خوفناک عمارت
عمران سیریز
قسط 4
ایک بج گیا تھا ….فیاض عمران کو اس کی کوٹھی کے قریب اتار کر چلا گیا پائیں باغ کا دروزہ بند ہوچکا تھا !عمران پھاٹک ہلانے لگا ….اونگھتے ہوئے چوکیدار نے ہانک لگائی ۔
”پیارے چوکیدار….میں ہوں تمہارا خادم علی عمران ایم ایس سی پی ایچ ڈی لندن ۔ “
”کون چھوٹے سرکار۔“چوکیدار پھاٹک کے قریب آکر بولا”حضور مشکل ہے ۔“
”دنیا کا ہر بڑا آدمی کہہ گیا ہے کہ وہ مشکل ہی نہیں جو آسان ہوجائے ۔“
”بڑے سرکار کا حکم ہے کہ پھاٹک نہ کھولا جائے ….اب بتائیے ۔“
”بڑے سرکار تک کنفیوشس کا پیغام پہنچادو۔“
”جی سرکار !“چوکیدار بوکھلا کر بولا۔
”ان سے کہہ دو کنفیوشس نے کہا ہے کہ تاریک رات میں بھٹکنے والے ایمانداروں کے لئے اپنے دروازے کھول دو۔“
”مگر بڑے سرکار نے کہا ہے ….“
”ہا….بڑے سرکار….انہیں چین میں پیدا ہونا تھا ۔خیر تم ان تک کنفیوشس کا یہ پیغام ضرور پہنچا دینا ۔“
”میں کیا بتاوں ۔“چوکیدار کپکپاتی ہوئی آواز میںبولا ۔ ”اب آپ کہاں جائیں گے“۔
”فقیر یہ سہانی رات کسی قبرستان میں بسر کرے گا ۔ “
”میں آپ کے لئے کیاکروں ۔“
”دعائے مغفرت ….اچھا ٹاٹا!“عمران چل پڑا ۔
اور پھر آدھے گھنٹے بعد وہ ٹپ ٹاٹ نائٹ کلب میں داخل ہورہا تھا لیکن دروازے میں قدم رکھتے ہی محکمہ سرغرسانی کہ ایک ڈپٹی ڈائریکٹر سے مڈبھیڑ ہوگئی جو اس کے باپ کا کلاس فیلو بھی رہ چکا تھا ۔
”اوہو! صاحبزادے تو تم اب ادھر بھی دکھائی دینے لگے ہو؟‘
”جی ہاں اکثر فلیش کھیلنے کے لئے چلا آتا ہوں ۔ “عمران نے سرجھکا کر بڑی سعادتمندی سے کہا۔
”فلیش !تو کیا اب فلیش بھی….?“
”جی ہاں ! کبھی کبھی نشے میں دل چاہتا ہے ۔“
”اوہ….تو شراب بھی پینے لگے ہو۔“
”وہ کیا عرض کروں ….قسم لے لیجئے جو کبھی تنہاپی ہو۔اکثر شرابی طوائفیں بھی مل جاتی ہیں جو پلائے بغیر مانتیں ہی نہیں….!“
”لا حول ولا قوة …. تو تم آج کل رحمن صاحب کا نام اچھال رہے ہو۔“
”اب آپ ہی فرمائیے !“عمران مایوسی سے بولا ۔”جب کوئی شریف لڑکی نہ ملے تو کیا کیا جائے ….ویسے قسم لے لیجئے ۔ جب کوئی مل جاتی ہے تو میں طوائفوں پرلعنت بھیج کر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں ۔“
”شائدرحمن صاحب کو اس کی اطلاع نہیں….خیر….“
”اگر ان سے ملاقت ہوتو کنفیوشس کا یہ قول دہرادیجئے گا کہ جب کسی ایماندار کو اپنی ہی چھت کے نیچے پناہ نہیں ملتی تو وہ تاریک گلیوں میں بھونکنے والے کتوں سے سازباز کرلیتا ہے ۔ “
ڈپٹی ڈائریکٹر اسے گھوررتاہوا باہر چلا گیا ۔
عمران نے سیٹی بجانے والے انداز میں ہونٹ سکوڑ کر ہال کا جائزہ لیا ….اس کی نظریں ایک میز پر رک گئیں ۔ جہاں ایک خوبصورت عورت اپنے سامنے پورٹ کی بوتل رکھے بیٹھی سگریٹ پی رہی تھی ۔ گلاس آدھے سے زیادہ خالی تھا۔
عمران اس کے قریب پہنچ کر رک گیا ۔
”کیا میں یہاں بیٹھ سکتا ہوں لیڈی جہانگیر !“وہ قدرے جھک کر بولا۔
”اوہ تم “لیڈی جہانگیر اپنی داہنی بھوں اٹھا کر بولی ”نہیں ….ہرگز نہیں۔“
”کوئی بات نہیں !“عمران معصومیت سے مسکراکر بولا۔”کنفیوشس نے کہا تھا ….!“
”مجھے کنفیوشس سے کوئی دلچسپی نہیں ….“وہ جھنجھلا کر بولی ۔
”توڈی ایچ لارنس ہی کا ایک جملہ سن لیجئے۔“
”میںکچھ نہیں سننا چاہتی ….تم یہاں سے ہٹ جاو ۔“لیڈی جہانگیر گلاس اٹھاتی ہوئی بولی۔
”اوہ اس کا خیال کیجئے کہ آپ میری منگیتر بھی رہ چکی ہیں ….“
”شٹ اپ“۔
”آپ کی مرضی میں تو صرف آپ کو یہ بتانا چاہتا تھا کہ آج صبح سے موسم بہت خوشگوار تھا ۔
وہ مسکراپڑی ۔
”بیٹھ جاو “اس نے کہا اور ایک ہی سانس میں گلاس خالی کرگئی۔
وہ تھوڑی دیراپنی نشیلی آنکھیں عمران کے چہرے پر جمائے رہی پھر سگریٹ کا ایک طویل کش لے کرآگے جھکتی ہوئی آہستہ سے بولی۔
”میں اب بھی تمہاری ہوں۔“
”مگر ….سر جہانگیر!“عمران گھبراکر کھڑا ہوگیا ۔
لیڈی جہانگیر ہنس پڑی ۔
”تمہاری حماقتیں بڑی پیاری ہوتی ہیں ۔ “وہ اپنی بائیں آنکھ دباکر بولی اور عمران نے شرماکر سرجھکا لیا ۔
”کیا پیو گے !“لیڈی جہانگیر نے تھوڑی دیر بعد پوچھا ۔
”دہی کی لسی۔“
”دہی کی لسی!….ہی….ہی….ہی….ہی….شائد تم نشے میں ہو!“
”ٹھہرئیے !“عمران بوکھلا کر بولا۔”میں ایک بجے کے بعد صرف کافی پیتاہوں ….چھ بجے شام سے بارہ بجے رات تک رم پیتا ہوں ۔“
”رم “!لیڈی جہانگیر منہ سکوڑ کر بولی۔”تم اپنے ٹیسٹ کے آدمی نہیں معلوم ہوتے رم تو صرف گنوارپیتے ہیں ۔“
”نشے میں یہ بھول جاتا ہوں کہ میں گنوارنہیں ہوں۔“
”تم آج کل کیا کررہے ہو۔“
”صبر!“عمران نے طویل سانس لے کر کہا ۔
”تم زندگی کے کسی حصے میں بھی سنجیدہ نہیں ہوسکتے ۔ “لیڈی جہانگیر مسکراکربولی۔
”اوہ آپ بھی یہی سمجھتی ہیں ۔“عمران کی آواز حددرجہ دردناک ہوگئی ۔
”آخر مجھ میں کون سے کیڑے پڑے ہوئے تھے کہ تم نے شادی سے انکار کردیاتھا ۔“لیڈی جہانگیر نے کہا ۔
”میں نے کب انکار کیا تھا ۔“عمران رونی صورت بناکر بولا۔ ”میں نے تو آپ کے والد صاحب کو صرف دو تین شعر سنائے تھے ….مجھے کیا معلوم تھا کہ انہیں شعر و شاعری سے دلچسپی نہیں۔ ورنہ میں نثر میں گفتگو کرتا۔“
”والد صاحب کی رائے ہے کہ تم پر لے سرے کے احمق اور بدتمیز ہو ۔ “لیڈی جہانگیر نے کہا ۔
”اور چونکہ سرجہانگیر ان کے ہم عمر ہیں ….لہٰذا ….“
”شٹ اپ ۔“لیڈی جہانگیر بھناکر بولی۔
”بہر حال میں یونہی آپ آپ کر مرجاوں گا ۔“عمران کی آواز پھر دردناک ہوگئی ۔
لیڈی جہانگیر بغوراس کا چہرہ دیکھ رہی تھی۔
”کیا واقعی تمہیں افسوس ہے ۔“اس نے آہستہ سے پوچھا ۔
”کیا تم پوچھ رہی ہو ؟….اور وہ بھی اس طرح جیسے تمہیں میرے بیان پرشبہ ہو ۔ “عمران کی آنکھوں میں نہ صرف آنسو چھلک آئے بلکہ بہنے بھی لگے۔
”ارر….نومائی ڈیئر ….عمران ڈارلنگ کیا کررہے ہوتم !“لیڈی جہانگیر نے اس کی طرف اپنا رومال بڑھایا ۔
”میں اسی غم میں مرجاوں گا “وہ آنسو خشک کرتا ہوا بولا۔
”نہیں تمہیں شادی کرلینی چاہیے ۔ “لیڈی جہانگیر نے کہا ۔”اور میں ….میں تو ہمیشہ تمہاری ہی رہوں گی ۔“وہ دوسرا گلاس لبریز کررہی تھی ۔
”سب یہی کہتے ہیں ….کئی جگہ سے رشتے بھی آچکے ہیں ….کئی دن ہوئے جسٹس فاروق کی لڑکی کا رشتہ آیا تھا ….گھروالوں نے انکار کردیا ۔ لیکن مجھے وہ رشتہ کچھ کچھ پسند ہے ۔“
”پسند ہے۔ لیڈی جہانگیر حیرت سے بولی ۔تم نے ان کی لڑکی کو دیکھا ہے ۔“
”ہاں !….وہی نا ریٹاہیورتھ اسٹائل کے بال بناتی ہے اور عموماً تاریک چشمہ لگاتے رہتی ہے ۔“
”جانتے ہو وہ تاریک چشمہ کیوں لگاتی ہے !“لیڈی جہانگیر نے پوچھا ۔
”نہیں ! ….لیکن اچھی لگتی ہے ۔“
لیڈی جہانگیر نے قہقہ لگایا ۔
”وہ اس لئے تاریک چشمہ لگاتی ہے کہ اس کی ایک آنکھ غائب ہے ۔“
”بائیں ….“عمران اچھل پڑا۔
”اور غالباً اسی بناءپر تمہارے گھر والوں نے یہ رشتہ منظور نہیں کیا ۔“
”تم اسے جانتی ہو !“عمران نے پوچھا !
”اچھی طرح سے ! اور آج کل میںاسے بہت خوبصورت آدمی کے ساتھ دیکھتی ہوں ۔ غالباً وہ بھی تمہاری ہی طرح احمق ہوگا ۔“
”کون ہے وہ میں اس کی گردن توڑ دوں گا ۔ “عمران بھپر کربولا۔ پھر اچانک چونک کر خود ہی بڑبڑانے لگا ۔”لا حول ولا قوة ….بھلا مجھ سے کیا مطلب !“
”بڑی حیرت انگیز بات ہے کہ انتہائی خوبصورت نوجوان ایک کانی لڑکی سے شادی کرے ۔“
”واقعی وہ دنیا کا آٹھواں عجوبہ ہوگا۔ “ عمران نے کہا۔ ”کیا میں اسے جانتا ہوں ۔“
”پتہ نہیں ! کم ازکم میں تو نہیں جانتی ۔ اور جسے میں نہ جانتی ہوں وہ اس شہر کے کسی اعلیٰ خاندان کا فرد نہیں ہوسکتا ۔
”کب سے دیکھ رہی ہو اسے۔“
”یہی کوئی پندرہ بیس دن سے۔“
”کیا وہ یہاں بھی آتے ہیں ۔“
”نہیں ….میں نے انہیں کیفے کا مینو میں اکثر دیکھا ہے ۔“
”مرزا غالب نے ٹھیک ہی کہا ہے ۔“
نالہ سرمایہ یک عالم و عالم کف خاک
آسمان بیضہ قمری نظر آتا ہے مجھے
”مطلب کیا ہوا ۔“لیڈی جہانگیر نے پوچھا۔
”پتہ نہیں !“عمران نے بڑی معصومیت سے کہا اور پرخیال انداز میں میز پر طبلہ بجانے لگا ۔
”صبح تک بارش ضرور ہوگی ۔ “لیڈی جہانگیر انگڑائی لے کر بولی ۔
”سر جہانگیر آج کل نظر نہیں آتے ۔“عمران نے کہا ۔
”ایک ماہ کے لئے باہر گئے ہوئے ہیں ۔“
”گڈ “عمران مسکرا کر بولا۔
”کیوں ۔“لیڈی جہانگیر اسے معنی خیز نظروں سے دیکھنے لگی ۔
”کچھ نہیں ۔ کنفیوشس نے کہا ہے ….“
”مت بور کرو ۔“لیڈی جہانگیر چڑ کر بولی ۔
”ویسے ہی ….بائی دی وے ….کیا تمہارا رات بھر کا پروگرام ہے ۔“
”نہیں ایسا تو نہیں ….کیوں ؟“
”میں کہیں تنہائی میں بیٹھ کر رونا چاہتا ہوں ۔“
”تم بالکل گدھے ہو بلکہ گدھے سے بھی بدتر ۔
”میں بھی یہی محسوس کرتا ہوں ….کیا تم مجھے اپنی چھت کے نیچے رونے کا موقع دوگی ۔“کنفیوشس نے کہا ہے ۔
”عمران ….پلیز ….شٹ اپ۔“
”لیڈی جہانگیر میں ایک لنڈورے مرغ کی طرح اداس ہوں ۔“
”چلو اٹھو! لیکن اپنے کنفیوشس کو یہیں چھوڑ چلو۔ بوریت مجھ سے برداشت نہیں ہوتی ۔“
تقریباً آدھ گھنٹے بعد عمران لیڈی جہانگیر کی خواب گاہ میں کھڑا اسے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہا تھا ! لیڈی جہانگیر کے جسم پر صرف شب خوابی کا لباوہ تھا ۔ وہ انگڑائی لے کر مسکرانے لگی ۔
”کیا سوچ رہے ہو۔ “اس نے بھرائی ہوئی آواز میں پوچھا ۔
”میں سوچ رہا تھا کہ آخر کسی مثلث کے تینوں زادیوں کا مجموعہ دو زاویہ قائمہ کے برابر کیوں ہوتا ہے ۔“
”پھر بکواس شروع کردی تم نے ۔“لیڈی جہانگیر کی نشیلی آنکھوں میں جھلاہٹ جھانکنے لگی ۔
”مائی ڈیئرلیڈی جہانگیر اگر میں یہ ثابت کردوں کہ زاویہ قائمہ کوئی چیز ہی نہیں ہے تو دنیا کا بہت بڑا آدمی ہوسکتا ہوں ۔“
”جہنم میں جاسکتے ہو!“لیڈی جہانگیر براسامنہ بناکر بڑبڑائی ۔
”جہنم ! کیا تمہیں جہنم پر یقین ہے ۔“
”عمران میں تمہیں دھکے دے کر نکال دوں گی ۔“
”لیڈی جہانگیر ! مجھے نیند آرہی ہے ۔“
”سر جہانگیر کی خواب گاہ میں ان کا سلیپنگ سوٹ ہوگا ….پہن لو ۔“
”شکریہ !….خواب گاہ کدھر ہے ۔“
”سامنے والا کمرہ!“لیڈی جہانگیر نے کہا اور بے چینی سے ٹہلنے لگی۔
”عمران نے سرجہانگیر کی خواب گاہ میں گھس کر اندر سے دروازہ بند کرلیا لیڈی جہانگیر ٹہلتی رہی ! دس منٹ گزر گئے ! آخر وہ جھنجھلا کر سرجہانگیر کی خواب گاہ کے دروازے پر آئی دھکا دیا ۔ لیکن اندر سے چٹخنی چڑھا دی گئی تھی ۔
”کیا کرنے لگے عمران ؟“اس نے دروازہ تھپتھپانا شروع کردیا ۔ لیکن جواب نہ ملا پھر اسے ایسا محسوس ہوا جیسے عمران خراٹے بھر رہا ہو اس نے دروازے سے کان لگادئیے ۔ حیقتاً وہ خراٹوں ہی کی آواز تھی ۔
پھر دوسرے لمحے میں وہ ایک کرسی پر کھڑی ہوکر دروازے کے اوپری شیشہ سے کمرے کے اندر جھانک رہی تھی ۔ اس نے دیکھا کہ عمران کپڑے جوتوں سمیت سرجہانگیر کے پلنگ پر خراٹے لے رہا ہے اور اس نے بجلی بھی نہیں بجھائی تھی ۔ وہ اپنے ہونٹوں کو دائرہ کی شکل میں سکوڑے عمران کو کسی بھوکی بلی کی طرح گھور رہی تھی ۔ پھر اس نے ہاتھ مار کر دروازے کا ایک شیشہ توڑ دیا ….نوکر شاگرد پیشے میں سوئے ہوئے تھے ۔ ورنہ شیشے کے چھناکے ان میں سے ایک آدھ کو ضرور جگادیتے ویسے یہ اور بات ہے کہ عمران کی نیند پر ان کاذرہ بھر اثر نہ پڑا ہو۔
لیڈی جہانگیر نے اندر ہاتھ ڈال کر چٹخنی نیچے گرادی ! نشے میں تو تھی ہی ! جسم کا پورا زوردروازے پر دے رکھا تھا !چٹخنی گرتے ہی دونوں پٹ کھل گئے اور وہ کرسی سمیت خواب گاہمیں جاگری….
عمران نے غنودہ آواز میں کر اہ کر کروٹ بدلی اور بڑبڑانے لگا ….”ہاں ہاں سنتھیلک گیس کی بوکچھ میٹھی میٹھی ہی ہوتی ہے ….?“
پتہ نہیںوہ جاگ رہا تھا یا خواب میں بڑبڑایا تھا ۔
لیڈی جہانگیر فرش پر بیٹھ اپنی پیشانی پر ہاتھ پھیر کربسوررہی تھی ! دو تین منٹ بعد وہ اٹھی اور عمران پر ٹوٹ پڑی ۔
”سور کمینے ….یہ تمہارے باپ کا گھر ہے ؟….اٹھو….نکلو یہاں سے ۔“وہ اسے بری طرح جھنجھوڑ رہی تھی ۔ عمران بوکھلا کر اٹھ بیٹھا ۔
”ہائیں !کیا سب بھاگ گئے “
”دور ہوجاویہاں سے ۔“لیڈی جہانگیر نے اس کا ہاتھ پکڑ کر جھٹکا مارا ۔
”ہاں ۔ہاں ….سب ٹھیک ہے !“عمران اپنا گریبان چھڑا کر پھر لیٹ گیا ۔
اس بار لیڈی جہانگیر نے بالوں سے پکڑ کر اسے اٹھایا ۔
”ہائیں ….کیا ابھی نہیں کیا !“عمران جھلا کر اٹھ بیٹھا ۔ سامنے ہی قد آدم آئینہ رکھا ہوا تھا ۔
”اوہ تو آپ ہیں ۔“وہ آئینے میں اپنا عکس دیکھ کر بولا….پھر اس طرح مکابنا کراٹھا جیسے اس پر حملے کرے گا ….اس طرح آہستہ آہستہ آئینے کی طرف بڑھ رہا تھا جیسے کسی دشمن سے مقابلہ کرنے کے لئے پھونک پھونک کر قدم رکھ رہا ہو۔ پھر اچانک سامنے سے ہٹ کرایک کنارے پر چلنے لگا آئینے کے قریب پہنچ کر دیوارسے لگ کر کھڑا ہوگیا ….لیڈی جہانگیر کی طرف دیکھ اس طرح ہونٹوں پرانگلی رکھ لی جیسے وہ آئینے کے قریب نہیں بلکہ کسی دروازہ سے لگا کھڑا ہو اور اس بات کا منتظر ہوکہ جیسے ہی دشمن دروازے میںقدم رکھے گا وہ اس پر حملہ کربیٹھے گا ۔ لیڈی جہانگیر حیرت سے آنکھیں پھاڑے اس کی یہ حرکت دیکھ رہی تھی ….لیکن اس سے قبل کہ وہ کچھ کہتی عمران نے پینترہ بدل کر آئینہ پر ایک گھونسہ رسید ہی کردیا ….ہاتھ میں جو چوٹ لگی تو ایسا معلوم ہوا جیسے وہ یک بیک ہوش میں آگیا ہو۔
”لاحول ولا قوة ۔“وہ آنکھیں ملا کر بولا اور کھسیانی ہنسی ہنسنے لگا!
اور پھر لیڈی جہانگیر کو بھی ہنسی آگئی ….لیکن وہ جلد ہی سنجیدہ ہو گئی
”تم یہاں کیوں آئے تھے ؟“
”اوہ!میں شائد بھول گیا….شائد اداس تھا ….لیڈی جہانگیر تم بہت اچھی ہو! میں رونا چاہتا ہوں۔
”اپنے باپ کی قبر پر رونا ….نکل جاویہاں سے !“
”لیڈی جہانگیر ….کنفیوشس….!“
”شٹ اپ !“لیڈی جہانگیر اتنے زور سے چیخی کہ اس کی آواز بھراگئی۔
”بہت بہتر!“عمران سعادت مندانہ اندازمیں سرہلاکر بولا !گویا لیڈی جہانگیر نے بہت سنجیدگی اور نرمی سے اسے کوئی نصیحت کی تھی ۔
”یہاں سے چلے جاو!“
”بہت اچھا ۔“عمران نے کہا اور اس کمرے سے لیڈی جہانگیر کی خواب گاہ میں چلا آیا ۔
وہ اس کی مسہری پر بیٹھنے ہی جارہا تھا کہ لیڈی جہانگیر طوفان کی طرح اس کے سرپر پہنچ گئی ۔
”اب مجبوراً مجھے نوکروں کو جگانا پڑے گا ؟“اس نے کہا ۔
”اوہو تم کہاں تکلیف کروگی ۔ میں جگائے دیتا ہوں ۔ کوئی خاص کام ہے کیا ۔“
”عمران میں تمہیں مارڈالوں گی ؟“لیڈی جہانگیر دانت پیس کر بولی ۔
”مگر کسی سے اس کا تذکرہ مت کرنا ورنہ پولیس ….خیر میں مرنے کے لئے تیارہوں ؟اگر چھری تیز نہ ہوتو تیز کردوں ! ریوالور سے مارنے کا ارادہ ہے تو میں اس کی رائے نہ دوں گا !سناٹے میں آواز دور تک پھیلتی ہے ۔البتہ زہر ٹھیک رہے گا ۔“
”عمران خدا کے لئے !“لیڈی جہانگیر بے بسی سے بولی ۔
”خدا کیا میں اس کے اونے غلاموں کے لےءبھی اپنی جان قربان کرسکتا ہوں ….جو مزاج یار میں آئے ۔“
”تم چاہتے کیا ہو !“لیڈی جہانگیر نے پوچھا ۔
”دو چیزوں میں سے ایک ….“
”کیا ؟“
”موت یا صرف دو گھنٹے کی نیند!“
”کیا تم گدھے ہو۔“
”مجھ سے پوچھتیں تو میں پہلے ہی بتادیتا کہ بالکل گدھا ہوں ۔“
”جہنم میں جاو “لیڈی جہانگیر کی خواب گاہ میںچلی گئی عمران نے اٹھ کر اندر سے دروازہ بند کیا جوتے اتارے اور کپڑوں سمیت بستر میں گھس گیا ۔
یہ سوچنا قطعی غلط ہوگا۔ عمران کے قدم یونہی بلامقصد ٹپ ٹاپ نائٹ کلب کی طرف اٹھ گئے تھے ۔ اسے پہلے ہی سے اطلاع تھی کہ سرجہانگیر آج کل شہر میں مقیم نہیں ہے اور وہ یہ بھی جانتا تھاکہ ایسے مواقع پرلیڈی جہانگیر اپنی راتیں کہاں گزارتی ہے ۔ یہ بھی حقیقت تھی کہ لیڈی جہانگیر کسی زمانے میں اس کی منگیتر رہ چکی تھی اور خود عمران کی حماقتوں کے نتیجے میں یہ شادی نہ ہوسکی ۔
سرجہانگیر کی عمر تقریباً ساٹھ سال ضرور ہی ہوگی لیکن قویٰ کی مضبوطی کی بناءپر بہت زیادہ بوڑھا نہیں معلوم ہوتا تھا ….!
عمران دم سادھے لیٹا رہا….آدھ گھنٹہ گزر گیا ! ….اس نے کلائی پر بندھی ہوئی گھڑی دیکھی اور پھر اٹھ کر خواب گاہ کی روشنی بند کردی۔
پنجوں کے بل چلتا ہواسر جہانگیر کی خواب گاہ کے دروازے پر آیا جو اندر سے بند تھا اندر گہری نیلی روشنی تھی ! عمران نے دروازے کے شیشے سے اندر جھانکا لیڈی جہاگیر مسہری پر اوندھی پڑی بے خبر سورہی تھی اور اس کے ماتھے سے فاکس لیریئر کا سراس کی کمر پر رکھا ہواتھا اور وہ بھی سوررہاتھا ۔
عمران پہلے کی طرح احتیاط سے چلتا ہوا سر جہانگیر کی لائبریری میں داخل ہوا ۔
یہاں اندھیرا تھا! عمران نے جیب سے ٹارچ نکال کر روشن کی یہ ایک کافی طویل و عریض کمرہ تھا چاروںطرف بڑی بڑی الماریاں تھیں اور درمیان میں تین لمبی لمبی میزیں !بہر حال یہ ایک ذاتی اور نجی لائبریری سے زیادہ ایک پبلک ریڈنگ روم معلوم ہورہا تھا ۔
مشرقی سرے پر ایک لکھنے کی بھی میز تھی ۔ عمران سیدھا اسی کی طرف گیا جیب سے وہ پرچہ نکالا جو اسے اس خوفناک عمارت میں پراسرار طریقے پر مرنے والے کے پاس ملا تھا وہ اسے بغور دیکھتا رہا پھر میز پہ رکھے ہوئے کاغذات الٹنے پلٹنے لگا تھا ۔
تھوڑی دیر بعد وہ حیرت سے آنکھیں پھاڑے ایک رائننگ پیڈ کے لیٹرہیڈ کی طرف دیکھ رہا تھا۔ اس کے ہاتھ میں دبے ہوئے کاغذ کے سرنامے اور اس میں کوئی فرق نہ تھا ۔ دونوں پر یکساں قسم کے نشانات تھے اور یہ نشانات سرجہانگیر کے آباو اجداد کے کارناموں کی یاد گا ر تھے جوانہوں نے مغلیہ دور حکومت میں سرانجام دیئے تھے سر جہانگیر ان نشانات کو اب تک استعمال کررہا تھا ! اس کے کاغذات پر اس کے نام کی بجائے عموماً یہی نشانات چھپے ہوئے تھے ۔
عمران نے میز پر رکھے کاغذات کو پہلی ہی ترتیب میں رکھ دیا اور چپ چاپ لائبریری سے نکل آیا ۔ لیڈی جہانگیر کے بیان کے مطابق سر جہانگیر ایک ماہ سے غائب تھے ….تو پھر!
عمران کا ذہن چوکڑیاں بھرنے لگا!….آخر ان معاملات سے جہانگیر کا کیاتعلق خواب گاہ میں واپس آنے سے پہلے اس نے ایک بار پھر اس کمرے میں جھانکا جہاں لیڈی جہانگیر سورہی تھی ….اور مسکراتا ہوا اس کمرے میں چلا آیا جہاں اسے خود سونا تھا ۔
صبح نو بجے لیڈی جہانگیر اسے بری طرح جھنجوڑ جھنجوڑ کرجگا رہی تھی ۔
”وےل ڈن ! وےل ڈن ۔“عمران ہڑبڑاکر اٹھ بیٹھا اور مسہری پر اکڑوں بیٹھ کر اس طرح تالی بجانے لگا جیسے کسی کھیل کے میدان میں بیٹھا ہوا کھلاڑیوں کو داددے رہ رہا تھا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔