پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افغان مہاجرین اور ہماری داخلی سلامتی۔۔اسلم اعوان

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کاروائی کر کے ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک ایسے گروہ کے سات افراد کو پکڑ لیا جس نے افغان مہاجرین کےلئے 35 ہزار سے زیادہ شناختی کارڈ بنانے کا اعتراف کیا ہے،ملزمان کی نشاندہی پہ ایف آئی اے نے نادرا کے چار ملازمین کو بھی گرفتارکر لیا،جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی سطح کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ڈویڑن میں افغان باشندوں کے لئے شناختی کارڈ، ڈومیسائل اور پاسپورٹ بنوانے والے اس منظم گروہ کے قبضہ سے سینکڑوں جعلی ڈومیسائل، شناختی کارڈ،پاسپورٹ،جعلی تعلیمی اسناد،سٹامپ پیپرز،ڈرائیونگ لائسنس، اتھارٹی لیٹرز ،سشن ججز اور سرکاری افسران کی جعلی مہریں،دستخطوں کے نمونے،وطن کارڈز، پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹس،میڈیکل ایج سرٹیفکیٹس، مدارس سرٹیفکیٹس،اسلحہ لائسنس،سینکڑوں موبائل فون سمز،مختلف بنکوں کی چیک بکس اورحیران کر دینے والا دیگر حساس ساز و سامان برآمد ہوا۔

سرکاری اعداد و شمارکے مطابق 1980 کی دہائی میں ڈیرہ اسماعیل خان لائے جانے والے افغان مہاجرین کی بڑی تعداد نے غیر قانونی طریقوں سے یہاں کی مقامی سکونت حاصل کر لی،جن میں پشہ پل،ہمت، درابن،نائیویلہ اور لنڈہ شریف کے افغان مہاجر کیمپوں میں بسنے والے تقریباً تمام مہاجرین اور انکی اولادیں شامل ہیں، جنہیں اب حاصل کردہ سماجی حقوق سے بیدخل کرنا دشوار ہو گا،جعلی ڈومیسائلز حاصل کرنے والے انہی مہاجرین کے خلاف متعدد انکوائریاں لانچ کی گئی جو بیکار ثابت ہوئیں،اس وقت بھی محکمہ انٹی کرپشن جعلی ڈومیسائل بارے میں الگ سے تحقیقات کر رہا ہے لیکن سسٹم کی کمزوریوں کے باعث عموماً ایسی کاروائیاں رائیگاں چلی جاتی ہیں۔

tripako tours pakistan

بظاہر یہی لگتا ہے کہ ماضی کی طرح متذکرہ بالا غیر معمولی کاrروائی بھی ہمارے قانونی ڈھانچہ کے روایتی تسائل کی نظر ہو جائے گی ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان میں سیاسی عدم استحکام نے پاکستان میں داخلی سلامتی کے منظرنامہ کو شدید متاثر کیا اور ہمارے سماج میں افغان مہاجرین کی سرایت کا انتہائی اہم پہلو پاکستان کی داخلی سلامتی سے منسلک ہو گیا، لاکھوں افغان مہاجرین کی موجودگی اگرچہ ہمارے سماجی فریم ورک پر مضمر اثرات ڈالتی رہی لیکن عالمی تعلقات کے تقاضوں نے ان مہلک عوامل کو ریگولیٹ کرنے کی مہلت نہ دی۔افغان تنازعہ کا سب سے اہم نتیجہ ہی ہمسایہ ممالک میں افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر منتقلی تھی جس نے پاکستانی معاشرے میں کئی سماجی اورسیکورٹی چیلنجوں کو جنم دیا۔

1980 کی دہائی میں افغان مہاجرین کی آمد کے بعد یہاں فرقہ وارانہ تشدد ، منشیات کی اسمگلنگ ،اُجرتی قاتلوں کے گروہوں کی آبیاری، دہشت گردی کی لہریں اور منظم جرائم کا ایسا ہولناک تمدن استوار ہوا جس نے سندھ،بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے سماجی فیبرک اور انتظامی ڈھانچہ کی چولیں ہلا ڈالیں۔افغان مہاجرین کے یہی گروہوں،جنہیں اس سرزمین سے کوئی ہمدردی نہیں،اپنے کاروباری مقاصد کے لئے خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی تمام مرکزگریز تحریکوں کی مالی معاونت دینے کے علاوہ قابل لحاظ افرادی قوت بھی فراہم کرتے ہیں لیکن سیاسی مصلحتوں نے ہمارے ریاستی اداروں کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں ۔

گزشتہ تین چار سالوں میں یہاں سے افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کی شروعات کی گئی لیکن کام میں تسلسل کو برقرار رکھا نہیں جا سکا اور بوجوہ مہاجرین کی واپسی کا عمل بار بار معطل ہوتا رہا چنانچہ اب بھی 30 لاکھ سے زیادہ افغان باشندے پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم ہیں۔کچھ عرصہ قبل پنجاب گورنمنٹ نے بیدخلی کی مہم چلا کے افغان مہاجرین کو پنجاب کے شہروں سے نکالا تو انکی اکثریت ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ بلوچستان کے مختلف اضلا ع میں جمع ہو گئی جہاں قوم پرست جماعتیں ان کی آباد کاری کی منتظر بیٹھی تھیں۔

افسوس کہ مذہبی انتہا پسندی کے رجحان نے مقامی تہذیب و ثقافت پر افغان مہاجرین کے اثرات پہ بحث کی اجازت نہ دی،اس لئے یہاں تنقیدی سوچ کو فروغ مل سکا نہ عالمگیریت اور کثیر الثقافتی معاشروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کی روایت پروان چڑھی۔آج بھی ہم سیاست کے علاوہ بین الاقوامی علوم ،سیاسی معیشت ، عرب اور اسلامی علوم کے میدان میں اعلی معیار کے علمی تحقیق کا استقبال کرتے ہیں لیکن سیاسی شعور بیدار کرنے اور متنوع ثقافتوں کے علم و فہم کو گہرا کرنے کی مساعی کے روادار نہیں ہیں۔اس لئے سماجی عوامل خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں مہاجرین کی وسیع پیمانے پہ آبادی کاری کی راہ میں حائل نہیں ہوئے بلکہ نسل پرست تنظیموں کی طرف سے افغان مہاجرین کی پاکستان میں مستقل آبادکاری کی مہمات نے اس معاملہ کو زیادہ پیچیدہ بنا دیا۔

حیرت انگیز طور پہ پشتون قوم پرستوں کی جانب سے افغان مہاجرین کے پُرامن انخلاءکی مخالفت انسانی ہمدردی یاکسی اصولی موقف پہ مبنی نہیں بلکہ اس میں پاکستان کے شمال مغربی علاقوں پہ افغانیوں کے حق کا سوال اور علیحدگی کا پیغام (لر و بر یو افغان)پنہاں ہے جو قومی سلامتی کے لئے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے مگر افسوس کہ ان آوازوں کی حوصلہ شکنی میں تاخیر کر دی گئی۔تاریخ کی ستم ظریفی دیکھیے یہ وہی جماعتیں ہیں جنہوں نے 1960-70ء کی دہائی میں افغانستان کی روس نواز حکومتوں کی ایماءپہ صوبہ سرحد (خیبر پختون خوا) اور بلوچستان میں پختون قوم پرستی کی بنیادوں پہ علیحدگی کی تحریکیں برپا کر رکھیں ،خان عبدالولی خان جس نے ذولفقار علی بھٹو کی جمہوریت کے ہاتھوں بہت دکھ اٹھائے اور محمود خان اچکزئی کے والد صمدخان اچکزئی جو گیٹر پشتونستان کی منزل مقصود پانے کی راہ میں جان گنوا بیٹھے تھے،ابتداءمیں افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کی مخالفت کرتے نظر آئے، اس عہد میں مقتدرہ اتنی متنازعہ تھی نہ قوم پرستوں کو وسیع عوامی حمایت حاصل تھی،عالمی حالات بھی قوم پرستوں کے مقاصد سے ہم آہنگ نہیں تھے چنانچہ ریاست کے لئے علیحدگی پسندی کے رجحانات کو کچلنا آسان تھا لیکن پچھلے چالیس سالوں میں پلّوں کے نیچے سے کافی پانی بہہ گیا،اب مقتدرہ کی پہلے جیسی مقبولیت باقی رہی نہ عالمی حالات سرد جنگ کے زمانوں سے مماثل ہیں،اس لئے ریاستی قوت سے ریجنل نیشنل ازم کو دبانا آسان نہیں رہا۔

1979ءمیں روس کی فوجی مداخلت کے بعد عالمی حمایت سے افغانستان میں مذہبی بنیاد پہ جب مسلح مزاحمت کی ابتداءہوئی تو وقت کی بے رحم گردشوں نے قوم پرستوں کو دیوار سے لگا دیا تھا۔بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں سمیت تمام پختون قوم پرست تنظیمیں،جو اب افغان مہاجرین کے پشتی بان میں نمایاں نظر آتی ہیں،اس وقت کیمونزم کے خلاف عسکری تحریک کے حامی افغانوں کو پناہ دینے کی شدید مخالف تھیں۔خان عبدالولی خان اور محمود خان اچکزئی افغان مجاہدین کو اشرار اور فسادی کہتے رہے کیونکہ افغانوں کے پان اسلام ازم کے پلیٹ فارم پہ منظم ہو جانے سے نسل پرستی اور علیحدگی کے رجحانات دب گئے تھے اورجب تک افغانستان کے طول و ارض میں جہادی مزاحمت جاری رہی،کابل کی سیاسی فضاوں میں مذہبی گروہوں کا پلڑا بھاری نظر آیا، تاہم نائن الیون کے بعد کابل پہ براہ راست امریکی جارحیت کے بعد غیر ملکی فوج کی چھتری تلے افغانستان میں ایک سیکولر نشنل ایسٹ حکومت قائم کرکے قوم پرستی کے رجحان کو تازہ کمک فراہم کی گئی تو شمال مغربی سرحدی علاقوں میں پیش پا افتادہ قوم پرستوں کو نئی زندگی مل گئی خاص کر نوجوانوں کے اندر ریاستی مقتدرہ کے خلاف نفرت و بیزاری میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

1980ءکی دہائی میں روسی جارحیت کے خلاف مزاحمت کے دوران ہماری اسٹبلشمنٹ کو علاقائی قوم پرستی کی تیز دھاروں کو کند کرنے کے مواقع ملے لیکن بوجوہ علیحدگی پسندوں کی لنترانیوں سے صرف نظر کر کے ہموار قومی سوچ کی آبیاری سے پہلوتہی برتی گئی،مقتدرہ اگر چاہتی تو افغانوں کو مذہبی بنیادوں پر وطن کی آزادی کی جدوجہد پر کمربستہ کرنے کے دوران پاکستانی معاشرے کو ایسی یکساں تہذیبی بنیادیں فراہم کر سکتی تھی جو ہمارے ثقافتی مسائل کی پیچیدگیوں پہ حاوی ہو جاتیں لیکن عوامی حمایت سے محروم،خوفزدہ، آمریتوں نے تعمیر ملت کے جامع اور ہمہ گیر منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے سے گریز کیا۔

دوسرے مطلق العنان فوجی حکومت اگر افغان مہاجرین اور مجاہدین کی عسکری تنظیموں کو کھلی چھوٹ دے کر ملک کے اقتصادی نظام،سیاسی تمدن، تہذیبی اقدار اور داخلی انتظامی ڈھانچے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیتی تو، افغان مہاجرین، آج ہماری سلامتی کے لئے خطرہ ہوتے نہ ہمارا معاشرہ علاقائی شناختوں کے تعصبات میں منقسم ہوتا۔حیرت ہے،وقت کی صرف ایک کروٹ نے ضیاءالحق کی داخلی سلامتی اور خارجی تعلقات پہ مبنی ڈاکٹرین کو بیکار بنا ڈالا۔کیمونیزم کے خلاف مسلم مملکتوں کی سیاست کو مذہبی نظریات سے ممّلو کرنے والی مغربی طاقتوں کے مفادات تبدیل ہوئے تو انہوں نے نسل پرستی کے مدفن شدہ نظریات کو مٹی سے نکال کے ایک بار پھر ہمیں ذہنی تقسیم کے عمل سے گزارنے کی ٹھان لی کیونکہ ہماری ابلاغی مہارت اپنے طاقتور اتحادیوں کو قومی سلامتی کے تقاضوں اور ملکی سرحدات کی حرمت کا احساس نہیں دلا سکی ،یہ امریکی انگیخت ہی ہے جو علاقائی قوم پرستی کے مسخ شدہ نظریات کو قومی وحدت کے خلاف صف آراءکرنے کی جسارت کرتی دیکھائی دیتی ہے۔





بشکریہ