پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دلدل قسط نمبر36 ریاض عاقب کوہلر ایک خوشگوار حیرت …

دلدل قسط نمبر36
ریاض عاقب کوہلر

ایک خوشگوار حیرت حنا کی منتظر تھی ….اپنے باپ کو ڈرائنگ روم میں امی سے باتیں کرتے دیکھ کر وہ خوشی و حیرت سے اچھل پڑی تھی ۔
”پاپا آپ ….؟“
”پاپا کی جان ….“فاضل خان والہانہ انداز میں بیٹی کی طرف بڑھا اور اسے بازووں میں بھر لیا ۔ اس کی بیوی رخشندہ بھی دونوں باپ بیٹی کے قریب آگئی تھی ۔
”پاپا ….انھوں نے آپ کو چھوڑ دیا ؟“
”میں نے اپنی گڑیا کو کہا تو تھا کہ اس کے پاپاکو زیادہ دیر سلاخوں کے پیچھے نہیں رکھا جا سکتا ۔“
”شکر ہے پاپا آپ آ گئے ،ورنہ یقین مانومیں اتنی پریشان تھی کہ بتا نہیں سکتی ۔“
”تم کہاں رہی ہو اتنے دن ؟۔“
”ایک جگہ پرچھپی ہوئی تھی پاپا۔“وہ باپ سے الگ ہو کر ماں سے لپٹ گئی ۔
”کہاں ؟“
”پاپا سن کر شاید آپ کو اچھا نہ لگے ۔“حنا کو جھوٹ بولنا مناسب نہ لگا تھا ۔
”بیگم ….آپ ڈرائیور کے ساتھ ہاسپیٹل چلی جائیں میں نے گڑیا سے کچھ ضروری باتیں کرنی ہیں ۔“
”بعد میں چلی جائیں گی نا پاپا….۔“حنا کو اکیلے باپ کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی ۔
”نہیں بیٹا ….ڈاکٹر سے اپوائنٹمنٹ لیا ہوا ہے…. اور ویسے بھی باپ بیٹی کی باتوں میں میرا کیا کام ؟“ فاضل خان کے کچھ کہنے سے پہلے اس کی ماں بولی اور حنا خاموش ہو رہی ۔
”بیٹھو گڑیا ۔“بیوی کے جاتے ہی فاضل خان نے کہا اور وہ خاموشی سے بیٹھ گئی ۔باپ کے چہرے پرچھائے تا¿ثرات اس بات کا مظہرتھے کہ وہ کوئی اہم بات کرنے جا رہا تھا ۔چند لمحوں کی خاموشی کے بعد اس نے پوچھا۔
”اب بتاو¿ ….یہ تین دن کہاں اور کس کے ساتھ گزارے ؟“
”پاپا ….آپ ….آپ نہیں جانتے اس نے آپ کی بیٹی کی جان اور عزت کی حفاظت کی ہے۔ان کتوں نے مجھے بے لباس کیا تھا اور اس نے میرے بے لباس جسم کو ڈھانپا ہے ….پاپامجھے اس حالت میں دیکھ کر بھی اس کی نظریں کسی آوارگی کی مرتکب نہیں ہوئیں….پاپا وہ بہت …. ۔“اس سے آگے حنا کی زبان رک گئی اور اس نے بے بسی سے سر جھکا لیا۔
”دیکھو بیٹی!….میں تمہارا باپ ہوں ….اور میں نے تمھیں اسی لیے تعلیم دلائی ہے کہ تمھارے دماغ کو اس مطلبی دنیا کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا سکوں ….اب جو باتیں میں کرنے جا رہا ہوں انھیں غور سے سننا…. گو باپ اور بیٹی کے دوران ایسی گفتگو نا مناسب لگتی ہے اور اس قسم کی نازیبا باتیں کوئی باپ اپنی بیٹی سے نہیں کر سکتا، مگر میں خاموش رہا تو جو نقصان ہو گا اس کا ازالہ شاید ممکن نہ رہے ، اس وجہ سے مجبوراََ مجھے یہ قدم اٹھانا پڑرہاہے ….پاپاکی جان تم بہت بھولی ہو ….یاد رکھنا اس ظالم دنیا کے دو چہرے ہیں ۔ایک ظاہری اور بناوٹی چہرہ ہے جسے ہر کوئی دیکھ سکتا ہے ۔ دوسرا اصل چہرہ جسے کوئی جہاندیدہ شخص ہی پرکھ سکتا ہے ۔تمھارے جیسی سادہ لوح اور بھولی بھالی لڑکی عمومی طور پرلوگوں کی ظاہری اور بناوٹی باتوں سے دھوکا کھا جاتی ہیں اور جب تک بات ان کی سمجھ میں آتی ہے اس وقت تک پانی سر سے اونچا ہو جاتا ہے ۔“فاضل خان نے ایک لمحے کے لیے رک کر حنا کا جھکا ہوا سر دیکھا اور پھر بات جاری رکھتے ہوئے بولا ۔ ”میں جانتا ہوں کہ تم اسماعیل شاہ سے ہمدردی رکھتی ہو ….اور اس کی وجہ بھی جانتا ہوں پر گڑیا تو نے کس طرح ایک اجنبی شخص کی باتوں پراعتبار کرتے ہوئے اپنے باپ کو اتنا گھناو¿نا سمجھ لیا …. مانتا ہوں مجھ سے جرم سر زد ہوئے ہوں گے اور میری شہرت بھی ایک گینگ کے سربراہ کی سی ہے مگر میرے جرائم میں کسی لڑکی کی عصت دری شامل نہیںہے ۔ میںایسا کیسے کر سکتا ہوں ،کیا میں بیٹی والا نہیں ….؟….اگر مجھے عورتوں کا شوق ہوتا تو ایک چھوڑ چارچار شادیاں کر سکتا تھا ۔اس کے علاوہ بھی مجھے عورتوں کی کمی نہیں ہو سکتی تھی ۔دولت پاس ہو تو کیا چیز نہیں ملتی ….مگر اس بات کی تم بھی گواہی دو گی کہ تمھاری ماں کے علاوہ میں نے کسی عورت سے تعلقات نہیں رکھے۔اگر یوں ہوتا تو ان تعلقات کی کم از کم اڑتی اڑتی شہرت ضرور میرے گھر تک پہنچتی۔تمہاری ماں کو مجھ سے ہزار شکایتیں ہوں مگر وہ کسی عورت کے سلسلے میں مجھے مطعون نہیں کر سکتی ۔باقی میں ایک دفعہ پہلے بھی اپنی صفائی پیش کر چکا ہوں مگر اس وقت میں نے مجمل بات کی تھی ۔ آج تفصیل سن لو….! اسماعیل شاہ کے ساتھ میری دشمنی کی وجہ اس کا گھر بنی ….مانتا ہوں میں نے اس کے گھر کی قیمت کم لگائی اس کی ماں بھی غلطی سے شیر خان کے ہاتھوں قتل ہوئی مگر اس میں غلطی اس کی ماں کی تھی۔وہ اسماعیل شاہ کا پوچھنے گیا اور اس بڑھیا نے اس پر تھپڑوں کی بارش کر دی جواباََ اس کا بھی ہاتھ اٹھ گیا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکی۔اس کا باپ دل کا مریض تھا اور اتفاقی طور پراسے ہارٹ اٹیک ہوا جو اسماعیل شاہ نے میرے کھاتے میں ڈال دیا ۔اسی طرح اس کی بہن کے بارے متضاد کہانیاں پھیلی ہیں ….یہ بھی سنا ہے کہ اس کا کردار ٹھیک نہیں تھا اور یہ بھی کہ اس کے ساتھ یہ سب کچھ پولیس تھانیداراور اس کے سپاہیوں نے کیا ۔ اسماعیل شاہ کو اپنی ماں کے قتل کے الزام میں بھی اسی انسپکٹر نے گرفتار کیا تھا ۔اور اس کا مقصد اس سے پیسے بٹورنا تھا ….اب مجھے تم بتاو کہ ….کس گواہی کے بل بوتے پرتم مجھے مجرم سمجھ رہی ہو ….؟اسماعیل شاہ کے کہنے پر …. ؟….اگر یوں ہے تو اس کی سچائی کی دلیل کیا ہے ….یہی نا ! کہ وہ کہتا ہے وہ حق پرہے ۔ لیکن پاپا کی جان ، یہ بھی تو سوچو وہ میرا دشمن ہے ۔وہ ہر قسم کے رکیک الزام مجھ پرلگا سکتا ہے ….تم اس بارے مجھ سے تو پوچھو ….اگر اسے سچا سمجھتی ہو توکس دلیل کی بنا پر ایسا سمجھتی ہو،اور مجھے کس دلیل کی بنا پرجھوتا گردانتی ہو ….۔“
”پاپا….مم….میں نے کب ایسا سمجھا ہے ….یا آپ سے صفائی چاہی ہے ….میں تو ……..“
”گڑیا ….میں تمہارا باپ ہوں ….کیا میں تمھارے بدلے رویے سے ناواقف ہوں ۔“
”ایسی کوئی بات نہیں پاپا….“
”دیکھو پاپا کی جان ….میں نے پہلے بتا دیا کہ آج کھل کر بات کریں گے….باپ بیٹی کے درمیان اس موضوع پربات کرنا نہایت معیوب سہی لیکن اس سے زیادہ ایک بیٹی کا باپ کے کردار پرشک کرنا گھناونا ہے….۔“
”پاپا میں نے کب شک کیا ہے ؟“وہ روہانسی ہونے لگی۔
”اچھا ….یہ بتاو¿ تم میرے دشمن میں کیوں اتنی دلچسپی لے رہی ہو؟…. تمھارے نزدیک وہ جھوٹا ہے تو اس سے ہمدردی کیسی اور اگر سچا ہے تو میں بے گناہ کیسے ثابت ہوتا ہو ں ؟“
”پاپا….“اس سے کوئی جواب نہ بن پڑا اور وہ اپنے ہاتھ مروڑنے لگی۔
”دیکھو بیٹی ….میری بات یاد رکھنا دشمن کا دوست ہمیشہ دشمن ہوتا ہے اور تم تو میری بیٹی ہو ….اور اسماعیل شاہ، میرا جانی دشمن ….تمہارا دوست کیسے ہو سکتا ہے ؟….وہ ایک سازش کے تحت تمھارے قریب آیا ہے ….تمھیں اغواءکرنا اور پھر بغیر کچھ کہے چھوڑ دینا ایک ڈرامہ تھا ….اب تک میں نے ایک بات تم سے چھپائی ہے، بلکہ چھپائی کیا ….وہ بات تھی ہی اتنی غیر مہذب کہ میں تمھیں بتا نہ سکا ، لیکن آج مجبوراََبتانی پڑ رہی ہے ۔“
فاضل خان نے ایک لمحے کے لیے خاموش ہوکر سسپنس پیدا کیا اور پھر بات جاری رکھتے ہوئے بولا ۔ ”حوالات کے اندر اسماعیل شاہ نے تھانیدار پرہاتھ اٹھایا تھا جواباََتھانیدارحاکم خان نے اس سے بڑا بھیانک انتقام لیا۔ اسے ….اسے کسی عورت کے قابل نہیں رہنے دیا “فاضل خان جھجکتے ہوئے اپنا فقرہ پورا کیااور حنا کے سر پرگویا بم پھٹ پڑا ۔ وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے اپنے والد کو دیکھنے لگی ۔
فاضل خان نے گفتگو میں وقفہ نہ آنے دیا۔”اپنی اس محرومی کو اس نے میرے خلاف انتقام کا ذریعہ بنا لیا ….تم یہ سمجھ رہی تھیں کہ اس نے شراب کے نشے میں چور ہو کر بھی تمھاری عصت کو داغدار نہیں کیا ….حالانکہ تم اس کے دشمن کی بیٹی تھیں…. تواس کی وجہ یہ تھی کہ وہ ایسا کچھ کر ہی نہیں سکتا تھا ۔اب تم اتنے دن اس کے پاس رہی ہو کیا اس نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی ….؟“یہ سوال کرتے وقت فاضل خان کے دل میں یہ خدشہ بہ ہر حال موجود تھا کہ صورت حال اس کے بر عکس بھی ہو سکتی تھی مگر حنا کی آنکھوں کے تاثرات سے اسے محسوس ہوا کہ اس کا تیر نشانے پربیٹھا ہے ۔ اس سے پہلے بھی حنا کے انداز اور حرکات نے اسے کلی طور پریہ باور کرایا تھا کہ وہ شدت سے اسماعیل شاہ کی محبت میں گرفتار ہے اور یہی شک اسے اسماعیل پربھی تھا ۔ حنا کی پرورش جس طرح ہوئی تھی اسے یقین تھا کہ وہ کسی بے حیائی کی مرتکب نہیں ہو سکتی تھی اور اس کا اندزاہ درست ثابت ہوا تھا ۔
”بالکل ہی نہیں پاپا مگر اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ….کہ….۔“وہ بات مکمل نہ کرسکی۔
”گڑیا تم اب بچی نہیں ہو….ذرا سوچو ایک جوان مرد اس لڑکی کو جولاکھوں نہیں کروڑوں میں ایک ہو بے لباس دیکھ کر بھی کچھ نہیں کہتا ….اس طرح کا کام شاید جنید بغدادی ؒ جیسا کوئی آدمی تو کر لے آج کے بے حیا دور میں یہ ممکن نہیں ۔اور پھر سب سے بڑھ کر وہ دعویٰ کرتا ہے کہ تمھارے باپ نے اس کی بہن کو داغدار کیا….گڑیا یہ حقیقت تمھیں ماننی پڑے گی کہ اپنی نامردی کو اس نے میرے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے …. میری بیٹی کو میرے خلاف ابھارا ہے ….اس کا مقصد تمھارے دل میں اپنی محبت پیدا کر کے مجھ سے برگشتہ کرنے کا ہے ،وہ بہت بھیانک انتقام لینا چاہتا ہے مجھ سے ….کیونکہ وہ جانتا ہے میں اپنی گڑیا کے بغیر نہیں رہ سکتا….۔“
”پاپا ….جس وقت اس نے مجھے بے لباس کیا تھا تو اس دن تو آپ ……..۔“
”ہاں گڑیا تم صحیح کہہ رہی ہو اس دن میں پریشان تھا ….لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس دن تک مجھے یہ بات معلوم نہیں ہوئی تھی….اسی طرح جب تمھیں گولی لگی تھی اس وقت بھی میں اس بات سے لاعلم تھا ….یہ بات تو مرنے سے ایک دن پہلے مجھے انسپکٹر حاکم نے بتائی ….اسے جب میں یہ کہانی سنائی اور ساتھ اسماعیل کی تعریف بھی کی کہ…. جیسا بھی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس نے میری بیٹی کو کچھ نہ کہہ کر بڑے ظرف کا ثبوت دیاہے ۔ تو انسپکٹر حاکم نے قہقہہ لگا کے بتایا کہ۔ اس نے اسماعیل شاہ کو اس قابل ہی نہیں چھوڑا کہ وہ میری بیٹی کو کچھ کہہ سکے۔ اور اس کے ساتھ وہ وقت بھی یاد کرو جب تم پہلی مرتبہ اسے ہوٹل میں ملنے گئیں تھیں ۔ایک آبرو باختہ عورت کے ساتھ وہ تمھیںکس حالت میں نظر آیا تھا….اس سے چند گز دور چارپائی پربیٹھا ہو انا۔اور وہ لڑکی صوفے پربیٹھ کے اکیلے شراب نوشی کر رہی تھی ….گڑیا سوچو اس طرح کون کرتا ہے ۔میں نے اس لڑکی سے سارا انٹر ویو لیا تھا ۔اس کے کہنے کے مطابق اسماعیل نے اسے ہاتھ بھی نہیں لگایا تھا ۔اس کا مقصد تو بس تمھیں اپنی مردانگی کا ثبوت گھٹیا طریقے سے دینا تھا ۔اوراسی وجہ سے جب دوبارہ عاطف نے اسے پھنسانے کے لیے تمھیںچارہ بنایا تھا تو میں نے صرف تمہاری جان جانے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔اگر مجھے اس کے بارے یہ بات معلوم نہ ہوتی تو میں کبھی بھی عاطف جیسے گھٹیا آدمی کو یہ اجازت نہ دیتاکہ وہ تمھیں اکیلے اس سے ملنے کے لیے بھیجے۔“
”پاپا ….پلیز….بھیا گھٹیا نہیں ہیں ۔“عاطف کو گھٹیا کہنے پرحنا تڑپ اٹھی تھی۔
”تمھیں پتا ہے اس نے مجھے کیوں گرفتار کرایا؟“
”اسے شک تھا کہ آپ کے آدمیوں نے اسماعیل پرقاتلانہ حملہ کیا تھا ….اور یہ کہ آپ ملک دشمن سر گرمیوں میں ملوث ہیں۔“
”اگرمیں نے کسی پرقاتلانہ حملہ کیا بھی تھا تو یہ پولیس کیس بنتا ہے اس میں خفیہ ایجنسی کو دخیل ہونے کی کیا ضرورت تھی ،اور پھر اسماعیل پرقاتلانہ حملہ کر کے میں کس طرح ملک دشمن بن گیا ۔کیا کوئی ثبوت دکھایا تھا تمھیں عاطف نے ۔“
”نہیں پاپا مگر وہ کہہ رہے تھے کہ ……..۔“حنا کی زبان اٹکنے لگی اسے یاد آیا کہ اس کے علاوہ تو اسے عاطف نے کچھ نہیں بتایا تھا ۔
”ویسے مجھے ہلکی سی بھی امید نہیں تھی کہ تم اتنی بے وقوف ہو سکتی ہو ….جو خبیث بھی تمھارے پا پا کے خلاف بات کرے گاتمھیں یقین آجائے گا؟ ….ایک نامرد نے جھوٹے ظرف سے تمھیں اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے اور دوسرے کمینے نے بہن کا جھوٹا رشتہ قائم کر کے پاپا کے خلاف کیا ہوا ہے۔“
”پاپا پلیز ….وہ ….وہ میرا بھیا ہے ۔“اسماعیل کی وکالت وہ باعث شرم نہیں کر سکتی تھی مگر عاطف تو اس کا بھائی تھا ….منہ بولا ہونے کے باوجود سگوں سے بڑھ کر۔
”اس نسبت سے میں اس کا باپ ہوا ….کیا باپ کے ساتھ کوئی ایسا سلوک کرتا ہے ۔“فاضل خان نے پیٹھ سے کپڑا ہٹا کر اسے دکھایا۔چمڑے کے چابک سے کی گئی پٹائی کے نشان ابھی تک نہیں مٹے تھے اور سرخ رنگ کی لکیریں بڑی واضح دکھائی دے رہی تھیں۔
بے اختیار آگے بڑھ کر اس نے اپنے باپ کی پیٹھ پر محبت سے ہاتھ پھیرا اور پریشانی سے بولی ۔
”پاپا ضروری تو نہیں کہ اس کے حکم پرآپ کو تکلیف دی گئی ہو ؟“
”یہ سب کچھ اس کے سامنے ہوا ہے ….اور پتا ہے یہ تشدد اس نے کس لیے کرایا….؟تم سمجھ رہی ہو گی کہ یہ سب کچھ اس نے وطن کی محبت میں کیا ہوگا،مگر ایسی کوئی بات نہیں ۔اس نے یہ سب چندٹکوں کی خاطر کیاہے ۔ اس نے مجھے رہا کرنے کی قیمت تیس کروڑ روپے طلب کی اور یہ رقم وصول کر کے مجھے رہا کردیا ۔یہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مجھے وطن دشمنی کی آڑ میں مار دیا جاتا ۔“فاضل خان نے اپنی قمیص برابر کرتے ہوئے ایک نیا انکشاف کیا ۔
”پاپا یہ نہیں ہو سکتا۔“حنا انکار میں سر ہلاتے ہوئے رو پڑی تھی۔باپ کی باتیں اس کے حلق سے نہیں اتر رہی تھیں ۔
”ہاں تیر اباپ جھوٹا ہے ناں….“فاضل خان تلخی سے بولا ۔”لیکن فکر نہ کرو میرے پاس ایک طریقہ ہے تمھیں یقین دلانے کا ۔“یہ کہہ کر وہ حواس باختہ حنا کو وہیں چھوڑکر تیز قدموں سے اپنے بیڈروم کی طرف بڑھ گیا واپسی پراس کے ہاتھ میں غلاف میں لپٹا وہ قرآن تھا جس پراس کی بیوی تلاوت کرتی تھی۔غلاف کھول کر اس نے قرآن نکالااور آنکھوں سے لگا کر قرآن کو بوسہ دیتے ہوئے بولا۔
”بیٹی مانتا ہوں میں گناہ گار ہوں مگر میرے مسلمان ہونے کا تو یقین کرتی ہونا ….؟میں اس پاک کلام کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ تمھارے نام نہاد بھائی عاطف نے مجھ سے تیس کروڑ روپے رہا ئی کی قیمت وصول کی ہے ۔بلکہ وہ اس سے زیادہ کا طلب گار تھا مجبوراََمیں نے اسے لالچ دیا کہ اپنی اکلوتی بیٹی کا رشتہ اسے دوں گا ….اور اس گھٹیا شخص نے مجھے رہا کر دیا ….بیٹی اس کے قول و فعل میں تضاد اور ظاہر و باطن میں فرق ہے ….اگر اب بھی تمھیں یقین نہیں تو بینک میں فون کر کے معلوم کر لو کہ میرے اکاو¿نٹ سے تیس کروڑ روپے اس کے اکاو¿نٹ میں منتقل ہوئے ہےں یا نہیں ۔“
حنا کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا ۔وہ سر پکڑتے ہوئے بولی ۔”پاپا مم….میں آرام کرنا چاہتی ہوں ۔“
فاضل خان قران مجیدکو واپس غلاف میں لپیٹ کر اٹھا اور حنا کے ماتھے پربوسہ دیتے ہوئے بولا۔
”گڑیا!…. حقائق کا سامنا کرنا بہت مشکل ہے ….مگر حقائق سے پہلو تہی کرنا بزدلوں کا شیوہ ہوتا ہے ۔اور یاد رکھنارشتے صرف خون کے ہوتے ہیں باقی سب مطلب کے دوست یار ہوتے ہیں ….بیٹی میں تمھیں خوش و خرم اور ہنستا مسکراتا دیکھنا چاہتا ہوں اور تمھارے دونوں آئیڈیلز کے بارے حقائق چھپا کر میں تمھیں قہقہے بکھیرتے ضرور دیکھتا اگر مجھے یقین ہوتا کہ یہ خوشی دائمی ہے ۔لیکن جانتا ہوں کہ یہ خوشی بالکل عارضی ہے۔ اور پھر آج تمھیں جتنا دکھ ہو رہا ہے ۔زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد یہ کسی ایسے نقصان کا باعث بھی بن سکتا تھا جس کا تحمل شاید میں نہ کر سکتا ۔دیکھو جب ماں یا باپ اپنے کمسن بچے کے پھوڑے کو دباتے ہیں توخوب جانتے ہیں کہ ان کے جان سے پیارے بچے کو تکلیف پہنچے گی لیکن ان کا مقصد بچے کو تکلیف میں مبتلا کرنا نہیں بلکہ پھوڑے سے پیپ اور گند کا اخراج کرناہوتا ہے۔اور اس وقت کی ہلکی سی تکلیف سے بچے کوبچانے کا مطلب پھوڑے کو ناسور میں بدلنے کا موقع دینا ہے ….شاید تمھیں میرے مو¿قف کی سمجھ آگئی ہو؟“
اس مرتبہ حنانے کوئی جواب نہیں دیا تھا ۔وہ ذہنی لحاظ سے اس قابل ہی نہیں رہی تھی کہ باپ کی بات کو موڑ سکے۔اس کی کیفیات کو دیکھتے ہوئے فاضل خان کو یقین ہو گیا کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب رہا ہے ۔
اس ڈرامے کے پیچھے یہ مقصد کارفرما تھا کہ وہ اس کی شادی اپنی مرضی سے کرنا چاہتا تھاتاکہ بیٹی کے فرض سے سبک دوش ہوجائے۔ پر ڈرتا تھا کہ اسماعیل کی محبت میں ڈوبی اس کی بیٹی انکارنہ کر دے اور وہ کسی صورت میں اس پرسختی نہیں کر سکتا تھا ۔اس لیے اس نے ضروری سمجھا کہ بیٹی کو اس سے برگشتہ کردے ۔اور بیٹی کو اس سے متنفر کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی تھا کہ اسماعیل پرالزام دھرے جائیں لیکن اس ضمن میں مشکل یہ تھی کہ وہ اپنی بات کا کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کر سکتا تھا ۔اس کی یہ مشکل عاطف کی رشوت لینے کی حرکت نے پوری کر دی ۔عاطف کے لیے اس کی بیٹی کے دل میں جو جذبات پنہاں تھے وہ ان سے ناواقف نہیں تھااسی لیے اسماعیل پرالزام لگانے سے متصل وہ عاطف کی شخصیت کو زیر بحث لے آیاکہ اس کی رشوت خوری اور حنا سے رشتے کی بات پروہ قرآن مجید کی بھی قسم کھا سکتا تھا ۔ اس طرح اس نے حنا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گویااس کے باپ کی قسم اسماعیل اور عاطف دونوں کے ضمن میں تھی۔اور یہ کہ جب عاطف جیسا آدمی دھوکے باز ہو سکتا تھا جسے اس کے باپ سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی تو اسماعیل کیوں ایسا نہیں ہو سکتا تھا جو اس کے باپ سے دشمنی کا بھی دعوے دار تھا ۔اس نے عاطف کے کندھے پر بندوق رکھ کرجو فائر کیاتھا وہ نشانے پربیٹھا تھا ۔اس کی بیٹی ایک بہت بڑے شاک کے زیر اثر نظر آرہی تھی۔
”ٹھیک ہے پاپا کی جان !…. جاوآرام کرو اس موضوع پرکل بات ہو گی ۔“وہ اپنے بیڈ روم کی طرف بڑھ گیا ۔ اس کے جاتے ہی حنا نے لڑکھڑاتے قدموں اور لرزتی سوچوں سے اپنے بیڈروم کا رخ کیا ۔ اس کے دل ودماغ ایسی آندھیوں کی زد میں تھے جو ہر خوشی کو خاشاک کی طرح اڑا کر لے جانے والی تھیں۔
٭….٭….٭
”دانش ….! عاطف بول رہا ہوں۔“
”میرا خیال ہے آپ کو تعارف کرانے کی ضرورت نہیں تھی….اگر آپ کا نمبر نہ بھی ہوتا تو میرے لیے آواز پہچاننا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔“
”تھینکس“کہہ کر اس نے پوچھا۔” کہاں ملو گے ؟“
”اس وقت تو اپنے آفس میں ہوں ….اورخیر تو ہے پریشان سے لگ رہے ہو ؟“
”سن کر آپ بھی پریشان ہو جاو¿ گے۔“
اس نے مسکرا کر کہا۔”تو کرو نہ پریشان۔“
”میں تمھارے پاس ہی آرہا ہوں۔“اور پھر دانش کی ۔”منتظر ہوں۔“سنتے ہی اس نے فون بند کر دیا ۔
ٓٓٓآدھے گھنٹے بعد وہ دانش کے سامنے بیٹھا اسے ساری کہانی تفصیل سے سنا رہا تھا ۔ دانش اس کا ایک اچھا دوست تھا ۔ اس کا تعلق آئی ایس آئی سے تھا ۔وقت پڑنے پردونوں ایک دوسرے کی مدد کے لیے کمر بستہ رہتے تھے۔عاطف کی بات ختم ہوتے ہی وہ مستفسر ہوا ۔
”تو اس ضمن میں میں کیا کر سکتا ہوں….جہاں سے آرڈر آیا ہے وہاں تک اپنی بھی پہنچ نہیں ہے ؟“
”مجھے بس ان تینوں کی نگرانی کروانی ہے ۔“
”سمجھا نہیں ؟“
”آج شام کی فلائیٹ سے آپ تین آدمی بھیجیں جوان تینوں کی نگرانی کریں۔اور اس وقت تک ان کی نگرانی کرتے رہیں گے جب تک انھیں کسی نئے مشن پرپاکستان یا کسی دوسرے ملک نہیں بھیج دیا جاتا ۔ اور پھر نئی جگہ کا ایڈریس مجھے بتا کر ان کا کام ختم ہوجائے گا…. اخراجات کی فکر نہیں کرنی۔“
”اس کے لیے تو ایک آدمی ہی کافی ہے ….اتنا اکٹھ کرنے کی ضرورت کیاہے؟“
”ضرورت ہے نا ؟….ہو سکتا ہے یہ آگے جا کر علیحدہ ہو جائیں ….اور مجھے تینوں کے ایڈریس چاہییں ۔“
”اوکے ….اور کچھ ؟“
”نہیں بس ایک کپ کافی پلوا دو ۔“
”اوہ سوری ….مجھے خیال ہی نہیں رہا ۔“دانش ندامت سے بولا اور انٹر کام اٹھا کر کافی کا بتانے لگا ۔
کافی پی کر عاطف نے اجازت لیتے ہوئے واپسی کی راہ لی۔ڈیوی پارٹی کی رہائی اس کی خوداری اور انا کے لیے ایک تازیانہ تھی مگر وہ مجبور تھا۔اگر صدیقی صاحب شفقت بھری ڈانٹ نہ پلاتا تو شاید وہ ان کی گردن اتارنے کا مرتکب ہو چکا ہوتا۔دفتر میں بیٹھ کر وہ کافی دیر پاکستانی کی گھناونی سیاست پر غور کرتا رہا ۔اس کی محویت عرفان نے آکر توڑی ۔
”سر !وہ خبیث آپ سے ملنے کی درخواست کر رہا ہے ؟“
”کون؟“
”قیدیوں کا سرغنہ ….مسٹر ڈیوڈ۔“
”کیا ان کی رہائی کا وقت ہو گیا ہے ؟“اس کی آواز میں چھپا دکھ بہت نمایاں تھا ۔
”جی سر ۔“اپنے بھائیوں جیسے سینئر کا دکھ عرفان کے لیے بھی انجانا نہیں تھا ۔وہ اور اس کے دوسرے تمام ساتھی بھی اسی کیفیت میں تھے۔عاطف ان کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتا تھا، مگر اس جگہ پر عاطف بھی بے دست و پا ہو گیا تھا وہ کیا کرتے۔
”لے آو¿۔“وہ منتشر بالوں میں انگلیاں پھیر کر انھیںدرست کرتا ہوا بولا۔اور عرفان سر ہلاتے ہوئے باہر نکل گیا۔
”گڈ ایوننگ مسٹر عاطف….“ڈیو ی دفتر میں داخل ہو کر چہکا ۔جواباََ عاطف نے سر ہلانے پراکتفا کیا تھا ۔وہ بغیر پوچھے کرسی سنبھالتا ہوا بولا۔
”میجر روہیت سے سنا تھا کہ کوئی عاطف نام کا فرد سی آئی میں ہے ،اب زیارت بھی ہو گئی ۔“
عاطف عرفان سے مخاطب ہو کر بولا۔
” میری بات مکمل ہونے تک اگریہ کھڑا نہ ہو جائے تو اسے اٹھا کر نیچے پھینک دینا ۔“
”جی سر “کہہ کر عرفان کرسی پربیٹھے ڈیوی کی طرف بڑھا مگر اس سے پہلے وہ گھبراکے کرسی چھوڑ چکا تھا ۔
”مسٹر عاطف یہ کیا مذاق ہے ….آپ کے ہاں مہمانوں سے یہ سلوک کیا جاتا ہے ؟“
”مسٹر تم مجرم ہو ….اور جاتے جاتے میری یہ نصیحت یاد رکھنا…. کوشش کرنا دوبارہ میرا سامنا نہ ہو ورنہ ….خیر وہ وقت آنے پربتا دوں گا ۔“
”مسٹر عاطف اکیلا چنا بھاڑ نہیں پھوڑ سکتا؟“
عاطف نے پوچھا۔”تم نے ملنے کی خواہش کی تھی….کیا اپنی طاقت دکھانا چاہتے تھے؟“
”نہیں !….وہ ہر پاکستانی کو ویسے ہی معلوم ہے کہ ایک امریکی کو پاکستان میں کتنے حقوق حاصل ہیں….بس آپ جیسے کچھ ضدی اس بات کو تسلیم نہیں کرتے ….بہ ہر حال ،میں آفر لے کے حاضر ہوا تھا ۔“
”سن رہا ہوں۔“
”ہمارے لیے کام کرو ….گرین کارڈ اور ماہانہ لاکھوں کا معاوضہ وصول پاو¿….کام بھی کوئی خاص نہیں ….بس ہمارے مقامی کارکنوں کے کاموں سے آنکھیں بند رکھو ….آپ کو بذات خود کچھ بھی نہیں کرنا پڑے گا ۔“
”میرے سینئر نے تمھیں قتل کرنے سے منع کیا ہے ….اورمجھے ان کا حکم بحالت مجبوری تسلیم کرنا پڑا، لیکن یہ یقینی بات ہے کہ تم اگر مزید چند منٹ بھی سامنے رہے تومیرے صبر کا لبریز پیمانہ چھلک پڑے گا، پھر تمہاری تنظیم یا حکومت اپنے زر خرید کو کتنی ہی سزا کیوں نہ دیتی رہے تمھیں اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکے گا ۔“عاطف کا لہجہ اور انداز ایسا نہیں تھا کہ ڈیوی پر اثر نہ کرتا ۔وہ باہر کی طرف قدم بڑھاتا ہوا بولا۔
”او کے گڈ بائی مسٹر عاطف ….میں نے تمھارے بھلے کی بات کی تھی۔“عرفان بھی اس کے ساتھ باہر کی طرف بڑھ گیا تھا جبکہ عاطف ایک مرتبہ پھر گہری سوچوں میںکھو گیا ۔
٭….٭….٭
کھانے کا پوچھنے کے لیے آنے والی ملازمہ کو اس نے صحت کی خرابی کا کہہ کر ٹال دیا تھا ۔ اس کو واپس گئے چند لمحے نہیں گزرے تھے کہ اس کی امی پریشان سی وہاں آن موجود ہوئی ۔
”کیا بات ہے چندا ….؟کھانا کیوں نہیں کھا رہیں؟“ اس کے ماتھے پرہاتھ رکھ کر وہ اس کے بدن کی حدت محسوس کرنے لگی ۔
”امی دن کو لیٹ کھانا کھایا تھا اب طبیعت نہیں کر رہی ۔“
”مگر وہ ملازمہ کہہ رہی ہے کہ تمہاری طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔“
”ایسی کوئی بات نہیں امی ۔“
”میں تو پریشان ہی ہو گئی تھی ۔“رخشندہ بیگم اس کے ماتھے پربوسہ دیتے ہوئے بولی ۔
”آپ تو بس یونہی پریشان ہو جاتی ہیں ۔“ ماں کی شفقت بھری پریشانی نے اس کی آنکھوں کو نم کر دیا تھا ۔
”اچھا اب سو جاو….اور رات گئے بھوک لگے تو مجھے آواز دے دینا کھانا گرم کر دوں گی۔“
”ٹھیک ہے ممی ۔“اس نے اثبات میں سر ہلایا اور رخشندہ بیگم اسے چادر اڑھاتی ہوئی باہر نکل گئی ۔ حنا ایک مرتبہ پھر سوچوں میں گم ہو گئی ۔اسماعیل شاہ کی معیت میں گزرے واقعات اس کے دماغ کی سکرین پر کسی فلم کی طرح متحرک تھے۔
”میری زندگی میں آنے والی پہلی لڑکی شہزادی تھی….اور پھر ٹریننگ سنٹر میں ہر رات کے لیے نیا ساتھی میسر تھا۔“اس کے دماغ میں اسماعیل کی آواز گونجی اور اس نے سوچا۔”کیا یہ جھوٹ تھا اس کی مردانگی کے دعوے صرف مجھے گمراہ کرنے کے لیے تھے ۔“
”پرکوئی اتنا بڑا اداکار کیسے ہو سکتا ہے؟ ۔“اسماعیل شاہ کی محبت سے بھرا دل کب اتنی جلدی ہار مان سکتا تھا۔”اس کی آنکھوں میں جلتے محبت کے دیپ ….اس کی باتیں،اس کا انداز ….اور پھر اس نے تو مجھ سے باپ کے خلاف کوئی کام نہیں لینا چاہا آخر وہ مجھے کیسے استعمال کر رہا ہے ۔“
”تمھیں جان سے پیارے والد سے متنفرکر دیا یہ کم ہے کیا ؟“حنا کی پریشان سوچیں اسی طرح سرگرداں رہیں کبھی دل کا پلہ بھاری پڑ جاتا تو کبھی دماغ اس پرحاوی ہو جاتا ۔اور پھر عاطف کے متعلق تو سوچ کر اس کی آنکھیں بھیگنے لگیں …. ”بھیا کا کردار اتنا گرا ہوا ….“وہ ایسا تصور بھی نہیں کر سکتی تھی مگر اس کے ساتھ اپنے والد کے ہاتھ میں تھاما ہوا قرآن مجید اس کی نظروں میں گھوم گیا ۔
”نہیں پاپا اتنا بڑا جھوٹ نہیں بول سکتے ۔“ان گڈ مڈ سوچوں نے اس کے دماغ کی چولیں ہلا دی تھیں رات کے دو بجنے والے تھے جب اس نے تپائی پرپڑا فون اپنے جانب کھسکایا،مگر پھر کچھ سوچ کر واپس رکھ دیا آخر وہ اسماعیل شاہ سے کیا پوچھتی ؟۔”کیا آپ مرد نہیںہیں؟ “اگر وہ کہہ دیتا ہاں نہیں ہوں ….تب کیا اس کی چاہت جھوٹی ثابت ہو جاتی یا حنا اسے بھلا پاتی۔
کافی دیر خود کو سمجھانے اور تسلی دینے کی باوجود وہ خود کو باز نہ رکھ سکی اوراور یہ سوچ کر اسماعیل شاہ کا نمبر ڈائل کرنے لگی کہ اپنے سے کیا پردہ ۔ جس مرد سے اس کی کوئی چیز پوشیدہ نہیں رہی تھی اس سے احساسات کا کیا پردہ۔اس کا موبائل روڈز نے چھینا تھا اور پھر اسے واپس نہیں ملا تھا مگرا پنے شاہ جی کا نمبر تو اس کے دل پرلکھا ہوا تھا ۔بد قسمتی سے نمبر اسے بند ملا ۔ رسیور کریڈل پررکھ کر وہ ایک مرتبہ پھر سوچوں میں کھو گئی ۔اسماعیل شاہ کے نمبر بند رکھنے کا ایک ہی مطلب تھا کہ وہ اب اس سے رابطہ نہیں رکھنا چاہتا تھا۔
”تو نہ رکھے میں کب مری جا رہی ہوں….دھوکے باز ….جھوٹا ۔“اس کے دل میں عجیب دکھ بھری تلخی بھر گئی ۔ اس سے لیٹا نہ گیااور وہ اٹھ کرٹہلنے لگی ۔غم زیادہ تھا اور اسے برداشت کرنے کا حوصلہ کم….اسے شدت سے کسی غم گسار کی ضرورت محسوس ہوئی ۔ڈائری نکال کر اس نے اپنی سہیلی کرن کا نمبر دیکھا رات کے تین بج رہے تھے جب اس کی انگلیاں کرن کا نمبر ڈائل کر رہی تھیں۔چند گھنٹیوں بعد فون رسیو کر لیا گیا ۔
”ہیلو ؟“کرن کی نیند کے خما ر میں ڈوبی آواز اس کی سماعتوں میں گونجی ۔اور حنا کے ضبط کے دھارے ٹوٹ گئے ۔
”اے حنا تم ….کیا ہوا میری جان ؟“کرن کی نیند اڑ گئی تھی۔مگرحنا کوشش کے باوجود کچھ نہ بتا سکی بس اس کی سسکیاں گونجتی رہیں ۔
وہ مستفسر ہوئی۔”انکل ،آنٹی تو ٹھیک ہیں ناں ؟“
”جی ۔“وہ بہ مشکل بول پائی ۔
”خدانخواستہ شاہ جی کے ساتھ تو حادثہ پیش نہیں آگیا ۔“کرن امکانی گھوڑے دوڑانے لگی ۔
”نہیں۔“
”کچھ پتا تو چلے ؟“وہ جھلا گئی۔
”کچھ نہیں بس سو جاو¿۔“
”یہ خوب رہی ….یہی کہنے کے لیے جگایا تھا ۔“
”مم….مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہی کیا کہوں؟“
”کچھ پتا چلے گاتو تسلی یا مشورہ دوں گی نا؟“
”پاپا کہتے ہیں شاہ جی نے مجھے دھوکا دیا ہے ۔“
”ہونہہ !…. کھودا پہاڑاور چوہا بھی نہ نکلا…. عقل کو ہاتھ مارو ….اور یہ انکل کوتم دونوں کے تعلقات کاکب اورکیسے پتا چلا ؟“
”میرا خیال ہے میں اپنی بات کی وضاحت نہیں کر سکی ہوں؟“
کرن نے کہا۔”تمہارا خیال بالکل ٹھیک ہے ۔“جواباََ حنا کو ساری تفصیل دہرانی پڑی۔
”تو….اس میں رونے کی کیا بات ہے۔انکل اگر تمھارے برے بھلے کا نہیں سوچے گا تو کون سوچے گا ….اور ان کی بات سے اتفاق کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔“
”تو کیا کروں شاہ جی کو بھلا دوں….بھیا سے تصدیق کےے بغیر ناطہ توڑ لوں؟“
”قرآن مجیدسے بڑی تصدیق کیا ہو سکتی ہے ….انکل اتنا براجھوٹ نہیں بول سکتے۔اور جہاں تک تعلق ہے تمھارے شاہ جی کاتو اس سے بات کر کے پوچھ لو یا اس کے پاس جا کر اپنا شک دور کر لو۔“آخری بات کرن نے قہقہہ لگا کے کہی تھی۔
”تو کر لوں گی ناں ….میرا اپنا شاہ جی ہے ۔“حنا اس کے قہقہہ لگانے پر چڑ گئی تھی۔
”تو جاو¿ …. رات کے تین بجے میرا دماغ کیوںخراب کر رہی ہو ؟“
”کرن میں مذاق کے موڈ میں نہیں ہوں۔کیا تمھیں نہیں لگتا بھیا کے پیسے لینے کے پس پردہ کوئی دوسری بات ہے ؟“
”یار کسی ایک کی بات تو پوری ہونے دو ….شاہ جی کی بات کرتی ہوں تو تمھارا بھیا آکودتا ہے اور اس کا ذکر چھیڑوں تو شاہ جی آ دھمکتا ہے ۔“
”کرن کی بچی …. مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہی کیا کروں؟“
”اچھا پہلے عاطف صاحب کے بارے سنو ! اگر اس نے یا اس کے آدمیوں نے انکل کو زدو کوب کیا ہے اور بعد میں عاطف صاحب نے انھیں رقم لے کے رہا کر دیا ہے تو اس میں دو احتمال ہیں۔اگر تو انکل مجرم ہیں پھر اس نے رشوت لی ہے اور اگر انکل بے گناہ ہیں پھر اس نے ظلم کیا ہے ۔ تیسری کوئی وجہ نہیں ہو سکتی۔“
”کرن تم بھیا سے ملی نہیں ہو ناں اس لیے ایسی بات کہہ رہی ہو ۔“
” شرم کرو….کیا انکل قرآن مجید اٹھا کر جھوٹ بول رہے تھے؟“
”میں نے یہ تو نہیں کہا ؟“حنا گھبرا گئی ۔”میرا مطلب یہ تھا کہ شاید پاپا کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہو یا بھیانے کچھ سوچ کریہ حرکت کی ہو ؟“
”بالکل ….ہر آدمی اپنے مستقبل کا سوچتا ہے اور پھر تمھاری شکل و صورت تو بڑے بڑوں کی مت مار دیتی ہے …. وہ غریب اگر تجھ سے شادی کا سوچ بیٹھا تو کیا برا کیا ؟“
”بکواس بند کرو ….وہ میرا بھیا تھا ….ہے اور رہے گا۔“
”تو بہن صاحبہ اپنے بھیا سے ہی پوچھ لو نا میرا مغز کیوں چاٹ رہی ہو ؟“
”ڈرتی ہوں ….؟“
”کس بات سے ؟“
”اگر جھوٹ ہو اتو اس کا سامنا کیسے کروں گی ….؟اور اگر سچ ہوا تو….پھر ….۔“
”اے لڑکی ….بات سنو ….یہ جو تو کر رہی ہے نا ….اسے مشورہ لینا نہیں کہتے ….تو بس وقت ضائع کرر ہی ہے اور وہ بھی میرا ….ورنہ تو نے کرنا وہی ہے جو تو نے پہلے سے سوچا ہوا ہے ۔“
”اچھا شاہ جی کے بارے تمھارا کیا اندازہ ہے ؟“
”اس کا تمھیں زیادہ تجربہ ہے ….میں نے تو اس کی شکل شریف بھی نہیں دیکھی۔“
”پتا ہے پچھلے تین دن ہم نے اکٹھے ہی گزارے ہیں ….رات گئے اس کے ساتھ مختلف موضوعات پرگپ شپ ہوتی رہتی مجال ہے اس نے کوئی گری ہوئی حرکت کی ہو؟….اس سے پہلے جب اس نے مجھے اغواءکیا تھا اس وقت بھی میں قریباََ ہفتہ بھر اس کے پاس قید رہی تب بھی مجھے اس کی نظروں میں کبھی میلا پن نظر نہیں آیا ۔ اور آخری دن کی کہانی تو میں اس سے پہلے بھی تمھیں تفصیل سے سنا چکی ہوں کہ کیسے اس نے نشے کی حالت میں بھی مجھے معاف کردیا۔“
”تو صاف کہو نا ،انکل ٹھیک کہہ رہے ہیں ….آج کا نوجوان ایسا کیسے ہو سکتا ہے ؟“
”کیوں نہیںہو سکتا ؟….محبت کرنے والوںکے نزدیک جسمانی تعلقات کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی ؟“
”بڑی آئی لیلیٰ کی نانی ….محبت کا دعوے دار تو وہ خبیث کامران بھی تھا۔“کرن کو اپنا پریمی یاد آگیااور وہ بولی۔” ایک ہی دفعہ غلطی کی تھی اس سے اکیلے میں ملاقات کی ….اللہ نے بچا لیا ورنہ اس نے تو کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، مجھے زندہ درگور کرنے کی ۔“
”کامران اور شاہ جی میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔“
”صحیح کہا ….وہ مرد ہے ؟….اور یہ ….اسے پیار کرنے والی ہی کو پتا نہیں کہ کیا ہے ؟“
”اچھا…. اگر پاپا کی بات صحیح ہوئی تو کیا اس سے یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ اس کی محبت جھوٹی ہے ؟“
”کہتے ہیں خوب صورت عورتیں بے وقوف اور احمق ہوتی ہیں …. میرا خیال ہے تم اس قسم کی باتیں کر کے اپنی خوب صورتی پرمہر ثبت کر رہی ہو ؟“
”کرن پلیز…. مذاق نہیں ۔“
”یہ حقیقت ہے ….بیوقوف اگرانکل کی بات سچ ہے تو اسماعیل کی سچی محبت بھی تمھارے کس کام کی ؟“
”بھول ہے تمہاری ….مجھے وہ اس خامی سمیت قبول ہے ۔“
”فطرت سے بغاوت کر کے زندہ رہنا صرف فلموں اور کہانیوں میں ممکن ہے ۔“
”ہاں ….مگر شاہ جی کے بغیر بھی تو نہیں رہ سکتی ہوں ناں۔“
”عاطف صاحب سے تو نے تصدیق نہیں کرنی ….اور اسماعیل شاہ سے قطع تعلق نہیں کرنا ….تمہارا یہی فیصلہ گفتگو کی ابتداءمیں بھی تھا اور اب بھی قائم ہے ….مجھے بے آرام کرنافقط صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے تھا۔“
”تو کیا میں آپ کو جگانے کا حق نہیں رکھتی؟“حنا کے لہجے میں خفگی کا عنصر نمایاں تھا ۔
کرن نے جلدی سے جواب دیا ۔”کیوں نہیں میری جان۔“
”بس بس مجھے پتا چل گیا تمھاری ہمدردی کا ۔بار بار یہی طعنے دے رہی ہو کہ تمھیں نیند سے جگا دیا بے آرام کر دیا ۔“
با خدا ایسی کوئی بات نہیں چندا ….میرے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ اپنے باپ کی بات کو بھی اہمیت دو ، عاطف نے انکل سے رشوت لی ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس کا کردار بھی ایک عام پولیس والے کی طرح ہے ۔تمہاری عزت اور احترام اس وجہ سے تھا کہ تم ایک سیٹھ کی بیٹی تھیں ورنہ شاید وہ تم سے بات کرنا بھی گوارا نہ کرتا ،یہ بھی کنفرم ہے کہ اس نے انکل کو گرفتار کرنے کے لیے تمھیںستعمال کیا ہے …. اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ اس نے تمھیں تمھارے محبوب اسماعیل شاہ کے خلاف بھی استعمال کیا تھا ….اور یاد رکھنا یہ خفیہ پولیس والے انسانی نفسیات سے کھیلنے کے ماہر ہوتے ہیں ،اسے پتا تھا کہ تمہارا کوئی بھائی نہیں ہے اس وجہ سے اس نے بھائی بن تمھیں اسماعیل کے خلاف استعمال کیا اور جہاں تک میرا اندازہ ہے کہ انکل کے خلاف بھی اس نے بہت ساری معلومات تم سے ہی حاصل کی ہوں گی۔اسی طرح اسماعیل شاہ نے تمھیں محبت کے جھوٹے جال میں پھانسا ورنہ یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ تم سے تو بے انتہا محبت کرتا ہو اور انکل کا بد ترین دشمن ہو ….تمہاری اتنی زیادہ قربانیوں کے باوجود تمھاری درخواست کو در خور اعتناءنہ سمجھنا ظاہر کرتا ہے کہ اس کے دل میں تمھاری ذرہ بھر محبت بھی نہیں ہے بلکہ وہ تمھیں انکل سے برگشتہ کر کے انکل سے بہت بھیانک انتقام لے رہا ہے اور اس بات میں تو کوئی شک بھی نہیں ہے کہ انکل تمھیں بے انتہا چاہتا ہے ۔“
”تم میں میری پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہو ۔“حنا کے ذہن میں کلبلاتے اندیشے حقیقت کا روپ دھارنے لگے۔
”مجھے فخر ہے کہ یونیورسٹی بھر میں فقط مجھے ہی تو نے دوستی کے قابل سمجھا ….میں بھی تمھیں دل کی گہرائیوں سے چاہتی ہوں …. تمہارا دکھ مجھے اپنا دکھ محسوس ہوتا ہے ،لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں تمھیں جھوٹی تسلیاں دینا شروع کر دوں۔ان دونوں مردوں کا کردار کل کو ویسے ہی کھل کر سامنے آنا تھا اچھا ہوا کہ جلدی پتا چل گیا….کل کے رونے سے آج کے آنسو بہتر ہیں ۔میر ا اندازہ ہے کہ انکل نے تم سے اس لیے کھل کر بات کی ہے کہ وہ تمھاری شادی کرنا چاہتے ہیں اور تمھاری مرضی ان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے …. اگر میرا اندازہ ٹھیک ہے تو ہاں کرنے میں ہی تمہاری بہتری ہے ۔“
”کرن ….تم جانتی ہو شاہ جی کے لیے میرے دل میں کیا جذبات ہیں پھر بھی یہ مشورہ دے رہی ہو ؟“
”ہاں ….کیونکہ اسی میں تمہاری بہتری ہے اور میں تمھاری بہتری کی خواہاں ہوں۔“
”اپنی بہتری پاس ہی رکھو ….اگر شاہ جی نہیں تو کوئی نہیں ،اگر وہ دھوکے باز ہے تب بھی اس کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا یوں بھی میں منافقت کی زندگی نہیں گزار سکتی ….“
”منافقت سے تمھاری کیا مراد ہے ؟“کرن کے لہجے میں حیرانی تھی ۔
”دل میں شاہ جی ہو اور میں کسی دوسرے کی آغوش میں پڑی ہوں تو تمہاے خیال میں یہ کیا ہے ؟ اسی طرح شاہ جی کے ساتھ میرا جو تعلق رہ چکا ہے کیا اس کے بعد کوئی غیرت مند مرد مجھے شریک حیات کے طور پر قبول کر لے گا ؟“
کرن وثوق سے بولی۔”ایک نہیں کئی ….جوان دل و جان سے قبول کریں گے “
”محترمہ ! ….نہ تو مجھے دولت کے لالچی درکار ہیں اور نہ ہی میں ظاہری چکا چوند اور حسن پر مر مٹنے والوں کی خواہش مند ہوں ….مجھے وہ چاہیے جو میری روح سے محبت کرتا ہو ۔“
”اور ایسا تمھارے خیال میں صرف شاہ جی ہے ؟“کرن کے لہجے میں طنز کی آمیزش تھی۔
”بے شک….شاہ جی ایسا ہی ہے ….۔“
”اچھا میری ماں …. جو چاہے کرو اور اب مجھے بخشو کہ اذانیں شروع ہو چکی ہیں ۔“
”اچھا وعدہ کرو کل میرے پاس آو گی ؟“
”اوکے ….میں یونیورسٹی سے سیدھے تمھارے پاس آوں گی ….کھانا ان شاءاللہ اکھٹے کھائیں گی ۔ اور ہاں یاد سے کوئی اچھی سی ڈش بنوا لینا ۔“
اور حنا نے ”خدا حافظ “کہتے ہوئے فون بند کر دیا ۔نیند اب بھی اس کی آنکھوں سے کوسوں دور تھی ، کرن سے بات کر نے کے بعد بھی وہ کسی واضح فیصلے پرپہنچنے سے قاصر رہی تھی۔
٭….٭….٭
”رندھیر یہ کیسے ہو سکتاہے؟“روہیت کے لہجے میں حیرانی تھی۔اسے ڈیوی پارٹی کی رہائی ہضم نہیں ہو رہی تھی۔
”ایسا ہی ہے سر۔“رندھیر اعتمادسے بولا۔
”پہلے فاضل خان کی رہائی اور ابھی ڈیوی پارٹی کو چھوڑ دینا ….کچھ سمجھ نہیں آ رہی ؟“
”شاید اوپر سے آرڈر ملا ہوسر ۔“رندھیر نے خیال ظاہر کیا۔
”بات پتے کی کر رہے ہو؟….بہر حال اپنا کام تو درمیان میں ہی اٹکا ہوا ہے ۔“
”سر !…. عاطف لازماََاب ہماری طرف متوجہ ہو گا ۔“
روہیت نے منہ بنا کر کہا۔”تو کیا ….ہم ا س سے ڈرتے تھوڑی ہیں ؟“
”نہیں سر ….میرا مطلب یہ تھا کہ اب کسی کو چارہ بنا کر اسے پھانسا جا سکے گا ۔“
”پر کیسے اور کس کو ؟“
”سر ……..“رندھیر کچھ کہنے ہی لگا تھاکہ اس کا موبائل بج اٹھا ۔
”یس ؟“وہ کال رسیو کرتا ہوا بولا۔اورکال کرنے والے کے ا لفاظ سنتے ہی وہ ”کیا ؟“ کہتے ہوئے اچھل کر کھڑا ہو گیا تھا ۔دوبارہ کچھ کہا گیا جسے سن کر وہ بولا۔
”ٹھیک ہے وہیں رہو….میں اور میجر صاحب آ رہے ہیں ۔“رابطہ منقطع کر کے وہ اپنے جانب متوجہ میجر روہیت سے بولا ۔
”سر !پاربتی آخر میں جس لڑکے کے ساتھ نظر آئی تھی وہ ابھی ابھی بلیو مون ہوٹل میں دیکھا گیا ہے۔ ایک برقع پوش عورت بھی اس کے ہمراہ ہے ۔ شاید وہ پاربتی ہی ہو ۔وہ شنکر کو نظر آئے ہیں ….میرا خیال ہے ہمیں وہیں چلنا چاہےے۔“
مگر روہیت اس کی بات پوری ہونے سے پہلے اپنی جگہ چھوڑ کر دروازے کے جانب چل پڑا تھا ۔ پاربتی کا مل جانا اس کے لیے کسی خزانے سے کم نہیں تھا ۔
٭….٭….٭
”یس ؟“مسلسل بجنے والی گھنٹی سے تنگ آکرعاطف انجان نمبر اٹینڈ کرنے پرمجبور ہوگیا ۔
”عاطف بھائی کال تو اٹینڈ کرو….میں شہزادی بات کر رہی ہوں۔“اگر وہ تعارف نہ کراتی تب بھی عاطف نے اس کی آواز پہچان لی تھی۔
”شہزادی بہن ….کیسی ہو ؟….بڑی جلدی یاد آگئی ؟“اس کا پر تپاک لہجہ ہلکی سی خفگی لیے ہوئے تھا۔
”بھائی آپ کو بھلا سکتی ہوں ؟ ….بس آپ کی مصروفیت کا سوچ کر کبھی ہمت ہی نہیں پڑی ۔“
”تو اب کیوں ؟“وہ مسکراکر مستفسر ہوا۔
”اب تو میں کراچی آئی ہوں سوچا آپ سے ملاقات کرتی چلوں ….تنویر بھی آپ سے ملاقات کے متمنی تھے۔“
”کراچی ….پر کیوں؟“
”تنویر کو کوئی کام تھا ۔“اسے عاطف کا پریشان لہجہ سن کر حیرانی ہوئی تھی۔
”اب کہاں ٹھہرے ہو ؟“
وہ جلدی سے بولی ۔”بلیو مون ہوٹل میں۔“عاطف کا تفشیشی انداز اسے عجیب سا لگ رہا تھا ۔
”شہزادی بہن آپ کو میرا تفشیشی انداز شاید اچھا نہیں لگ رہا ….اور شاید میں آپ کو پریشان بھی نہ کرتا مگر اصل بات چھپانے سے اندیشہ ہے کہ آپ کسی مصیبت میں نہ پھنس جائیں۔“
”کک …. کیا بات ہے ؟“شہزادی کے لہجے کی لرزش نمایاں تھی ۔
”ارے آپ تو ڈر گئیں ….اتنا ڈرنے کی ضرورت نہیں بس یہ احتیاط برتنی ہے کہ کہیں بھی آتے جاتے نقاب کا استعمال ضرور کرنا ۔“
”وہ تو میں یوں بھی کرتی ہوں ….لیکن یہ احتیاط ….کس لیے ؟“
عاطف نے پوچھا ۔”میجر روہیت کے نام سے واقف ہو ؟“
”مم….میجر روہیت ….ہاں اچھی طرح جانتی ہوں ۔“
”وہ بد بخت تمھاری تلاش میں پاکستان پہنچا ہوا ہے ….اور اس کے گرگے تمھیں کتوں کی طرح کھوج رہے ہیں، اس لیے بہتری اسی میں ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے کام مکمل کر کے واپسی کا قصد کرو ۔“
”بھائی وہ تو بہت خطرناک بندہ ہے ….اور را کا خاص الخاص مہرہ ہے ….اپنے ذمے کا کام ادھورا چھوڑنے کا وہ قائل ہی نہیں ہے ….میں تنویر سے مشورہ کرتی ہوں ….ہمیں آج ہی لوٹ جانا چاہیے ۔“
”خیر اتنا بھی خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ….تمھارا بھائی ابھی زندہ ہے ….بس یوں کرو کہ اپنے شوہر کے ساتھ میرے ٹھکانے پرآ جاواور……..۔“
”بھائی ایک منٹ ….“وہ قطع کلامی کرتے ہوئے کسی اور سے مخاطب ہوئی ۔”کون ہے ؟“اور پھر جوابی بات سن کر وہ دوبارہ بولی ۔
”مگر ہم نے تو روم سروس کو کوئی آرڈر نہیں دیا ۔“
شہزادی کی بات سنتے ہی عاطف جلدی سے بولا ۔”شہزادی بہن دروازہ نہیں کھولنا ہوٹل میرے آفس کے قریب ہے ،میں ادھر ہی آرہا ہوں …. اپنا کمرہ نمبر بتاو؟“
”تھرڈ فلور….روم نمبر پچیس۔“
”تنویر کدھر ہے ؟“اس سے بات کرتے کرتے عاطف دفتر سے باہر نکل آیا تھا ۔
”واش روم میں ہے….اور بھائی کمرے کا لاک کھولنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔“شہزادی کی آواز میں گھبراہٹ کا عنصر نمایاں تھا ۔
”گھبرانا نہیں ….مجھے زیادہ سے زیادہ دس منٹ لگیں گے ….تم جلدی سے باتھ روم میں گھس جاو۔“
اور شہزادی ”جی اچھا ۔“کہہ کر غسل خانے کی طرف بھاگی ….تنویر دروازہ کھولو ،اس نے بے صبری سے دروازہ کھٹکھٹایا ۔
”ایک منٹ ….“تنویر کو صورت حال کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا ۔
”جلدی کرو ….“اس کی آواز میں شامل خوف اور پریشانی اس بات کا مظہر تھی کہ وہ میجر روہیت سے اچھی طرح واقف تھی۔اور پھر کمرے کا دروازہ کھلنے کے ساتھ تنویر نے بھی باتھ روم کا دروازہ کھول دیا تھا ۔ وہ دروازے کو دھکیلتی اندر گھستی ہوئی چلائی….
”کنڈی چڑھاو.. کنڈی چڑھاو….“
جاری ہے