
خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان بلآخر پولیس افسران کے لامحدود اختیارات اورمن مانے فیصلوں کے خلاف بول اٹھے ہیں،چند دن قبل انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ آئی جی پولیس ماتحت افسران کے تقرری و تبادلوں میں گورنمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیتے،ثناءاللہ عباسی نے قابل ترین افسران کو صوبہ بدر کرتے وقت وزیراعلیٰ سے مشورہ تک کرنا گوارا نہیں کیا،محمود خان نے پولیس کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے،پولیس ایکٹ 2017 میں ترمیم کی خواہش ظاہر کی لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وزیراعظم نے ایکٹ میں تبدیلی کی تجویز سے اتفاق کیا یا نہیں تاہم دونوں رہنماؤں میں آئی جی پی کے تبادلہ پہ اتفاق رائے پایا گیا،شنید ہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی کو کے پی اور آئی جی موٹر وے پولیس کلیم امام کو آئی جی پنجاب تعینات کرنے پہ غور کیا جا رہا ہے ۔
بلآخر منتخب قیادت کو یہ احساس مل گیا کہ سول انتظامی ڈھانچہ،خاص کر پولیس فورس،پہ موثر گرفت کے بغیر صوبہ کے انتظامی امور چلانا آسان نہیں۔رولز آف بزنس کے مطابق صوبہ کاچیف سیکریٹری اٹھارہ اور اوپر والے گریڈ کے افسران کے تبادلہ سے قبل وزیراعلیٰ سے منظوری لینے کا پابند ہے لیکن وہ آئی جی جو قبل ازیں ہوم سیکریٹری کا ماتحت ہوا کرتا تھا اب پولیس ایکٹ 2017کے بعد اکیس گریڈ کے ایڈیشنل آئی جی سمیت تمام ماتحت افسران کی پوسٹنگ ٹرانسفر کا بلاشرکت غیرے مجاز بنا دیا گیا،یہاں تک کہ صوبہ کا وزیراعلیٰ سنگین الزمات کے تحت انکوائری کے دوران بھی کسی پولیس اہلکار کو سات روز سے زیادہ مدت کے لئے معطل نہیں رکھ سکتا،ساتویں روزمعطل پولیس افیسر ازخود بحال ہو کے وزیراعلی کی بے بسی کا مذاق اڑا سکتا ہے،پولیس ایکٹ دوہزار سترہ کے سکشن (9)،جسمیں چیف منسٹرکے اختیارات بتائے گئے، کے مطابق وزیراعلی کسی پولیس اہلکار کے خلاف اختیارات سے تجاوز،غفلت کے ارتکاب اور اتھارٹی کے ناجائز استعمال کی انکوائری کے لئے معاملہ آئی جی یا پبلک سیفٹی کمشن(جس کاکوئی وجود نہیں)بھیجے گا یا پھر ایسی تین رکنی کمیٹی تشکیل دے جس میں ایک ممبر تو پولیس کا باقی دو وزیراعلی سول سرونٹ سے نامزد کریں گے،تین رکنی کمیٹی اپنی سفارشات آفیسر مجاز(آئی جی پی) کو بھیجوائے گی جو”رولز“کے مطابق اس پر عملدرآمد کے مجاز ہوں گے۔

اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں،جب تک پولیس ایکٹ2017 کو متوازن نہیں بنایا جاتا،اس وقت تک صوبہ کے چیف ایگزیکٹو کی اتھارٹی مضمحل اور عامر تہکالی کی طرح عام شہری کا وقار پولیس کے رحم و کرم پہ رہے گے۔شدید ترین عوامی ردعمل اور جوڈیشل کمیشن بنانے کے باوجود عامر تہکالی کیس کے اصل ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے تک نہیں لایا جا سکا،دو سب انسپکٹرز اور تین کانسٹیبل کے علاوہ کسی مقتدر افسر کو علامتی سزا تک نہیں سنائی جا سکی۔
2013میں عنان حکومت سنبھالتے ہی پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرانے جیسے رومانوی نعروں سے متاثر ہو کے پی ٹی آئی کی ناتجربہ کار قیادت نے سیاسی و سماجی اصولوں کو سمجھے بغیر پولیس فورس کو انتظامی ڈھانچہ کی مجموعی ساخت سے ماورا اور صوبائی اتھارٹی کی گرفت سے آزاد کر کے ایسی متوازی اتھارٹی بننے کا موقع دیا جو اب کسی کو جوابدہ نہیں۔ پچھلے سات سالوں میں خیبرپختون خوا پولیس کے اختیارات اور کارکردگی میں موازنہ کریں تو مایوس کن نتائج سامنے آئیں گے۔یہ بات اب محل نظر رہے گی کہ پولیس کو اسقدر وسیع اختیارات کیوں دیئے گئے؟ اس کی ایک وجہ تو شاید یہ ہوکہ پولیس فورس کوکرائم فائٹنگ سے نکال کر دہشتگردی کے خلاف ایسی جنگ میں جھونکا جائے،جو انکی ذمہ دارایوں کا حصہ تھی نہ ان کی تربیت سے کوئی میل کھاتی تھی،شاید اسی نازک صورت حال میں فریقین نے ایک دوسرے کو ایکسپلائیٹ کرنے کی کوشش کی جس میں پولیس زیادہ سمجھ دار واقع ہوئی،بہتر کارکردگی کے وعدہ پہ غیر محدود اختیار سمیٹ لینے کے باوجود بھی پولیس ڈلیور کر سکی نہ عام شہری کو احساسِ تحفظ ملا۔بلکہ پولیس افسران نے اسی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دائرہ اختیار کو بڑھانے اور جوابدہی کے میکانزم کو کند کرنے کی کوشش جاری رکھی، پولیس کمانڈ نے اسی پولیس ایکٹ2017 کے اُس مجوزہ پبلک سیفٹی کمیشن کی تکمیل ناممکن بنا دی جس کی تشکیل کا مقصد پولیس کی زیادتیوں کا تدارک کرنا تھا۔
صوبائی حکومت نے جب ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی بنانے اور انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو پولیس سے الگ کرکے فعال بنانے کا فیصلہ کیا تو پولیس آڑے آگئی،چنانچہ سرکار خاطر مدار کو اپنی عزت بچانے کی خاطر دو قدم پیچھے ہٹنا پڑا۔لامحدوداختیارات اور غیرمعمولی مرعات پانے کے الرغم پولیس اگر ڈلیور کرتی تو حکومتیں بخوشی پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی پولیس ایکٹ دوہزار سترہ کو قبول کر لیتیں،مگر خیبر پختون خوا میں اصلاحات کے تلخ تجربات نے دوسرے صوبوں کو محتاط کر دیا کیونکہ لامحدود اختیارات لینے کے بعد بھی تھانہ کلچر میں تبدیلی آئی نہ جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی،اب بھی پولیس خوف کی علامت اور سب سے زیادہ بدعنوان فورس سمجھی جاتی ہے۔ہمارے خیال میں چند ماہ قبل سول اسٹریکچر میں اصلاحات کے لئے ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں بنائی گئی اعلی سطحی ریفارمز کمیٹی نے انتظامی ڈھانچہ پہ منتخب اتھارٹی کی گرفت مضبوط بنانے کے علاوہ عام آدمی کو پولیس کی دست درازی سے بچانے کے لئے جو تجاویز پیش کیں وہ نہایت متواز اور قابل عمل ہیں،صوبائی حکومت اگر پولیس ایکٹ دوہزار سترہ کو متوازن بنانے میں سنجیدہ ہو تو اس کے لئے عشرت حسین کمیٹی کی تجاویز مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ریفارمز کمیٹی کی ان تجاویز میں دو بنیادی ایشو پہ فوکس رکھا گیا،اول پولیس فورس اور سروسیز فراہم کرنے والے محکموں پہ چیف ایگزیکٹوکی اتھارٹی قائم کرنا،دوسرے عام شہری کو پولیس کی دست درازیوں (High handedness)سے کیسے بچایا جائے؟۔
حقیقت یہ ہے کہ ہمارے پاس عام شہری کو پولیس کی دست درازیوں سے بچانے کا کوئی فول پروف میکا نزم موجود نہیں۔اسامہ ستی کی طرح پولیس اگرکسی نہتے شہری کو جعلی مقابلہ میں مار دے یا عامر تہکالی کی طرح تذلیل آمیز تشدد کا مزہ چکھائے تو اسکے خلاف تفتیش بھی دراصل خود پولیس ہی کرے گی،یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی پولیس اہلکار منصفانہ تفتیش کے ذریعے اپنے پٹی بند بھائی کو تختہ دار تک پہنچائے؟یہی وجہ ہے جو پولیس کے ہاتھوںانسانی حقوق کی خلاف وردیوں کے ہزاروں واقعات منظرعام پہ آنے کے باوجود گزشتہ ستّر سالوں میں فوجداری نظام عدل کسی پولیس اہلکارکو سزا نہیں دے سکا۔اگرچہ عوامی جذبات کی رخ گردانی کے لئے وقتی طور پہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کیس درج کر کے گرفتاریاں بھی کی جاتی ہیں جیسے سانحہ ساہیوال یا وقار ستی کیس میں ہوئیں لیکن ایسے مقدمات کو شفاف عدالتی عمل کے ذریعے منظقی انجام تک پہنچانے کی روایات معدوم ہیں۔
اوّل تو ایسے مقدمات کی تفتیش خود پولیس کے پاس ہونے کی وجہ سے ہموار قانونی عمل کے تحت کسی پولیس اہلکار کو کیفر کردارتک پہنچانا ممکن نہیں دوسرا پولیس مظالم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے والوں کو عدالتوں سمیت کوئی تحفظ نہیں دے سکتا،لحاظہ پولیس کے ستم رسیدہ مظلوم خاندان تھک ہارکے بلآخر صلح پہ مجبور ہو جاتے ہیں۔عدالتی نظام میں کوئی ایک ایسی مثال نہیں ملتی جس میں پولیس اہلکار کوکسی بیگناہ شہری کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے،حبس بیجاہ میں رکھ کے جسمانی اور ذہنی اذیت پہنچانے،چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے یا مبینہ پولیس مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل کے جرم میں کبھی سزا ملی ہو۔آج بھی منتخب حکومت نے اگر پولیس میں اصلاحات متعارف نہ کرائیں تو سوسائٹی کا پیمانہ صبر لبریز ہو جائے گا،انہی خدشات کے باعث وزیراعظم کی ریفارمز کمیٹی نے سسٹم میں توازن لانے کی جو تجاویز مرتب کی ہیں اس میں شہریوں کی شکایات کے ازالہ کےلئے ایسی کمپلینٹ اتھارٹی قیام شامل ہے جو کسی بھی کیس میں پولیس کے غیرمناسب رویہ کی چھان بین کر سکے گی،اس اتھارٹی میں ریٹائرڈ پولیس آفیسر،ایک قانون دان، وکیل استغاثہ اورایک سرکاری افیسر شامل ہو گا جو شہریوں کے مسائل اورشکایات پہ ازخود کاروائی کر سکے گا،وزیر اعلی کے ماتحت اسی اتھارٹی کے اراکین کو پولیس ریکارڈ تک رسائی بھی حاصل ہو گی۔
صوبائی حکومت اور آئی جی پولیس تفتیش کے طریقہ کار اور دیگر کاموں سے متعلق جامع طریقہ کار مرتب کریں گے۔ٹیکنالوجی کے استعمال اور فرانزک سائنس ایجنسیوں کو صوبوں میں فعال بنایا جائے گا۔نئے سال کے آغاز پر آئی جی پولیس صوبائی حکومت کے سامنے محکمہ کے جائزہ کا شیڈول پیش کرے گا۔صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد ان جائزہ رپوٹس کو شائع کیا جائے گا۔ان رپوٹس کو کابینہ کمیٹی برائے امن عامہ کی میٹنگ میں بھی پیش کرنا گا۔صوبائی محکمہ داخلہ کے تحت پبلک سیفٹی کمشن بنایا جائے،جو ایک ڈائریکٹر جنرل اور چھ انسپکٹرز پہ مشتمل ہو، وزیراعلی سیکریٹریٹ کے ماتحت جمہوری احتساب کمیٹی بنائی جائے،جس میں کنوئینرسمیت، چار صوبائی وزرائ،چیف سیکریٹری،سیکریٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی، اسپیشل برانچ،جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی اور آئی جی پولیس شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی پولیس اصلاحات کےلئے مختص فنڈ کا تعین کرنے،قوانین کے نفاذ اور امن و امان بارے سفارشات مرتب کرے گی۔
Related

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔