بھگوڑا قسط نمبر 4
ریاض عاقب کوہلر
میری آنکھیں دروازے کی چرچراہٹ سے کھلیں۔ آنے والے کے ہاتھ میں لالٹین تھی۔ کمرے میں چھایا اندھیرا لالٹین کی وجہ سے ہلکی پیلی روشنی میںڈھل گیاتھا۔ لالٹین دیوار کے ساتھ لٹکا کر وہ باہر نکل گیا اور تھوڑی دیر بعد کھانے کے برتنوں کے ساتھ آن موجود ہوا۔
”میں نے بیت الخلا جانا ہے۔“میں نے اپنی حاجت بیان کی۔
” ٹھہرو ! میں صوبیدار صاحب سے پوچھ کر آتا ہوں۔“ یہ کہتے ہوئے وہ باہر نکل گیا۔ واپسی پر دونوں سنتریوں کو اس نے کچھ کہا اور وہ بھی اس کے ساتھ اندر چلے آئے ۔میرے ہاتھ پہلے سے کھلے ہوئے تھے۔ روٹی لانے والے نے مجھے پاﺅں کھولنے کو کہا۔پاﺅں کھول کر میں اس کی رہنمائی میں کمرے سے نکلا۔ دونوں سنتری چوکنے انداز میں میرے پیچھے چل پڑے۔ وہ جتنے بھی چوکس ہوتے ان دونوں پر قابو پانا میرے لیے کوئی خاص مشکل نہیں تھا۔ اور اس کی وجہ ان دونوں کی ناتجربہ کاری تھی کہ وہ مجھ سے صرف ایک قدم پیچھے چل رہے تھے۔ حالانکہ قاعدے کی رو سے انھیں فاصلہ رکھ کر آنا چاہےے تھا ۔لیکن ان دونوں پر قابو پانے کے باوجود میرا وہاں سے بھاگنا مشکل تھا کیونکہ پوسٹ پر کم و بیش تیس بندے موجود تھے اور یہ تعداد میرے گمان کے مطابق تھی ہو سکتا ہے کچھ زیادہ ہی ہوتے۔ اس صورت میں ان دو یا چند اور کو مار کر میں اپنی مشکلات بڑھانے کے علاہ کچھ نہیںکر سکتا تھا۔ اس لیے میں نے اپنے اندر اس قسم کی کوئی خواہش پیدا نہ ہونے دی اور مناسب موقع کے انتظار میں چپ چاپ بیت الخلا کی طرف بڑھتا چلا گیا۔ پوسٹ کا رقبہ کافی بڑا تھا۔ میں جس گیلری میں چل رہا تھا اس کی دیواریں پتھروں سے بنائی گئی تھیں۔ دیواروں کے بنانے میں کسی قسم کا مسالہ استعمال نہیں کیا گیا تھا، اس لیے دیواروں میں ہلکے ہلکے سوراخ باقی رہ گئے تھے اور ان سے ہوا کی سنساہٹ سنائی دے رہی تھی۔ محسوس ہو رہا تھا ، جیسے موسم خراب ہو۔ اس علاقے میں سردی کی شدت میں اضافے کا ایک سبب تیز ہوا کا چلنا بھی ہے۔ اس کی وجہ سے عموماً لوگوں کے چہرے کالے پڑ جاتے ہیں اور جسم کے کھلے حصے پھٹ جاتے ہیں۔
بیت الخلا کی چھت کافی نیچی تھی مجھے سرجھکا کر اندر داخل ہونا پڑا۔ اندر مٹی کے تیل کا دیا جل رہا تھا۔ اس کی روشنی میں مجھے بیت الخلا کی پچھلی دیوار کے ساتھ بوری لٹکتی نظر آئی جو ہوا سے ہل رہی تھی۔ میں نے بوری کو ہٹا کر دیکھا تو ایک سوراخ نما روشندان نظر آیا۔ بوری کے ہٹتے ہی تیز ہوا اندر داخل ہوئی۔ کونے میں پڑے ہوئے دیے کی لو پھڑپھڑائی اور وہ بجھنے کے قریب ہو گیا میں نے جلدی سے بوری کو روشندان کے اوپربرابر کر دیا، لیکن اس ایک لمحے میں مجھے آسمان پر سوائے اندھیرے کے اور کچھ نظر نہیں آیا تھا۔ اگر موسم صاف ہوتا تو ضرورتارے چمکتے نظر آتے۔حوائج ضرور یہ سے فارغ ہو کر میں بیت الخلا سے نکل آیا۔ دونوں سنتری باہر موجود تھے، ان کی نگرانی میںمیں واپس چل پڑا۔ بیت الخلا سے آگے ان کے رہائشی کمرے تھے اور دوسری سائیڈپر قید خانے سے ملحق بھی دو تین رہائشی کمرے نظر آرہے تھے۔ اس کے بعد گیلری دائیں طرف مڑ جاتی تھی ۔اس طرف شاید ان کا کچن اور راشن سٹور وغیرہ بنے ہوئے تھے۔ کھانا کھا کر جب وہ میرے ہاتھ پاﺅں باندھنے لگے تو میں نے ان سے درخواست کرتے ہوئے کہا۔”جناب اگر چاے مل جاتی….؟“
”قیدی ہو، مہمان بننے کی کوشش نہ کرو اور شکر ادا کرو بھگوان کا کہ تجھے کھانا دیا جارہا ہے۔“ ان میں سے ایک تلخی سے بولا اور میں نے چپ سادھ لی۔ مجھے چاے کی سخت طلب محسوس ہو رہی تھی۔ لیکن وہ قیدی ہی کیا جس کی کوئی خواہش پوری ہو۔
میں آنکھیں بند کر کے گھر کے خیالات میں کھو گیا۔ سعد یہ کے ساتھ گزارے ہوئے پیار بھرے لمحات میری سوچوں میں فلم کی صورت چلنے لگے۔ میری شادی میں والدین کا عمل دخل ہونے کی باوجود شادی بہت کامیاب رہی تھی۔ شادی سے پہلے بھی ہم دونوں ایک دوسرے کو چاہتے تھے اور اشاروں کنائیوں میں اس کا اظہار کرتے رہتے تھے، مگر شادی کے بعدتو یہ چاہت کئی گنا بڑھ گئی تھی۔ کسی کو اپنانے اور اس پر اپنی ملکیت جتانے کے احساس ہی میں عجیب لذت ہے۔میرے آرمی جوائن کرنے کے بعد ہمارے درمیان جدائی بڑھی اور ہمیں احساس ہوا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو کتنا زیادہ چاہتے ہیں۔عدنان کی آمدنے ہماری محبت کے بندھن کو پختہ اورمضبوط کر دیا تھا۔آج بھی سعدیہ سے سینکڑوں میل دور اس برف زار میں مجھے تمام گھر والوں سے زیادہ اسی کی یاد آرہی تھی۔ کہتے ہیں انسان خود غرض ہوتا ہے اور یہ شاید میری خود غرضی ہی تھی کہ مجھے سب سے زیادہ سعدیہ اور عدنان کی فکر کھائے جارہی تھی۔ خدانخواستہ اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ باقیوں کی طرف سے میں بے فکر تھا۔ ان کی بھی مجھے فکر تھی مگر سعدیہ اورعدنان سے ذرا کم اور وہ شاید اس لیے کہ مرد ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، تکلیفات کو برداشت کرلیتے ہیں، کسی کی زیادتی کا جواب دے سکتے ہیں۔ جبکہ عورتیں اس معاملے میں کمزور ہوتی ہیں۔ساری رات میں سونے جاگنے کی کیفیت میں لیٹا رہا۔ ہاتھ پاﺅں بندھے ہونے کی وجہ سے میری حالت کافی غیر آرام دہ تھی مگر میں اسے برداشت کرنے پر مجبور تھا۔
اگلے دن موسم زیادہ خراب ہو گیا اور ایسے موسم میں ہیلی کے آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ میرے شب وروز پہلے دن کی طرح گزرتے رہے۔ چاے مجھے صرف صبح کے وقت ہی ملتی یہ بھی میرے لیے شکر کامقام تھا۔ اس پرمیں اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کرتا کم تھا۔ ہاتھ پاﺅں بندھے ہونے کے علاوہ مجھے وہاں پرکوئی تکلیف نہیں تھی، لیکن یہ صورت ِحال زیادہ دن تک برقرار نہ رہ سکی ۔
مجھے پوسٹ پر آئے پانچواں دن تھا جب رات کے نو بجے میں اپنے دماغ میں پیاروں کی یادیں سجائے سونے کی کوشش میں مصروف تھا کہ اچانک کمرے کا دروازہ ایک جھٹکے سے کھلا۔ میں چونک پڑا لیکن ہاتھ بندھے ہونے کی وجہ سے میں اپنے اوپر سے سلیپنگ بیگ نہ ہٹا سکا کہ آنے والے کی صورت دیکھتا۔ اس کی پھنکارتی ہوئی آواز سے مجھے اندازہ ہوا کہ وہ کیپٹن ہے ۔اس کا نام ابھی تک مجھے معلوم نہیں ہو سکتا تھا۔
اندر داخل ہوتے ہی اس نے میرا سلپنگ بیگ کھینچ کر ایک طرف پھینکا اور مجھ پر ٹھوکروں کی بارش کر دی اس کے ساتھ اس کے غلیظ منہ سے گندی گندی گالیاں نکل رہی تھیں۔ بندھے ہونے کی وجہ سے میں اپنا دفاع بھی نہیں کر سکتا تھا۔ اس نے پاﺅں میں برفانی علاقے کے وزنی اور مضبوط بوٹ پہن رکھے تھے۔ اس کی لگائی ہوئی ہر ٹھوکر مجھے ہتھوڑے کی طرح محسوس ہو رہی تھی۔ میں نے اپنے دانت سختی سے بھینچ لیے کہ مبادا میرے منہ سے کوئی آہ یا سسکی نہ نکل جائے۔ مگرکب تک پسلیوں پر لگنے والی چوٹوں نے مجھے کراہنے پر مجبورکر دیا تھا۔
”بولو…. کتے کے بچے، اور کون کون تیرے ساتھ تھے ؟…. بولو۔ جلدی بتاﺅ ورنہ میں تجھے زندہ زمین میں گاڑ دوں گا، بکو جلدی بکو ؟“ اس کے منہ سے مسلسل خرافات نکل رہی تھیں۔ مجھے کچھ پتا ہوتا تو میں بتاتا۔ بلکہ مجھے تو یہ بھی واضح نہیں ہو رہا تھا کہ وہ کن کی بابت پوچھ رہا ہے۔ میرے منہ سے کسی قسم کا جواب نہ پا کر وہ اورزیادہ جنون میں آگیا۔ سرپرلگنے والی ضربات نے مجھے دنیا و مافیہا سے بے خبر کردیاتھا۔ آخر میں بھی انسان تھا۔ گو ایک کمانڈو عام انسان سے جسمانی لحاظ سے مضبوط اور زیادہ قوتِ برداشت کا مالک ہوتا ہے، لیکن برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور میں اس حد سے گزرچکا تھا۔
l l l
چہرے پر ٹھنڈا پانی چھڑک کر مجھے ہوش میں لایا گیا۔ میں اسی طرح بندھی ہوئی حالت میں پڑا تھا۔ کمرے میں اس کیپٹن کے علاوہ تین افراد کا اضافہ ہو چکا تھا۔ دروازے پر البتہ کافی تعداد میں سپاہی جمع تھے۔
میرا پورا جسم پھوڑے کی طرح دکھ رہا تھا۔ بندھے ہونے کی باوجود میں نے زور لگا کراپنے ہاتھوں اور پاﺅں کو حرکت دی۔ درد کی شدت سے میری چیخ نکلتے نکلتے رہ گئی، لیکن ایک اطمینان مجھے حاصل ہو گیا کہ میری کوئی ہڈی پسلی نہیں ٹوٹی تھی۔ ٹوٹی ہوئی ہڈی کا درد بالکل مختلف ہوتا ہے۔
”صوبیدار صاحب !….پوچھو اس کمینے سے ورنہ میں اس کی کھال اتار لوں گا۔“ مجھے ہوش میں آتا دیکھ کر کیپٹن ایک آدمی سے مخاطب ہوا جو عمر میں باقی تمام سے بڑا دکھائی دے رہا تھا۔
”ہاں جوان!…. اگر زندگی عزیز ہے تو جو کچھ کیپٹن صاحب پوچھ رہے ہیں۔ صحیح صحیح بتادو۔ ورنہ تجھے عبرت ناک موت سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔“ صوبیدار کا لہجہ نرم تھا مگر الفاظ سخت میں اسے کوئی جواب دینے کی بجائے خاموشی سے اسے تکتا رہ گیا۔
”تجھے میری بات کی سمجھ نہیں آئی ؟“ مجھے خاموش دیکھ کر وہ دوبارہ مستفسرہوا۔
”کیا پوچھنا چاہتے ہو؟“ میں آہستگی سے بولا۔
”تمھارے ساتھ کتنی پارٹیوں نے سرحد عبور کی اور ان کے مقاصدکیا کیا تھے؟“
” سرحد عبور کرنے کی وجہ میں تمھیں پہلے ہی بتا چکا ہوں۔“
”بکتے ہو تم۔“ اس مرتبہ کیپٹن دھاڑا۔ ”تم بھی تخریب کاروں کے ساتھی ہو۔ البتہ یہ ہو سکتا ہے کہ کسی نا معلوم وجہ سے تم ان سے بچھڑ گئے ہو۔“
”تم جنھیں تخریب کار کہتے ہو۔ ہم انھیں مجاہد سمجھتے ہیں۔ کاش میں بھی انھی میں سے ہوتا۔ مگر افسوس میں ان میں سے نہیں ہوں۔ میرے جیسے دنیا دار سے وہ لاکھ درجے اچھے ہیں۔“
”دیکھا رنجیت صاحب۔“ کیپٹن صوبیدارکو مخاطب ہوا۔ ”میں نہیں کہتا تھا کہ یہ بھی انھی میں سے ایک ہے۔ اب تو تمھیں میری بات کا یقین آگیاہوگا ؟“
”سر!…. میں نے پہلے بھی آپ کی بات کو نہیں جھٹلایا تھا۔“ صوبیدار رنجیت دھیمے لہجے میں بولا۔ ”لیکن میں ابھی تک اپنی بات پر قائم ہوں اس کو فیلڈ انوسٹی گیشن کے حوالے کرنے میں ہی دھرتی ماتا کی بہتری ہے۔ وہ اس سے سب کچھ اگلو لیں گے۔“
”رنجیت صاحب میرا خون کھول رہا ہے۔“ کیپٹن میرے نچلے دھڑ میں ٹھوکر لگاتا ہوا غرایا۔
”پلیز سر!“ صوبیدار رنجیت کا لہجہ مو¿دبانہ تھا۔ ”تھوڑا سا صبر کر لیں۔ یوں بھی ہیڈ کواٹر سے یہی آرڈر پاس ہوا ہے کہ آپ ہی اسے ساتھ لے کر جائیں گے۔ وہاں اپنا جی ٹھنڈا کر لینا۔“ اورکیپٹن بغیر اس کی بات کا جواب دیئے جھلائے ہوئے اندازمیں کمرے سے نکلتا چلا گیا۔
”تمھارا نام….؟“ کیپٹن کے کمرے سے نکلتے ہی صوبیدار رنجیت نے پوچھا۔
”عمرجان۔“
”تو عمر جان!…. بات یہ ہے کہ سچ سچ بتا دو تم نے کس مقصد کے تحت سرحد عبور کی اور تمھارے ساتھ کون کون تھا؟ اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ تم عبرت ناک موت سے بچ جاﺅ گے اور کسی وقت بھی قیدیوں کے تبادلے میں تمھاری خلاصی ہو سکتی ہے۔“
”سر!…. زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں میں ہے، البتہ اتنی بات پرمیں قسم کھانے کے لیے تیار ہوں کہ میں نے غلطی سے سرحد عبور کی ہے اور میرے ساتھ دوسرا کوئی بھی نہیں تھا۔“
”میں کیسے یقین کرلوں ؟“ وہ بے یقینی سے بولا۔
”آپ کو کیسے یقین آئے گا ؟“
”مجھے یقین آئے یا نہ آئے…. جن کے حوالے کیے جاﺅ گے وہ خود اگلوا لیں گے۔“ کہتے ہوئے صوبیدار رنجیت کمرے سے نکل گیا۔ باقی بھی اس کے پیچھے ہولیے تھے۔ان کے جانے کے بعد ایک سپاہی کمرے میں داخل ہوا اور مسکراتے ہوئے کہنے لگا۔ ”بھا جی! …. بڑی مشکل سے بچے ہو۔ ورنہ کیپٹن سریش تو تمھیں زندہ برف میں دفن کرنے لگا تھا۔ یہ صوبیدار رنجیت کا احسان مانو کہ وہ آڑے آگیا۔“
”کیپٹن سریش کو مجھ سے کیا تکلیف پہنچی ہے ؟“
”تمھیں اس نے بتایا نہیں ہے؟“ وہ مستفسر ہوا اورمیرا سرنفی میں ہلتا دیکھ کر بولا۔
”جس پوسٹ پرحملہ ہوا ہے اس میںکیپٹن سریش کا چھوٹا بھائی ماراگیا ہے۔ وہ لیفٹیننٹ تھا۔مارنے والے تو نکل گئے تمھاری بدبختی کہ تم پھنسے ہوئے ہو۔“
”آپ کا نام؟ “اسے گفتگو پرآمادہ دیکھ کر میں نے سلسلہ گفتگو بڑھانا چاہا کہ شاید کو ئی کام کی بات معلوم ہو۔
”میرا نام تو دلیر سنگھ ہے، لیکن اب آپ خاموشی سے لیٹ کر آرام فرمائیں کیپٹن صاحب نے تم سے گفتگو کرتے دیکھ لیا تو میری کم بختی آجائے گی۔“
”ٹھیک ہے دوست !…. میں خامو ش ہو جاتا ہوں۔آپ ایک چھوٹا سا کام کر دیں کہ یہ سلپنگ بیگ مجھے اوڑھا دیں…. آپ کی مہربانی ہو گی۔“
”ہاں ہاں کیوں نہیں۔“ وہ سلپنگ بیگ اٹھا کرمجھے اوڑھاتے ہوئے بولا۔ ”اسی مقصد کے لیے تو اندر آیاتھا۔“
l l l
اگلے دو دن آرام سے گزرے دلیر سنگھ نے دوسروں سے چھپا کر درد کش گولیاں بھی مجھے کھلا دی تھیں۔ جس سے میری تکلیف میں خاطرخواہ کمی ہوئی تھی۔ اس دوران موسم ٹھیک رہا۔ دلیر سنگھ سے پتا چلا کہ ہیلی پیڈ تیار ہو گیا ہے اور ہیلی مجھے لینے کے لیے کسی وقت بھی پہنچ سکتا ہے۔
وہ میری گرفتاری کا نواں دن تھا جب دوپہر کے 10بجے کے قریب مجھے ہیلی کی گڑگڑاہٹ سنائی دی۔ میں ذہنی طور پر وہاں سے جانے کے لیے تیار ہو گیا۔ مگر ہیلی کا پٹر وہاں رکنے کی بجائے آگے گزرتا چلا گیا۔ اس کی آواز دوگھنٹے بعد دوبارہ سنائی دی اس مرتبہ وہ وہیں اتر گیا۔ دو رایفل بردار کمرے میں داخل ہوئے میرے ہاتھ پاﺅں کی بندش کو کھولا اور مجھے باہر چلنے کو کہا۔
پائلٹ نے ہیلی اسٹارٹ ہی رکھا تھا۔ یہ مال بردار ہیلی تھا اس میں25سے 30بندوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ مجھے ایک سیٹ پر بٹھا کر چاروں جانب رایفل بردار بیٹھ گئے۔ اسی اثنا میں کیپٹن سریش بھی ہیلی میں داخل ہوا۔ اس کا چہرہ دیکھ کر مجھے لگا جیسے وہ روتا رہا ہو۔ بعد میں پتا چلاکہ اس کے بھائی لیفٹیننٹ اجیت کی لاش بھی اس ہیلی میں لوڈ تھی۔ کیپٹن سریش نے مجھ پر ایک قہر بھری نظر ڈالی لیکن منہ سے کچھ نہ کہا۔ اس کے بیٹھتے ہی ہیلی کے پروں کی رفتار میں تیزی آئی اور وہ آہستہ آہستہ زمین سے اٹھنے لگا۔ آدھے گھنٹے کی پرواز کے بعد ایک جگہ اتار کر اس میں تیل ڈالا گیا دوبارہ ہم گھنٹا ڈیڑھ گھنٹا محو پرواز رہے اور پھرزمین پراتر آئے اس دفعہ جس جگہ ہیلی اتارا گیا وہ کوئی ائیر بیس تھا ۔نیچے اترتے ہی سول کپڑوں میں ملبوس دو جوان میری جانب بڑھے۔ایک نے سرعت سے میری تلاشی لی۔ میری گھڑی اتاری اور مجھے بازو سے پکڑ کر ایک طرف کھڑی گاڑی کے جانب بڑھ گئے۔
گاڑی کی شکل پولیس کی وین کی طرح تھی جس میں ملزموں کو عدالت میں لے جایا جاتا ہے۔ گاڑی میں سوار کر کے انھوں نے میری آنکھوں پر پٹی باندھی اور ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا دی گاڑی سٹارٹ ہو کرنا معلوم منزل کی جانب روانہ ہو گئی۔ میںآنے والے وقت کے لیے اپنے آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیارکرنے لگا۔ مجھے پتا تھا کہ کسی بھی ملک کی انٹیلی جنس کا طریقہ تفتیش کیا ہوتا ہے۔ خصوصاً پاکستانی اور انڈین انٹیلی جنس تو تشدد کے ذریعے ملزم سے حقائق جاننے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس میں بعض اوقات ملزم ذہنی یا جسمانی طورپر ناکارہ بھی ہو جاتے ہیں البتہ یورپین ممالک کے متعلق جہاں تک مجھے معلوم ہے وہ زیادہ نفسیاتی حربے استعمال میں لاتے ہیں۔ لیکن ان کے پاس بھی آخری حربہ یہی ہوتا ہے کہ بندے کو جسمانی طور پر ٹارچر کیا جائے۔
گھنٹا پون گھنٹا سفرکے بعد گاڑی رک گئی۔ دائیں بائیں بیٹھے ہوئے بندوں نے مجھے بازو سے پکڑ کر گاڑی سے اتارا اور پھر مختلف موڑ مڑنے اور سیڑھیاں اترنے کے بعد ایک کمرے میں لا کر قید کر دیا گیا۔ جاتے ہوئے اتنی مہربانی انھوں نے ضرور کی کہ میری آنکھوں سے پٹی کھول دی۔ کمرے میں ایک بلب جل رہاتھا۔ اس کی روشنی میں مَیں نے کمرے کا جائزہ لیا۔ کمر ہ سازوں سامان سے بالکل خالی تھا۔ دائیں ہاتھ پر دیوار میں ایک کھڑکی نما دروازہ نظر آیا۔ میرے اندازے کے مطابق وہ بیت الخلا کا دروازہ تھا۔ آگے بڑھ کر جھانکنے پر میرے اندازے کی تصدیق ہو گئی۔ چونکہ ہیلی سے اترتے ہی انھوں نے میرے برفانی بوٹ اتروا لئے تھے اس لیے میں ابھی تک ننگے پاﺅں تھا۔ کمرے کا فرش ٹھنڈا تھا مگر میں جس علاقے سے ہو کر آرہا تھا اس کی نسبت یہ ٹھنڈک کچھ بھی نہیں تھی۔ یہاں کاموسم مجھے اپنے صوبہ پنجاب کے موسم جیسا محسوس ہو رہا تھا۔میں کونے میں دیوار سے پیٹھ لگا کر بیٹھ گیا۔ میرے دونوں ہاتھ ابھی تک ہتھکڑی میں جکڑے ہوئے تھے۔ مجھے پتا تھا کہ جلدی ہی انھوں نے تفتیش کے نام پرتشدد شروع کردینا ہے۔میں ذہنی طور پر خود کو اس مرحلے کے لےے تیار کر رہا تھا۔میرے جسم پر ابھی تک وہی لباس تھا جو میں نے اپنی پوسٹ سے اترتے وقت پہنا ہوا تھایہ ٹریک سوٹ اور تھرمل سوٹ پر مشتمل تھا۔ پچھلے کئی دنوں سے مسلسل اس لباس کو استعمال کرنے کی وجہ سے اس میں سے پسینے وغیرہ کی بو آرہی تھی اور میرے دل میں شدت سے یہ خواہش اٹھ رہی تھی کہ نیم گرم پانی سے نہا کر کپڑے بدل لوں۔مگرخواہش نام ہی اس چیز کا ہے جو کبھی پوری نہیں ہوتی ، ہمیشہ دل میں رہتی ہے۔ میں بھی صبرکئے ان کے اگلے اقدام کا انتظار کر تا رہا۔
زیر زمین کمرے میں وقت کا اندازہ لگانا ممکن نہیں تھا۔ جب میں بیٹھے بیٹھے تھک گیا تو اٹھ کر ٹہلنا شروع کر دیا۔ کافی دیر بعد دروازہ کھلا دو آدمی اندر آئے دونوں پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے۔ ان کے انداز میں بہت زیادہ خود اعتمادی نظر آرہی تھی۔ ان میں سے ایک نے میری ہتھکڑی کھولی جبکہ دوسرے نے اپنے ہاتھ میں موجود کیمرے سے میری تصویریں نکالنی شروع کر دیں چند تصویریں نکالنے کے بعد وہ دوسرے کو مخاطب ہوا۔
”باربر(حجام) کو بلا لاﺅ۔“اوروہ سر ہلاکر باہر نکل گیا۔ اس کے کمرے سے نکلتے ہی ایک لمحے کے لیے تو میرے جی میں آیا کہ میں کمرے میں موجود آدمی پر قابو پا کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کروں، مگر پھر اس عمارت سے عدم واقفیت کی بنا پر میں اس اقدام سے باز رہا۔ یوں بھی اس کیمرہ مین پر آسانی سے قابو پانا مشکل نظر آرہا تھا۔ جسامت میں وہ مجھ سے کچھ ہلکا تھا قد میں بھی کم تھا لیکن لڑائی کے طور طریقوں میں قدو جسامت کی اتنی اہمیت نہیں ہوتی۔ ایک چھوٹے قدو قامت کا بندہ بھی لڑائی بھڑائی میں ماہر ہو سکتا ہے۔
چند لمحوں بعد جانے والا ایک ایسے آدمی کے ساتھ اندر داخل ہوا۔ جس نے ہاتھ میں ایک فولڈنگ سٹول اور اٹیچی کیس اٹھایا ہوا تھا۔ سٹول کمرے کے وسط میں رکھ کر وہ اٹیچی کیس کھولنے لگا۔
”بیٹھو“ کیمرہ مین مجھے مخاطب ہوا اور میں خاموشی سے سٹول پر بیٹھ گیا۔ حجام میری چھاتی پر سفید کپڑا بچھا کر استرے سے میری شیو بنانے لگا۔ کمانڈو کی ٹریننگ سے پہلے میں شیو کرتا رہا تھا مگر اس کے بعد چھوٹی چھوٹی داڑھی رکھ لی تھی۔ برفانی علاقے میں گزارے عرصہ میں مَیں نے داڑھی کو بالکل نہیں چھیڑا تھا اور اس وقت میری داڑھی کافی بڑی نظر آرہی تھی۔
حجام نے استرے کی مدد سے چند منٹوں میں میری داڑھی صاف کر دی۔ سر کے بال بھی کافی بڑے ہو گئے تھے مگر اس نے ان کو نہ چھیڑا اور داڑھی مونڈنے کے بعد وہ اپنے اوزار دوبارہ اٹیچی کیس میں ڈالنے لگا اس دوران دوسرے دونوں خاموشی سے کھڑے رہے اور حجام کو کسی قسم کی ہدایات نہ دیں اور اس کا مطلب اس کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا کہ وہ پہلے ہی سے بریف کیا گیا تھا۔
کیمرہ مین دوبارہ میری تصاویراتارنے لگا۔ تصاویر اتار کر اس نے دوسرے آدمی کو کہا۔ ”اسے کپڑے دو۔“
دوسرے نے ہاتھ میں موجود بنڈل میری طرف بڑھایا اور کہا ۔ ”یہ پہن لو اور اپنے کپڑے اتار کر میرے حوالے کر و۔“میں کپڑوں کا بنڈل اس کے ہاتھ سے لے کر بیت الخلاکی طرف بڑھا مگر کیمرہ مین جلدی سے بولا۔
”کپڑے یہیں بدلو۔“
”کیوں؟“ میں احتجاجی لہجے میں بولا۔
”جیسا کہا جارہا ہے ویسا کرو زیادہ جوں چراں کی ضرورت نہیں۔“ کیمرہ مین غرایا۔
”اچھا…. “ کہہ کر میں نے حجام کو کہا۔ ”بھائی جان !ذرا سفید چادر دینا“
حجام سوالیہ نظروں سے کیمرے والے کی طرف دیکھنے لگا۔ کیمرہ مین نے ایک لحظہ کے لیے سوچا اور پھر اثبات میں سر ہلا کر اپنی منظوری کا عندیہ دے دیا۔ حجام نے اٹیچی سے سفید کپڑا نکال کرمیرے حوالے کر دیا۔
میں نے کپڑوں کا بنڈل کھول کر دیکھا وہ ایک شلوار نما پاجامہ قمیص اور انڈروئیر پرمشتمل تھا۔ مجھے وہ بالکل سی ایم ایچ(CMH) میں مریضوں کودیا جانے والا لباس لگا۔
میں نے چادر دھوتی کی طرح کمرسے لپیٹ کر اپنا تمام لباس اتاردیا اور پھر ان کا دیا ہوا لباس پہن لیا۔کیمرہ مین نے دوسرے آدمی کو میرے اتارے ہوئے کپڑے اٹھانے کا اشارہ کیا اور وہ تینوں کمرے سے نکلتے چلے گئے۔ دروازہ باہر سے بند کرنا وہ نہیں بھولے تھے۔
نئے کپڑے پہن کر میرے دل میں نہانے کی خواہش جاگی اور میں بیت الخلا کی طرف بڑھ گیا کہ غسل خانہ تو ادھر تھا ہی نہیں۔مگرجب پانی کو ہاتھ لگایا تو نہانے کی خواہش دم توڑ گئی۔ اتنے زیادہ ٹھنڈے پانی سے نہانے کا مطلب خود کشی کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا۔ میں چپ چاپ کمرے میں آ کر بیٹھ گیا۔
تھوڑی دیر بعد دوبارہ دروازہ کھلا۔ اندر داخل ہونے والے نئے آدمی تھے۔ ایک نے ہاتھ میں ایک میلا سا گدا ایک کمبل اور چھوٹا سا تکیہ پکڑا ہوا تھا، جبکہ دوسرے کے ہاتھ میں کھانے کے برتن تھے۔ کھانے میں تین روٹیاں اور پالک نما سبزی میرے سامنے رکھ دی گئی۔ مجھے کھانا کھائے ہوئے کافی دیر گزر گئی تھی اس لیے میں تینوں روٹیاں چٹ کر گیا وہ دونوں برتنوں کے انتظار میں ادھر ہی کھڑے رہے۔ جیسے ہی میں کھانے سے فارغ ہوا وہ برتن اٹھا کر چلے گئے۔ میں نے گدا فرش پر بچھایا اور کمبل اوڑھ کر لیٹ گیا ویسے بھی اس کے علاوہ میرے پاس کرنے کو کچھ بھی نہیں تھا۔ ٹریننگ کے دوران ہمیں قیدی کیمپوں سے فرار کے طریقے سکھائے گئے تھے مگر وہ مروجہ قیدی کیمپوں کے متعلق تھے اور اس جگہ قابل عمل نہیں تھے اس قسم کے حالات کے لیے ہمارے انسٹرکڑز کہتے تھے کہ ”یہ بندے کی اپنی صوابدید ہے کہ ایسے حالات میں وہ بچ نکلنے کے لیے کیاطریقہ کار اپناتا ہے لیکن اتنا ضروری ہے کہ صبر سے کام لے اور تیزی میں درستی نہ بھولے اور سب سے اہم یہ کہ بچ نکلنے کے لیے اگر کسی اخلاقی ضابطے کی قربانی دینی پڑے تو دریغ نہ کرے۔“
میں بھی کمبل میں سر چھپا کر وہاں سے فرار ہو نے کے طریقوں کے بارے سوچنے لگا۔ مگر کوئی ترکیب ذہن میں نہ آتی دیکھ کراُکتا گیا اور میری سوچوں کا دھارا ایک دفعہ پھر اپنے گاﺅں کی طرف مڑ گیا اور یہی کچھ سوچتے میں گہری نیند سو گیا۔ اگلی صبح ناشتا لانے والوں کی آواز سے ہی میری آنکھ کھلی۔ گو اس کمرے میں وقت کا اندازہ لگانا بہت مشکل تھا لیکن چاے کے برتن دیکھ کر میں نے اندازہ لگایا کہ صبح کا وقت ہے۔
حوائج ضرور یہ سے فارغ ہو کر میں نے ناشتا کیا جو چاے اور ڈبل روٹی پر مشتمل تھا۔ ناشتا لانے والے خاموشی سے مجھے گھورتے رہے ان کے چہروں پر کوئی خاص تاثرات نظر نہیں آرہے تھے۔ ان کے سپاٹ چہروں سے میں نے اندازہ لگایا کہ وہ میرے بارے لاعلم تھے۔
l l l
اگلے دو دن میں نے اسی کمرے میں گزارے تاحال مجھ سے کسی قسم کی پوچھ گچھ نہیں کی گئی تھی۔تیسرے دن ناشتے کے قریباً دو گھنٹے بعد میرابلاوا آگیا۔ مجھے بلانے والے وہی دونوں تھے جنھوں نے میری تصاویر نکالی تھیں۔ اس دفعہ دونوں نے ہاتھوں میں پستول پکڑے ہوئے تھے میں خاموشی سے ان کے آگے ہو لیا لیکن کمرے سے نکلتے ہی مجھے ان کے سہارے چلنا پڑ گیا کہ انھوں کالے نقاب سے میرا چہرہ ڈھانپ دیاتھا۔ جس کی وجہ سے مجھے کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔
مختلف موڑ مڑنے کے بعد مجھے سیڑھیوں سے اوپر لے جایا گیا۔ میں نے سیڑھیاں گنیں وہ تعداد میں16تھیں۔ سیڑھیاں چڑھنے کے بعد مجھے کافی گھما پھرا کر ایک کمرے میں لایا گیا اور اس سے ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ میں اس عمارت کے بارے میں کسی قسم کا اندازہ نہ لگا سکوں۔
آنکھوں سے پردہ ہٹا تو میں نے خود کو ایک ایسے کمرے میں پایا جس کی دیواریں شیشے کی تھیںلیکن ان سے باہر کا منظر نہیں آرہا تھا،یقینا باہر سے اندر دیکھنا ممکن ہوگا۔ لیکن یہ بات میں اندازے سے ہی کہہ سکتا ہوں ۔ کمرے کے وسط میں ایک کرسی رکھی تھی مجھے اسی پر لاکر بٹھا دیا گیا۔ چاروں کونوں میں ہتھیار بند افراد چوکنے انداز میں کھڑے تھے۔ میرے سامنے ایک صوفہ سیٹ اور شیشے کی ٹیبل رکھی ہوئی تھی۔ صوفہ سیٹ خالی پڑا تھا۔ چند لمحوں بعد شیشے کا دروازہ کھلا اور تین اشخاص اندر داخل ہوئے۔ ان میں دو مرد اور ایک عورت تھی۔ دونوں مرد تھری پیس سوٹ میں جبکہ عورت کھلے بلاﺅز کی ساڑھی میں ملبوس تھی دونوں مردوں کے برعکس عورت کم عمر نظر آرہی تھی اور دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ تینوں خاموشی سے آ کر میرے سامنے صوفے پر بیٹھ گئے تھے۔ ان کے سینئر کا اندازہ لگانا میرے لیے بالکل آسان تھا ۔اور اس کی وجہ دوسرے مرد اور عورت کا مودّبانہ انداز تھا ۔چند لمحے مجھے گھورنے کے بعد ان کے سینئر نے لب کھولے ۔
”تمھارا نام ؟“
”عمر جان۔“
”آرمی سے تعلق رکھتے ہو؟“
”جی ۔“
”نمبر اور رینک کیا ہے؟“
”نمبر…. اور سپاہی ہوں۔“(سیکورٹی کے لحاظ سے میں اپنا نمبر لکھنے سے گریز کر رہا ہوں البتہ قارئین کی معلومات کے لیے اتنا بتاتا چلوں کے آرمی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو ایک نمبر الاٹ کیا جاتا ہے جو کہ سات فگر پر مشتمل ہوتا ہے۔ بلکہ آرمی میں گھوڑوں، خچروں، کتوں اور ہتھیاروں تک کومخصوص نمبر الاٹ کئے جاتے ہیں)
”ہونہہ !اس کا مطلب ہے تیرا تعلق فرنٹیرفورس سے ہے ؟“
”جی۔“ مجھے اس کی معلومات پر اچنبھا نہیں ہوا کیونکہ مجھے علم تھا کہ دونوں ملکوں کی آرمی ایک دوسرے کے متعلق کافی معلومات رکھتی ہے۔
”یونٹ؟۔“
”سوری سر۔“ میں مودّبانہ لہجے میں بولا۔ ”یہ جنیوا معاہدہ کے خلاف ہے۔“
اس کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی ۔ ”جوان وہ معاہدہ جنگی قیدیوں کے لیے ہے جبکہ تم جاسوس بلکہ تخریب کار ہو۔ہم تمھارے لیے اس قسم کا کوئی حق ماننے کے لیے تیار نہیں۔ بہ ہر حال وہ بعد کی بات ہے….فی الحال تم یہ بتاﺅ کہ تم نے سرحد کس مقصد کے لیے عبور کی اور تمھارے ساتھ اورکون کون تھا؟“
جواباً میں نے اپنے بھگوڑا ہونے کی وجوہات اور راستا بھول کر سرحد عبور کرنے کی تفصیلات سے لے کر اپنے گرفتار ہونے کے واقعہ تک من وعن سب کچھ تفصیل سے بتا دیا البتہ رشی پوسٹ پر حملے کا ذکر میں گول کر گیا۔
”خوب۔ کہانی اچھی ہے اور کوئی خاص جھول بھی نظر نہیں آرہا ہے۔ اس کا مطلب ہے ۔ گھڑی ہوئی ہے…. میں صرف حقائق جاننے میں دلچسپی رکھتا ہوں مسٹر عمر جان کمانڈو!“ وہ میرا نام چبا چبا کر بولا۔
”کمانڈو ؟۔“ میں سچ مچ حیران ہو گیا۔
”ہاں کیا تمھیں اپنے کمانڈو ہونے میں شبہ ہے ؟‘ ‘
”نہیں !اگر آپ مجھے کمانڈو سمجھ کر خوش ہوتے ہیں تو مجھے کمانڈو بننے میں کوئی اعتراض نہیں۔“
”مسٹر !تیری اطلاع کے لیے عرض ہے کہ صوبیدار داس کی پوری پارٹی کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لکشمن کے علاوہ تمام کی موت برف میں دبنے سے ہوئی ہے جبکہ لکشمن گردن ٹوٹنے کی وجہ سے ہلا ک ہوا ہے اور اس کی گردن جس مخصوص انداز میں توڑی گئی ہے وہ پاکستانی کمانڈوز کا خاص انداز ہے۔ دوسرے تیرے ہاتھ میں پائے جانے والی شارٹ مشین گن بھی لکشمن ہی کی تھی اور یہ تو تجھے معلوم ہوگا کہ آرمی میں ہر جوان کے نام پر ہی ہتھیار ایشو کیا جاتا ہے۔ اس لیے ہمیں ایس ایم جی کو پہچاننے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔“
وہ چند لمحے کے لیے خاموش ہوا اور پھر بولا۔”رشی پوسٹ پر ہمارے چھے جوان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ان کے جسموں میں پائے جانے والے بلٹ اسی گن سے فائر ہوئے ہیں۔ اب تم کیا کہتے ہو ؟“
”لکشمن کی گردن کسی اور وجہ سے بھی ٹوٹ سکتی ہے اور ضروری نہیں کہ گولیاں اس گن سے چلائی گئی ہوں وہ اس کیلبر کی کسی بھی گن سے چلائی گئی گولیاں ہو سکتی ہیں اور اس قسم کی گنیں ہمارے مجاہدین کے پاس عام ہیں۔“
”ہونہہ !…. تمھارے مجاہدین“ ۔ وہ طنزیہ اندازمیں بولا۔ ” تم نے بچکانہ باتیں کر رہے ہو؟ حالانکہ تجھے اچھی طرح معلوم ہوگا کہ کسی بھی فائر شدہ بلٹ سے اس ہتھیار کا پہچاننامشکل نہیں ہے ۔ دنیا میں کہیں ایسے دو ہتھیار موجود نہیں جن سے فائر کیے گئے بلٹ بالکل ایک جیسے ہوںبالکل اسی طرح جیسے دنیا میں کہیں بھی دو بندوں کے انگلیوں کے نشان آپس میں نہیں ملتے۔خیر پھر بھی تیرا اعتراض میں دوسرے طریقے سے دور کیے دیتا ہوں۔ ہری چند!“ اس نے دروازے کی طرف منہ کر کے آواز لگائی اور اگلے ہی لمحے کمرے میں وہ بندہ داخل ہوا جسے میں نے رشی پوسٹ پر کک مار کر بے ہوش کیا تھا۔ وہ وردی میں ملبوس تھا اندر داخل ہوتے ہی اس نے سیلوٹ کیا اور خاموشی سے ایک طرف کھڑا ہو گیا۔
”اسے جانتے ہو ؟“وہ اس سے مستفسر ہوا۔
”جی سر۔ “اس نے اثبات میں سر ہلایا۔
”ہاں جی…. کمانڈو صاحب اب بتاﺅ۔“ اس بار اس کے لہجے میں استہزا¿ کا پہلو نمایاں تھا۔
”وہ سب جان بچانے کی فطری کوشش تھی ورنہ قتل و غارت میرا مقصود ہوتا تو میں اس کو۔“میں نے ہری چند کی طرف اشارہ کیا۔ ”اور اس کے ساتھ موجود دوسرے بندے کو زندہ نہ چھوڑتا۔“
”ہری چند تم جاﺅ۔“ وہ ہری چند کو مخاطب ہوا اور وہ ایک مرتبہ پھر سیلوٹ کر کے کمرے سے نکل گیا۔
”گپ شپ بہت ہو گئی مسٹر!…. اب تم فرفر اپنے ساتھیوں کے نام اور سرحد پار کرنے کا مقصد بیان کرنا شروع کر دو؟“
”میں نے جو بتانا تھا وہ بتا چکا …. اس کے علاوہ میرے پاس بتانے کو کچھ نہیں۔“
”اس کو نمبر چار میں لے جاﺅ۔“ وہ اپنے ساتھ بیٹھے مرد سے بولا۔ ”میں دیکھتا ہوں کہ اس کے پاس بتانے کو کچھ ہے کہ نہیں۔“
”یس سر۔“ وہ مو¿ دبانہ لہجے میں بولا۔
مجھے پتا چل گیاتھا کہ میری بدبختی کی شروعات ہو گئی ہے، لیکن ایک امید کے سہارے میں سٹول پر بیٹھے بیٹھے اچھلا ۔میرا ارادہ ان کے سینئر کو قابو کر کے فرار ہونے کا تھا۔ گو صوفہ سیٹ اور سٹول کے درمیان چند قدم کا فاصلہ تھا اور درمیان میں ٹیبل بھی رکھی ہوئی تھی لیکن وہ چند قدم کا فاصلہ میرے لیے کوئی حیثیت نہیں رکھتا تھا ۔میں پہلی چھلانگ میں ٹیبل تک جا پہنچا اور جیسے ہی دوسری مرتبہ اچھلا میرے سینے پر ایک زبردست کک لگی اور میں کولہوں کے بل فرش پر گر گیا۔ یہ حملہ سینئر کے ساتھ بیٹھے قد آور شخص نے کیا تھا۔ میں تیزی میں درستی بھول گیا تھا اور حملہ کرتے وقت اپنے دفاع سے غافل ہو گیا تھا۔ اس کے خمیازے میں مجھے اپنے سینے پر ایک زبردست چوٹ کھانی پڑی تھی۔
میرے گرتے ہی وہ ٹیبل پھلانگ کر آگے آیا اور بولا۔
”مجھے میجر شرما کہتے ہیں۔“ ابھی یہ الفاظ اس کے منہ ہی میں تھے کہ میں نے زمین پر اپنے دونوں ہاتھوں کو ٹیک کر کمر کو جھٹکا دیا اور اس کے مدمقابل کھڑے ہوتے ہی اپنی دائیں ٹانگ بجلی کی سی سرعت سے اس کے پیٹ میں ٹکائی اور وہ ”اوغ“ کی آواز نکلتا ہوا ٹیبل سے گزر کراپنے سینئر کے قدموں میں جا گرا۔
اس کے گرتے ہی میں بولا۔ ”اور مجھے عمر جان گنڈہ پور کہتے ہیں۔“ مجھے خوب اندازہ تھا کہ اسے اٹھنے اور سنبھلنے میں چند لمحے لگ جانے تھے۔ اس اثناءمیں مَیں ان کے سینئر کو قابو میں کر سکتا تھا۔ لیکن میرے ایکشن میں آنے سے پہلے اس کے ساتھ صوفے پر بیٹھی لڑکی اچھل کر کھڑی ہوئی اور اپنے کھلے گریبان میں ہاتھ ڈال کرنامعلوم مقام سے چپٹا سا پستول نکالتے ہوئے للکاری ۔
”خبر دار!…. ایک قدم بھی آگے بڑھایا تو پستول کی ساری گولیاں تیری کھوپڑی میں اتار دوں گی۔“ چہرے کی طرح اس کی آواز بھی دلکش تھی مگر اس وقت مجھے یہ آواز کسی چڑیل سے بھی بدتر لگی۔میں ٹھٹک کررک گیا۔ کمرے کے اندر چاروں کونوں میں کھڑے محافظ بھی اس کی للکار سنتے ہی گویا ہوش میں آگئے اور رایفلیں سونتے میری جانب بڑھے۔
”ہینڈز اپ۔“ ان میں سے ایک گرجا اور میں نے اپنے ہاتھ سر سے بلند کر لئے۔
ایکشن میں آتے وقت میں نے کونوں میں کھڑے محافظوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کر دیا تھا۔ میرا اندازہ تھا کہ جب تک وہ صورتِ حال کو سمجھ پاتے میں حالات اپنے موافق کر چکا ہوں گا۔ اور یہ سب کچھ میرے اندازے کے مطابق ہو جانا تھا اگر درمیان میں پہلے میجر شرما اور بعدمیں وہ لڑکی رکاوٹ نہ بنتے۔
وہ ابھی تک مجھ پر پستول تانے کھڑی تھی۔ میجر شرما بھی آہستہ آہستہ اٹھ کھڑا ہوا۔ غصے کی زیادتی اور خفت کے مارے اس کے چہرے پر عجیب قسم کے تاثرات چھائے ہوئے تھے۔ اس نے اپنے نام کا استعمال کرتے ہوئے بہت بڑی بڑھک ماری تھی مگر اسے منہ کی کھانی پڑی اور اب یہ خفت اور شرمندگی میری ٹھکائی کرنے کے باوجود ختم ہونے والی نہیں تھی۔ حیرانی کی بات یہ تھی کہ اس دوران ان کا سینئر سپاٹ چہرہ لیے صوفے پر براجماں رہا۔ لیکن جیسے ہی میجر شرما ڈگمگاتے قدموں سے میری جانب بڑھا وہ ہاتھ اٹھا کر بولا ۔
”نہیں شرما!“ اور اس کے الفاظ نے جادو اثر کام کیا تھاوہ خاموشی سے صوفے پر جا کر بیٹھ گیا۔ لڑکی بھی پستول کو اس کے مقام پر غائب کرکے میجر شرما کے ساتھ ہی بیٹھ گئی۔
”مسٹر کمانڈو!تیرا کیا خیال تھا مجھ پر قابو پاکے تم یہاں سے فرار ہوجاتے۔ نہایت بے وقوفانہ اور احمقانہ خیال تھا…. مجھ پر قابو پا کے تم صرف مجھے قتل ہی کر سکتے تھے اور اس کے نتیجے میں اپنی تکلیفات بڑھانے کے علاوہ تجھے کچھ نہیں ملنا تھا ۔اب بھی تم اپنے لیے ہر قسم کی رعایت کا حق ختم کر چکے ہو۔“ یہ کہہ کر وہ لڑکی کی جانب متوجہ ہوا۔
”نیلم!“
”جی سر۔“
” اسے نمبر6میں بھجوادو، اس کا کیس بھی اب تم نے ہی ہینڈل کرنا ہے …. اور شرما تم اس وقت تک اس تفتیش سے لا تعلق رہو گے جب تک انکوائری مکمل نہیں ہو جاتی۔“ دونوں نے ”یس سر“ کہہ کر اثبات میں سرہلا دیا۔
”شرما!…. تم میرے ساتھ چلو۔“ ان کا جواب سنتے ہی وہ اٹھتے ہوئے بولا اور میجر شرما اس کے ساتھ چل پڑا۔
ان کے کمرے سے نکلتے ہی مجھے لانے والے دونوں کمرے میں داخل ہوئے اور میرے اٹھے ہوئے ہاتھوں کو ہتھکڑی میں جکڑ نے لگے۔
ایک نے پوچھا۔”اسے کہاں لے جانا ہے میڈم ؟ “
”آں…. باں۔“ نیلم جو بڑے غور سے میرے چہرے کو دیکھ رہی تھی گڑبڑاتے ہوئے بولی۔ ” اسے نمبر چھے میں لے جاﺅ۔“
اور وہ ”یس میڈم“ کہہ کر مجھے باہر لے آئے ۔
غلطی سے یا جان بوجھ کر انھوں نے میری آنکھوں پر پٹی نہیں باندھی تھی۔ کمرے سے نکلتے ہی ہم ایک گیلری میں پہنچے و کرم نے مجھے بائیں جانب چلنے کا اشارہ کیا۔ میں چپ چاپ اس جانب چل پڑا گیلری کی دونوںاطراف کمرے بنے ہوئے تھے۔ آگے ایک چوراہا آیا و کرم نے مجھے ایک مرتبہ پھر بائیں جانب مڑنے کو کہا۔ موڑ مڑنے کے بعد ہم 15بیس قدم ہی چلے ہوں گے ،کہ ایک کمرے کے دروازے پر چھے نمبر کی تختی لٹکتی نظر آئی ۔ وکرم کی ہدایت پر میں دروازہ کھول کر اندر داخل ہو گیا۔ کمرے کے وسط میں لوہے کی ایک کرسی پڑی تھی اور دروازے کی طرف کے علاوہ باقی تین اطراف میں دیوار کے اندر الماریاں بنی ہوئی تھیں جن کے پٹ غائب تھے ان کے اندر مجھے مختلف قسم کے اذیت رسانی کے آلات دکھائی دیئے۔ ایک لمحے کے لیے میرے جی میں آیا کہ ان پر ٹوٹ پڑوںاور لڑتا ہوا مارا جاﺅں اس طرح کم از کم میری موت تو آسان ہو گی ورنہ تو انھوں نے اذیتیں دے دے کر میرا جینا حرام کردینا تھا ۔ لیکن پھرکسی اچھے موقع کی امید اور زندہ رہنے کی خواہش نے مجھے اس اقدام سے باز رکھا۔
وکرم نے کرسی پر بٹھا کر میری ہتھکڑی کھولی اور کرسی کے دستوں کے ساتھ لگے لوہے کے کلپوں میں میرے ہاتھ جکڑ دیئے اسی طرح میری دونوں پنڈلیاں گھٹنوں تک کرسی کے مضبوط پائیوں کے ساتھ جکڑ دیں۔اس اثنا میں تین رایفل بردار مجھے ہتھیار کی زد پر لیے کھڑے رہے میری ذرا سی حرکت پر وہ فائر کھولنے کے لیے تیار نظر آرہے تھے۔
مجھے کرسی سے جکڑ کر وہ تمام کمرے سے باہر نکل گئے۔ ان کے نکلتے ہی میں نے اپنے جسم کو ہلا جلا کر کرسی کی مضبوطی کا اندازہ کیا۔ کرسی مضبوطی کے ساتھ فرش میں گڑی ہوئی تھی اور کسی انسانی طاقت سے باہر تھا کہ اسے زمین سے باہر نکال سکے۔ اسی طرح کرسی کے دستوں اور پائیوں میں لگے لوہے کے کلپ بھی مضبوط سٹیل کے بنے ہوئے تھے۔ اپنی توانائی ضائع کرنے کے بجائے میںچپ چاپ بیٹھ گیا۔
چند منٹ بعد دروازہ کھول کر تین آدمی اندر داخل ہوئے تینوںمیں مَیں صرف نیلم سے واقف تھا۔ باقی دونوں چہرے نئے تھے ۔ان کے چہروں کے تاثرات سے میں نے اندازہ لگایا کہ رحم نام کی چیز کبھی ان کے قریب سے بھی نہیں پھٹکی ہو گی۔وہ دونوں تو الماریوں کی طرف بڑھ گئے اور نیلم سبک قدموںسے چلتی ہوئی میرے سامنے آ کر رک گئی۔
”تو پھر کیا خیال ہے جان!….“ جان کی نون پر زور دیتے ہوئے وہ مترنم آواز میںمستفسر ہوئی۔ ”کرنل صاحب کے پوچھے گئے سوالوں کے جواب یاد آئے ہیں یا ہمیں کوشش کرنی پڑے گی۔“
”جو حقیقت تھی وہ میں نے بتلا دی ،اب آپ بتائیں کہ مجھ سے کیا سننا چاہتی ہیں۔ جو کہیں گی وہی بولوں گا۔“
”تمھارا خیال ہے کہ گھنٹا دو گھنٹا ایک کرنل جو تمھارے ساتھ مغز ماری کرتا رہا ہے وہ ڈراما تھا۔ مسٹر جان!…. تمھیں سزا دینے کے لیے ہمیں کسی فردِ جرم کی ضرورت نہیںہے۔ ہم نے وہ حقائق معلوم کرنے ہیں جن کی وجہ سے تم نے سرحد عبور کی ہے۔ جو ڈرامائی سچوئیشن تم بیان کر رہے ہو۔ یہ صرف ڈراموں اور ناولوں میں اچھی لگتی ہے۔ حقیقی زندگی سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔“
”آپ کو میری کہانی میں ایسا کون سا جھول یا ڈرامائی سچوئیشن نظر آئی ہے جس سے آپ اسے جھوٹ سمجھنے پر مصر ہیں ؟“
” ایک مرتبہ ہمارا جاسوس کشمیر کی طرف سے سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس کے کاغذات وغیرہ بھی مکمل تھے۔ جب اسے ایک آفیسرکے سامنے پیش کیا گیا تو اس نے جاسوس سے چھے کلمے سنے جو اس جاسوس کو اچھی طرح ازبر تھے۔اور اسی وجہ سے آفیسر نے اسے ایف آئی یو کے حوالے کر دیا کہ یہ لازماً جاسوس ہے اور انوسٹی گیشن والوں کی سختی کے سامنے اس جاسوس کو اقرار کرنا پڑا۔ اب تمھیں میرے شک کرنے کی وجہ سمجھ آگئی ہو گی۔“
”میں جھوٹ موٹ بھی تو کچھ بول سکتا ہوں؟“
”ناممکن ۔“ اس نے انکار میں سر ہلایا۔ ”آج کل تمھارے ملک میں جو کھچڑی پک رہی ہے ہمارے ناک اس کی خوشبو سونگھ سکتے ہیں۔“
”کون سی کھچڑی ؟“ میں مستفسر ہوا۔
”وہ …. یہ دونوں تمھیں بتا دیں گے ،میری زبان تمھیں سمجھ نہیں آرہی۔“ یہ کہہ کر وہ کمرے سے باہرنکل گئی۔اس کے باہر نکلتے ہی دونوں جلاد میرے قریب آگئے۔ ایک نے ہاتھ میں بجلی کا ننگا تار پکڑا ہوا تھا، جبکہ دوسرا خالی ہاتھ تھا۔ اس نے بجلی کا تار لوہے کی کرسی سے لگایا۔ مجھے بے اختیار جھٹکالگا اور جب تک اس نے تار کرسی سے لگائے رکھامجھے یوں محسوس ہوتا رہا جیسے کوئی میری روح کھینچ کر نکال رہا ہو۔چند سیکنڈز کے بعداس نے تار ہٹالیا۔تار کے کرسی سے دور ہوتے ہی میں نے گہرا سانس لیا۔ اس ظالم نے اچانک ہی بجلی کا تاردوبارہ کرسی سے لگا دیا اس مرتبہ میرے منہ سے بے اختیار چیخ نکلی اور پھر یہ چیخیں جاری رہیں۔ اس دوران میں دو دفعہ بے ہوش ہوا۔ مگر ان دونوں ظالموں کے کان پر جوں بھی نہ رینگی وہ خاموشی سے اپنے کام میں جتے رہے۔
تھوڑی دیر بعد انھوں نے پلگ نکال کر تار کو لپیٹا میں نے سوچا شاید انھیں میری بے گنا ہی کا یقین آگیا ہے مگر یہ میری خام خیالی تھی۔ وہ دونوں الماری سے پلاسٹک کی ایک تھیلی نکال کرلے آئے اور میرے سر پر چڑھا کرنیچے سے اس کی سٹرپ بند کر دی۔ سٹرپ کے بند ہوتے ہی میرا سانس گھٹنا شروع ہو گیا۔ میں نے بے ساختہ منہ کھول کر سانس لینا شروع کر دیا مگر اس تھیلے کا کپڑا پلاسٹک نما تھا اور اس سے ہوا کا گزرنا نا ممکن تھا میں بہ مشکل ایک منٹ تک برداشت کر پایا، اس کے بعد میرے جسم کو بے ساختہ جھٹکے لگنے شروع ہو گئے میری حالت بے پانی کے مچھلی جیسی ہو گئی ۔ غشی طاری ہونے سے پہلے ہی انھوں میرے چہرے سے وہ تھیلا اتار لیا۔ میرے مردہ جسم میں جیسے زندگی دوڑ گئی اور میں گہرے گہرے سانس لینے لگا لیکن ایک دو سانس ہی لے پایا ہوں گا کہ انھوں نے تھیلا دوبارہ چڑھا دیا…. بجلی کے کرنٹ کی طرح یہ کھیل بھی کافی دیر جاری رہا۔ میرے سر میں سخت قسم کا درد شروع ہو گیاتھا۔ بدن میں گویاجان ہی نہیں رہی تھی۔ یوں لگ رہا تھا کہ تفتیش کے خاتمے تک شاید میں ٹھکانے لگ جاﺅں، مگر وہ دونوں جلاد اس کام میں مہارت رکھتے تھے۔ ان کی پہلی ترجیح قیدی کو زندہ رکھنا تھا، لیکن وہ زندگی بھی ایسی تھی کہ قیدی ہزار بارمرنے کی خواہش کرے۔ کمانڈوٹریننگ کے دوران ہمیں فرضی تفتیش کے مرحلے سے بھی گزارا گیا تھا۔ جس میں ہمیں مختلف قسم کی اذیتیں دی گئی تھیں، لیکن وہ تکالیف اور اذیتیں جتنی زیادہ بھی ہوتیں ۔بہ طور ٹریننگ تھیں،جبکہ یہاں حقیقت میں میرا حساب کتا ب شروع تھا ۔
دونوں نے تھیلا نما غلاف میرے سر سے اتارا۔ دونوں بازو کرسی کے دستے سے آزاد کیے اور چھت کے کنڈوں کے ساتھ لٹکتی زنجیر میں جکڑ لیے۔اس کے بعد کرسی سے جکڑے پاو¿ں بھی آزاد کیے اور کرسی کے نٹ کھول کر اس کو فرش سے جدا کر کے ایک طرف رکھ دیا۔ اگلے مرحلے میں انھوں نے زنجیر کو کھنچ کر ٹائیٹ کیا، یہاں تک کہ میرے پاﺅں ایک فٹ کے قریب ہوا میں بلند ہو گئے۔دونوں بڑی ترتیب اور انہماک کے ساتھ اپنے کام میں مشغول تھے یوں لگ رہا تھا جیسے کوئی سائنسدان اپنی لیبارٹری میں یا کوئی ڈاکٹر آپریشن تھیٹر میں مشغول ہو۔ دوران کارروائی انھوںنے مجھ سے یا آپس میں کوئی بات چیت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی۔ چھت سے لٹکا کر انھوں نے میرے پاﺅں کے ساتھ وزن باندھا اور ایک کونے میں کھڑے ہو کر دلچسی سے مجھے گھورنے لگے۔
کچھ دیر تو میں نے اپنے بازوﺅں کو اکڑا کر اپنے جسم اور فالتو وزن کو سہارا مگر کہاں تک آخر تھک کر مجھے جسم ڈھیلا چھوڑنا پڑا۔ جلد ہی مجھے یوں محسوس ہونے لگا جیسے میرے بازو کندھوں سے جدا ہو جائیں گے۔ میں ہونٹ بھینچے اس تکلیف کو برداشت کرنے کی کوشش کرتا رہا۔لیکن بہ ظاہر ساد ہ سی نظر آنے والی یہ سزا پہلی سزاو¿ں سے کم نہیں تھی۔
اچانک دروازہ کھول کر نیلم اندر داخل ہوئی ۔
”ہاں کچھ بتایا ہے اس نے ۔“
”ابھی تک تو خاموش ہے میڈم۔“ ایک مودّبانہ لہجے میں بولا۔
”اس کا مطلب ہے آ ج کل تمھاری کارکردگی کچھ اچھی نہیں جارہی ۔“ وہ خفگی سے بولی۔ ” تم دونوں کو میں نے آدھا گھنٹا دیا تھا اور اب گھنٹا ہونے والا ہے۔“اس کی بات سن کر میں حیران رہ گیا کیونکہ میرے خیال میں مجھے اذیتیںبرداشت کرتے کافی دیر گزر گئی تھی۔ جبکہ وہ کہہ رہی تھی ابھی تک صرف گھنٹا گزراتھا۔
”بکواس کر رہی ہے۔“ میں نے دل ہی دل میں سوچا۔ ”یہ میرا مورال ڈاﺅن کرنے کی نفسیاتی کوشش ہے۔“
”ہاں جان!…. کچھ یاد آیا ؟۔“ وہ میرے قریب آ کر لگاوٹ سے بولی مگر میں خاموش رہا۔
وہ دھیرے سے ہنسی ۔”واہ بھئی !….مٹھو کی تو بولتی ہی بند ہو گئی ہے۔ونود!…. ذرا اس کے پاﺅں سے وزن ہٹاﺅ۔“
ونود نامی شخص نے آگے بڑھ کر میرے پاﺅں سے وزن کھولا اور ایک طرف رکھ دیا۔ میرے بازوﺅں کا بوجھ کچھ ہلکا ہوا مگر تکلیف میں کوئی واضح کمی نہیں ہوئی تھی۔ میرا اپنا وزن بھی کچھ کم تو نہیں تھا۔ بھرتی کے وقت میرا وزن 86کے جی کے قریب تھا جو ٹریننگ کے بعد76 ،77 کلو گرام رہ گیا تھا۔
”ہاں جان ! اب تو کچھ پھوٹو؟“ میرے پاﺅں سے وزن ہٹتے ہی اس نے پوچھا۔
”جو حقیقت ہے وہ میں بتا چکا ہوں۔ اب میرے پاس ایسی کوئی بات نہیں جس سے آپ لوگوں کی تسلی ہو اور جہاں تک تعلق ہے آپ کے ملک کے خلاف کسی سازش کا؟ توبہ خدا میں اس سے ناواقف ہوں۔“
”چلو جب یاد آجائے پھر بتلا دینا…. ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔“
یہ کہہ کر وہ ان دونوں کی طرف متوجہ ہوئی ۔ ”اس کی بندشوں کو ڈھیلا کردو تاکہ یہ فرش پر کھڑا ہو سکے اور تم دونوں بھی اب آرام کرو۔ باقی کا کام کل کرلیں گے۔“یہ کہہ کر وہ باہر کے جانب چل دی ۔
اس کے کمرے سے نکلتے ہی ان دونوں نے میری بندشیں اتنی ڈھیلی کر دیں کہ میرے پاﺅں آسانی سے زمین پر ٹک گئے ۔باہر نکلتے ہوئے وہ دروازہ بند کرنا نہیں بھولے تھے ۔
(جاری ہے )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔