پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید مثال شخصیت:ڈاکٹر مغیث الدین شیخ(1)

حافظ شفیق الرحمن
یوں تو پاکستان کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں روایتی معلم اور اساتذہ لاکھوں کی تعداد میں پائے جاتے ہیں لیکن ایسے معلم اور اساتذہ جنہیں مشفق و مربی کہا جاسکے، ان کی تعداد شاید انگلیوں کی پوروں سے بھی کم ہو۔ بلاشبہ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کا شمار انہی مستثنیات میں ہوتا ہے۔ آہ ! 24 جون کی سہ پہر ہزاروں اساتذہ اور لاکھوں تلامذہ کے آئیڈیل اور رول ماڈل مشفق و مربی استاذ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ بھی حجلہ ءگور میں مٹی کی چادر اوڑھ کر دائمی نیند سوگئے۔
داغِ فرقِ صحبتِ شب کی جلی ہوئی
اک شمع رہ گئی تھی سو وہ بھی خاموش ہے
یہ کل ہی کی تو بات ہے کہ وہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے سکول آف میڈیا کے ڈین پروفیسر کی حیثیت سے فیکلٹی ممبرز سے آن لائن میٹنگ میں خوش گوار موڈ میں تبادلہ ¿ خیال اور مبادلہ¿ افکار فرما اور ہدایات دے رہے تھے۔ صحافت کے شعبہ¿ تدریس میں ان کی خدمات لاتعداد و لاشمار ہیں۔ 1972ءمیں جب ملک بھر کے طلباءاسلامی جمعیت طلبہ کے پرچم تلے بنگلہ دیش نامنظور تحریک چلا رہے تھے تو وہ لاہور سے نکلنے والے ہر جلوس میں شرکت کرتے اور مختلف تعلیمی اداروں میں منعقدہ جلسوں سے قاری مغیث الدین شیخ کی حیثیت سے خطاب کرتے۔ سقوطِ مشرقی پاکستان ان کے سینے پر لگنے والا ایک ایسا چرکا تھا، جس سے خون تمام عمر رستا رہا۔ اپنی سوانح حیات”سسکتی مسکراتی زندگی“ میں اس عظیم المیہ بارے جب اپنے قلم کو خونِ دل، خونِ جگر، خونِ آرزو اور خونِ تمنا میں ڈبو کر لکھتے ہیں تو ہر صفحہ قرطاس کی پلکوں پر آنسوﺅں کی لڑیاں جھملانے لگتی ہیں:”پاکستان کے دولخت ہونے کا تصور آج بھی میرے وجود کو ریزہ ریزہ کر دیتا ہے،ہر سال سولہ دسمبر کا دن عجب بے چینی واضطراب اور ایسی ناقابل بیان صورت حال کا پرتو ہوتا ہے جس میں رہ رہ کر وجود کی عدم تکمیل اور کچھ کھو جانے کاخیال غالب رہتا ہے،یوں محسوس ہوتا ہے کہ سب کچھ ہونے کے باوجود تشنگی کا احساس باقی ہے،کوئی کمی ہے جو کسی کل چین نہیں لینے دیتی،ایسا زخم ہے جو مندمل ہونے کا نام نہیں لیتا۔ بنگلہ دیش کے دورے پرمیں نے وہ پلٹن میدان بھی دیکھا جہاں ہماری افواج نے ہتھیار ڈالے، یقین کیجیے جب میں وہاں کھڑا تھا تومجھے لگتا تھا کہ میرے جسم سے خون کا ایک ایک قطرہ نچوڑ لیا گیا ہو،میرا دماغ ماو¿ف ہو چکا تھا،میرے قدم لڑکھڑا رہے تھے ،مجھے نہیں پتہ کہ میں وہاں سے کیسے واپس آیا،ملک کی تقسیم کو میں آج بھی ذہنی طور پر تسلیم نہیں کر پایا،میری سمجھ میں نہیں آتا ہم نے ہتھیار کیوں ڈالے؟ جنرل نیازی کی جانب سے سرنڈر کے اعلان کے باوجود مشرقی پاکستان کے مختلف سیکٹرز میں بکھرے ہوئے ہمارے فوجیوں نے ہتھیار نہیں ڈالے تھے، انہوں نے شہادت تک مزاحمت جاری رکھی کیونکہ ہتھیار ڈالنا ان کے لیے سوہان روح تھا حالانکہ ان میں سے کسی کے پاس2ٹینک تھے اور کسی کے پاس4۔بعض جگہوں پر چھوٹے چھوٹے گروہوں میں جو فوجی رہ گئے تھے وہ آخر دم تک لڑتے رہے اور انہوں نے بزدلی کی موت پہ جرا¿ت مندانہ شہادت کو ترجیح دی“۔اس اقتباس کو ایک بار پھر پڑھئے اور سوچیے کہ 24جون2020ءکو ہمارے حصے میں قائد اعظمؒ کے بقیة ا لسیف پاکستان کے کتنے بڑے فدائی اور سچے عاشق کو کتنی خاموشی سے سپردِ خاک کرنے کا سانحہ آیا۔خورشید مثال شخص ،مٹی کے سپرد کردیا ہے۔اندر بھی زمیں کے روشنی ہو،مٹی میں چراغ رکھ دیا ہے۔
”سسکتی مسکراتی زندگی“ ان کی خود نوشت سوانح ہے۔یہ کتنی بڑی کتاب ہے، اس حوالے سے اتنا ہی عرض کردینا کافی ہے کہ حسن نثار ایسا لکھاری جو کسی کی بھی تحریر کی تعریف کرنے کے باب میں اعلیٰ درجے کا جز رس واقع ہوا ہے ، یہ لکھنے پرمجبور ہوا کہ ”پاکستان کی اس قدیم عظیم درس گاہ جسے پنجاب یونیورسٹی کہتے ہیں کو جاننے کے لیے، اپنی درس گاہوں اور اساتذہ کی کلاس اور کلچر کو سمجھنے کےلئے ”سسکتی مسکراتی زندگی “ سے حقیقی آشنائی کےلئے یہ خودنوشت کسی تحفہ سے کم نہیں“۔ یاد رہےڈاکٹر صاحب کی سوانح عمری2019ءمیں شائع ہوئی اور اس کی تقریب رونمائی لاہور پریس کلب میں ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوبی یہ بتائی تھی : ”انتہائی مشکل حالات میں بھی میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا“۔میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرنے کی پاداش میں انہیں کئی مرئی اور غیر مرئی قوتوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔یہاں اس امر کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز کی سربراہی کے حصول کےلئے کئی اور حضرات بھی بطور امیدوارمیدان میں موجود تھے۔ سینڈیکیٹ اور سلیکشن بورڈ نے میرٹ کے مطابق ڈاکٹر صاحب کو اس منصب کےلئے موزوں ترین شخصیت جانتے ہوئے انہیں آزمائش گاہ میں لاکھڑا کیا۔ سینڈیکیٹ کے فیصلہ کے مطابق وہ 3سال تک اس شعبہ کے سربراہ رہیں گے۔اصولی طور پر ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ دیگر فاضل حضرات جنٹلمین شپ کا مظاہرہ کرتے اور شعبہ صحافت کے وسیع تر مفاد میں ڈاکٹر صاحب کے رضاکارانہ دست و بازو بن کر سرگرمِ عمل ہو جاتے۔گماں گزرتا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کے حریف امیدواروں نے شعبہ صحافت کی سربراہی کے حصول کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنا رکھا تھا۔ اگر یہ منصب انہیں مل جاتا تو اسے وہ اپنی ”عزت“ جانتے چونکہ یہ منصب انہیں نہیں ملا اس لئے اسے وہ اپنی بے عزتی گردانتے ہیں۔ سو ، اس ”بے عزتی“ کا ”بدلہ“ لینے کےلئے وہ بہ لطائف الحیل جلی و خفی ریشہ دوانیوں میں جت گئے۔ بدقسمتی سے وہ احساسِ ہزیمت خوردگی سے مغلوب ہو گئے اورقدرے توازن کھو بیٹھے۔ انہیں ڈاکٹر صاحب کے خلاف مہم چلانے کےلئے جب کوئی ٹھوس دستاویزی شہادت نہ ملی تو انہوں نے ایک ڈرامہ سٹیج کیا۔ ڈاکٹر صاحب سے متحارب اور متصادم” فضلائے کرام“ اور ”بزرگانِ عظام“ کی ریٹائرمنٹ قریب تھی اس لئے انہوں نے گڑے مردوں کو اکھاڑ نا شروع کیے۔ مذموم مقصد حصول کےلئے انہوں نے ایک خاص موقع کا انتخاب کیا۔ یہ انتخاب درحقیقت ان کی شخصی معاندت اور ذاتی پرخاش کا شاخسانہ تھا۔ وہ جانتے تھے کہ حسب قواعد و ضوابط انہیں سہ سالہ مدت کےلئے چیئرمین شپ نہیں مل سکتی پھر بھی وہ عجلت میں ”کچھ نہ کچھ“ کر گزرنا چاہتے تھے۔بسا اوقات اچھے خاصے سیانے لوگ بھی ہیرو بننے کے شوق میں خودکشی تک کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ ڈاکٹر صاحب کے خلاف بہتان طرازی نے یونیورسٹی کے تمام سنجیدہ فکر طلباءو طالبات کو مشتعل کر دیا۔ انہوں نے ایک شریف النفس استاد کی کردار کشی کی منفی مہم کے خلاف تمام اخبارات کے دفاتر کے سامنے مظاہرے کئے، کلاسوں کا بائیکاٹ کیا ، یونیورسٹی کی حدود میں ان کے حق میں جلوس نکالے اور ان کے شعبہ کی طلباءوطالبات نے بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر کا ایوارڈ ملنے پر ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ مختلف اداروں، محکموں اور شعبوں میں گھسے ان پیرانِ فرتوت اور گرگانِ باراں دیدہ کی مدتِ ملازمت جوں جوں ریٹائرمنٹ کی سرحدوںکی جانب بڑھتی ہے تو ایک طرف جہاں ان کی ہوس میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے وہاں دوسری طرف انہیں ہول پڑنا شروع ہوتے ہیں کہ سونے کی یہ چڑیا اب ان کے ہاتھ میں نہیں رہی گی۔ ان کا حال وہی ہوتا ہے جو بڑھاپے میں رندِ بادہ خوار غالب کا ہوا تھا:
گو ہاتھوں میںجنبش نہیں آنکھوں میں تو دم ہے
رہنے دو ابھی ساغر و مینا میرے آگے
اس صداقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اکثر محکموں، اداروں اور شعبوں میں ایسے افراد کی بھرمار ہے جو سرکار اور مختلف اداروں سے رسوخ کے بل بوتے پر اعزازئیے، مشاہرے اور تنخواہیں وصولنے کے عمل ہی کو اپنا فرضِ منصبی جانتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے اکثر محکمے،ادارے اور شعبے ”سفید ہاتھیوں کے اصطبل“ اوربسیار خور”کاہل دریائی گھوڑوں کے بحرالکاہل“ بن چکے ہیں۔ ان محکموں،اداروں اور شعبوں میں اگراہل افراد کو ڈھونڈا جائے تو ان کی تعداد اتنی کم ہو گی کہ اس کی فہرست ایک ماہر خطاط خطِ جلی میں دال یا چاول کے دانے پربآسانی لکھ سکتا ہے۔ اس کے برعکس نااہلوں،نکھٹوﺅں اور طفیلیوں کی فہرست اگر تیار کی جائے تو باریک ترین ”خوردبینی رسم الخط“ میں بھی تحریر کرنے کے باوجوداتنی فائلیں مرتب ہو جائیں گی کہ اگر انہیں تہہ در تہہ اوپر تلے رکھا جائے تو ان کی بلندی کے سامنے ایورسٹ کی چوٹی بھی پانی بھرتی نظر آئے ۔ (جاری ہے)
(سینئرصحافی اورقومی وسیاسی امورپرلکھتے ہیں)
٭….٭….٭


بشکریہ