إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ
آج – 24؍فروری 2024
بابائے اردو ٹمل ناڈو کے نام سے عالمی شہرت رکھنے والے معروف نقاد، محقق، ادیب، اور شاعر ” علیم صباؔ نویدی کا انتقال…..
نام سید علیم الدین حسینی اور قلمی نام علیم صباؔ نویدی ہے۔ 28؍فروری 1942ء کو تامل ناڈو کے ضلع شمالی آرکاٹ کے ایک قصبہ امور (والا جاہ پیٹ) میں ولادت ہوئی۔
ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1968ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی۔اے امتیازی نمبرات سے پاس کیا۔ ان کو بچپن ہی سے شعرو شاعری کاشوق تھا۔علیم صباؔ نویدی کا نام اردو شعر و ادب میں (خاص طور پر تمل ناڈو کے اردو ادب میں) کسی تعارف کا محتاج نہیں، وہ ایک ایسے باصلاحیت فن کار ہیں، جنھوں نے کم وبیش اردو ادب کے تمام اصناف میں کامیابی کے ساتھ طبع آزمائی کی ہے۔ علیم صباؔ کے فن کو سنوارنے اور نکھارنے میں بھی حضرت راجیؔ صدیِقی اور دانشؔ فرازی کا اہم رول رہاہے۔ ان دونوں نے ہی علیم صباؔ کی ذہنی اور فکری نشو ونماں کی تعمیر و تشکیل میں اہم کردار اداکیا۔ علیم صباؔ نویدی کے اب تک چار غزلوں کے مجموعے شائع ہوکر منظر عام پر آکر قارئین سے دادو تحسین حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا پہلا مجموعہ 1976ء میں ”طرح نو“ کے نام سے شائع ہوا۔ دوسرا مجموعہ ”فکر بر“ کے نام سے 1981ء میں منظر عام پر آیا۔ اس کے بعد 1982ء میں غزلوں کا تیسرا مجموعہ ”نقش گیر“ جبکہ چوتھا اور آخری مجموعہ ”اثرخامہ“ کے نام سے 1991ء میں منظر عام پر آیا۔ ”عرش غزل“ کے نام سے علیم صباؔ نویدی کی غزلوں پر مشتمل ایک کتاب بھی شائع ہوچکی ہے۔ جسے ہم ان کی غزلوں کا کلیات بھی کہہ سکتے ہیں، کیونکہ اس کتاب میں ان کی غزلوں کے چاروں مجموعوں کو ایک ساتھ جمع کردیا گیا ہے۔ ان کی غزلوں کے چاروں مجموعوں کو اس لیے کلیات کی شکل دی گئی، کیونکہ گذشتہ کئی سالوں سے ان کی غزلوں کا کوئی اور مجموعہ منظر عام پر نہیں آیاہے۔
اردو زبان و ادب کے آسمان پر گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی تابناکیاں بکھیرنے والا روشن ستارا آج بروز ہفتہ 24؍فروری 2024ء کو شہر چنئی کی ایک خشک صبح کے ساحل پر روشنی کی آخری رمق بکھیر کر قدرت کی آغوش میں پناہ گزیں ہو گیا۔
——
منتخب کلام
——
بعد مدت کے کھلا جوہر نایاب مرا
جو اندھیرے میں تھا روشن ہوا وہ باب مرا
میں زمیں والوں کی آنکھوں میں بھرا ہوں لیکن
آسماں والوں نے دیکھا ہے کوئی خواب مرا
عطر افشانیٔ قربت سے تھی معمور فضا
جذبۂ قطرۂ خوں کب ہوا سیراب مرا
کتنے دریاؤں پہ تھا کالی گھٹاؤں کا جلوس
ایک اک بوند کا پیاسا رہا تالاب مرا
مطمئن ہو گئے احباب مرے خوش ہے زمیں
اک نئی سمت جو بیڑا ہوا غرقاب مرا
سب کے ہونٹوں پہ گلابوں کا تبسم تھا صباؔ
مطمئن میں ہوں کہ ہر زخم ہے شاداب مرا
…..
میں جس کا منتظر ہوں وہ منظر پکار لے
شاید نکل کے جسم سے باہر پکار لے
میں لے رہا ہوں جائزہ ہر ایک لہر کا
کیا جانے کب یہ مجھ کو سمندر پکار لے
صدیوں کے درمیان ہوں میں بھی تو اک صدی
اک بار مجھ کو اپنا سمجھ کر پکار لے
میں پھر رہا ہوں شہر میں سڑکوں پہ غالباً
آواز دے کے مجھ کو مرا گھر پکار لے
شیشے کی طرح وقت کے ہاتھوں میں ہوں ہنوز
کب جانے حادثات کا پتھر پکار لے
وہ لمحہ جس کی ذہن صباؔ کو تلاش ہے
رونے کے اہتمام میں ہنس کر پکار لے
……
سسکتا چیختا احساس تھا مرے اندر
کبھی تو جھانک کے وہ دیکھتا مرے اندر
کسی کے لمس کی خواہش نہ فاصلوں کی کسک
یہ کیسا زہر اچھالا گیا مرے اندر
وہ ایک شخص جسے ڈھونڈنا بھی مشکل تھا
بڑے خلوص سے رہنے لگا مرے اندر
لہو کی سوکھی ہوئی جھیل میں اتر کر یوں
تلاش کس کو وہ کرتا رہا مرے اندر
یہ میرا دل بھی سراپا مزار سا ہے صباؔ
لگاؤ کتبہ کسی نام کا مرے اندر
……………………….
