پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایک ڈینش کہانی بڑا آدمی مصنف : معروف ڈینش فلسفی …

ایک ڈینش کہانی

بڑا آدمی

مصنف : معروف ڈینش فلسفی ادیب و شاعر، وِلّی سؤرنسن

ڈینش سے ترجمہ : نصر ملک ( کوپن ہیگن ۔ ڈنمارک )

جب وہ واپس لوٹا تو ریلوے اسٹیشن سے اسے اپنا آبائی قصبہ اور بھی فاصلے پردکھائی دے رہا تھا۔ وہ نہ صرف فاصلے پر تھا بلکہ بہت چھوٹا بھی دکھائی دے رہا تھا …..لیکن دور فاصلے پر واقع بڑے شہر بھی تو چھوٹے اور دیہاتی قصبے ہی نظر آتے ہیں…..ہے نا!
اب وہ اپنے آبائی قصبے کی طرف جا رہا تھا اور قصبہ قریب آنے لگا تھا۔ قصبے کی عمارتیں جو گرجا گھر کے ارد گرد واقع تھیں یوں دکھائی دے رہی تھیں جیسے بچے اپنی ماں کے گرد دائرہ بنائے بیٹھے ہوں۔ گرجا گھر کا مینار اس دائرے سے سراٹھائے ہوئے تھا۔ اب وہ قصبے کے قریب اور قریب آتا جا رہا تھا لیکن عمارتیں اوپر بلند نہیں ہو رہی تھی حالانکہ ہوتا یوں ہے کہ آپ جب دور سے کسی عمارت کے قریب آ رہے ہوتے ہیں تو وہ اپنی اس بلندی میں اور بھی زیادہ بلند ہوجاتی ہے جو آپ کو دور سے دکھائی دیتی تھی۔
اب وہ قصبے میں داخل ہو چکا تھا اور ایسی تنگ گلیوں سے گزر رہا تھا جہاں اس کے لئے چلنا مشکل ہو رہا تھا۔ وہ مکانوں کی چھتوں کو اوپر سے دیکھ سکتا تھا اور ان چھتوں کے ساتھ ساتھ منڈیروں پر رکھی ہوئی چیزیں اسے بخوبی دکھائی دے رہی تھیں۔
قصبے میں رہنے والے لوگ جو بمشکل اس کے گھٹنوں تک پہنچ پا رہے تھے اپنی ایڑیوں کے بل اس کے ارد گرد’آگے پیچھے ہوتے ہوئے’ گردنیں لمبی کرکے منہ اٹھائے اسے دیکھنے کی کوشش میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔ وہ ایسی زبان اور لہجے میں باتیں کر رہے تھے کہ وہ اس کی اپنی آواز سے کچھ بھی اور کسی بھی طرح سے مطابقت نہیں رکھتی تھی ……شاید اس کی اپنی زبان پر کسی اور اجنبی زبان کی قلعی چڑھ چکی تھی۔
”سو بڑا آدمی آخر کار گھر واپس آگیا تھا۔”
صرف گرجا گھر میں جہاں ایک بار بچوں کے قد کے مقابلے ہوئے تھے اور جہاں اس کے متعلق تمام بچوں اور خاص کر بچیوں میں بھی’ اس کے چھوٹا ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی۔ یہ گرجا گھر ہی شاید اتنا بڑا تھا کہ وہ اس میں آسانی سے جا سکتا تھا۔ اسی گرجا گھر میں جب بچوں میں قد کے مقابلے ہوئے تھے تو اسے اچھی طرح یاد تھا کہ قد میں اس سے بڑی لڑکیوں کے لباس اس کے قد سے لمبے تھے اور اس عمر میں بھی وہ اپنے اپنے بدن کے سبھی حصوں سے جوان دکھائی دیتی تھیں۔
گرجا گھر کے دروازے پر اسے اندر جانے کے لئے جھک کر اپنے سر کو قدرے نیچا کرنا پڑا۔ عبادت کے لئے گرجا گھر کے اندر بنی ہوئی کرسیوں کی درمیان راہداری سے گزرتے ہوئے وہ چھت میں بنی محرابوں کی اندرونی قوسوں کو ہاتھوں سے چھو سکتا تھا’ لیکن جونہی وہ چھت کی مرکزی محراب کے عین نیچے پہنچا تو گرجا گھر میں ہوا کا ایک اتنا زبردست خلا پیدا ہوا کہ دیواروں سے لٹکی ہوئیں چھوٹی چھوٹی مقدس تصویریں اپنے فریموں کے ساتھ دائیں بائیں جھولنے لگیں۔ بعض تو جن کیلوں کے ساتھ لٹکی ہوئی تھیں اُن کے گرد گھوم رہی تھیں۔ ان تصویروں کی مدد سے اس نے کبھی انجیل مقدس کی آیات کی تشریحات کو سمجھا تھا۔ اب وہ اپنے پاؤں پر کھڑا رہنے کی بجائے مڑا اور گرجا گھر سے باہر نکل گیا۔
گرجا گھر کی عمارت کے باہر کھمبے سر اٹھائے کھڑے تھے۔ اور ان پر جھنڈے لہرا رہے تھے اور اس کے ہم قصبہ لوگ بھی اپنے اپنے ہاتھوں میں جھنڈے لئے کھڑے تھے۔ ضلعی اخبار’ جو ہمیشہ ہی اپنے علاقے کے دیہات و قصبوں کو کبھی نظر انداز نہیں کرتا تھا …..یقیناً اس نے قصبے میں اس کی آمد کے بارے میں ایک اشتہار شائع کر دیا تھا اور اب قصبے کا ہر باشندہ اسے خوش آمدید کہنے کے لئے گھر سے نکل آیا تھا۔ اُس نے لوگوں کے اس ہجوم میں اپنے والدین کو تلاش کرنے کے لئے ادھر اُدھر دیکھا اور اگرچہ جھنڈے والے کھمبے کے قریب جہاں وہ کھڑا تھا اس نے لوگوں کے سروں کے اوپر سے’ جہاں تک اُس کی نظر جاتی تھی’ نگاہ دوڑائی’ لیکن وہ اپنے والدین کو نہیں دیکھ سکا تھا۔ اس کی ماں جو ہمیشہ اُسے بڑا ہونے’ قد نکالنے ‘ نمایاں ہونے اور مضبوط پٹھوں والا بننے کے لئے ہدایت کرتی رہتی تھی ……وہ اسے بچوں کی قطاروں میں سب سے پیچھے’ اس کے دوسرے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھڑا کرکے یہ دیکھا کرتی تھی کہ ان میں سے کون اس سے چھوٹا تھا۔
آج بہار کا خوبصورت دن تھا اور پول پر لہرانے والا جھنڈا’ اس کے چہرے کو چھو رہا تھا۔ اس کے دل کی دھڑکن اب بڑھنے لگی تھی اور وہ اپنی جگہ پر کھڑا ساکت و جامد تھا اور اسے اپنے دل کی دھڑکن کی سنائی دیتی اور لحظہ بہ لحظہ برھتی ہوئی آواز کی رفتار سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ لیکن اب اس کے دل کے دھڑکنے کی آواز اپنے ہم قصبہ لوگوں کے دلوں کی آواز سے بھی زیادہ واضح طور پر بلند ہو رہی تھی۔ لوگوں کے دلوں کے دھڑکنے کی آواز وہ خود تو سن نہیں سکتاتھا لیکن لوگ اپنے سروں کے اوپر صاف نیلے آسمان کو دیکھ رہے تھے …..”اب وہ فائرنگ کر رہے تھے’ کیا جنگ پھوٹنے والی ہے …… آج کہیں ”یوم الایّام”تو نہیں؟ ” وہ ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے۔ اس کا دھڑکتا ہوا دل’ بندوق کی آواز سے کسی بھی طرح کم سنائی نہیں دے رہا تھا۔ اس کی یہ دھڑکن یکدم رک گئی۔ اب وہاں گرجا گھر کے احاطے میں اُن گھوڑوں کے ٹاپوں کی آواز بلند ہورہی تھی جو ریڑھوں میں جتے ہوئے ان نوکیلے پتھروں پر دوڑ رہے تھے جن پر انسانوں کا چلنا بھی دشوار تھا۔ ان ریڑھوں کو پھولوں سے لدی شاخوں اور گہرے سبز پتوں والی ڈالیوں سے بڑی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا اور ان پر سکولوں سے گریجویشن کا امتحان پاس کرنے والے طالب علم’ لڑکے لڑکیاں سوار تھے اور اپنی سفیداعزازی ٹوپیاں ہاتھوں سے ہوا میں اچھال رہے تھے۔اور ان ریڑھوں ہی میں رقص کرتے’ خوشی سے دیوانے ہو رہے تھے۔ اُس کا دل پھر اسی طرح دھڑکنے لگاتھا اور لوگ پھر پریشان چہروں کے ساتھ آسمان کی طرف دیکھنے لگے تھے۔ طالب علم اپنی طرف سے اسے خوش آمدید کہنا فرض سمجھ رہے تھے۔ وہ جانتے تھے کہ وہی تو تھا جو قصبے کے قدیم لوگوں کے فرمودات اور تعلیمات سے دنیا والوں کوآگاہ کر چکا تھا اور یہ بھی ثابت کر چکا تھا کہ ”علم ہی قوت ہے۔” اُس نے جب طلباء و طالبات کوپر جوش انداز میں…..”طالب علمی کے بھلے ایّام” کا نغمہ گاتے سنا تو اس کے رخسار یوں بھیگ گئے جیسے کسی نے جادوگری سے اُن پر پانی گرا دیا ہو۔ لیکن قصبے والوں نے دیکھا تو وہ بولے…..”دیکھو! بارش ہونے لگی ہے’ بادل گرج رہے ہیں اور سر پر آن گرنے کے قریب ہیں۔ طالب علموں کے لئے یہ کتنی بد قسمتی اور شرم کی بات ہے کہ اُن کی زندگی کے اس اہم ترین دن اور خوشی کی تقریب کے موقعہ پر بارش میں ان کی ٹوپیاں بھیگ کر ” سکڑ ” رہی ہیں۔” وہ بولے جا رہے تھے…..”یہ سالوں کاسال ہے! یہ پہلا موقع ہے جب کوئی ایک بھی امتحان میں فیل نہیں ہوا’ یقیناً یہ ان ہم جماعت طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ کے لئے سب سے بڑی خوشی ہی تو ہے!” ضلعی اخبار بیچنے والی عورت بھی گفتگو میں شامل ہو گئی تھی۔ ”شاید یہ گزر جائیں گے” ایک پولیس والا جو اپنے چہرے کو بارش سے بچانے کے لئے ہاتھ سے ماتھے پر چھتر بنائے کھڑا تھا بولا…..” آسمان پر بادل کا کوئی ٹکڑا بھی تو نہیں اور بارش…..یہ بادلوں ہی سے تو برستی ہے۔”
سنہری بالوں اور گہری نیلی چمکتی آنکھوں والی طالبات اور سیاہ بالوں والے طلبا’ ریڑھوں سے اب نیچے کود پڑے تھے او انہوں نے اچک اچک کر ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر’ اس بوڑھے شاعر کے گرد گھیرا ڈال کر رقص شروع کر دیا تھا جو اب وہاں محض ایک مجسمے کے طور پر کھڑا تھا اور جس کے قدموں میں خود اسی کا ایک مصرعہ جلی حروف میں پتھر پر کندہ تھا:
”تو’ مقام فروتنی کی جستجو کر۔۔۔۔”
اسے اس مصرعے کو پڑھنے کے لئے اپنے آپ کو نیچے جھکانے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوئی تھی۔ یہ مصرعہ تو اسے ازبر یاد تھا۔ وہ عین اس جگہ پر کھڑا تھا جہاں اس کے بچپنے کی گلی’ گرجا گھر کے احاطے کو آکر چومتی تھی۔ ویسے قصبے کی تمام پرانی سڑکیں بھی گرجا گھر کی طرف آتی تھیں۔ وہ بڑی ہوشیاری اور احتیاط کے ساتھ وہاں سے چلتا ہوا’ قصبے کے پرانے گھروں کے درمیان آنکلا تھا۔ اب وہ اُس گھر کے سامنے کھڑا تھا جسے وہ تلاش کر رہا تھا۔ اس نے وہیں کھڑے کھڑے اپنے ہاتھ سے مکان کی چھت پر ایک دو ہلکے ہلکے مکّے مارے اور پھر اسے اپنے باپ کی مانوس’ پرانی آواز سنائی دی…..”چھت پر کوئی جانور ہے۔” اور پھر ایک ہلکی سے چررچوں کی آواز کے ساتھ اسے محسوس ہوا کہ دروازے کے پٹ بڑی آہستگی سے کھل گئے تھے اور سامنے اس کی ماں کھڑی تھی…..”ارے ماؤنس !….. میرے ماؤنس ‘ تم اتنے بڑے ہو گئے ہو!!” وہ بولی۔
”خوش آمدید…..تم آج رات تو ٹھہرو گے ہی نا؟…..اس کا باپ دروازے سے باہر نکلتے ہوئے پوچھ رہا تھا۔
ماؤنس نے اپنا سر کھجایا اور اپنے سامنے کھڑے والدین کو دیکھا…..”یہ کتنے چھوٹے ہوگئے ہیں۔” اس نے سوچا۔ اس کی ماں حسب عادت تنک کر اس کے باپ سے بولی کہ اسے عملی باتوں میں کچھ شعور پنے اور سنجیدگی سے اظہار کا طریقہ ہی نہیں تھا…..”کیا تم دیکھ سکتے ہو کہ بچہ اس خستہ حال چھوٹے سے گھر کے اندر نہیں آسکتا۔” وہ اسے دیکھتے ہوئے مسلسل بول رہی تھی…..”بڑے شہروں میں پتا نہیں تم کس قسم کا کھانا کھاتے ہو؟ میں تو ابھی تک یہاں وہی ”ریوند چینی والی پوڈنگ” پکاتی ہوں…..آج موسم بھی ٹھیک ہے اور ”سٹراؤ بیریز‘‘ تو ابھی تک اچھی طرح سے پکی بھی نہیں ہیں۔”
…..”لیکن’ ماں!” اس نے ابھی اتنا ہی کہا تھا اور غالباً آگے بھی کچھ بولنے ہی والا تھا کہ اس کے والدین نے اپنے کانوں پر اپنے ہاتھ رکھ لئے کیونکہ اس کے ہونٹوں سے نکلنے والی آواز لاؤڈ سپیکر کی آواز سے کم نہ تھی۔
”میرے بچے!…..آہستہ بولو آہستہ’ دھیمی آواز میں بولو!!” اس کی ماں بولی ۔”اچھا ہوا جو انہوں نے تمہیں بولتے ہوئے سنا نہیں اور ابھی تک تمہیں کسی نے دیکھا نہیں….. ہے نا؟ پہلے تو وہ تمہیں یہاں آنے سے منع کر دینا چاہتے تھے…..مجھے تو اس کی کچھ سمجھ ہی نہیں اور نہ ہی میں جانتی ہوں لیکن’ وہ کہتے تھے کہ جب جنگ شروع ہوتی ہے تو یہ تم ہی ہو جو بم گراتے ہو اور انہیں خطرہ ہے کہ کہیں اس قصبے پر بم نہ گرائے جائیں’ وہ بڑے خوفزدہ تھے۔۔۔۔کاش ہم تمہیں ان سے چھپا سکتے’ تم نے ادھر آتے ہوئے دیکھا ہوگا نوجوان طالب علم رھڑوں’ چھکڑوں پر سوار ادھر ا’دھر گشت کرتے پھر رہے ہیں’ ابھی تو پولیس والے انہیں گرجا گھر کے قریب روکے ہوئے ہیں’ لیکن….. شاید وہ تمھارا پیچھا کرتے ہوئے’ ابھی ادھر بھی آ نکلیں…..ہا …..ئے’ تم کتنے مہذب اور با اخلاق تھے…..جب تم بچے تھے’ بچے! میرے ماؤنس!!”
”شاید یہی بہتر رہے گا کہ جب اندھیرا چھا جائے تو تم واپس آجانا۔” اس کا باپ بولا۔
ماؤنس نے خاموشی سے سر جھکا لیا اور وہاں سے چل دیا۔
گلیوں سے گزرتے ہوئے’ بچے اس کی ٹانگوں کے درمیان سے بھاگ رہے تھے اور ایک دوسرے کو متوجہ کررہے تھے…..”ارے دیکھو تو! یہ آدمی…..یہ آدمی’ ارے…..اس کے جوتوں کے تلوے تو سات انچ سے بھی اونچے ہیں!”
اسے اپنے قصبے سے باہر نکلنے کے لئے کچھ زیادہ قدم نہیں اٹھانے پڑے تھے۔
قصبے سے باہر سبز چراگاہوں میں بہار کا موسم پورے جوبن پر تھا۔ قدرتی جھاڑیاں اور خود رو بیلیں’ نیلے پیلے خوش رنگ پھولوں سے لدی ہوئی تھیں اور ان کی بھینی بھینی خوشبو سے فضا معطر ہو رہی تھی۔ وہ وہاں ایک طرف یوں لیٹ گیا کہ قصبے سے اسے کوئی نہ دیکھ سکے۔ قصبے میں گرجا گھر کا مینار سر اٹھائے کھڑا تھا اور وہاں غمناک قدیم گیتوں کی موسیقی کی آواز آرہی تھی۔ بہار کے پہلے دنوں میں پھول اپنی خوشبو کورات گئے تک برقرار رکھتے ہیں اور اگرچہ اندھیرا پھولوں کو ناقابل شناخت بنا دیتا ہے لیکن اُن کی خوشبو’ جھاڑیوں اور مرغزاروں پر رقص کرتی ان کی شناخت کا ثبوت مہیا کرتی رہتی ہے…..پرانے قلعہ کے کھنڈرات میں اس کے لئے کافی جگہ ہو سکتی تھی کیونکہ خود تو قلعہ وہاں اب موجود نہیں تھا۔۔۔۔قلعہ ہوتا تو وہاں کوئی ہوتا بھی …..اس نے وہیں لیٹے لیٹے کروٹیں بدلتے ہوئے’ قصبے کو اندھیرے میں غائب ہوتے دیکھا۔ اُس کی گلیاں اتنی تنگ تھیں کہ گھروں کی کھڑکیوں سے باہر نکلنے والی روشنی کچھ زیادہ دور تک تو نہیں جاتی تھی لیکن کھڑکیوں کی نشاندھی البتہ ضرور کرتی تھی۔ گرجا گھر کے مینار سے جب رات کے آخری مقدس گیت کی آواز آنی بند ہو گئی تو اُس نے ایک پگڈنڈی پکڑی اور لمبے لمبے قدم اٹھاتا ہوا قصبے کے بیچ سے گزرتا’ ریلوے اسٹیشن کی طرف ہو لیا۔ اس وقت اسٹیشن پر آنے والی گاڑی میں قصبے کے لوگ شادونادر ہی ہوتے تھے اور اگر ہوتے بھی تو بہت ہی کم!اُسے وہاں جگہ ملنی نا ممکن نہیں تھی….. لیکن’ راہ میں گرجا گھر کے قریب جہاں جھنڈوں والے کھمبے تھے اور جن پر سے اب احتراماً جھنڈے اتار لئے گئے تھے’ وہاں قریب ہی ایک چوکیدار ادھر اُدھر ٹہلتے ہوئے’ وقت کی مناسبت سے ”رات گزر ہی جائے گی…..” نغمہ گا رہا تھا۔
وہ قصبے میں اپنے بچپن کی گلیوں میں سے نہیں گزرا تھا۔ اگرچہ اُس نے دیکھا کہ اس کے والدین کے ڈرائینگ روم کی کھڑکیوں سے روشنی باہر جھانک رہی تھی۔ اب وہ بازار والی ایک گلی میں جا نکلا یہاں لوگوں نے کھڑکیوں کے پردے گرا رکھے تھے۔ شاید انہیں آندھی کا ڈر تھا…..لیکن پھر بھی یہاں ایک کھڑکی میں ابھی تک روشنی کی لو تھی …..اُس نے بڑی مشکل سے اپنے آپ کو قدرے نیچے جھکایا۔ وہ کھڑکی کی دوسری طرف اندر دیکھنا چاہتا تھا۔ یہ وہی پرانا ڈرائینگ روم تھا جہاں وہ کبھی ہر رات جھانکا کرتا تھا اور اپنی محبوبہ کے ساتھ سرگوشیاں کیا کرتا تھا تب اُس کی ماں سو چکی ہوتی تھی۔ایسے وقت پر وہ اپنی سانس بھی روکے رکھتا تھا۔ اسے یہ خوف رہتا تھا کہ اس کی محبوبہ کی ماں نے اگر اس کی ہلکی سی بھی آہٹ سن لی تو وہ نیند سے بیدار ہو کر اسے وہاں سے بھگا دے گی۔ ایک بار تو ایسا ہوا بھی تھا…..اُس کی آنکھ لگ گئی تھی اور وہ وہیں بستر سے چلا چلا کر اپنی بیٹی سے پوچھ رہی تھی کہ کون ہے جو اس وقت وہاں کھٹکا کررہاہے؟
اس کی محبوبہ کچھ بھی تو نہیں بدلی تھی۔ وہ وہی سفید لباس زیب تن کئے ہوئے تھی جو اسے بہت ہی پیارا تھا، اس کی محبوبہ کی آنکھیں’ اس کا رنگ و روپ’ بناؤ سنگھار اور…..سراپا’ اس کے بال’ سبھی کچھ توویسا ہی تھا۔
”ماؤنس!”….. وہ چلائی اور یہ تک نہ سوچا کہ اس کی ماں اس کی آواز سن لے گی۔ وہ بھاگتی ہوئی گلی میں نکل آئی تاکہ اُسے اپنی بانہوں میں لے کر سینے سے بھینچ لے…..لیکن’ اس کے بازو تو ماؤنس کی کمر کے گرد بھی نہیں پہنچ سکتے تھے۔
”او…..چھوٹی اینگا!”….. وہ اسے دیکھ کر بولا۔
تب اس کی چیخ نکل گئی اور وہ دوڑ کر واپس اندر چلی گئی۔ شاید ماں کے پاس گئی تھی۔ کیونکہ جب اس نے ماؤنس کے لبوں پر اپنا نام سنا تو سنائی دینے والی آواز نہایت کرخت اور دھماکہ نما تھی۔
اب دروازوں کے پٹ کھل گئے تھے اور تمام بالغ افراد اُن سے کود کود کر چھلانگیں لگاتے ہوئے باہر گلی میں آگئے تھے۔ انہوں نے ہر طرح کا اسلحہ اٹھا رکھا تھا’ ڈنڈے’ لاٹھیاں’ چھڑیاں’ بندوقیں’ جس کسی کو جو کچھ ملا اُٹھا لایا تھا۔ چوکیدار اپنا سات کونوں والا گرز اٹھائے سب سے آگے آگے بھاگ رہا تھا۔ اب وہ سب اُس کے پیچھے تھے اور اسے دق کرتے ہوئے آگے ہی آگے دھکیل رہے تھے’ بالکل ایسے’ جیسے کسی دیہاتی کسان کی گائے’ بھاڑے سے رسہ توڑ کر شہر کی گلی میں آن گھسی ہو۔ اب وہ لمبے لمبے قدم اٹھاتا اندھا دھند ریلوے اسٹیشن کی طرف بھاگ رہا تھا…..لیکن بھاگتے بھاگتے وہ اچانک ایک گھر کی چھت کے اوپر دیکھنے اور اسے ہاتھ سے چھونے لئے ابھی رکا ہی تھاکہ اسے پھر بھاگنا پڑا…..پوار قصبہ اُس کے پیچھے لگا ہوا تھا اور اب تو لوگ اونچی اونچی آواز میں اسے گالیاں دیتے ہوئے ملامت کر رہے تھے…..پھر ایک شکاری نے اپنی بندوق سے اُس پر فائر کر دیا اور گولی اُس کی چوڑی کمر کو خطا نہ کر سکی…..لیکن اسے اس کی شاید پرواہی نہ تھی۔
ریلوے اسٹیشن پر پوری گاڑی اُس کی منتظر تھی…..غالباً یہ کوئی خصوصی گاڑی تھی’ غیر معمولی طور پر بہت ہی بڑی…..اس کے دروازے اتنے بڑے تھے کہ اندر جانے کے لئے اسے نہ تو رکنا اور نہ ہی جھکنا پڑا۔پلیٹ فارم پر باہر گریجویٹ طلباء و طالبات…..”طالب علمی کے بھلے دن…..اور علم کی مضبوط قوت” کے گیت گارہے تھے۔ شاید وہ اب تک ریلوے اسٹیشن کے ریسٹورنٹ میں اپنی اپنی گریجویشن کا جشن منا رہے تھے۔ اُن کے ارد گرد قصبے کے سبھی لوگ کھڑے’ چھوٹے چھوٹے جھنڈے لہرا رہے تھے۔ اب کے برس کوئی بھی گریجویشن کے امتحان میں فیل نہیں ہوا تھا۔ ان سب کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں تھا….. اب قصبے کی بلدیہ کا میئر اُن سے خطاب کرنے کے لئے خود بخود سامنے آن کھڑا ہوا تھا اور اس نے اپنی تقریر کے اختتام پر شراب کا گلاس اوپر بلند کرتے ہوئے…..اپنے قصبے کے بڑے بیٹے کے لئے جام صحت تجویز کیا اور جونہی فضا میں ”ہپ ہپ ہُّرا” کی فلک شگاف آوازیں بلند ہوئیں’ ریل گاڑی نے چلنے کے لئے حرکت شروع کر دی۔ اس کے ڈبے کی کھڑکی کے باہر سینکڑوں ہاتھ اسے الوداع کہنے کے لئے اس کی طرف بڑھنے لگے لیکن ان سب کے آگے اُس کے اپنے والدین کھڑے تھے۔ اس کے باپ نے جلدی سے دو کرونا کی ریز گاری اس کی ہتھیلی پر رکھ کر اس کی مٹھی بھینچ دی…..”یہ بہت ہی معمولی سہی’ لیکن تمھارے زاد راہ کے لئے ہے …..بیٹا’ کام آئے گی!” وہ بولا۔ اس موقع پر اُس کی ماں نے اسے ایک ڈبہ تھمایا…..”یہ لنچ باکس ہے…..پتا نہیں بڑے شہروں میں تمہیں کیسی غذا ملتی ہے؟” وہ بولی۔ ان دونوں یعنی ماں اور باپ سے بھی آگے’ سب سے آگے’چھوٹی اینگا کھڑی تھی…..کھڑی کیا تھی وہ تو ایک طرح سے حرکت کرتی ہوئی ریل گاڑی کے ساتھ ساتھ بھاگ رہی تھی…..گاڑی اب رفتار پکڑ رہی تھی…..
”ماؤنس!” وہ پورے زور سے چلائی…..’الوداع!….. میں تمھارا انتظار کروں گی!!” اسے اس کا کوئی خطرہ نہیں رہا تھا کہ وہ یوں چلا چلاکر قصبے والوں کے سامنے کہہ کیا رہی تھی۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2146769912220197