افسانہ نمبر 122 : مُطرب (دوسرا اور آخری حصہ)
تحریر: کازُو اَو اِشیگُورَو (برطانیہ)
مترجم : نجم الدّین احمد (بہاولنگر، پاکستان)
* * * * * *
نوٹ:
طویل ہونے کی وجہ سے یہ افسانہ ایک ہی وقت میں دو حصوں میں پوسٹ کیا جارہا ہے۔ پہلا حصہ پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
https://www.facebook.com/groups/AAKUT/permalink/2133179063579282/
* * * * * * *
ہم نے ویگاس میں شادی کی۔ ہم اُس ہوٹل میں ٹھیرے جس کا نہانے کا ٹب شیمپین سے بھرا ہوتا ہے۔ ہم اُس شب جو گِیت گایا وہ تھا: ’میں آسانی سے ہُوا دامِ الفت میں گرفتار‘۔ تمھیں پتا ہے میں نے اِس گیت کا انتخاب کیوں کیا تھا؟ کیا تم جاننا چاہتے ہو؟ ایک مرتبہ ہم لندن میں تھے، ہماری شادی کو زیادہ عرصہ نہیں ہُوا تھا۔ ہم ناشتے کے بعد اپنے کمرے میں گئے تو خادمہ ہمارے فلیٹ کی صفائی کر رہی تھی۔ لیکن میں اور لِنڈی خرگوش کے مانند وحشی ہیں۔ پس ہم اندر گئے تو ہم نے خادمہ کو ہماری نشست گاہ صاف کرنے کی آوازیں سنیں لیکن بیچ میں دِیوار ہونے کی وجہ سے ہم اُسے دیکھ نہیں سکتے تھے۔ لہٰذا ہم بچّوں کی طرح پنجوں کے بَل چلتے ہُوئے چپکے چپکے اندر داخل ہُوئے، تمھیں پتا ہے؟ ہم چُپ چاپ خواب گاہ میں گئے، اندر سے دروازہ بند کیا۔ ہم نے دیکھا کہ خادمہ نے کمرے کو پہلے ہی سے صاف کیا ہُوا تھا، اِس لیے شاید اُسے وہاں واپس آنے کی ضرورت بھی نہ پڑے لیکن ہمیں اِس کا یقینی طور پر پتا نہیں تھا۔ بہرحال جو بھی ہوتا، ہمیں پروا نہیں تھی۔ ہم نے اپنے اپنے کپڑے پھاڑ ڈالے، بستر پر مجامعت کی اور اِس تمام وقت کے دوران خادمہ دُوسری طرف موجود رہی۔ ایک طرف سے دُوسری طرف چکراتی ہوئی، اُسے کوئی اندازہ نہیں تھا کہ ہم لوٹ چکے ہیں۔ میں تمھیں بتاؤں، ہم وحشی ہیں لیکن تھوڑی دیر بعد ہمیں یہ ساری صُورتِ حال دلچسپ لگنے لگی اور ہم ہنستے ہنستے دوہرے ہو گئے۔ پھر ہم اپنا کام نپٹا کر ایک دُوسرے کی بانہوں میں بستر پر لیٹ گئے۔ خادمہ اب بھی باہر موجود تھی اور تمھیں پتا ہے پھر کیا ہُوا، وہ گانے لگی! اُس نے صفائی کا کام ختم کر لیا تھا اور اپنی پُوری بلند آواز میں گانا شروع کر دیا تھا، اور لڑکے، اُس کی آواز بے حد بھدّی تھی! ہمارے قہقہے نکلنے لگے جنھیں ہم دبانے کی کوشش کر رہے تھے۔ پھر کیا ہُوا کہ اُس نے گانا بند کر دیا اور رَیڈیو چلا دیا۔ اچانک ہمارے کانوں نے چَیٹ بیکر کی آواز سنی۔ وہ عمدگی، دھیمے پن اور رَسیلی آواز میں گا رہا تھا: ’میں آسانی سے ہُوا دامِ الفت میں گرفتار‘۔ اور لِنڈی اور میں وہاں بستر پر پڑے رہے بس چَیٹ کا گیت سنتے رہے۔ وہ بازوؤں میں سمٹ گئی۔ یہ واقعہ تھا۔ اِسی لیے ہم آج رات یہ گیت گائیں گے۔ مجھے نہیں پتا اُسے یہ بات یاد بھی ہو گی۔ کون جانتا ہے؟‘‘
مسٹر گارڈنر نے بولنا بند کیا اور میں نے اُنھیں اپنے آنسو صاف کرتے ہُوئے دیکھا۔ وِٹوریو نے ہمیں ایک اَور موڑ سے گھمایا اور احساس دِلایا کہ ہم اُسی ریستوران کے پاس سے دوبارہ گذر رہے ہیں۔ وہ پہلے سے زیادہ بارونق تھا اور ایک پیانو نواز، جسے میں اینڈریا کے نام سے جانتا تھا، ایک کونے میں پیانو بجا رہا تھا۔
ہم دوبارہ تاریکی میں پہنچ گئے۔ میں بولا۔ ’’مسٹر گارڈنر، مجھے معلوم ہے اِس سے میرا کوئی لینا دینا تو نہیں لیکن مجھے لگتا ہے جیسے آپ کے اور بیگم گارڈنر کے مابین اچھے تعلّقات نہیں رہے ہیں۔ میں آپ سے جاننا چاہتا ہوں کہ میں درست سمجھ رہا ہوں۔ میری ماں اکثر اِسی انداز میں افسردہ ہو جایا کرتی تھیں جیسے اب آپ ہو رہے ہیں۔ وہ سوچا کرتی تھیں کہ اُنھیں کوئی مل گیا ہے، وہ بے حد مسرت سے مجھے بتاتیں کہ فلاں شخص میرا نیا باپ ہو گا۔ میں شروع شروع میں اُن کا اعتبار کر لیا کرتا تھا۔ لیکن بعد میں مجھے پتا چل گیا تھا کہ اِس کا کوئی فائدہ نہیں۔ لیکن میری ماں نے کبھی اپنا یقین نہیں کھویا۔ اور جب بھی وہ دِلگیر ہوتیں، جیسے آپ آج ہیں، تو آپ کو پتا ہے وہ کیا کِیا کرتی تھیں؟ وہ آپ کے ریکارڈ چلا کر ساتھ ساتھ گانے لگتی تھیں۔ طویل موسمِ سرما کے دوران، ہمارے چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں وہ گھٹنے اپنی ٹانگوں تلے دبا کر بیٹھ جاتیں، کسی چیز کا گلاس اُن کے ہاتھ میں ہوتا اور وہ ملائمت سے گاتی رہتیں۔ اور بعض اوقات، مجھے یہ یاد ہے مسٹر گارڈنر، اُوپری منزل والے ہمارے ہمسائے چھت پر دھماکے کرنے لگتے، خاص طور پر اُس وقت جب ہم گلو کاری کر رہے ہوتے جیسے کہ ’فلک بوس تمنّائیں‘ یا ’وہ سب ہنس دیے‘۔ میں اپنی ماں کو محتاط نظروں سے دیکھا کرتا تھا لیکن لگتا تھا گویا وہ اپنے سر کو ہلاتے ہوئے آپ کے سِوا کچھ بھی نہیں سُن رہیں، اُن کے لب بول کے ساتھ ساتھ ہلتے رہتے۔ مسٹر گارڈنر، میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں۔ آپ کے گیتوں نے اُس وقت میری ماں کو سہارا دیا،یہ دُوسرے لاکھوں لوگوں کے لیے بھی سہارا بنے ہوں گے۔ اور یہ بات لازماً درست ہے کہ یہ آپ کے لیے بھی سہارا بنیں گے۔‘‘ میں نے ہلکا سا قہقہہ لگایا، جس سے مراد حوصلہ افزائی تھی، لیکن وہ میری توقع سے زیادہ بلند آواز میں نکلا۔ ’’آپ آج کی رات مجھے اپنا شریک سمجھیں، مسٹر گارڈنر۔ میں اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤں گا۔ میں طائفے کے مانند اچھی موسیقی پیش کروں گا، اب بس دیکھتے جائیں۔ اور بیگم گارڈنر ہمارے گیت سنیں گی اور کون جانتا ہے؟ شاید آپ لوگوں کے درمیان معاملات دوبارے سدھرنا شروع ہو جائیں۔ آپ یہ افسانہ فیس بک گروپ "عالمی ادب کے اردو تراجم” میں پرھ رہے ہیں۔ ہر جوڑا مشکل حالات سے دوچار ہوتا ہے۔‘‘
مسٹر گارڈنر مُسکرائے۔ ’’تم اچھے لڑکے ہو۔ میں آج کی شب تمھاری مدد کو تحسین کی نگاہوں سے دیکھتا ہوں۔ لیکن اب ہمارے پاس باتوں کے لیے وقت نہیں بچا۔ لِنڈی اب اپنے کمرے میں ہے۔ مجھے بتّی روشن نظر آ رہی ہے۔‘‘
ہم ایک پلازے کے قریب سے گذر رہے تھے جس کے پاس سے ہم پہلے بھی دو مرتبہ گذر چکے تھے اور اب مجھے احساس ہُوا کہ وِٹوریو ہمیں کیوں ایک ہی دائرے میں مسلسل گھما رہا تھا۔ مسٹر گارڈنر ایک خاص کھڑکی میں بتّی روشن ہونے کا منتظر تھے اور ہر مرتبہ اُنھوں نے اُسے اندھیرے میں ڈُوبے پایا تھا اور ہم ایک اَور چکّر لگانے لگ جاتے۔ البتّہ اِس بار تیسری منزل کی کھڑکی روشن، پٹ کھلے اور ہم جس جگہ تھے وہاں سے لکڑی کے بالوں والی چھت کا تھوڑا سا حِصّہ دیکھ سکتے تھے۔ مسٹر گارڈنر نے وِٹوریو کو اشارہ کیا مگر اُس نے پہلے ہی کشتی کو کھینا بند کر دیا تھا اور ہم آہستہ آہستہ پیرتے رہے، یہاں تک نوکا عین کھڑکی کے نیچے ٹھیر گیا۔
مسٹر گارڈنر ، کشتی کو خطرناک حد تک جھلاتے ہُوئے، دوبارہ اُٹھے تو وِٹوریو کو ہمیں سنبھالنے کے لیے پُھرتی سے حرکت کرنا پڑی۔ پھر مسٹر گارڈنر نے بے حد ملائمت سے پُکارا: ’’لِنڈی؟ لِنڈی؟‘‘ اور بالآخر اُنھوں نے بہ آوازِ بلند پُکارا: ’’لِنڈی!‘‘
ایک ہاتھ نے پٹ کو اَور کھولا، پھر تنگ جھروکے میں ایک جسم نمودار ہُوا۔ پلازے کی دِیوار پر لٹکا ہُوئی ایک لالٹین ہم سے زیادہ دُور نہیں تھی، لیکن روشنی کم تھی اور بیگم گارڈنر ایک سائے کی طرح دِکھائی دے رہی تھیں۔ تاہم میں نے پھر بھی دیکھ لیا تھا کہ اُس نے ، جب میں اُس سے پلازے میں ملا تھا اُس سے مختلف بال بنا رکھے تھے، شاید رات کے جلد کھانے کے لیے۔
’’یہ تم ہو، پیارے؟‘‘ وہ جھروکے کی باڑ پر جھکی۔ ’’میں سمجھی تم اغواء ہو گئے ہو یا ایسا ہی کچھ ہو گیا ہے۔ تم نے مجھے بے حد پریشان کر دیا تھا۔‘‘
’’بے وقوفی کی باتیں مت کرو، پیاری۔ ایسے قصبے میں ایسا ہو سکتا ہے؟ خیر، میں نے تمھارے لیے ایک رقعہ چھوڑا تھا۔‘‘
’’میں نے کوئی رقعہ نہیں دیکھا، پیارے۔‘‘
’’میں نے تمھارے لیے ایک رقعہ چھوڑا تھا۔ صرف اِس لیے کہ تم فکر مند نہ ہو۔‘‘
’’کہاں ہے وہ، وہ رقعہ؟ اُس میں کیا لکھا تھا؟‘‘
’’مجھے یاد نہیں ہے، پیاری۔‘‘ مسٹر گارڈنر کی آواز میں اب جھلاہٹ تھی۔ ’’وہ ایک باقاعدہ رقعہ تھا۔ تمھیں پتا ہے، اِس قسم کا کہ میں سگریٹ یا کچھ اور خریدنے جا رہا ہوں۔‘‘
’’کیا اب تم نیچے یہی کر رہے ہو؟ سگریٹ خرید رہے ہو؟‘‘
’’نہیں، پیاری۔ یہ ایک مختلف کام ہے۔ میں تمھارے لیے گانے لگا ہوں۔‘‘
’’کیا یہ کسی قسم کا کوئی مذاق ہے؟‘‘
’’نہیں پیاری، یہ مذاق نہیں ہے۔ یہ وینس ہے۔ یہ وہ کام ہے جو لوگ یہاں کرتے ہیں۔‘‘ اُنھوں نے میری اور وِٹوریو کی جانب یُوں اشارہ کیا گویا ہماری وہاں موجودگی اُن کے نکتے کی وضاحت ہو۔
’’پیارے، مجھے یہاں باہر ٹھنڈ لگ رہی ہے۔‘‘
مسٹر گارڈنر نے گہری آہ بھری۔ ’’تب تم کمرے کے اندر سے سنو۔ پیاری، کمرے میں واپس جاؤ ، اپنے آپ کو آرام دہ حالت میں لاؤ۔ بس کھڑکیوں کو کھلا رہنے دو، تم ہماری آواز بخوبی سن لو گی۔‘‘
وہ کچھ دیر تک اُنھیں گُھورتی رہی اور وہ جواباً اُسے تکتے رہے، دونوں ہی ایک بھی لفظ ادا کیے بغیر۔ پھر وہ اندر چلی گئی اور مسٹر گارڈنر مایوس دِکھائی دینے لگے حالاں کہ اِس کی تجویز بھی اُنھوں نے خُود ہی دی تھی۔ اُنھوں نے ایک بار پھر آہ بھرتے ہُوئے سر جھکایا اور مجھے یقین ہے کہ وہ اگلا قدم اُٹھانے سے گُریزاں تھے۔ پس میں بولا: ’’ آئیے مسٹر گارڈنر، ’جب میں ققنس کے پاس گیا تھا‘ شروع کرتے ہیں۔‘‘
اور میں نے مہارت سے اِبتدائی سُر بجائے، لیکن دُھن نہیں، جو گِیت کی طرف لے جا سکتے تھے یا باآسانی دم توڑ سکتے تھے۔ میں نے کوشش کی کہ وہ امریکی طرز کے ہوں، شاہراہِ طویل و عریض شاہراہ کے کنارے بنے مشروب خانوں جیسے، اور میرا قیاس ہے کہ میں اپنی ماں کے بارے میں بھی سوچ رہا تھا کہ میں جب کمرے میں آتا تو اُنھیں سَوفے پر پڑے ریکارڈ کے ایک امریکی شاہراہ یا گلو کار کے کُرسی میں بیٹھے کی تصویر والے کھانچے کو تکتے دیکھتا تھا۔ میری مُراد ہے کہ میں نے اُس طرح بجانے کی کوشش کی کہ میری ماں اُسے اُسی دُنیا سے آنے والی موسیقی سمجھے، وہی دُنیا جو اُن کے ریکارڈ کے کھانچے پر تھی۔
اِس سے قبل کہ مجھے ادراک ہوتا، میں باقاعدہ دُھن اُٹھا سکتا، مسٹر گارڈنر نے گانا شروع کر دیا۔ اُن کا نوکے میں کھڑے ہونے کا انداز خاصا غیر متوازن تھا اور مجھے خدشہ تھا کہ کہیں وہ اپنا توازن نہ کھو بیٹھیں۔ لیکن اُن کی آواز بالکل ویسی ہی تھی جیسی میری یادداشت میں محفوظ تھی– ہم وار، بھاری مگر بھرپُور، گویا وہ غیر مرئی مائیک سے آ رہی ہو۔ اور تمام امریکی گلو کاروں کے مانند اُن کی آواز میں بھی تھکن، جھجک کا ایک تأثر تھا گویا وہ ایسا شخص ہو جو اِس طرح اپنا دِل سرِ عام کھولنے کا عادی نہ ہو۔ اِسی طرح تمام عظیم لوگ کِیا کرتے ہیں۔
ہم نے وہ گِیت گایا، جو سفر اور الوداع سے بھرا ہُوا تھا۔ ایک امریکی شخص اپنی عورت کو چھوڑ کر جا رہا ہوتا ہے۔ وہ بستیوں سے گذرتے ہُوئے ہر دم ، مصرع بہ مصرع، اُس کے بارے میں سوچتا جاتا ہے؛ ققنس، البقرق، اوکلوہاما، ایک طویل شاہرہ پر سفر کرتے ہُوئے جو میری ماں نہیں کر سکتی تھی۔ اگر ہم محض ایسی یادیں اپنے پیچھے چھوڑ سکیں– میں قیاس کرتا ہوں کہ میری ماں اِسی طرح سوچتی ہو گی۔ اگر افسردگی محض ایسی ہی ہو۔
ہم نے گِیت ختم کیا تو مسٹر گارڈنر نے کہا: ’’ٹھیک ہے، آؤ اب سیدھے اگلے گِیت کی طرف چلیں۔ ’میں آسانی سے ہُوا دامِ الفت میں گرفتار‘۔
یہ میرا مسٹر گارڈنر کے ساتھ ساز بجانے کا پہلا موقع تھا، مجھے ہر چیز کا دھیان رکھنا پڑتا تھا لیکن ہم نے ٹھیک کر لیا۔ پھر اِس گِیت کے بارے میں اُن کی دی ہوئی ہدایت کے مطابق میں اُوپر کھڑکی کی سمت دیکھتا رہا لیکن بیگم گارڈنر کی جانب سے کچھ نہ ہُوا، نہ کوئی حرکت، نہ آواز، کچھ بھی نہیں۔ پھر ہم نے گِیت ختم کر لیا تو ہمارے چو طرف سکوت اور تاریکی چھا گئی۔ میں قریب ہی کہیں سے کسی پڑوسی کے پٹ بند کرنے کی آواز بخوبی سن سکتا تھا لیکن بیگم گارڈنر کی کھڑکی کی جانب سے کچھ نہیں تھا۔
ہم نے ’ایک گیت میرے بچّے کے لیے‘ بے حد دِھیمی، کم و بیش بغیر دُھن کے، گایا اور پھر ہر طرف سکوت طاری ہو گیا۔ ہم مُنھ اُٹھائے کھڑی کی طرف دیکھتے رہے۔ پھر آخر کار، پُورے ایک مِنّٹ کے بعد، ہم نے سنا۔ ہم اُسے بخوبی پہچان رہے تھے، بِلا خطا کے۔ مسٹر گارڈنر سبکیاں بھر رہے تھے۔
’’ہم نے کر دیا ہے، مسٹر گارڈنر!‘‘ میں نے سرگوشی کی۔ ’’ہم نے کر دیا ہے۔ ہم اُس کے دِل تک پہنچ گئے ہیں۔‘‘
لیکن مسٹر گارڈنر خُوش دِکھائی نہیں دیتے تھے۔ اُنھوں نے تھکے تھکے انداز میں اپنا سر ناں میں ہِلایا، نیچے بیٹھے اور وِٹوریو کو اشارہ کیا۔ ’’ہمیں دُوسری طرف لے چلو۔ اب میرے گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے۔‘‘
جب ہم روانہ ہُوئے تو میرا خیال تھا کہ وہ میری طرف دیکھنے سے گریز کر رہے تھے گویا وہ ابھی ہم تھوڑی دیر قبل جو کیا تھا وہ اُس پر شرمندہ پر ہوں اور میں سوچنے لگا تھا کہ شاید یہ تمام منصوبہ کسی نوع کا کینہ جُو مذاق ہو۔ مجھے تو بس اتنا پتا تھا کہ یہ تمام گِیت بیگم گارڈنر کے لیے خوف ناک مفہوم رکھتے تھے۔ پس میں اپنا گٹار ایک طرف رکھ کر بیٹھ گیا، شاید قدرے رنجیدہ۔ ہم کچھ دیر تک یُوں ہی سفر کرتے رہے۔
پھر ہم ایک بڑی نہر میں پہنچے تو اُسی وقت مخالف سمت سے آنے والا ایک بحری بجرا ہمارے پاس سے تیز رفتاری سے گذر کر ہمارے نوکے کو ہِلا گیا۔ لیکن ہم اُس وقت مسٹر گارڈنر کے پلازے کے نزدیک تھے اور وِٹوریو نے گھاٹ کا رُخ کیا تو میں نے کہا۔
’’مسٹر گارڈنر، آپ میرے لڑکپن کا ایک اہم جزو رہے ہیں۔ اور آج کی رات میرے لیے بے حد خاص ہے۔ ہم ابھی آپ ایک دُوسرے کو خدا حافظ کہہ کر جُدا ہو جائیں گے اور اگر میں زندگی میں دوبارہ کبھی آپ سے نہ مل سکا تو میں اپنی باقی تمام زندگی حیرت زدہ رہوں گا۔ اِس لیے مسٹر گارڈنر، براہِ مہربانی، مجھے اتنا بتا دیجیے کہ بیگم گارڈنر خُوشی سے رو رہی تھیں یا پریشانی میں؟‘‘
میرا خیال تھا کہ وہ جواب نہیں دیں گے۔ مدہم روشنی میں ڈونگے کے اگلے حِصّے میں اُن کا جسم کبڑی شکل کا ہو رہا تھا۔ وِٹوریو رَسی کھینچ رہا تھا تو وہ دِھیمے لہجے میں بولے: ’’میرا خیال ہے کہ وہ مجھے اِس طرح گاتے دیکھ کر خُوش تھی۔ لیکن، یقینی طور پر، وہ پریشان بھی تھی۔ ہم دونوں ہی پریشان ہیں۔ ستائیس برس ایک طویل عرصـہ ہے اور اِس تفریحی دورے کے بعد ہم علیحدہ ہو رہے ہیں۔ یہ ہمارا اِکٹّھے آخری سفر ہے۔‘‘
’’مجھے یہ جان کر حقیقی دُکھ ہُوا، مسٹر گارڈنر۔‘‘ میں نے آہستگی سے کہا۔ ’’میرا خیال ہے کہ بے شمار شادیاں ، ستائیس برس کے بعد بھی، اپنے انجام کو پہنچ جاتی ہیں۔ لیکن کم از کم آپ اِس طرح جُدا ہونے کے اہل تو ہیں۔ وینس میں چھٹیاں منا کر۔ نوکے سے گِیت گا کر۔ بہت سے ٹوٹنے والے جوڑے اتنے مہذب نہیں رہ سکتے۔‘‘
’’لیکن ہم مہذب کیوں رہیں؟ ہم اب بھی ایک دُوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ وہ اِسی لیے تو رو رہی تھی۔ کیوں کہ وہ اب بھی مجھ سے اُتنی ہی شدّید محبت کرتی ہے جتنی میں اُس سے۔‘‘
وِٹوریو گھاٹ پر اُتر گیا، لیکن مسٹر گارڈنر اور میں اندھیرے میں بیٹھے رہے۔ میں اُن کی طرف سے مزید بات کرنے کا منتظر تھا اور میرا یقین درست ثابت ہُوا۔ لمحے بھر کے بعد اُنھوں نے اپنی بات جوڑی۔
’’جیسا کہ میں نے تمھیں بتایا ہے کہ میں پہلی ہی نظر میں لِنڈی کی محبت میں گرفتار ہو گیا تھا۔ لیکن کیا اُسے بھی تب مجھ سے محبت تھی؟ مجھے شک ہے کہ یہ سوال اُس کے ذہن میں کبھی نہیں آیا ہو گا۔ میں ایک معروف فن کار تھا، اُس کے لیے اِتنا ہی کافی تھا۔ میں وہ تھا جس کا اُس نے خواب دیکھا تھا، جس کی اُس نے تب اُس چھوٹے سے ڈھابے میں بیٹھ کر منصوبہ سازی کی تھی۔ وہ مجھ سے محبت کرتی تھی یا نہیں، اِس میں شامل نہیں تھا۔ لیکن ستائیس سالہ ازدواجی زندگی میں دِلچسپ چیزیں ہو سکتی ہیں۔ جوڑوں کی اکثریت ایک دُوسرے سے محبت سے آغاز کرتے ہیں، پھر ایک دُوسرے سے اُکتا جاتے ہیں اور انجام نفرت ہوتا ہے۔ بعض اوقات معاملہ برعکس بھی ہوتا ہے۔ اِس میں چند برس لگے لیکن دِھیرے دِھیرے لِنڈی مجھ سے محبت کرنے لگی۔ پہلے پہل مجھ اِس پر اعتبار نہ آیا لیکن آخر کار یقین کرنے کے سِوا چارہ نہ رہا۔ میز پر سے اُٹھتے ہوئے میرے کندھے کو ہولے سے چُھو دینا۔ کمرے میں خُوش گوار احمقانہ سی مُسکراہٹ دینا جب کہ مُسکرانے والی بات بھی نہ ہونا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ متحیّر تھی جیسے اُس کی جگہ کوئی اَور ہوتا تو وہ بھی متحیّر ہوتا، لیکن یہی ہُوا تھا۔ پانچ چھے برس بعد، ہم ایک دُوسرے کے لیے سہولت بن گئے تھے۔ ہم ایک دُوسرے کے لیے فکر مند ہوتے، ایک دُوسرے کا خیال رکھتے۔ میں نے کہا نا کہ ہم ایک دُوسرے سے محبت کرتے تھے۔ اور ہم آج بھی ایک دُوسرے سے محبت کرتے ہیں۔‘‘
’’میں سمجھا نہیں، مسٹر گارڈنر۔ پھر آپ اور بیگم گارڈنر الگ کیوں ہو رہے ہیں؟‘‘
اُس نے ایک اَور آہ بھری۔ ’’تم کیسے سمجھو گے، میرے دوست، کیوں کہ تمھارا تعلّق کہاں سے ہے؟ چُوں کہ آج رات تم میرے لیے مہربان رہے ہو اِس لیے میں سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ یہ حقیقت ہے کہ کبھی میں جتنا بڑا نام ہُوا کرتا تھا آج نہیں ہوں۔ چاہے تم احتجاج ہی کیوں نہ کرو لیکن تم جہاں سے آئے ہو وہاں ایسی چیزیں نہیں ہوتیں۔ میں اب بڑا نام نہیں رہا۔ اب مجھے اِس حقیقت کو تسلیم کرتے ہُوئے دھندلانا ہو گا۔ شان دار ماضی پر زندگی بسر کرنا ہو گی۔ یا پھر میں یہ کہوں کہ نہیں، میں ابھی ختم نہیں ہُوا۔ بہ الفاظِ دیگر، میرے دوست، میں واپسی اختیار کر سکتا۔ میری صُورتِ حال میں بہت کچھ خراب ہو سکتا ہے۔ لیکن واپسی کوئی سہل کام نہیں۔ بہت سی تبدیلیوں کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا پڑتا ہے جن میں سے کچھ بے حد سخت ہوتی ہیں۔ اپنا آپ بدلنا پڑنا پڑتا ہے۔ حد یہ کہ جن سے محبت ہوتی ہے اُنھیں بدلنا پڑتا ہے۔‘‘
’’مسٹر گارڈنر، کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی واپسی آپ کی بیگم گارڈنر کی علیحدگی کا سبب ہے؟‘‘
’’دُوسرے لوگوں کو دیکھو، جن کی کامیاب واپسی ہوئی ہے۔ میری نسل کے لوگوں کو دیکھو جو اَب بھی منظر پر موجود ہیں۔ اُن میں سے ہر ایک نے دوبارہ شادی کی ہے۔ دوبار، بعض اوقات سہ بار۔ اُن سب کی بغل میں نوجوان بیوی ہے۔ میں اور لِنڈی ہنسی کی پوٹ بنتے جا رہے ہیں۔ اِس سے ہٹ کر، میری نظر میں ایک خاص خاتون ہے اور اُس خاتون کی نظر مجھ پر ہے۔ لِنڈی اِس بات سے باخبر ہے۔ وہ اِس امر سے مجھ سے بہت پہلے آگاہ ہو گئی تھی، شاید اُن ہی ایّام میں جب وہ اُس ڈھابے میں مَیگ کی باتیں سنا کرتی تھی۔ ہم اِس موضوع پر بات کر چکے ہیں۔ وہ سمجھتی ہے کہ اب ہمارے راستے جُدا ہونے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘
’’میں اب بھی نہیں سمجھا، مسٹر گارڈنر۔ جس جگہ سے آپ کا اور بیگم گارڈنر کا تعلّق ہے وہ دُنیا کے کسی بھی اَور مقام سے مختلف نہیں ہے۔ اِسی لیے تو، مسٹر گارڈنر، آپ گذشتہ سالوں میں جو گِیت گاتے رہے ہیں وہ ہر جگہ کے لوگوں کو سمجھ آتے رہے ہیں۔ حتّٰی کہ جہاں میں رہتا ہوں وہاں کے لوگوں کو بھی۔ اور وہ تمام گِیت کیا کہتے ہیں؟ اگر دو افراد ایک دُوسرے سے بیزار ہو جائیں اور اُنھیں الگ ہونا پڑے تو یہ قابلِ افسوس بات ہے۔ لیکن اگر وہ ایک دُوسرے سے محبت کرتے رہے تو اُنھیں سدا ساتھ رہنا چاہیے۔ وہ گِیت یہی بتاتے ہیں۔‘‘
’’دوست، میں سمجھ رہا ہوں کہ تم کیا کہہ رہے ہو۔ اور مجھے پتا ہے کہ تمہیں یہ بات ناگوار گذر رہی ہے۔ لیکن اصل بات یہی ہے۔ اور سنو، لِنڈی کا بھی یہی معاملہ ہے۔ اُس کے لیے بھی یہی بہتر ہے کہ اب ہم علیحدہ ہو جائیں۔ وہ ابھی بُوڑھی نہیں ہوئی ہے۔ تم نے اُسے دیکھا ہے، وہ اب بھی ایک حسین عورت ہے۔ اُسے ابھی چھٹکارا پا لینا چاہیے کیوں کہ ابھی اُس کے پاس وقت ہے۔ دوبارہ محبت پانے کے لیے، دُوسری شادی کرنے کے لیے وقت ہے۔ اُسے زیادہ تاخیر ہونے سے پہلے نجات حاصل کر لینا چاہیے۔‘‘
مجھے نہیں پتا کہ مجھے اِس پر کیا کہنا چاہیے لیکن اُسی وقت اُنھوں نے یہ کہہ کر مجھے متحیّر کر دیا۔ ’’تمھاری ماں، میرا خیال ہے کہ وہ کبھی نہیں چھٹکارا پا سکی ۔‘‘
میں نے اِس پر غور کیا اور پھر جلدی سے بولا۔ ’’نہیں، مسٹر گارڈنر۔ وہ چھٹکارا نہیں پا سکی تھیں۔ وہ ہمارے ملک میں تبدیلیاں دیکھنے کے لیے زیادہ عرصہ جی نہیں پائیں۔‘‘
’’بہت بُرا ہُوا، مجھے یقین ہے کہ وہ ایک عمدہ خاتون تھیں۔ تم جو بتا رہے ہو وہ اگر سچ ہے اور میری موسیقی سے اُنھیں خُوشی ملتی تھی تو میرے لیے اِس کی بے حد اہمیت ہے۔ بہت بُرا ہُوا کہ وہ نجات حاصل نہیں کر سکی۔ میں نہیں چاہتا کہ میری لِنڈی کے ساتھ یہ ہو۔ نہیں، جناب۔ میری لِنڈی کے ساتھ نہیں۔ میں چاہتا ہوں میری لِنڈی چھٹکارا پا لے۔ ‘‘
نوکا ہولے ہولے گھاٹ سے ٹکرا رہا تھا۔ وِٹوریو نے اپنا ہاتھ بڑھاتے ہُوئے دھیمی آواز میں پُکارا۔ چند سیکنڈ بعد مسٹر گارڈنر اُٹھے اور اُوپر چڑھ کر باہر اُتر گئے۔ اُس وقت تک میں بھی اپنا گٹار لیے باہر اُتر آیا تھا– میں وِٹوریو کے ساتھ مفت میں واپسی کی بھیک مانگنے کو تیار نہیں تھا– مسٹر گارڈنر نے اپنا بٹوہ نکالا۔
وِٹوریو کو جو ملا وہ اُس سے خُوش دِکھائی دیتا تھا اور اپنے عمومی عمدہ جملوں اور حرکات و سکنات سے وہ اپنے ڈونگے میں بیٹھ کر واپس نہر میں چلا گیا۔
ہم اُسے تاریکی میں جاتا ہُوا دیکھتے رہے۔ پھر اگلی چیز یہ ہوئی کہ مسٹر گارڈنر میری جیب میں بہت سے نوٹ ٹھونس رہے تھے۔ میں نے اُنھیں بتایا کہ یہ بہت زیادہ ہیں، میری اوقات سے بہت ہی زیادہ لیکن وہ ایک پیسہ بھی واپس لینے کو تیار نہیں تھے۔
’’نہیں، نہیں۔‘‘ وہ اپنے چہرے کے سامنے اپنا ہاتھ ہلاتے ہُوئے یُوں بولے جیسے وہ چاہتے ہوں کہ ہو گیا، رقم کے ساتھ نہیں بَل کہ میرے ساتھ۔ وہ رات جیسے زندگی کا ایک پُورا حِصّہ رہا ہو۔ وہ اپنے پلازے کی سمت جانے لگے لیکن چند قدموں کے بعد وہ ٹھیرے اور اُنھوں نے مُڑ کر مجھے دیکھا۔ وہ چھوٹی سی گلی جس میں ہم موجود تھے، نہر، حد یہ کہ ہر چیز خاموش تھی۔ بس دُور کہیں سے کسی ٹیلی ویژن کی آواز آ رہی تھی۔
’’تم نے آج رات بہت اچھا بجایا، میرے دوست۔‘‘ وہ بولے۔ ’’تمھارا ماترا عمدہ ہے۔‘‘
’’شکریہ، مسٹر گارڈنر۔ اور آپ نے بہت اچھا گایا، ہمیشہ کی طرح۔‘‘
’’شاید میں جانے سے پہلے ایک بار پھر چوراہے پر آؤں۔ تمھارے طائفے میں تمھیں سننے کے لیے۔‘‘
’’مجھے اُمید ہے، مسٹر گارڈنر۔‘‘
لیکن میں نے اُنھیں دوبارہ کبھی نہیں دیکھا۔ چند ماہ بعد مجھے پتا چلا کہ موسمِ خزاں میں مسٹر و بیگم گارڈنر میں طلاق ہو گئی تھی– فلوریّن والی ایک بیرا خاتون نے یہ بات کہیں پڑھی اور مجھے بتائی تھی۔ مجھے اُس رات کی تمام باتیں یاد آ گئیں، میں تھوڑا سا اُداس ہو گیا اور دوبارہ اُنھیں سوچنے لگا۔ چُوں کہ مسٹر گارڈنر کافی عمدہ شخص لگتے تھے اور چاہے اِسے جو بھی سمجھا جائے، واپسی ہو یا نہ ہو، وہ ہمیشہ عظیم رہیں گے۔
sss
۱؎ بِیٹلز اور رَولنگ سٹونز: ۱۹۶۰ء سے ۱۹۷۰ء کے عرصے کے راک گیتوں کے دو گروہ۔
۲؎ بِنگ کراس بائی: Bing Crossby: امریکا کا ایک گلو کار اور اداکار: ۷۷۔۱۹۴۰ئ۔
۳؎ بوسا نووا: bossa nova: سمبا (samba) سے مماثل ایک برازیلوی رقص اور اُس کے گِیت۔
Original Title: Crooner
Written by:
Kazuo Ishiguro (born 8 November 1954) is a Nobel Prize-winning English novelist, screenwriter, and short story writer.
بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2133173243579864

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔