے سے باہر نکلتے ہوئے بولی ۔
” کیا میں چوکیدار کو گھر بھیجنے کی وجہ پوچھ سکتی ہوں ؟“
”ہیں ….وہ ….میں ….یہ کافی دنوں سے ایک رات کی چھٹی مانگ رہا تھا نا، تومیں نے سوچا ….آج اسے ایک رات کی چھٹی دے دوں۔“وہ بری طرح گڑبڑا گیا تھا ۔
صحن میں روشن طاقتور انرجی سیور کی روشنی میں نیہا نے اس کے منحوس چہرے پر نفرت بھری نگاہ ڈالی ۔زیر لب ۔”گھٹیا انسان ۔“کہتے ہوئے وہ گھر سے باہر جانے لگی ۔
”آپ کہاں چل دیں ؟“اس نے نیہا کو بازو سے پکڑا۔
ایک جھٹکے سے بازو چھڑاتے ہوئے نیہا نے اس کے چہرے پر تھپڑ جڑ دیا ۔
”بے غیرت ،بے حیا ….تمھیں ہمت کیسے ہوئی مجھے چھونے کی ۔“
”تمھاری یہ جرات۔“یاسر نے اسے جوابی تھپڑ لگایا۔وہ نیچے گر گئی تھی ۔
”اجمل خان تم جاو۔“یاسر نے چوکیدار کو جانے کا کہہ کر نیچے جھک اس کے بازو سے پکڑا کر اسے کھینچ کر اٹھایااور پھر ڈرائنگ روم کے دروازے کی طرف دھکا دے کر دھاڑا ۔
”چلو اندر ….تم ایسے نہیں جا سکتیں ۔“
(**********جاری ہے**********
اگر پوسٹ اچھی لگی تو شئیر ضرور کیجیے گا………مزید ایسی پوسٹ کے لیے ہمارا پیج لائیک کریں اور ساتھ فالو کے بٹن پر کلک کر کے سی فرسٹ آل See First All پر کلک کریں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔