سرمایہ داری کے تاریک سائے
ڈیوڈ ویلس ویلز
ؑٓؑعظیم کساد بازاری اور سرد جنگ کے درمیان، دنیا بھرمیں نیولبرل ازم کی بڑ بڑاہٹ سی سنائی دیتی رہی، کہ معاشی ترقی ہمیں ہرچیز سے محفوظ و مامون بنادے گی۔ مگر 2008 کے معاشی بحران کے بعد، ایسے مؤرخین کی تعداد میں اضافہ ہوا، کہ جونئی اصطلاح ”fossil capitalism“ یعنی قدرتی ایندھن کی سرمایہ داری پر بات کررہے ہیں، اُن کا یقین ہے کہ تیزرفتار معاشی ترقی کی وجوہات ایجادات، تجارت، یا عالمی سرماداری نہیں ہیں بلکہ ”قدرتی ایندھن“ کی دریافت ہے، جس کا آغاز اٹھارہویں صدی میں ہوا۔ قدرتی ایندھن سے پہلے، کسی فرد کی زندگی ماں باپ یا اُن کے والدین کی زندگی سے کچھ بہتر یا مختلف نہ تھی، پانچ سوسال پہلے انسانی حالات قریب قریب ایک جیسے تھے۔ یہ دانشور کہتے ہیں، کہ جب ہم سارا قدرتی ایندھن جلاچکے ہوں گے، تب شاید ہم میانہ معاشی روش کی جانب لوٹ جائیں گے۔ یہ سب کچھ ”بدلتے موسم“ کے سبب ہوگا۔
موسمی حدت کے معیشت پر اثرات کی سب سے دلچسپ تحقیق Hsiang اور اُس کے ساتھیوں کی جانب سے سامنے آئی، جوfossil capitalismکے مؤرخین نہیں ہیں، مگرایک بہت ہی منفرد تجزیہ پیش کرتے ہیں: گرمی کاہر سیلسئس ڈگری جی ڈی پی کے1.2فیصد پراثر انداز ہوتا ہے۔ یہ کافی چونکا دینے والی بات ہے۔ یہ تحقیق کہتی ہے کہ رواں صدی کے آخر تک معاشی نقصان کی یہ شرح پرکیپیٹاتئیس فیصد پرچلی جائے گی۔ یہ نتیجہ ہوگا زراعت کے بگڑتے حالات کا، بڑھتے جرائم کا، اور بے تہاشا مشقت کا۔ دیگر حقائق اور بھی تلخ ہوسکتے ہیں: اس بات کا 12فیصد امکان ہے کہ سن 2100تک موسمی تبدیلی عالمی پیداوار 50 فیصد تک گھٹادے۔ یہ محققین کہتے ہیں کہ صدی کے آخر تک معاشی انحطاط8 گنا بڑھ سکتاہے۔
اُس معاشی تباہی کا فہم بہت مشکل ہے، لیکن آپ اس تصور سے آغاز کرسکتے ہیں کہ عالمی معیشت کا حجم نصف رہ جائے گا، ہرشے نصف قدر پر آجائے گی، اورمحنت کشوں کے لیے آج کی آمدنی کا نصف باقی رہ جائے گا۔ ساری کاروباری شماریات کسی بھی حل کے لیے محض کار زیاں بن کر رہ جائے گی۔ نیویارک سے لندن کا راؤنڈ ٹرپ آرکٹک کے سفرکی قیمت پر ممکن ہوپائے گا۔
زہریلے سمندر
سمندر قاتل بن جائیں گے۔ کاربن کے اخراج میں انقلابی کمی بھی سمندروں کی سطح کو4 فیٹ بلندی پر جانے سے نہیں روک سکے گی، رواں صدی کے آخر تک یہ بلندی 10 فیٹ تک چلی جائے گی۔ دنیا کے ایک تہائی بڑے شہر ساحلوں پر بستے ہیں، ان کے پاور پلانٹس، بندرگاہوں، بحری اڈوں، اور فشریز وغیرہ کا تو ذکر ہی کیا! ستم بالائے ستم یہ کہ آج کم از کم 60 کروڑ انسان سمندر سے محض 10میٹر دوری پرآباد ہیں۔ ان شہروں کا ڈوبنا بھی بس ابتداہی ہوگی۔ اس وقت دنیا کی ایک تہائی سے زائد کاربن سمندر میں جذب ہوچکی ہے، اگر ایسا نہ ہوا ہوتا تونہ جانے اس وقت خشکی پر حدت کی کیا شرح ہوتی! مگر اس کا نتیجہ بھی ”سمندری تیزابیت““ocean acidification,”کی خوفناک صورت میں نکلا ہے۔ یہ تیزابیت جگہ جگہ سمندری ذخیروں کو جلارہی ہے۔ یہ زرخیز ذخیرے سمندری حیات کے بڑے حصے کی نشونما کرتے ہیں اور نصف ارب انسانوں کے لیے خوراک مہیا کرتے ہیں۔ سائنس دان اس بارے میں پُر یقین نہیں ہیں کہ آیا یہ تیزاب زدہ سمندری خوراک انسانی زندگی کے لیے کس قدر مضرہے!
تیزابی سمندروں کے صرف یہی مضر اثرات نہیں ہیں، کاربن کا انجذاب ایک ایسا مسلسل ردعمل پیدا کرسکتا ہے، کہ جس سے آکسیجن کی متواتر کمی ہوسکتی ہے، جوسمندر کی تہہ سے بتدریج سطح سمندر تک آبی حیات کا خاتمہ کرسکتی ہے۔. یہ وہ عمل ہوگا کہ جس میں ’کینسر زون‘ تشکیل پائیں گے، اور فشریز کا خاتمہ شروع ہوجائے گا، یہ پہلے ہی خلیج میکسیکو اورنمبیا کے پانیوں میں نمایاں ہوچکا ہے، جہاں ہائیڈروجن سلفائیدبلبلے چھوڑ رہا ہے، یہ ہزار میل تک پھیلی ہوئی زمین سے منسلک ہے جسے “Skeleton Coast”کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہائیڈروجن سلفائیڈ اس قدر زہریلا ہے کہ سمندروں میں موجود لاکھوں کروڑوں سال پرانی انواع کوہلاک کررہا ہے، اور جو گیس یہ زہریلے سمندر فضا میں چھوڑ رہے ہیں، ہرشے زہریلی بنارہے ہیں۔
ٰٓ”فنا“ کی چھلنی
ہم یہ سب کیوں نہیں دیکھ سکتے؟ طویل مضمون The Great Derangementمیں بھارتی ناول نگارامیتاو گھوش اس بات پر حیران ہوتے ہیں، کہ عالمی حدت اورقدرتی تباہ کاری اب تک موجودہ ادب کا مرکزی موضوع کیوں نہیں بن سکے ہیں؟ ہم کیوں موسمی تباہی متصور کرنے کے قابل نہیں ہوسکے؟ اب تک اس موضوع پر ناولوں کی قطار لگ جانی چاہیے تھی۔ ایسا شاید اس لیے نہیں ہے کہ ناول نگاری میں ہم ذاتی احساسات منعکس کرتے ہیں، اورمعاشرتی مقدر پر نظر کرنا بھول جاتے ہیں۔ یقینا یہ اندھا پن زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، کیونکہ وہ دنیا جس میں ہم مستقبل گزارنا چاہتے ہیں اس بات کی اجازت نہیں دے گی۔ چھ درجہ اضافی گرمی کے ساتھ، یہ دنیا قدرتی تباہ کاریوں کی زد میں آجائے گی۔ یہ وہ صورتحال ہوگی کہ جسے ہم آغاز میں معمول کا ”موسم“ پکاریں گے: طوفانوں کا متواتر برپا ہونا، بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ، قحط کا سلسلہ، اور ایسے بہت سے نامعلوم موسمی اثرات کہ جن کے بارے میں فی الوقت یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔ طاقت ور سمندری طوفان اکثر آئیں گے، اور ہمیں ان کی نئی کیٹگریزبنانی ہوں گی۔
بہت سارے لوگ ’موسمی تبدیلی‘ کوصنعتی انقلاب کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، جواب کئی صدیوں بعد عفریت بن کرنمودار ہوچکا ہے، یہ اس مسئلہ کی تفہیم کے لیے مددگارتناظرہے، یہ حقیقت ہے کہ اٹھارہویں صدی کے انگلینڈ میں کاربن کا دھواں اٹھنا شروع ہوا، جوپھر ہر طرف اٹھتا نظرآیا۔ لیکن نصف سے زائد وہ کاربن جو انسانیت ماحول میں داخل کرچکی ہے، گزشتہ چند دہائیوں کے اخراج کا نتیجہ ہے۔ صرف ایک نسل کی زندگی میں کاربن ہماری زمین کوتباہی کے دہانے پر لے آئی ہے۔ یوں صنعتی دنیا کے ”کامی کازی مشن“ نے ایک ہی زندگی میں تباہی کی کہانی رقم کردی ہے۔
وہ سائنس دان، کہ جو بدلتے موسم سے خبردار کرتے رہے، اُن میں سے چند آج بھی زندہ ہیں۔ مثال کے طورپرویلی بروئیکریقین رکھتے ہیں، کہ محض کاربن کے اخراج میں کمی سے تباہی سے گریز ممکن نہیں، اس کے لیے ”کاربن کوپکڑنا“ carbon captureہوگا، یعنی فضا سے کاربن کوخارج، کشید، یا الگ کرنا ہوگا۔ کوئی ایسی ٹیکنالوجی درکار ہے، جویہ کام کرسکے۔، جو بوئیکرکے خیال میں کئی کھرب ڈالرکی سرمایہ کاری سے شایدممکن ہو، اوراس کے لیے ”جیو انجینیرنگ“میں اعلٰی مہارتوں کی ضرورت ہوگی۔ تاہم یہ باتیں فی الحال ماحولیاتی ماہرین کے لیے خواب اور سائنس فکشن سے زیادہ نہیں۔ ویلی بروئیکرaerosolطبعی کیمیا پربہت زور دیتا ہے، اُس کا خیال ہے کہ فضا میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کا پھیلاؤمفید ہوسکتا ہے۔
جیمس ہینسن ایک اور اہم نام ہے، وہ یونیورسٹی آف آئیوا کا ماہر ماحولیات تھا۔ اُس نے موسمی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ”زیرو ماڈل“ متعارف کروایا تھا، اور بعد میں ناسا میں موسم کی تحقیق کا سربراہ بنادیا گیا تھا، مگر جب اُس نے وفاقی حکومت کے خلاف ”بے عملی“ پرقانونی چارہ جوئی کی، تو اسے شدید دباؤ کا شکار کردیا گیا۔ اس دوران اُسے کئی بار گرفتارکیا گیا، جیل میں بند کیا گیا۔
جیمس ہینسن کی تحقیق کہتی ہے کہ سیارہ زہرہ پربھی پہلے زمین جیسی ماحولیاتی صورتحال تھی، زندگی سے بھرپور پانی کی وافر مقدار یہاں موجود تھی، مگر بدلتے موسم نے تیزی سے اسے ناقابل بودو باش بنادیا، یہاں کی فضا میں ایک ایسی گیس پھیل گئی کہ زندگی ممکن نہ رہی۔ اب یہی صورتحال کرہ ارض پر بھی شروع ہونے جارہی ہے۔
میں نے اکثر سائنس دانوں سے جب اس مسئلہ ’ماحولیاتی تبدیلی‘ کا حل جاننا چاہا، پوچھا کہ اتنی بڑی کائنات میں کیا کہیں زندگی کے آثار موجود نہیں؟
جواب یہ آیا کہ فطری تہذیب کی عمر کا دورانیہ ہی شایدہزاروں سال پرمشتمل ہوتا ہے، اور صنعتی زندگی میں یہ دورانیہ چند صدیوں پر سمٹ آتا ہے۔ وہ کائنات جو اربوں سال قدیم ہے، اور زمان و مکان کے لمبے فاصلوں پر محیط ہے،اس سے پہلے کہ کوئی اُس کے اجرام تک رسائی حاصل کرے، شاید تہذیبیں تیزی سے پیدا ہوکر فنا بھی ہوجاتی ہیں۔ زمین پر جب بھی فنا کا دور آیا ہے، اس بڑی ماحولیاتی چھلنی نے تیزی سے زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔ ہمارے عہد کا خاتمہ بھی آچکا ہے، ابتدا ہوچکی ہے۔
تاہم، جتنے سائنس دانوں سے میری بات ہوئی ہے، وہ اس بات پر ایمان رکھتے ہیں، کہ ”بدلتے موسم“ کو الٹے قدموں پھیرنے کے لیے کوئی نہ کوئی رستہ نکال لیں گے، کیونکہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
ترجمہ: ناصر فاروق
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2850414515189063

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔