پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عداوت (ریاض عاقب کوہلر) قسط نمبر 9 چوکیدار تذبذب…

عداوت (ریاض عاقب کوہلر)
قسط نمبر 9

چوکیدار تذبذب کے عالم میں کھڑا تھا ۔اتنا بچہ تو وہ بھی نہیں تھا کہ اصل معاملہ نہ سمجھ پاتا ۔ ایک طرف اس کی نوکری کا مسئلہ تھا اور دوسری جانب ایک معصوم لڑکی عزت کا سوال۔وہ ابھی تک شش و پنج میں تھا مگر نیہا نے اس کی مشکل آسان کر دی ۔اپنا شولڈر بیگ کھولتے ہوئے اس نے ہاتھ اندر ڈالا اگلے لمحے اس کے ہاتھ میں چھوٹا سا لیڈیز پسٹل دمک رہا تھا ۔تیزی سے ہینڈ کھولنے کی وجہ سے شولڈر بیگ اس کے ہاتھ سے گر گیا تھا ۔مگر وہ بیگ کو اٹھائے بغیریاسر پر پسٹل تانتے ہوئے دھاڑی۔
’ ’اگر دوبارہ مجھے ہاتھ لگانے کی کوشش بھی کی تو تمھاراغلیظ بھیجا اس گندی کھوپڑی سے باہر نکال دوں گی ۔
”دد….دیکھیں ….مم….میں آپ کے فائدے کے لیے کہہ رہا۔پلیز اسے نیچے کریں گولی چل جائے گی ۔“وہ تھر تھر کانپنے لگ گیا تھا ۔
”بے غیرت ہمیشہ بزدل ہوتے ہیں ….آخ تھو ….“نیہا نے اس کے منہ پر تھوکا ۔ جواباََ وہ کچھ نہیں کہہ سکا تھا ۔
”میں جا رہی ہوں ۔اگر میرا پیچھا کرنے کی کوشش کی تو دوسری بار معاف نہیں کر سکوں گی۔“یہ کہہ کراس نے نیچے گرا شولڈر بیگ اٹھایااور بیرونی دروازے کی طرف بڑھ گئی ۔پستول اس نے ہاتھ ہی میں تھاما ہوا تھا ۔
چوکیدار کے قریب وہ رکتے ہوئے بولی ۔”ویسے اجمل چچا!…. ایک کھرے پٹھان سے مجھے یہ امید نہیں تھی ۔“یہ کہہ کر وہ وہاں سے باہر نکل آئی ۔یاسر نے دوبارہ اسے روکنے کی ہمت نہیں کی تھی ۔
آتے وقت وہ رستا دیکھتی آئی تھی۔ وہاں سے مین بازار نزدیک ہی تھا ۔دس منٹ میں وہ گلیوں سے باہر نکل کر روڈ پر آ گئی تھی ۔وہاں اسے ٹیکسی نظر آئی مگر اسے ہمت ہی نہیں پڑ رہی تھی کسی پراعتبار کرنے کی ۔اس بھرے شہر میں اگر وہ کسی پر اعتبار کر سکتی تھی تو وہ وہی شخص تھا جو اس کے لیے سب سے قابلِ نفرت تھا۔اس نے آتے وقت اسے مشوہ دیا بھی تھا جو اس نے بدتمیزی سے ٹھکرا دیا تھا۔اب اسے وہاں بلانا اپنی انا اور خودی کے گلے پر چھری چلانے کے مترادف تھا ۔ لیکن انا سے بھی بڑھ کر ایک لڑکی کے لیے اس کی عصمت ہوتی ہے ۔ایک بار وہ بچ گئی تھی دوسری بار شاید یاسر سے بھی کوئی بڑا بے غیرت ٹکرا جاتا ۔
اسے سوچنے میں چند منٹ لگے اور اس کے بعد وہ موبائل فون نکال کر ثوبان کو کال کرنے لگی ۔
گھنٹی جا رہی تھی مگر وہ اٹھا نہیں رہا تھا ۔وہ پریشان ہو گئی ۔اگر وہ فون نہ اٹھا تا تواسے مجبوراََ ٹیکسی وغیرہ کرانا پڑتی ۔یا پھر کسی نزدیکی ہوٹل میں شب بسری کے لیے کمرہ لینا پڑتا۔اور دونوں تجاویز میں اسے خطرہ محسوس ہو رہا تھا ۔یاسر کے گھٹیا رویے نے اسے ایک دم ڈرنے پر مجبور کر دیا تھا ۔ایسا اس کے ساتھ پہلی بار ہوا تھا اور پہلی بارہی اسے معلوم ہوا تھا کہ جب ایک لڑکی عزت پر بن آئے تو مرنا کتنا آسان لگتا ہے ۔
وہ دوبارہ ثوبان کو کال ملانے لگی ۔اس مرتبہ دوسری تیسری گھنٹی پر اس نے کال وصول کر لی تھی۔
”ہیلو !“اس کی نیند میں ڈوبی آواز ابھری ۔
”میں بول رہی ہوں۔“اس کے منہ سے بہ مشکل نکلا تھا ۔
”کیا یہی بتانے کے لیے جگایا ہے۔“وہ جھلاتے ہوا بولا۔
”میں اس وقت کوہسار ہوٹل کے قریب کھڑی ہوں ۔آ کے مجھے لے جاؤ“
”کیا ،تمھارادماغ تو ٹھیک ہے ؟“وہ ششدر رہ گیا تھا ۔
”ہاں ٹھیک ہے دماغ ،تم جلدی آؤمیں انتظار کر رہی ہوں ۔“یہ کہہ کر اس نے رابطہ منقطع کر دیا ۔
”شاید وہ نہ آئے ۔“ایک روح فرسا خیال اس کے دماغ میں ابھرا ۔مگر پھر سر جھٹک کر وہ دائیں بائیں کا جائزہ لینے لگی ۔بازار کی رونق دن کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر تھی ۔ اس کے دائیں بائیں سے گزرنے والے اسے حیرانی سے دیکھتے ہوئے گزر رہے تھے ۔ایک اکیلی جوان لڑکی کا یوں فٹ پاتھ پر کھڑے ہونا انھیں عجیب سا لگ رہا تھا ۔
اچانک اسے خیال آیا کہ اس نے ثوبان سے یہ تو پوچھا ہی نہیں کہ آیا اسے کوہسار ہوٹل کا رستا معلوم ہے ۔“
وہ دوبارہ اسے کال کرنے لگی ۔
”اب کیا ہے ؟“وہ سخت تپا ہوا لگ رہا تھا ۔
”تمھیں کوہسار ہوٹل کا رستا تو معلوم ہے نا ؟“
”معلوم ہے اور آرہا ہوں ۔اب دماغ خراب نہ کرو ۔“اس نے رابطہ منقطع کر دیا ۔
”ہونہہ !….اب یہاں آکر محترم نہ جانے کتنی باتیں سنائے گا ۔“وہ خودکلامی کے انداز میں بڑبڑانے لگی ۔
ایک جوان سال شخص اس کے قریب سے گزر رہا تھا ۔اس کی ہلکی سی بڑبڑاہٹ کو نہ معلوم وہ کیا سمجھ بیٹھا ۔اور رک کر معنی خیز انداز میں کھنکارتاہوا اس کے قریب آ گیا ۔
”تو کیا خیال ہے ؟“اس نے معنی خیز انداز میں کہا ۔
”کیا مسئلہ ہے مسٹر !“اس نے غصے سے بھرپور لہجے میں پوچھا ۔
وہ ڈھٹائی سے بولا۔”خود ہی تو آواز دی ہے۔“
”اگر تم ایک منٹ میں یہاں سے غائب نہ ہوئے تو یاد رکھو اتنی پھینٹی پڑواؤں گی کہ گھر والے شناختی کارڈ دیکھ کرہی پہچان پائیں گے ۔“
”ہونہہ!….پتا نہیں کس کا انتظار کر رہی ہے گشتی۔“گھٹیا انداز میں کہتے ہوئے وہ چل پڑا ۔نیہا سر سے پاؤں تک سلگ گئی تھی ۔اسے کوئی مناسب جواب دینے کے لیے وہ منہ کھول رہی تھی کہ ثوبان کی فور ڈور اس کے سامنے آ کر رک گئی ۔وہ سر جھٹک کر گاڑی میں بیٹھنے لگی ۔وہ مڑ کر اسے گاڑی میں بیٹھتادیکھنے لگا ۔یہ سوچ کر نیہا کی پیشانی عرق آلود ہو گئی تھی کہ اس وقت وہ اس کے متعلق کیا سوچ رہا ہوگا ۔
ثوبان اس کے بیٹھتے ہی گاڑی موڑ رہا تھا کہ اچانک اس شخص نے رک کر باآواز بلند پکارا ۔
”گشتی ….“وہ گاڑی سے اتنے فاصلے پر نہیں تھا کہ اس کی آواز ثوبان کے کانوں تک نہ پہنچتی ۔اس کی بات سمجھتے ہی ، ایک دم بریک لگا کر ثوبان نیچے اترا ۔اس کا قد چھے فٹ سے بھی دو تین انچ اوپر تھا ۔ کسرتی اور کسا ہوا جسم ۔اس کی قامت دیکھتے کر وہ آدمی گھبرا کر بھاگ پڑا تھا ۔ مگر یہ اس کی بھول تھی کہ وہ ثوبان سے نکل کر جا سکتا تھا ۔ثوبان ایک منجھا ہوا اتھلیٹ تھا ۔اس نے اسے پچاس میٹر سے زیادہ آگے نہیں جانے دیا تھا ۔
اسے پکڑتے ہی ثوبان نے ایک زور دار تھپڑ اس کے چہرے پر رسید کیا اور پھر گریبان سے تھام کر پوچھا ۔
”اب بکو….کیا کہہ رہے تھے اپنی ہمشیرہ کے بارے؟“
”مم….میں نے تو کچھ نہیں کہا جناب !“وہ سخت خوف زدہ ہو گیا تھا ۔
اچانک دائیں بائیں سے چندراہگیر اکٹھے ہو گئے ۔”کیا ہوا سر !….کیا ہوا سر !“ وہ ثوبان سے پوچھنے لگے ۔
”اس بے غیرت سے پوچھو ۔“ثوبان نے جھٹکا دے کر اسے زمین سے اوپر اٹھا لیا ۔
”سر !….اس کے لیے اتنا ہی کافی ہے بس اب آپ اسے معاف کر دیں۔“وہاں موجود ایک ادھیڑ عمر شخص نرمی سے ثوبان کو مخاطب ہوا ۔
ثوبان نے جھٹکا دے کر اسے فٹ پاتھ پر پھینکتے ہوئے کہا ۔
”ان معزز حضرات کو دعائیں دو ،اگر یہ نہ آ جاتے تو میں تمھیں کسی شریف لڑکی پر فقرے کسنے کا مطلب سمجھا دیتا ۔“
یہ کہہ کر وہ اپنی گاڑی کی طرف مڑ گیا ۔نیہا نے گاڑی سے اترنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ البتہ اسے وہاں سے اس لڑکے کا انجام واضح طور پر نظر آ رہا تھا ۔اس وقت اسے معلوم ہوا کہ ایک عورت کے لیے مرد کا ساتھ کتنی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔اس کے دل میں ثوبان کے لیے ہلکی سی شکر گزاری کا جذبہ پیدا ہوا ،مگر وہ اس کا اظہار نہیں کر سکی تھی ۔
ثوبان کا سانس دوڑنے کی وجہ سے کچھ پھول گیا تھا ۔کیونکہ ایک دم تیز رفتاری سے بھاگنے سے سانس کا پھولنا لازمی امر ہے ۔گاڑی موڑ کر وہ واپس روانہ ہوا۔ نیہا کی توقع کے برعکس اس نے کوئی بات نہیں کی تھی ۔نہ تو یہ پوچھا کہ وہ کہاں گئی تھی اور نہ یہ کہ وہ ٹیکسی کرا کر کیوں نہیں لوٹی اور نہ اتنا ہی کہ جانے کے بعد لوٹنے کی وجہ کیا تھی ۔
سربن ہوٹل کی پارکنگ میں گاڑی روک کر وہ نیچے اترا اور نیہا کی جانب دیکھے بغیر ہوٹل کے دروازے کی طرف بڑھ گیا ۔وہ بھی جلدی سے اس کے پیچھے چل پڑی ۔اور اس کے ایک کمرے میں داخل ہوتے ہی اس کے دروازہ بند کرنے سے پہلے اندر گھس گئی ۔
وہ اسے حیرانی سے دیکھ کر بغیر کچھ کہے بیڈ کی طرف بڑھ گیا ۔نیہا نے اس پر توجہ دیے بغیر تپائی پر پڑے ٹیلی فون کی طرف بڑھی ۔
رسیور اٹھا کر اس نے صفر ڈائل کیا ۔دوسری جانب سے استقبالیہ پر بیٹھے شخص نے فون اٹینڈ کیا تھا ۔
”کمرہ نمبر سولہ میں ایک ویٹر بھیجو ۔“
”جی میڈم !“کہہ کر اس نے فون رکھ دیا تھا ۔تھوڑی دیر بعد دروازے پر دستک ہوئی اور اس کے ۔”یس ۔“کہنے پر دروازہ کھول کر ایک شریف صورت ویٹر اندر داخل ہوا ۔
”جی میڈم !“
”ایسا کرو ….سب سے پہلے تو یہاں ایک سنگل بیڈ لگوا دو۔“
” میڈم !….یہ تو میں نہیں کر سکتا ۔“
”تم اپنے سپروائزر کو بلاؤ۔“نیہا نے اس کے ساتھ مزید مغز ماری سے گریز کیا تھا ۔
”جی میڈم !“کہہ کر وہ باہر نکل گیا ۔
ثوبان اسے نظر انداز کیے خاموشی سے لیٹا رہا۔
چند منٹ بعد ویٹر سپر وائزر کے ہمراہ واپس لوٹا ۔نیہا کی بات سن کر سپر وائزر نے بھی معذرت ظاہر کی تھی ۔
”کیا آپ کے ہوٹل میں کوئی کمرہ خالی نہیں ہے ؟“
”خالی کمرے تو موجود ہیں میڈم !مگر ….“
”اگر مگر چھوڑ ….آپ یوں کرو کہ ان میں سے کوئی کمرہ بھی میرے نام پر بک کر کے اس کے چارجز وصول کرو اور اس کمرے سے ایک سنگل بیڈ اٹھا کر یہاں لے آؤ…. کیا ایسا نہیں ہو سکتا؟“
”اس طرح تو ہو سکتا ہے ۔“سپر وائزر نے اطمینان بھرے انداز میں سر ہلاتے ہوئے پوچھا ”ویسے آپ کی پہلے انٹری نہیں ہوئی ؟“
”نہیں ….“اس نے نفی میں سر ہلایا ۔”میں ابھی پہنچی ہوں اور میں اپنے شوہر کے ساتھ ایک بیڈ پر نہیں سو رہی ….وجہ بتانا میں ضروری نہیں سمجھتی ۔آپ کو جیسا کہا ہے ویسا کرو ۔“ اسے کہہ کر وہ ویٹر کو مخاطب ہوئی ۔”اور آپ فی الفور مٹن کڑاہی اور گرم نان لے آئیں ۔سلاد تو آپ یقینی طور پر لائیں گے ،بس چٹنی ساتھ لانا نہ بھولنا۔“
وہ ۔”جی میڈم !“کہہ کر باہر نکل گیا ۔جبکہ نیہا اطمینان غسل خانے میں گھس کر گرم پانی سے لطف اندوز ہونے لگی ۔اس کے غسل خانے سے نکلنے تک ویٹر کھانا لے آیا تھا۔
کھانا بہت اچھا بنا تھا ۔کھانا کھا کر اس نے ویٹر کو بلا کر برتن واپس کیے اور دروازہ کنڈی کر کے لیٹ گئی ۔لیٹنے سے پہلے وہ نائیٹ بلب جلانا نہیں بھولی تھی ۔
شدید تھکن کے باوجود نیند اس کی آنکھوں سے کوسوں دور تھی ۔آج اس کے ساتھ کوئی معمولی حادثہ پیش نہیں آیاتھا ۔پسٹل کی موجودی کی وجہ سے وہ یاسر کے شر سے محفوظ رہی تھی ۔اس کے برعکس ہونے کی صورت میں جانے کیا ہوتا ،وہ جھرجھری لے کر رہ گئی تھی ۔حالانکہ اس کے جاتے وقت ثوبان نے نہ چاہتے ہوئے بھی اسے روکنے کی کوشش کی تھی ۔جواب میں وہ اس کی توہین کر کے چل دی تھی ۔پھر اس کے بلانے پر بھی وہ بغیر کسی حجت اسے لینے آ گیا تھا ۔سب سے بڑھ کر اسے گالی بکنے والے کی ثوبان نے جو درگت بنائی تھی وہ اس کی نظر میں قابلِ تعریف تھی ۔ مگر وہ جواباََ اس کا شکریہ بھی ادا نہیں کر سکی تھی ۔وہ کافی دیر تک ثوبان کے رویے اور اپنی بے وقوفی پر سوچ کے گھوڑے دوڑاتی رہی یہاں تک کہ تھکے ہوئے ذہن نے مزید سوچنے سے انکار کرتے ہوئے نیند کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے ۔
یہی صورت حال ثوبان کو بھی درپیش تھی بہ ظاہر نظر وہ آنکھیں بند کر کے سونے کا پوز بنا کر لیٹ گیا تھا ،مگر حقیقت میں نیند اس کی آنکھوں سے بھی روٹھ گئی تھی ۔وہ اپنے رویے پر غور کرتا رہا ۔نیہا کی ایک کال پر وہ آرام دہ بستر کو چھوڑ کر اس کے پاس بھاگا ہوا پہنچا تھا گویا وہ اس کی کال ہی کا تو منتظر تھا ۔پھر اسے گالی بکنے والے کے پیچھے یوں دیوانوں کی طرح بھاگ پڑنا ۔حالانکہ اسے تو خوش ہونا چاہیے تھا ،کہ ہر وقت اس کی توہین پر کمر بستہ رہنے والی کی بے عزتی ہوئی تھی ۔
٭٭٭
صبح کاناشتاثوبان نے کمرے میں منگوا لیا تھا۔نیہا غسل خانے سے باہر نکلی اور اس نے بھی فون پر اپنے لیے ناشتے کا کہہ دیا ۔بالوں کو تولیے سے رگڑتی ہوئی وہ ثوبان کو مخاطب ہوئی۔
”ویسے کل تمھیں اپنی طاقت دکھانے کا کچھ زیادہ شوق نہیں چڑھا تھا یا پھر مجھے اپنی بہادری دکھا رہے تھے ۔“
ثوبان کل ہی سے اسی قسم کے سوال کی توقع کر رہا تھا ۔وہ نپے تلے الفاظ میں بولا۔ ”گالی بکنے والے کے ساتھ اس سے بھی برا سلوک ہونا چاہیے ۔“
”مگر گالی تو اس نے مجھے بکی تھی نا،تمھیں کس نے کہا کہ میرے لیے ہیرو بنواور یقین مانو،ایسی حرکتوں سے عقل سے فارغ لڑکیاں ہی متاثر ہوسکتی ہیں۔“
” یہ کس نے کہا، کہ میں نے اسے ،تمھیں گالی بکنے کی وجہ سے بے عزت کیاتھا؟ اور تمھارا یہ خیال کہ اس کی گالی صرف تمھیں پڑ رہی تھی ،یہ ایک جاہلانہ سوچ ہی ہے ۔ بالفرض تم ویسی ہی تھیں ،جیسا وہ کہہ رہا تھا تو پھر میں کس زمرے میں آرہا تھا؟….ایسی عورت کا میری گاڑی میں بیٹھناہی یہ ظاہر کر رہا تھا کہ میں بھی اسی قبیل سے ہوں ۔البتہ مجھ سے علاحدہ ہونے کی صورت میں وہ تمھیں یہ کیا اس سے بھی دگنی تگنی گالی بکتا ،میں ٹس سے مس ہو جاتا پھر تم یہ سب کچھ سمجھ سکتی تھیں جو اب سوچ رہی ہو ۔“
اس کے تلخ جواب نے نیہا کے منہ میں کڑواہٹ گھول دی تھی ۔اسی وقت ویٹراجازت مانگ کر ناشتے کی ٹرالی دھکیلتا ہوا اندر داخل ہوا ۔اوروہ ناشتے کی طرف متوجہ ہو گئی ۔جب تک وہ ناشتے سے فارغ ہوتی ہے ثوبان تیار ہو کر چل پڑا ۔وہ جلدی جلدی تیار ہوئی اور کمرے سے باہر نکل آئی ۔
ثوبان اسے کاؤنٹر پر کھڑا نظر آیا ۔یقینا حساب کتاب بے باق کر رہا تھا۔وہ بھی اسی طرف بڑھ گئی ۔اس کے پہنچنے تک وہ ادائی کر کے بیرونی دروازے کی طرف چل پڑا تھا۔
”جی !….میرا حساب کتاب کتنا ہوا ہے ؟“اس نے کیشئر سے پوچھا ۔اس کے ہمراہ اس وقت سپر وائزر بھی بیٹھا تھا ۔وہ اس کی بات کا جواب دیتے ہوئے بولا۔
”مسز ثوبان !….آپ کا حساب کتاب تو آپ کے خاوند نے بے باق کر دیاہے ۔“
”کیوں ،آپ نے کسی دوسرے سے میرے واجبات لیے کیوں ہیں ؟“وہ غصے میں دھاڑی ۔”میں تمھیں بھیک منگی لگتی ہوں،واپس کرو اسے اپنی رقم ۔“
”سوری میڈم !….یہ غلط فہمی سے ہوا ہے۔“سپر وائزر گھبرا گیا تھا ۔
اس نے بدتمیزی سے کہا ۔”یہ بھلا کون سی غلط فہمی ہے ۔جب رات کو میں نے واضح طور پر تمھیں کہہ دیا تھا کہ کمرہ میرے نام پر کر دو تو اس کا کیا مطلب بنتا ہے،عجیب سٹاف ہے یہاں کا ۔“
ثوبان دروازے کے قریب پہنچ چکا تھا ۔اس کے کانوں میں نیہا کی غصیلی آوازپڑی اور وہ بے بسی سے سر ہلاتے ہوئے رک گیا ۔اس فتنہ پرور فسادی لڑکی نے پھر کوئی ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا ۔غور کرنے اسے معلوم ہواکہ وہ ثوبان کی واجبات کی ادائی کرنے پر غصے کا اظہار کر رہی تھی۔
پیچھے مڑ کر وہ کاؤنٹر کی طرف چل پڑا ۔کیشئر نے بھی اسے واپس آتے دیکھ لیا تھا ۔ قریب جا کر وہ کیشئر کو مخاطب ہوا ۔
”آپ کو کم ز کم مجھے تو یہ بتا دینا چاہیے تھا کہ کسی اور کا بل بھی آپ مجھ سے وصول کر رہے ہیں۔“
”سوری سر !….میں سوچا کہ شاید آپ اکٹھے ہیں تو….“
”نہیں ایسی کوئی بات نہیں۔“اس نے کیشئر کی بات پوری نہیں ہونے دی تھی ۔ ”آپ نے جو زائد رقم مجھ سے وصول کی ہے براہ مہربانی مجھے واپس کر دیں ۔“
”ہاں ہاں جلدی کرو ….کہیں اسے ہارٹ اٹیک نہ ہو جائے ؟“نیہا اس وقت بھی طنز کرنے سے باز نہیں آئی تھی ۔
کیشئر نے کیکولیٹر کے چند بٹن دبا کر جلدی جلدی حساب کیا اور نیہا کو مخاطب ہوا ۔
”میڈم!آپ کا بل بنا ہے نو ہزار پانچ سو پچاس ۔یہ رقم آپ مسٹر ثوبان کو ادا کر دیں۔“
”یہ آپ خود ہی اس محترم کے حوالے کر دیں ۔“اس نے اپنا شولڈر بیگ کھول کر اندر ہاتھ ڈالا ۔یہ دیکھ کر وہ برا سا منہ بنا کر رہ گئی تھی کہ رقم کے خانے میں فقط چار نوٹ پڑے تھے ۔ ایک ہزار کا نوٹ اور تین پانسو کے ۔وہ جلدی سے بولی ۔
”آپ دس منٹ انتظار کریں میں اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر لے آتی ہوں ۔“
”اگر یہ اے ٹی ایم کے بہانے کہیں چلی گئی تو میں ذمہ دار نہیں ہوں گا ۔“ثوبان کو اس پر طنز کرنے کا موقع ہاتھ آ گیا۔جو اس نے بالکل ضائع نہیں کیا تھا ۔
”میں تمھاری طرح نہیں ہوں ۔“وہ ترکی بہ ترکی بولی ۔
مگر وہ سپر وائزر کی اچھی خاصی توہین کر چکی تھی اسے بھی بدلہ لینے کا موقع مل گیا تھا ۔ وہ بہ ظاہر ادب سے بولا ۔
”میڈم آپ اس طرح نہیں جا سکتیں ۔“
”کیا مطلب اس بات کا ؟“وہ بپھر گئی تھی ۔
”مطلب واضح ہے میڈم صاحب!….جب آپ کاشوہر ہی ذمہ دار ی اٹھا نے کو تیار نہیں تو ہم کیسے یقین کرلیں ؟“
”آپ اپنا ایک آدمی میرے ہمراہ بھیج دیں ۔“صورت حال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس نے پسپا ہونا مناسب سمجھا تھا اس کے ساتھ وہ شولڈر بیگ سے ۔اپنا اے ٹی ایم کارڈ بھی ڈھونڈ رہی تھی ۔مگر کارڈ اسے نظر نہیں آرہا تھا ۔
اس نے گھبرا کر اپنا بیگ کاؤنٹر کے اوپر الٹ دیا ۔عورتوں کے میک اپ کی چند مشہور چیزیں ،ناخن تراش ،لیڈی پسٹل مع لائسنس کے ،نقدی دوبال پوائنٹ اور باقی کچھ نہیں ۔
”مم ….میرا اے ٹی ایم کہیں گر گیاہے ۔“وہ گھبراہٹ سے بولی ۔
”سن لیا۔“ثوبان سپر وائزر سے بولا ۔”کہا تھا ناں کہ میں ذمہ داری نہیں لے سکتا ۔“
” یقین کریں ،میرا اے ٹی ایم کہیں گر گیا ہے۔“وہ خفیف سی ہو کر رہ گئی تھی ۔
”تو اب ہمارے لیے کیا حکم ہے ؟“سپر وائزر نے طنزیہ انداز میں پوچھا ۔
”آ….آپ اس طرح کریں پچیس سو روپیا اور یہ گھڑی رکھ لیں ۔“اس نے اپنی کلائی پر بندھی سنہرے ڈائل کی قیمتی گھڑی اتار کر سپر وائزر کی طرف بڑھادی ۔وہ گھڑی اسے والد نے سال بھر پہلے تحفے میں دی تھی ۔اور جہاں تک اس کا اندازہ تھا وہ گھڑی بیس پچیس ہزار سے کم قیمت کی نہیں تھی ۔
”ایسے نہیں ہو سکتا میڈم !….“سپر وائزر نے نفی میں سر ہلایا۔
”ٹھیک ہے چھوڑ دو ۔“ثوبان نے گھڑی اور رقم اٹھا کر جیب میں رکھ لی ۔”آپ کو رقم پوری مل گئی ہے نا ؟“
”جی سر !….شکریہ سر !“سپر وائزر نے سرعت سے کہا۔
نیہا ایک دم مڑی اور تیز قدموں سے دروازے کی طرف چل پڑی ۔اس کی سخت سبکی ہوئی تھی ۔آخر ثوبان ہی کی وجہ سے اس کی جان چھوٹی تھی ۔اس کے دل میں ثوبان کی نفرت کا گراف تھوڑا اور بلند ہو گیا تھا ۔
ثوبان نے سپر وائزر سے پوچھا ۔”آپ کے پاس خاکی لفافہ مل جائے گا ؟“
”خاکی تو نہیں البتہ یہ ہیں۔“اس نے سفید کاغذ کے بنے ہوئے لفافے اسے دکھائے۔جن پر ہوٹل کا مونوگرام بھی بنا ہوا تھا۔
”بس یہی دے دیں۔“ثوبان نے اس کے ہاتھ سے دو تین لفافے لے کر جیب میں ڈالے اور ان سے الوداعی مصافحہ کر کے باہر نکل آیا ۔
نیہا گاڑی کے باہر ٹہل رہی تھی کیونکہ گاڑی لاک تھی ۔گاڑی کے اندر بیٹھ کر اس نے نیہا کی طرف کا دروازہ ان لاک کیا اور گاڑی سٹارٹ کرنے لگا ۔
اندر داخل ہو کر اس نے زوردار طریقے سے دروازہ بند کیا اور منہ پھلا کر بیٹھ گئی ۔
ثوبان نے اس کی گھڑی جیب سے نکال کر سفید لفافے میں ڈالی اور لفافہ دوبار جیب میں ڈال لیا ۔
وہ دل پر جبر کر کے بولی ۔”اگر گھڑی مجھے دے دو تو واپسی پرتمھاری رقم لوٹا دوں گی۔“
”کیوں واپس دے دوں اور تمھارا کیا ،وعدہ خلافی میں تمھیں عار محسوس نہیں ہوتی ، جھوٹ بولنے کی ماہر ہو اور دھوکا دہی تمھاری فطرت میں شامل ہے ،ایسی لڑکی سے لین دین رکھنا نری بے قوفی ہے ۔“
”ہونہہ!….چار ٹکے کا فائدہ نظر آ رہا ہے کہاں واپس کر و گے ۔“اس نے طنزیہ لہجے میں کہا۔
”بالکل ….“وہ اس کی چال کو سمجھتے ہوئے ببانگ دہل بولا۔”اس میں شک ہی کیا ہے ۔“
”جتنے کی نئی آ رہی ہے اتنے لے لینا ۔“
”وہ بعد میں دیکھیں گے ۔“ثوبان بے پرواہی سے بولا ۔جبکہ نیہا نے منہ بناکر باہر کا نظارہ کرنے لگی ۔اسے یقین تھا کہ گھر واپسی پر وہ دادا جان کے ذریعے باآسانی وہ گھڑی واپس لے لے گی ۔گاڑی ایبٹ آباد کی حدود سے مانسہرہ میں داخل ہو گئی تھی ۔سارا علاقہ ہی جنت ارضی کا نمونہ پیش کر رہا تھا۔ پہلی بار یہ علاقے دیکھتے ہوئے دل ہی دل میں پچھتا بھی رہی تھی کہ اب تک وہ ان علاقوں کی سیر سے غافل کیوں رہی ۔اگر ثوبان جیسے ہم سفر کی موجودی میں وہ مناظر اتنے بھلے لگ رہے تھے تو دوست احباب کے ساتھ کتنے دل کش محسوس ہوتے ۔
ثوبان آگے کا پلان سوچنے لگا ۔اس کا ارادہ کے ٹو کے بیس تک جانے کا بن گیا تھا ۔ اس سلسلے میں دوستوں کا ساتھ ضروری تھا ۔اس نے گلگت پہنچ کر احمر پارٹی کو دعوت دینے کا ارادہ کر لیا تھا۔اسے یقین تھا کہ انھوں نے بھاگ کر اس کے پاس پہنچنا تھا ۔
گاڑی شنکیاری کی حدود سے گزر کر بٹل کی حدد میں داخل ہو گئی تھی ۔ یہاں تک کہ بٹگرام پہنچ کر ثوبان نے سڑک کے کنارے بنے ایک چھوٹے سے ہوٹل کے سامنے گاڑی روک دی ۔ پہلی بار یہاں سے گزرتے ہوئے اس نے چاے پی تھی اس کے بعد اس کا معمول بن گیا تھا کہ وہ جب بھی یہاں سے گزرتا چاے ضرور پیتا ۔
گاڑی روک کر اس نے نیہا کو کہا ۔”وہ کیا ہے کہ اس چھوٹے سے ہوٹل کی چاے مجھے بہت پسند ہے ۔اور میں جب بھی یہاں سے گزرتا ہوں اس ہوٹل کی چاے ضرور پیتا ہوں ۔ بلکہ ایک دفعہ تو ہم سارے دوست لاہور سے یہاں تک صرف چاے پینے آئے تھے ۔تو تم محسوس نہ کرنا میں ذرا ایک پیالی چاے کی پی لوں۔“لاہور سے وہاں تک فقط چاے پینے کی بات اس نے نیہا کی اشتہا بڑھانے کے لیے کی تھی ۔
چاے پینے پرنیہا کی طبیعت بھی آمادہ تھی ،مگر اس کے پرس ایک روپیا بھی موجود نہیں تھا اور ثوبان کو کہنا اسے گوارا نہیں تھا ۔البتہ ثوبان اگر اسے چاے کی دعوت دے دیتا تو اس نے قبول کر لینا تھی اور وہ اسی امید کے سہارے خاموش بیٹھی رہی کہ وہ اس کے لیے بھی چاے منگوائے گا ۔
قیمتی فور ڈور کو دیکھ کر ہوٹل میں کام کرنے والا واحد بیرہ بھاگ کر قریب پہنچا تھا ۔ پندرہ سولہ سال کا لڑکا جانتا تھا کہ ایسی گاڑی والوں سے بخشش ملنے کی امید کچھ زیادہ ہوتی ہے ۔
”جی صاحب !“اس نے مودّبانہ لہجے میں پوچھا ۔
”یار !چاے پلادو۔“سیٹ سے ٹیک لگاتے ہوئے اس نے زوردار انگڑائی لی ۔
اثبات میں سر ہلاتے ہوئے وہ لڑکا واپس مڑنے لگا تھا کہ ثوبان نے اسے دوبار ہ آواز دی ۔
”بات سنو ۔“
”جی صاب!“وہ رک کر ثوبان کی طرف متوجہ ہوا ۔
”صرف ایک پیالی چاے لانا ہے ۔اور ساتھ میں ہاف رول بسکٹ بھی لے آنا ؟“
”ٹھیک ہے صاب!“حیرانی بھرے انداز میں کہتے ہوئے وہ واپس دوڑ پڑا ۔
نیہا ثوبان کی کمینگی پر گہرا سانس بھر کر رہ گئی تھی ۔
چاے اور بسکٹس کے آتے ہی ثوبان نے چاے میں بسکٹ ڈبو ڈبو کر کھانا شروع کر دیے ۔ وہ خود اس طریقے سے بسکٹ کھانے کا عادی نہیں تھا،مگر اس نے کئی بار نیہا کو اسی انداز میں بسکٹ ٹھونستے دیکھا تھا ۔وہ چاے اور کافی میں بسکٹ ڈبو ڈبو کر کھانے کی بہت شوقین تھی ۔ ایسی پیٹو لڑکیاں اس کی نظر سے کم ہی گزری ہوں گی ،مگر اس کے باوجود نیہا کا جسم بے ڈھنگایا بد ہیئت نہیں ہوا تھا ۔وہ خوب صورت اور دلکش سراپے کی مالک تھی ۔اس کا جسم قدرے مائل بہ فربہی تھا ۔ مگر یہ فربہ پن اس کی دلکشی اور کشش کو مزید بڑھاتا تھا ۔
چاے ختم ہوتے ہی اس نے چاے کی دوسری پیالی بھی منگوا لی اور ہلکی ہلکی چسکیوں سے نیہا کو جلانے لگا ۔
نیہا درواز ہ کھول کر باہر نکل گئی ۔اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اس کا اے ٹی ایم گرا کہاں ہے ۔اتنا زیادہ بینک بیلنس رکھنے کے باوجود وہ چاے کی پیالی خرید کر نہیں پی سکتی تھی۔
اچانک ایک جھماکے کی طرح اس کے ذہن میں گزشتا رات کا منظر تازہ ہوا جب شولڈر بیگ سے پستول نکالتے وقت بیگ اس کے ہاتھ سے نیچے گرگیا تھا ۔یقینی طور پر اے ٹی ایم کارڈ بھی اسی وقت بیگ سے باہر گر ا تھا ۔اور اس وقت وہ ایسی حالت میں نہیں تھی کہ بیگ اٹھاتے وقت اپنی چیزوں پر دھیان دے پاتی ۔
ثوبان نے ہارن دے کر ہوٹل والے لڑکے متوجہ کیا ۔وہ بھی واپس اپنی سیٹ پر بیٹھ گئی۔
”یہ لو ۔“پانسو کا نوٹ لڑکے کی طرف بڑھاتے ہوئے ثوبان نے کہا ۔”باقی تم رکھ لینا۔“
”شکریہ صاب!“اس نے سرجھکاتے ہوئے ثوبان کو شکریہ کہا ۔
ثوبان گاڑی سٹارٹ کرنے لگا تھا کہ نیہا اچانک بولی ۔”کیا تم مجھے کچھ رقم ادھار دے سکتے ہو ؟“وہ اس ہوٹل کی چاے مس نہیں کرنا چاہتی تھی ۔
”اس بارے میں تمھیں پہلے ہی بتا چکا ہوں۔“
”کیا ؟“
”یہی کہ مجھے تم پر بھروسا نہیں ہے ۔گرگٹ کو بھی رنگ بدلنے کے لیے تمھاری شاگردی اختیار کرنا پڑے گی ۔“
”تو کیا میں گلگت تک بھوکی پیاسی سفر کروں گی ؟“و ہ غصے سے پھٹ پڑی تھی ۔
”نہیں ،تمھارے پاس کافی قیمتی چیزیں موجود ہیں بیچ کر اپنے لیے زاد سفر پیدا کرسکتی ہو۔موبائل ہے ،ٹاپس ہیں ،لاکٹ ہے ،انگوٹھی ہے ،اگر کوئی اور نہیں تو میں یہ سب چیزیں خریدنے کو تیار ہوں ۔“
ا س کی طرف شعلہ بار نظروں سے گھورتے ہوئے نیہا نے اپنی انگلی سے سر خ نگینے والی انگوٹھی اتاری ،کانوں سے ٹاپس نکالے اور اس کی جانب بڑھاتے ہوئے بولی ۔”یہ لو ۔“
دونوں چیزیں اطمینان سے اس کے ہاتھ سے لیتے ہوئے ثوبان نے جیب سے دوہزار روپے نکال کر اس کی جانب بڑھا دیے۔
”یہ کیامسٹر!….صرف انگوٹھی پندرہ ہزار کی ہے۔“
”چلو ،کسی اور پر بیچ دینا ۔“ثوبان نے اس کی دونوں چیزیں واپس اس کی طرف بڑھا دیں ۔
”پانچ چھے ہزار تو دے دو نا۔“وہ ملتجی ہوئی کہ مجبور تھی ۔البتہ یہ اطمینان اسے ضرور تھا کہ لاہور واپس پہنچتے ہی وہ آسانی سے وہ چیزیں واپس لے لے گی ۔داداجان کے سامنے وہ کوئی لیت ولعل نہیں کر سکتا تھا۔
”اچھا یہ لو،اس سے زیاد ہ نہیں دے سکتا ۔“ثوبان نے جیب سے مزید دو ہزار روپے نکال کر چار نوٹ اس کی جانب بڑھا دیے ۔
اس مرتبہ نیہا نے اس کے ہاتھ سے رقم لے لی تھی ۔
ثوبان نے جیب سے گھڑی کا لفافہ نکال کر اس میں ٹاپس اور انگوٹھی بھی ڈال دی، پھر لفافے کو لپیٹ کر ڈیش بورڈ سے سفید ٹیپ نکال کر اس لفافے پر لپیٹنے لگا ۔
نیہا نے ہارن بجا کر ہوٹل والے لڑکے کو بلالیا۔وہ بھاگتا ہوا وہاں پہنچ گیا تھا ۔وہ اسے چاے اور بسکٹ کا بتانے لگی ۔ثوبان اپنے ہونٹوں پر بے ساختہ ابھرنے والی مسکراہٹ کو چھپانے کے لیے گاڑی سے نیچے اتر گیا ۔
”انھیں سنبھال سنبھال کر رکھ لو پتر !“وہ اسے لفافے پر ٹیپ لپیٹتے دیکھ کر خود کلامی کے انداز میں بڑبڑائی ۔”یہ تمھارے پاس لاہور واپسی تک میری امانت ہیں ۔“
اس کے چاے پینے تک وہ ٹہلتا ہواگاڑی سے سو دو سو گز دور آ گیا تھا ۔اس دوران اس نے ایک دو چھوٹے چھوٹے پتھر اٹھا کر ایک خالی لفافے میں ڈالے اور ان پر بھی ٹیپ لپیٹ دی۔ جس وقت وہ واپس گاڑی کے پاس آیا تو وہ ہوٹل والے لڑکے کو پیسے دے رہی تھی ۔
نیہا کے کچھ کہنے سے پہلے اس نے لڑکے کو کہا ۔”باقی پیسے تم رکھ لینا ؟….بیگم صاحبہ بہت سخی ہیں ۔“
”بہت بہت شکریہ بیگم صاحب !“خوشی سے لڑکے کی باچھیں کھل گئی تھیں ۔
نیہا کچھ کہے بغیر ہونٹ بھینچ کر رہ گئی تھی ۔ثوبان نے معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے گاڑی آ گے بڑھا دی ۔
”بے حس انسان !“اس نے خاصی اونچی آوز میں کہا تھا ۔
ثوبان نے قہقہہ لگایا ۔”ایسا بھی کیا کر دیا ہے،کسی غریب کے بھلے کا سوچنا کون سی بے حسی ہے؟“
”تم اچھی طرح جانتے ہو،میرے پاس پیسے نہیں ہیں ۔“اس نے تپے ہوئے لہجے میں کہا ۔
ثوبان نے منہ بناکر کہا ۔”تو واپس لے لیتیں ۔“
”تمھاری بکواس کے بعد ایک غریب بچے کی خوشی کی قاتل بن جاتی۔“
”تم ایسے ہی پریشان ہو رہی ہو ،تمھارے پاس اتنا قیمتی موبائل فون موجود ہے، سونے کا لاکٹ بھی ہے اور ان کنگنوں کے تو میں پندرہ بیس ہزار تک دے سکتا ہوں۔“
”بہت سودے بازی کرنا آ گئی ہے نا۔۔ ۔ویسے کیا میں پوچھ سکتی ہوں تم ان زنانہ اشیاءکا کیا کرو گے؟تمھاری بہن تو کوئی ہے نہیں اور ماں کی عمر ایسی نہیں ہے کہ انھیں استعمال کر سکے،جبکہ ارم تم سے ویسے بھی خفا ہے۔“
ثوبان نے کہا ۔”یہ تمھارا درد سر نہیں ہے۔“
”ہونہہ!….دیکھ لوں گی تمھیں ۔“
”تو اب تک دیکھ نہیں رہی تھیں اندھی….بعد میں کیادیکھوگی؟“
” حیرانی ہوتی ہے تمھاری سوچ پر، کیا کسی کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تمھیں ذرا بھی شرم و حیا نہیں آتی۔“
”میں نے کون سا فائدہ اٹھایا ہے ؟“
”تو یہ کیا ہے؟کوڑیوں کے مول میری قیمتی اشیاءہتھیا لیں ۔“نیہا کی کوشش تھی کہ وہ کسی طریقے سے اپنی اشیاءواپس لے لے ۔قیمت سے زیادہ وہ اس کے لیے جذباتی طور پر اہم تھیں ۔وہ اس وقت تھاکوٹ پل پر سے گزر رہے تھے ۔نیچے دریائے سندھ کا تیز رفتار دھارا گزر رہا تھا ۔
”مجھے اپنے فائدے سے کوئی غرض نہیں صرف تمھارا نقصان مقصود ہے سمجھیں۔“
”ہاہاہا۔“اسے جلانے کے لیے نیہا نے قہقہہ لگایا ۔” کافی بوگس بہانہ ہے۔“
”چلو تمھیں یقین دلا دیتا ہوں ۔“ثوبان نے گاڑی روک کر جیب سے ٹیپ سلوشن میں لپٹا ہوا سفید لفافہ نکالا اور نیہا کی آنکھوں کے سامنے لہرا کر کھڑی سے باہر دریا میں اچھا ل دیا۔”اب یقین آ گیا۔“
”نہیں ۔“نیہا ایک دم چیخی مگر اس وقت تک مذکورہ لفافہ دریا کے پانی میں گم ہو گیا تھا۔
”تم وحشی ،جانور ،درندے،بے حس انسان ۔“ گلوگیر لہجے میں کہتے ہوئے اس نے اپنی آنکھوں پر ہاتھ رکھ لیے تھے ۔
”زیادہ بکواس کی تو تمھیں بھی ان گھٹیا اشیاءکے پیچھے پھینک دوں گا۔“
”تم مجھے ہاتھ لگا کر دیکھو۔“غصے کی شدت سے اس سے بولا نہیں جا رہا تھا ۔
”تمھیں تکلیف کیا ہے آخر؟….میری چیزیں تھیں میں نے پھینک دیں ۔“
”نہیں تھیں وہ تمھاری ۔“نیہا زور سے چیخی ۔”میری تھیں وہ۔گھڑی مجھے پاپا نے تحفے میں دی تھی ۔انگوٹھی امی جان نے دی تھی اور ٹاپس میری چھوٹی بہن نے اپنے جیب خرچ سے میری سالگرہ پر خرید کر دیے تھے ۔تمھاری کیسے ہو گئیں؟“
ثوبان اس کی حالت سے لطف اندوز ہوتا ہوا بولا ۔”تم نے خود چند ہزار کے بدلے بیچ دی تھیں ۔“نیہا کو تکلیف پہنچا کر وہ خوشی محسوس کر رہا تھا ۔
”میں نے تو ….میں نے تو بس عارضی طور تمھارے حوالے کی تھیں کہ لاہورجا کر تم سے واپس لے لوں گی۔“
”میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ وہ چیزیں تمھیں واپس کروں گا اور مجھے دلی خوشی ہوئی کہ تمھیں تکلیف پہنچی ہے ۔“ثوبان نے سکون بھرے انداز میں کہا ۔”قسم سے ساری قیمت وصول ہو گئی ۔بلکہ اس سے کئی گنا زیادہ قیمت خرچ کر کے بھی مجھے اتنی خوشی حاصل نہ ہوتی ۔“
”تم ایک قابلِ نفرت شخص ہو ،میں نے تمھاری طرح ذلیل آدمی آج تک نہیں دیکھا سمجھے ۔“
”یقینا تم سے زیادہ نہیں ہوں ،کمینے پن اور بے شرمی کی اگر مجسم صورت بنائی جائے تو ہو بہ ہو تمھاری شکل بنے گی۔یاد ہے بلا وجہ تم نے مجھے باسکٹ بال میچ سے بے دخل کر دیا تھا ۔اور اس وقت مجھے جو تکلیف پہنچی تھی وہ اس تکلیف سے کہیں زیادہ کم تھی جو آج تمھیں محسوس ہو رہی ہے۔“
وہ بپھرتے ہوئے بولی ۔”اس کا بدلہ تم نے لے لیا تھا ۔“
”غلط فہمی ہے تمھاری ،اس کا بدلہ تمھاری گردن کاٹ کر بھی نہیں اتر سکتا ۔“
نیہا نے وقتی طور پر چپ ہو جانا مناسب سمجھا ۔مگر دل ہی دل میں اس نے ثوبان کو سبق سکھانے کا تہیہ کر لیا تھا ۔اب بس اسے موقع کی تلاش تھی ۔

(**********جاری ہے**********
اگر پوسٹ اچھی لگی تو شئیر ضرور کیجیے گا………مزید ایسی پوسٹ کے لیے ہمارا پیج لائیک کریں اور ساتھ فالو کے بٹن پر کلک کر کے سی فرسٹ آل See First All پر کلک کریں