پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سونی ماہیوال #قسط 5 دلچسپ مرحلہ کہانی کا …. …

سونی ماہیوال
#قسط 5

دلچسپ مرحلہ کہانی کا ….

اب عزت بیگ کو بھی احساس ہوا کہ وہ کچھ زیادہ ہی دیر وہاں ٹھہر گیا ہے۔ اس کے ساتھ جو ملازم تھا، اس نے بھی اشارے سے اسے یہی سمجھانے کی کوشش کی کہ اب یہاں سے چلنا چاہیے۔ لہٰذا عزت بیگ نے دوچار برتن لے لیے اور سوہنی نے جو قیمت طلب کی ادا کردی۔ اس طرح وہ تلے کی دکان سے دوچار برتن تو لے آیا تھا لیکن اپنا دل وہیں چھوڑ آیا تھا۔ ایک دل ہی کی کیا بات، وہ تو اپنی جان اور اپنی روح بھی وہیں چھوڑ آیا تھا۔ سوہنی اس کے دل ودماغ پر چھا چکی تھی۔ اس نے وہ رات بھی اسی انتظار میں بسر کی کہ صبح ہوتو تلے کی دکان پر جائے اور سوہنی کودیکھے۔ پھر جیسے ہی دوسرا دن نکلا اس نے اپنے ملازم کو ساتھ لیا اور تلے کمہار کی دکان پر پہنچ گیا۔ حیلوں بہانوں سے کچھ دیر وہاں رکا تاکہ سوہنی کودیکھ سکے اور پھر گزرے کل کی طرح دو تین برتن خرید کر واپس چلا آیا۔ اس کے بعد اس کا یہ روز کا معمول ہوگیا تھا کہ برتن خریدنے کے بہانے سوہنی کو دیکھنے جاتا اور چند ظروف خرید کر آجاتا۔ مگر وہاں قافلہ کب تک ٹھہر سکتا تھا؟ پانچ چھ روز کے بعد قافلے والوں نے واپسی کا قصد کیا تو عزت بیگ نے ان سے کہا کہ۔
’’ تم لوگ چلو میں کسی دوسرے قافلے کے ساتھ آجاؤں گا۔‘‘
انہوں نے بہت اصرار کیا مگر عزت بیگ تو سوہنی کی زلفوں کی زنجیروں میں جکڑا جاچکا تھا ۔ اب وہ کہاں جاتا؟ قافلے میںشامل عمر رسیدہ لوگوں نے اسے بہت سمجھایا بجھایا اور جب وہ کسی طور واپس بلخ چلنے پر راضی نہ ہوا تو انہوں نے دوتین آدمی اس کی دیکھ بھال کے لیے چھوڑے اور خود گجرات سے آگے اپنے وطن کو روانہ ہوگئے۔ اب عزت بیگ اور اس کے دو تین ملازم رہ گئے تھے اور اس کا معمول وہی تھا کہ روزانہ تلے کمہار کی دکان پر جاتا سوہنی کو دیکھتا اور دو تین برتن خرید کر واپس چلا آتا اس طرح ان کے پاس اتنے برتن جمع ہوگئے تھے کہ رکھنے کے لیے مزید جگہ نہ رہی تھی۔ اس نے اپنے ملازموں سے کہا۔

’’ ان برتنوں کا کیا کریں؟ اب تو اور برتن رکھنے کی جگہ بھی نہیں رہی؟‘‘
اس پر ملازموں نے مشورہ دیا کہ ہم شہر میں کسی اور جگہ دکان کھول لیں اور خریدے ہوئے برتن وہاں فروخت کردیا کریں۔ یہ تجویز عزت بیگ کو پسند آئی اور انہوں نے برتنوں کی دکان کھول لی۔ اب یہ ہوتا کہ ادھر عزت بیگ تلے کمہار کی دکان سے مہنگے داموں برتن خرید لاتا اور ادھر اس کے ملازم کوڑیوں کے دام فروخت کردیتے۔ اس طرح ان کے پاس جو جمع پونجی تھی وہ آہستہ آہستہ ختم ہوتی چلی گئی۔ یہاں تک کہ ایک وقت وہ آیا جب عزت بیگ بالکل کنگال ہوگیا اور اس کی یہ حالت دیکھ کر ایک ایک کرکے ملازم بھی ساتھ چھوڑ گئے۔ اس طرح عزت بیگ اس اجنبی شہر میں اکیلا تھا اور مفلس بھی ہوچکا تھا۔ کیا کرے اور کیا نہ کرے؟ سوہنی کو دیکھنے کا بہانہ بھی ختم ہوگیا تھا۔ آخر جب وہ بہت لاچار ہوگیا، تو ایک روز تلے کمہار کے پاس گیا اور اس سے کہا۔
’’ میری چوری ہوگئی ہے اور چور سب کچھ لوٹ کر لے گئے ہیں۔ میرے پاس کھانے تک کو کچھ نہیں بچا۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ مجھے اپنے پاس ملازم رکھ لیں۔ مجھے تنخواہ کی ضرورت نہیں، صرف کھانا دے دیا کریں۔ مجھے جوکام دیا جائے گا کروں گا!‘‘
تلے نے اس کی یہ حالت دیکھی تو واقعی اسے اس پر ترس آگیا۔ وہ جانتا تھا کہ عزت بیگ امیر آدمی تھا اور اس نے ایک عرصہ تک مجھ سے ہزاروں لاکھوں کے برتن خریدے ہیں، اب یہ مصیبت میں ہے تو اس کی مدد کرنی چاہیے۔ پھر یہ بھی ہے کہ یہ بغیر تنخواہ کے ملازمت کررہا ہے، صرف کھانے پر ملازم رکھنا کیا برا ہے … ؟ چنانچہ اس نے اسے ملازم رکھ لیا۔ عزت بیگ اسے بھی اپنی خوش قسمتی سمجھتا تھا کہ اسے تلے کے ہاں ملازمت مل گئی ہے اور اس طرح سوہنی کو دیکھنے کا موقع ملتا رہے گا۔ تلے نے چند روز تک اسے صفائی وغیرہ کے کام پر لگایا اور پھر اپنی بھینسوں کی رکھوالی پر لگا دیا۔ پنجابی میں بھینس کو مہیس بولتے ہیں اس لیے رکھوالے یا چرواہے کو مہینوال کہاجاتا ہے اس طرح بلخ کا سودا گر عزت بیگ اب سوہنی کے عشق میں مہینوال بن گیا تھا۔
مہینوال کی سب سے بڑی تمنا یہی تھی کہ وہ جس طرح بھی ہو سوہنی کے قریب رہے اور یہ موقع اسے مل گیا تھا۔ اب وہ اسے روزانہ دیکھ سکتا تھا۔ یہی نہیں بلکہ کبھی کبھار اس سے بات بھی ہوجاتی تھی۔ مگر عجیب بات یہ بات کہ وہ سوہنی کے اس قدر قریب رہ کر بھی اسے اپنے دل کا حال نہیں بتا سکتا تھا۔ اگرچہ اس عرصہ میں سوہنی اس کی نظروں سے بہت کچھ جان گئی تھی اور اس کا دل بھی اسے دیکھ کر دھڑکنے لگتا تھا۔ اس کے باوجود دونوں نے کھل کے اپنے اپنے دل کا حال ایک دوسرے کو نہیں بتایا تھا۔ آخر ایک روز مہینوال نے سوہنی کو اکیلا پاکر اپنے دل کا حال بتا ہی دیا۔ اس نے اپنے سارے حالات بیان کیے کہ وہ بلخ کے بہت بڑے سوداگر کا بیٹا ہے اور محض اس کے عشق میں گرفتار ہوکر اس کے باپ کا نوکر بنا ہے۔ سوہنی کو یہ اندازہ تو تھا کہ مہینوال اس کی محبت کا گھائل ہے مگر یہ بات اس کے گمان میں بھی نہیں تھی، وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اس کے عشق میں اس قدر دیوانہ ہوچکا ہے… اپنے دل میں سوچنے لگی۔
’’ اس نے محض میرے لیے اپنے آپ کو تباہ کرلیا ہے۔ اس کا عشق سچا ہے!‘‘
سوہنی کے دل میں جو ہلکی سی چنگاری سلگ رہی تھی وہ یک دم شعلہ بن کے بھڑک اٹھی اور اب وہ دونوں ایک دوسرے کے عشق کی آگ میں جلنے لگے تھے۔ انہیں جب بھی موقع ملتا، ایک دوسرے سے دو باتیں کرلیتے اور اپنی پیاس بجھا لیتے لیکن یہی سب کچھ کافی نہیں تھا۔ اب وہ دونوں ایک دوسرے کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔ ان کی بے قراری اور بے تابی حد سے زیادہ بڑھ چکی تھی جو چھپی نہ رہ سکی۔ آس پاس کے لوگ بھی باتیں کرنے لگے تھے اور تلے کے ساتھ اس کی بیوی کو بھی پتا چل گیا تھا۔ ماں نے بیٹی کوڈانٹا۔
’’ تمہیں شرم نہیں آتی تم ماں باپ کی عزت خاک میںملا رہی ہو۔‘‘
مگر اب سوہنی اس منزل پر پہنچ چکی تھی جہاں سمجھنا سمجھانا بے سود تھا۔ جہاں شرم و حیا کے الفاظ بے معنی ہوگئے تھے۔ اس پر کچھ اثر نہ ہوا۔ یہ دیکھ کر تلے اور اس کی بیوی نے آپس میں مشورہ کیا اور اسی روز جب مہینوال شام کو بھینسیں لے کر گھر آیا تو تلا اس پر برس پڑا۔
’’ میں نے تم پر رحم کھاکر رکھ لیا اور تم نے ہمارے ساتھ نمک حرامی کی؟‘‘
اور پھر اس نے فیصلہ کن انداز میں کہا۔
’’ تمہاری خیر اسی میں ہے کہ ابھی اپنا بوریا بستر سمیٹو اور یہاں سے چلے جاؤ۔ اس کے بعد کبھی ادھر کارخ نہ کرنا!‘‘
(جاری ہے)