#تیری_دیوانی_از_سحرعلی
#قسط_11_حصہ_دوم
ہمم کہتی تو ٹھیک ہو تم۔۔ بعض اوقت ہم اپنے وہم کو اپنے اوپر اتنا سوار کر لیتے ہیں اور ان سے ڈرنے لگتے ہیں کہ سیدھی راہ اپناتے ہوئے بھی ڈرتے ہیں۔۔ تم اگر ایک بار مجھ سے بات کر لیتی تو میں بہت پہلے سب کچھ ٹھیک کر لیتی۔۔ مگر۔۔ خیر جو اللہ کو منظور۔۔ اس کے فیصلوں سے کون انکار کر سکتا ہے۔۔ میں نے احمد سے بات کی تھی۔
اس نے کہا تم سے بات کرلوں۔۔ اگر تمہیں کوئی اعتراض نہ ہو تو میں تابش سے بات کروں؟
اماں مجھے کیوں اعتراض ہوگا بھلا۔۔ میرے لیے اس سے بڑی خوشی کی کیا بات ہو گی میری بیٹی ہمیشہ میرے پاس میری نظروں کے سامنے رہے گی۔۔ انہوں نے بھیگے لہجے میں اپنی رضامندی دے دی۔
ٹھیک ہے پھر زاویاار سے بات کرلو اور مجھے بتاؤ۔۔ میں تابش سے کہتی ہوں۔
جی اماں میں زاویار سے بات کر لیتی ہوں مگر آپ زرتاشہ سے بھی ایک بار پوچھ لیں۔۔ بس وہم سا ہے وہ ختم ہو جائے۔۔ انہوں نے دل کی تسلی کے لیے کہا۔
زرتاشہ سے مزید کھڑے ہونا مشکل ہو گیا۔۔ تو کیا زاویار بھی۔۔ اگر یہ سب لوگ محسوس کر سکتے ہیں تو وہ۔۔ وہ کیوں نہیں۔۔ اس کے دل سے آواز آئی۔۔ یااللہ۔۔۔ کیا سوچتے ہوں گے وہ میرے بارے میں۔۔ وہ سوچتی ہوئی وہاں سے چلی گئی۔
ہاں ہاں تم فکر مت کرو میں ابھی مومنہ سے کہتی ہوں۔۔ وہ بات کر لے۔۔ میرے سامنے ہچکچائے گی۔۔ مومنہ سے کھل کر بات کر لے گی۔۔ ویسے مجھے یقین ہے میرے دونوں بچوں کی خوشی اسی میں ہے۔۔ اماں نے خوشی سے بھرپور لہجے میں کہا۔ جھریوں بھرے چہرے پر سکون دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا تھا صدیوں کا سفر تہہ کر کے منزل پا لی ہو۔
اس کے بعد اماں نے مومنہ اورتابش سے بات کرنے میں زیادہ دیر نہ لگائی۔۔ شام کو جیسے ہی تابش گھر آیا تو اسے گھیر لیا۔
مگر دادو۔۔۔ وہ دونوں بہن بھائی سمجھتے ہیں ایک دوسرے کو۔۔ تابش نے وجہ پیش کی جو فوراً رد کر دی گئی۔
تو کیا ہوا بعد میں میاں بیوی سمجھ لیں گے۔۔ دادی نے جواب دیا۔
اماں تاشہ اس سے پورے گیارہ سال چھوٹی ہے۔
تو کیا ہوا میں بھی تمہارے دادا سے دس سال چھوٹی تھی۔
دادو وہ وقت اور تھا۔۔ ایسے شادیاں ہو جایا کرتی تھیں۔
کیوں اب فتوا لگ گیا ہے لڑکا گیارہ سال بڑا ہو تو شادی نہیں ہو گی؟؟ دادی نے تپ کر کہاا۔۔ مومنہ منہ نیچے کیے ہنستی جا رہی تھی۔۔ اسے بھی تابش کے اعتراضات بےجا لگے اور ان پر دادی کا تپاک سے جواب دینا اسے ہنسنے پر مجبور کر گیا۔
اچھا ٹھیک ہے۔۔ زرتاشہ اگر مانتی ہے تو مجھے بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔۔ آخر تابش نے ہار مان لی۔
اس کی فکر مت کرو۔۔ وہ مانی ہوئی ہے۔۔ اس سے بات ہو چکی ہے۔۔ دادی نے انکشاف کیا۔
تابش کے ساتھ ساتھ مومنہ نے بھی حیرت سے ان کی طرف دیکھا۔
ارے گھور کیوں رہے ہو تم دونوں مجھے۔۔ میں نے کونسا تمہارا ادھار لیا ہے۔
اف دادو۔۔ آپ نے یہ کام کر لیا ہے تو میرے سے یہ پوچھنے کا ناٹک کرنے کی کیا ضرورت تھی۔
دیکھو میاں۔۔ اب ولی تو تم ہی ہو ناں اس کے۔۔ تو پھر تہاری اجازت کے بغیر تو ہم کوئی فیصلہ نہیں کر ستے اس لیے تمہاری رضامندی درکار تھی سو پوچھ لیا تم سے۔۔ اب تم نے اجازت دے دی باقی کام میرا ہے۔۔ چلو اب جاؤ مجھے نماز ادا کر کے سونا ہے۔۔ دادی نے بات ہی ختم کر دی۔
ٹھیک ہے دادو اللہ حافظ۔۔ تابش نے ان کی پیشانی پر بوسہ دیا اور چلا گیا۔۔ پیچھے مومنہ بھی جانے لگیں تو اماں نے اسے روکا۔
مومنہ بچے بات سن۔۔
جی دادو۔۔ وہ ان کے پاس بیٹھ گئی۔
بچے زرتاشہ سے میں نے بات نہیں کی۔۔ مگر میں جانتی ہوں وہ کبھی انکار نہیں کرے گی۔۔ وہ خود بھی دل سے یہ ہی چاہتی ہے مگر شاید جانتی نہیں۔۔
ہاں دادو۔۔ شاید آپ سچ کہہ رہی ہیں۔۔ سچ بتاؤں تو جب تاشہ نے ارسل کے رشتے کے لیے چپ چاپ ہامی بھر لی تھی تو مجھے یقین نہیں آیا۔۔ کیونکہ میں بھی ان دونوں کی آنکھوں میں وہ سب دیکھ چکی تھی جو آپ نے دیکھا۔۔ مومنہ نے دادی کی باتوں کی تائید کی۔
ہاں بچے بس ہمارے سے سمجھنے میں غلطی ہو گئی۔۔ بس اب ہمیں وہ غلطی سدھارنی ہے۔۔ تمہارے زمے ایک کام ہے۔
جی دادو بولیں۔
بیٹی تم نے زرتاشہ سے بات کرنی ہے۔۔ وہ ضدی ہے ہو سکتا ہے اس بات پر آپے سے باہر ہو جائے۔۔
دادو آپ فکر مت کریں۔۔ میں سنبھال لوں گی اسے۔۔ اتنا تو سمجھ گئی ہوں میں بھی کیسے اسے ہینڈل کرنا ہے۔۔ مومنہ نے دادی کو تسلی دی۔
جیتی رہ بچے سدا سہاگن رہ۔۔ وہ دعائیں دینے لگیں۔
۞۞۞۞
زاویار تک یہ بات پہنچی تو وہ حیران رہ گیا۔۔ جو بات وہ خود سے بھی کرنے سے ڈرتا تھا اس کے علاوہ اس بات سے سب واقف ہیں۔۔
دوسری طرف زرتاشہ نے اپنی چوری پکڑی جانے پر اودھم مچا دیا۔
بھابھی یہ کیا کہہ رہی ہیں آپ۔۔ وہ بھائی ہیں۔
اوہوں۔۔ بھائی تھے اب کچھ اور بننے جا رہے ہیں۔۔ مومنہ اسے تنگ کرنے لگی۔
اف۔۔ بھابھی کیا مسئلہ ہے۔۔ آپ کیوں تنگ کرنے آگئی ہیں پڑھنے دیں پیپر ہے صبح میرا۔
ہاں ہاں پڑھ لینا۔۔ پیپر ہی تو دینے ہیں اب تم نے۔۔ وہ ابھی بھی باز نہ آئیں۔
اگر آپ اب کچھ بھی فضول بولیں تو میں بھئیا کو آپ کی شکایت کردوں گی۔
ہاہاہا۔۔ اچھا چلو پڑھ لو۔۔ پھر میں دادو کو کہہ دوں جلدی شادی کی ڈیٹ فکس کر لیں۔
بھابھی۔۔ کیا مسئلہ ہے۔۔ آپ سمجھ کیوں نہیں رہیں۔۔ وہ زچ ہو گئی تھی۔
چندا تم سمجھنے کی کوشش کرو۔۔ ایک ہی بات بار بار۔۔ میں تین دن سے فضول سا جواز سن رہی ہوں انکار کا۔
بھابھی فضول نہیں ہے۔۔ میں انہیں بھائی سمجھتی ہوں۔۔ اور اس رشتے کو ایکسپٹ کرنا۔۔ امپاسبل۔۔ اس نے ہاتھ اٹھائے۔
اپنے دل سے پوچھو۔۔ پھر بتاؤ ایکسیپٹ کرنا ناممکن ہے یا ممکن۔
بھابھی۔۔۔ اس نے منہ بسورا۔
بس۔۔ اب کچھ نہیں سنوں گی میں۔۔ آج میں دادو کو کہہ دوں گی کہ تم راضی ہو۔۔ اور بس جیسے ہی تمہارے ایگزام ختم ہوں تو شادی کی ڈیٹ فکس کر دیں۔
بھابھی۔۔ خبردار جو آپ نے یہ کہا۔۔ وہ چلائی۔
کیا؟ مومنہ معصوم بننے کی ایکٹنگ کرنے لگی۔
یہ ہی کہ۔۔ ایگزامز کے بعد شادی۔۔ مجھے سکون سے پڑھنے تو دیں۔
تو کیا تم چاہتی ہو ہم ابھی دو سال اور انتظار کریں۔۔ پھر میڈم کی پڑھائی مکمل ہو اور تمہیں رخصت کریں۔۔ نہ بابا نہ۔۔ بہت تنگ کرلیا تم نے ہمیں اب اور برداشت نہیں۔۔ اب جا کے اپنے پیا کو تنگ کرنا۔۔ مومنہ نے اس کی سرخ ہوتی ناک کھینچی اور اٹھ کر باہر نکل گئی۔۔
بھابھی۔۔ وہ پیچھے چلاتی رہ گئی۔۔ اس کے دل میں ایک خوف تھا۔۔ وہ کسی کو کچھ کہہ بھی نہ سکتی تھی۔۔ کیونکہ کوئی اس کی سننے کو تیار نہ تھا۔
پھر سب کی باہمی رضامندی سے ان دونوں کی شادی کی تاریخ رکھ دی گئی۔
تابش نے اتنی جلدی مچانے پر اعتراض تو کیا تھا مگر دادی نے اس کی چلنے نہ دی۔
زرتاشہ کے امتحانات ختم ہو گئے۔۔ آخری پیپر والے دن زرتاشہ نے بسمہ اور ہانیہ کو بتایا کہ اس کی شادی زاویار سے ہو رہی ہے تو وہ دونوں سکتے میں آ گئیں۔۔ پھر اسے خوب برا بھلا کہا۔۔ یہ ان کی خوشی اور پہلے نہ بتانے پر ناراضگی کا اظہار تھا۔ واپسی پر وہ دونوں اپنے گھر جانے کی بجائے اس کے ساتھ گھر آ گئیں۔۔
گھر آتے ہی ان دونوں نے اودھم مچا دیا۔۔ سیدھا دادی کے پاس گئیں۔۔ ان سے پیار لیا اور زرتاشہ کی شکایت بھی لگائی۔
دادو ہم تو کسی کے کچھ لگتے ہی نہیں اتنی خوشی کی خبر اور ہمیں ہوا تک نہ لگنے دی۔۔ ہانیہ نارضگی کا اظہار کرنے لگی۔
ارے بچے مجھے پہلے پتہ ہوتا تمہاری دوست اتنی گھنی نکلے گی تو میں خود تم دونوں کو بلوا لیتی اور یہ خبر دیتی۔۔ دادی نے بھی ان دونوں کا ساتھ دیا۔
زرتاشہ نے ہانیہ کو گھورا۔
دادو ہم ڈھولک کب رکھیں گے؟ اب تو ہمارے امتحان بھی ختم ہو گئے ہیں۔۔ اور شادی میں بھی صرف پندرہ دن باقی ہیں تو آج سے ہی رکھ لیں۔۔ بسمہ نے اجازت مانگی۔
ہاں ہاں۔۔ کیوں نہیں میرے بچے اتنے عرصے بعد تو ہمارے گھر خوشیاں آرہی ہیں۔۔ ہمیں دل کھول کر استقبال کرنا چاہیے۔۔ دادی نے فوراً اجازت دے دی۔
شکریہ دادو بہت بہت۔۔ ہانیہ اور بسمہ نے اکٹھے کہا۔ زرتاشہ اٹھ کر چلی گئی تو وہ دونوں بھی دادی سے اجازت لے کر باہر آگئیں۔
شام ہوئی تو وہ دونوں سب گھر والوں کے ساتھ ساتھ ملازماؤں کو بھی لے کر ڈھلک بجانے لگیں۔۔ زرتاشہ اپنے کمرے سے باہر نہ آئی۔۔ مومنہ کئی بار اسے بلانے گئیں مگر وہ کوئی نہ کوئی بہانہ کر دیتی۔۔ شہناز بیگم کا خوشی کے مارے برا حال تھا۔
تابش اور زاویار اکٹھے گھر پہنچے تو شور سن کر اندر آ گئے۔۔ سامنے کا منظر دیکھ کر حیران ہوئے۔
اسلام و علیکم۔۔
واعلیکم اسلام سب نے جواب دیا۔۔
آئیں بھائی۔۔ ڈھولک میں ہمارا ساتھ دیں۔۔ ہانیہ کی آواز آئی۔
ہاں بھئی کیوں نہیں۔۔ تابش نے فوراً اپنی جگہ بنائی۔۔ زاویار نے ادھر ادھر کسی کو تلاش کیا مگر فائدہ نہ ہوا۔
اس کی یہ حرکت ہانیہ کی نظروں سے نہ بچ سکی۔
آپ بھی آئیں ناں زاویار بھائی۔۔ ہانیہ نے اسے پکارا۔
نہ بابا مجھے آپ لوگوں کی بے سری آوازیں سن کر اپنے سر میں درد نہیں کروانی۔۔ اس نے ان کا مزاق اڑایا۔
کیا۔۔ کیا کہا بھائی آپ نے؟ ہم بے سرا گاتی ہیں۔۔ اب میں بھی دیکھتی ہوں آپ یہاں سے کیسے جاتے ہیں۔ مومنہ نے جل کر کہا۔
زاویار کا قہقہا گانجا۔۔ چلیں جی بیٹھ جاتا ہوں میں مگر ایک شرط ہے۔۔ بابھی بالکل نہیں گائیں گی۔۔ زاویار نے مومنہ کو چڑایا۔۔ تو وہ اسے گھورنے لگی۔
اوئے۔۔ تو کہنا کیا چاہتا ہے۔۔ میری بیوی بے سرا گاتی ہے؟ تابش نے مصنوعی غصہ دکھایا۔
یہ تو تجھے زیادہ بہتر پتہ ہو گا۔۔ زاویار نے جواب دیا۔
ارے یار۔۔ سچ کہتا ہے تو۔۔ میری ہمت کو داد دے جو اس کا بے سرا پن برداشت کرتا ہوں۔۔ تابش نے ایک آنکھ دبائی۔
اس کی بات پر مومنہ کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ اس نے ایک کشن اٹھا کر زور سے تابش کو مارا۔ سب کا قہقہا بلند ہوا۔
لے بھئی۔۔ بس اتنی ہی عزت ہے تیری۔۔ سب کے سامنے بیوی سے پٹتا ہے۔۔ زاویار نے بھی تابش کو تنگ کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا۔
پتر جی۔۔ فکر نہ کر۔۔ میری تو گھر والوں کے سامنے مارتی ہے۔۔ تیری آنے دے پھر پوچھوں گا۔۔ تابش نے جل کر جواب دیا۔۔ تو زاویار کا قہقہا گونج اٹھا۔
لڑکیوں نے گانا شروع کر دیا۔
ہانیہ بسمہ کو کچھ کہہ کر اٹھی اور زرتاشہ کے کمرے میں آگئی۔
تاشہ جلدی اٹھو۔۔ باہر آؤ۔
یار کیا مسئلہ ہے۔۔ نہیں آنا میں نے۔
کیوں نہیں آنا۔۔ کس بات کا سوگ منا رہی ہو ادھر بیٹھی۔۔ اٹھو ایک منٹ سے پہلے۔۔
کہتے ہی وہ زرتاشہ کا ہاتھ پکڑ کر اٹھانے لگی۔
کیا مصیبت ہے۔۔ چھوڑو مجھے۔۔ اس نے ہاتھ جھٹک دیا۔
ابھی تو کوئی مصیبت نہیں ہے۔۔ مگر تم ایک منٹ سے پہلے نہ اٹھی تو بہت بڑی مصیبت آجائے گی۔۔ ہانیہ نے غصہ دکھایا۔
آنے دو مصیبت۔۔ جاؤ تم میں نہیں آرہی۔۔ اس نے صاف انکار کیا۔
اوکے۔۔ فائن۔۔ آج کے بعد کبھی اپنی شکل نہیں دکھاؤں گی۔۔ میں اور بسمہ جا رہے ہیں اور نہ تو تمہاری شادی پہ آئیں گے اور نہ ہی کبھی تم سے بات کریں گے۔۔ وہ غصے سے کہتی واپس مڑ گئی۔
دروازے تک پہنچی تو زرتاشہ کی آواز اس کی سماعتوں سے ٹکرائی۔۔ اچھا رکو۔۔ ناراض مت ہو۔۔
ہانیہ رخ موڑے ہی کھڑی رہی۔۔ چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ تھی۔۔
ہاں بولو۔۔ رخ موڑ کر زرتاشہ کو دیکھا۔۔
کون کون ہے باہر ؟
سب۔۔ مختصر جواب دیا۔
سب کون؟ اس نے جھنجھلا کر سوال کیا۔
یار ہم سب ہیں۔۔ بھابھی ،دادو ،بڑی ماما ،بسمہ میں اور تمہاری سب ملازمائیں۔۔ ہانیہ نے زاویار اور تابش کا نام نہیں لیا۔
اور؟ زرتاشہ نے پوچھا۔
اور۔۔ اور کرتی رہنا ہے تم نے تو میں جاؤں؟ آ کر خود ہی دیکھ لو۔۔ اس نے پھر غصہ چہرے پر سجایا۔
اچھا ناں آرہی ہوں۔۔ زرتاشہ نے تنگ آکر ہار مانی اور ہانیہ کے ساتھ باہر آ گئی۔
سب میں پہنچی تو اس کی نظر زاویار پر پڑی۔۔ اتنے دن سے وہ جس سے چھپتی پھر رہی تھی اب اس کے سامنے آ کھڑی ہوئی۔۔
ارے تاشہ۔۔ آؤ ناں بیٹا ادھر کیوں کھڑی ہو۔۔ شنہاز بیگم نے اسے اپنے پاس بلایا۔۔
وہ جو واپس جانے لگی تھی شہناز بیگم کی آواز سن کر ان کی طرف دیکھنے لگی۔
ہاں چلیں دلہن صاحبہ اپنی جگا پر بیٹھیں۔۔ ہانیہ نے کہتے ہی اسے پکڑ کر شہناز بیگم کے ساتھ بٹھایا جہاں برابر میں زاویار براجمان تھا۔
زرتاشہ کی حالت دیکھنے کے قابل تھی اس نے ہانیہ کو گھورا جس کا جواب اس نے مسکرا کر دیا۔
چلو بھئی اب دلہن دلہا دونوں موجود ہیں تو ان کے احترام میں اچھے اچھے گانے گانا۔ ہانیہ کی بات پر سب ہی ہنسنے لگے۔
۞۞۞۞
جاری ہے۔۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔