پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایک دن میں اُسے تلاش کرتا ہوا ریڈنگ روم پہنچا تو ب…

ایک دن میں اُسے تلاش کرتا ہوا ریڈنگ روم پہنچا تو باغ میں کچھ لوگ دائر ے کی صورت میں جمع تھے۔ میں نے آگے ہو کر دیکھا تو ساغر ایک میت کے سرہانے بیٹھا تھا۔ مجھے حیدر نے بتایا کہ رات ایک مزدور مر گیا ہے۔ بیمار تھا۔ اتنے میں اعجاز بھی آ گیا۔ ساغر نے اُسے دیکھ کر کہا: "سید زادے اس کے کفن کا بندوبست ہونا چاہئے یہ ہماری ذمہ داری ہے، کوئی بات نہیں اگر یہ مر گیا ہے لیکن اسے کفن کے بغیر نہیں دفن ہونا چاہیے ” اُس مزدور کے نام سے بھی شاید کوئی واقف نہیں تھا جس کے کفن دفن کا بندوبست کرنے میں ساغر پیش پیش تھا۔ دوپہر کے بعد جب جنازہ اُٹھا تو مزدور کی میت کے پیچھے پیچھے ساغر دور تک گیا اور ہم جنازہ دفنا کر آئے تو ساغر ریڈنگ روم کے برآمد ے میں گدڑی بچھائے بیٹھا تھا۔ اُس نے اپنے سرہانے ایک موم بتی جلائی ہوئی تھی۔ ہم چُپ چاپ اُس کے پاس بیٹھ گئے۔ بہت عرصہ تک کسی نے ایک دوسر ے سے کوئی بات نہ کی، جب ایک موم بتی بُجھ گئی تو ساغر نے دوسری روشن کر دی۔ اُس کے پاس موم بتیوں کا ایک بنڈل تھا۔ اُس نے اچانک اپنا سر دوسری طرف کیا اور اپنے مخصوص لہجے میں بولا:
۔
۔
ہاں! ٹھیک ہی تو ہے۔ جہاں کوئی مر جائے وہاں ساری رات چراغ جلتے رکھنا چاہئے
۔
۔
دوسر ے دن ساغر باغ میں بیٹھا ہوا تھا اور اعجاز اُس کے سامنے کچھ کاغذ کھولے پڑھ رہا تھا۔ دھیر ے دھیر ے بیت جانے والی سردیوں کی آخری دھوپ کے سائے مدہم ہو رہے تھے۔ ٹریفک کا شور بھی ڈوب رہا تھا۔ میں خار دار تاروں کو پھلانگ کر اُن کے قریب پہنچا تو ساغر بہت بے رنگ اور بے نور سا نظر آیا۔ میں نے سلام کیا تو وہ پھر بھی چُپ ہی رہا۔ اعجاز نے گھاس سے ایک کاغذ اُٹھا کر دیتے ہوئے کہا: "بابا نے ایک تازہ غزل سُنائی ہے۔” لکیروں والے فُل سکیپ کے ایک کاغذ پر ساغر کی مخصوص لمبی اور پھیلی ہوئی ہینڈ رائٹنگ میں پانچ چھ شعروں کی ایک غزل میر ے سامنے تھی۔ میں نے مطلعہ پڑھا۔
۔
۔
نکلے صدف کی آنکھ سے موتی مر ے ہوئے
پُھوٹے ہیں چاندنی میں شگوفے جلے ہوئے
۔
۔
اس مطلعہ نے مجھے چونکا دیا۔ میں نے کاغذ سے نظریں ہٹا کر ساغر کی طرف دیکھا۔ وہ رُخ بدل کر بدرؤ، شکستہ باؤلی کی عمارت، مزدوروں کی جھونپڑیوں، سوکھے پتوں اور ننگی ٹہنیوں کو دیکھ رہا تھا۔ یہ خزاں کے دن تھے۔ میں گھاس پر بیٹھ گیا اور دوسرا شعر پڑھا۔
۔
۔
ہے اہتمامِ گریہ و ماتم چمن چمن
رکھے ہیں مقتلوں میں جناز ے سجے ہوئے
۔
۔
اس شعر سے دکھ کی ایک لہر اُٹھی اور میں اُس دکھ کی لہر کے ساتھ ایک ایک کر کے سار ے شعر پڑھتا گیا۔
۔
۔
ہر ایک سنگِ میل ہے اب ننگِ راہگزر
ہیں رہبروں کی عقل پہ پتھر پڑ ے ہوئے

بے وجہ تو نہیں ہیں چمن کی تباہیاں
کچھ باغباں ہیں برق و شرر سے ملے ہوئے

ساغر یہ وارداتِ سُخن بھی عجیب ہے
نغمہ طرازِ شوق ہوں اور لب ہیں سلے ہوئے
۔
۔
یہ غزل ایک مکمل واردات تھی۔ ایک جاری و ساری مشاہد ے کی کہانی تھی۔ اُن دنوں میں کبھی کبھی گھر آ کر ڈائری لکھا کرتا تھا۔ اور شاید یہ میری ڈائری میں درج ہو کہ یہ غلام محمد کا زمانہ تھا یا اسکندر مرزا کا۔ زمانہ تو ایک ہی تھا! تاریک اور دکھی رات کے پچھلے پہر کی طرح اُداس اور نہ ختم ہونے والا زمانہ . ..
۔
۔
موت کہتے ہیں جس کو ا ے ساغر
زندگی کی کوئی کڑی ہو گی
۔
۔
یونس ادیب کی کتاب ” داستانِ ساغر ” سے مقتبس