پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

آپ ہیرا، صَدف، نَگیں، کیوں ہیں آپ بے انتہا حَسیں …

آپ ہیرا، صَدف، نَگیں، کیوں ہیں
آپ بے انتہا حَسیں ، کیوں ہیں

آپ کی کاکلوں کے جنگل میں
اِتنی مُوسیقیاں مَکیں، کیوں ہیں

چاند خود بھی ، نہیں سمجھ پایا
آپ اس درجہ مَہ جبیں، کیوں ہیں

شَمس حیراں ہے، آپ کے عارض
پُھول ہو کر بھی، آتشیں کیوں ہیں

آپ اتنے ، دروغ گو ہو کر
اِس قدر قابلِ یقیں ، کیوں ہیں

شاعروں کے دِلوں پہ، آپ چلیں
گامزن، برسرِ زمیں، کیوں ہیں

جتنے بے رَحم دِلرُبا ہیں، عدم
اتنے محبُوب، دِلنشیں، کیوں ہیں

(عبدالحمید عدم)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی