پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جواہر لال نہرو کے خطوطخط کا عنوان : انقلاب زندہ ب…

جواہر لال نہرو کے خطوط

خط کا عنوان : انقلاب زندہ باد
مورخہ : 7 جنوری 1931
پریا درشینی —— بصارتوں کو عزیز لیکن محرومی بصارت میں عزیز تر !
میں آج جب تمھیں لکھنے بیٹھا تو دور سے آتی بادلوں کی گھن گرج جیسی ہلکی ہلکی آوازیں میری سماعت سے ٹکرائیں ۔پہلے پہل تو مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا کہ یہ کیا ہے لیکن ان کا آہنگ کچھ جانا پہچانا تھا ۔یوں لگتا تھا جیسے میرا دل ان کا جواب دے رہا ہو ۔آہستہ آہستہ آوازیں اونچی ہوتی گئیں اور بلا شبہ وہ آوازیں تھیں ۔”انقلاب زندہ باد ۔انقلاب زندہ باد “ ۔جلد ہی جیل کی دیواریں پرجوش للکار سے گونجنے لگیں ۔یہ سب سن کر ہمارے دل خوشی سے جھوم اٹھے ۔ہمیں معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کون لوگ تھے ۔جو ہمارے جنگی نعرے ،ہمارے اتنے قریب ،جیل کے باہر لگا رہے تھے ۔آیا وہ مرد و خواتین شہری تھے یا کسان تھے ؟ اور نہ ہی مجھے ان کی نعرہ بازی کی وجہ معلوم ہو سکی ،لیکن وہ جو بھی تھے ہمیں خوش کر گئے ۔ہماری تمام نیک خواہشات ان کے ساتھ گئیں ۔
ہمیں یہ نعرہ ،”انقلاب زندہ باد “ کیوں لگانا چاہیے ؟ ۔ ہمیں انقلاب اور تبدیلی کی خواہش کیوں کرنی چاہیے ؟۔ بلاشبہ انڈیا کو اس وقت بہت بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے ۔لیکن اس بڑی تبدیلی کے آ جانے اور انڈیا کے آزاد ہو جانے کے بعد بھی ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے ۔ہر زندہ چیز تغیر پزیر ہے ۔”ثبات اک تغیر کو ہے زمانے میں۔کائنات لمحہ بہ لمحہ بدلتی ہے ۔صرف مردے ہی تبدیلی سے مبرا اور جامد ہیں ۔تازہ پانی بہتا ہے اگر آپ اسے روکیں تو وہ باسی اور بد بودار ہو جاتا ہے یہی کچھ انسانی زندگی اور قوموں کے ساتھ ہوتا ہے ۔ہم چاہیں یا نہ چاہیں بوڑھے ہو جاتے ہیں ۔بچیاں چھوٹی لڑکیاں ،چھوٹی لڑکیاں بڑی لڑکیاں اور بالغ خواتین بوڑھی عورتیں بن جاتی ہیں ۔
ہمیں ان تغیرات کے ساتھ جینا ہے ۔لیکن بہت سے ایسے بھی ہیں جو یہ ماننے کو تیار نہیں کہ دنیا بدلتی ہے ۔وہ اپنے دل و دماغ کو تالے لگا کر مقفل کر لیتے ہیں ۔کسی نئے خیال کو دماغ میں آنے ہی نہیں دیتے ۔سوچ بچار ان کے لئے خطرناک ترین کام ہے ۔اس کا نتیجہ کیا نکلتا ہے ؟۔دنیا ان کے بغیر ہی آگے بڑھ جاتی ہے ۔چونکہ وہ اور ان جیسے لوگ نئے ماحول کے مطابق اپنے آپ کو نہیں ڈھالتے۔اس لئے وقتا”فوقتا”ان کی زندگی میں بڑے بڑے دھماکے ہوتے رہتے ہیں ۔
انقلاب آتے ہیں جیسے ایک سو چالیس سال قبل عظیم فرانسیسی انقلاب آیا ،یا تیرہ سال قبل عظیم روسی انقلاب آیا ۔بلکل اسی طرح آج ہم اپنے ملک میں انقلاب کے دورانیے میں ہیں ۔ہمیں بلاشبہ آزادی چاہیے لیکن آزادی سے بڑھ کر کچھ اور بھی ۔ہمیں تمام ساکت تالاب صاف کر کے ان میں صاف تازہ پانی کا بہاؤ جاری کرنا ہے ۔ہمیں اپنے ملک سے غربت اور اور تکالیف پر جھاڑو پھیرنا ہے ۔ہمیں مقدور بھر بہت سے لوگوں کے دماغوں میں لگے جالے صاف کرنے ہیں ،جن کے باعث وہ ہمارے عظیم مقصد کے لئے سوچ بچار اور تعاون سے بیزار ہیں ۔یہ بہت بڑا کام ہے ۔اس کے لئے وقت درکار ہے ۔کم از کم اس وقت ہم اسے پوری قوت سے دھکا لگا سکتے ہیں —— انقلاب زندہ باد ——۔
ہم انقلاب کی دہلیز پر کھڑے ہیں ۔مستقبل میں کیا چھپا ہے ،ہم نہیں جانتے۔لیکن ہمارے حال نے ہماری جدوجہد کے بہترین ثمرات دئے ہیں ۔
ہندوستانی عورت کو دیکھو ۔کتنے فخر سے وہ انقلاب زندہ باد کی پریڈ میں سب سے آگے مارچ کر رہی ہوتیں ہیں۔نرم لیکن بہادر اور نہ جھکنے والیں ۔کیسے دوسروں کے لئے مثال قائم کر رہی ہیں ۔اور “پردہ” جو ہماری بہادر اور خوبصورت خواتین کو چھپاتا تھا ۔جو ان کے اور ان کے ملک کے لئے لعنت تھا ۔کہاں ہے آج ؟ کیا یہ تیزی سے غائب نہیں ہوا ؟ اور میوزیم میں اپنی صحیح جگہ نہیں پہنچ گیا ، جہاں ہم گزرے زمانوں کی باقیات رکھتے ہیں ۔
اس طرح بچے ، لڑکے ،لڑکیاں ۔وانر سینا *،بال ،بالیکا سبھا **
ان میں سے اکثر بچوں کے والدین نے بزدلی دکھائی ہو گی ،لیکن اب کون شک کرنے کی جرات کر سکتا ہے کہ ہماری نسل کے بچے غلامی اور بزدلی برداشت کریں گے ؟۔
اس طرح تبدیلی کا پہیہ گھومتا رہتا ہے ۔جو نیچے تھے وہ اوپر آجاتے ہیں ۔اور جو اوپر تھے نیچے چلے جاتے ہیں ۔اس وقت یہ گھوم کر ہمارے ملک میں آگیا ہے ۔ہم نے اسے ایسا دھکا لگایا کہ اب اسے کوئی روک نہیں سکتا ۔
انقلاب زندہ باد !
نوٹ :
*"وانر سینا" کا لفظی ترجمہ ہے ۔بندروں کی فوج ۔ اندرا نے انقلابی بچوں کی تنظیم بنائی تھی جس کا نام وانر سینا رکھا تھا ۔
**"بال ،بالیکا سبھا" بچوں کی روحانی تربیت کے لئے اسمبلی /اجتماع
مترجم عقیلہ منصور جدون (راولپنڈی)
Selected & Translated from “Glimpses of world history”, Book by Jawaharlal Nehru

— with Aqila Mansoor Jadoon.

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2823391201224728