Nayyar Rani Shafaq کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری خستگی کو جمال دے (غزل)
مری خستگی کو جمال دے
مری بندگی کو کمال دے
مرے دل کو نور میں ڈھال کر
مرے فکر و فن کو اجال دے
تو عروج دے مرے صبر کو
مری خواہشوں کو زوال دے
جو نکھار دے مری روح کو
مرے دل کو ایسا ملال دے
کوئی چاند بخش کے رات کو
مری ہر سیاہی کو ٹال دے
مری چشم گریہ کو حسن بخش
دل ریزہ ریزہ سنبھال دے
مجھے دائمی ہو شفقؔ عطا
یہ مرض بدن سے نکال دے
ہجر کی اندھی بہری راتیں (غزل)
ہجر کی اندھی بہری راتیں
تن من پیاسا بھیگی راتیں
چاٹ گئی ہیں عمر کا سونا
آنکھ میں ٹھہری گہری راتیں
مجھ سے خوب لپٹ کر روئیں
سونی شام اندھیری راتیں
صندل باتیں خوشبو لہجہ
کہاں گئیں وہ مہکی راتیں
ہم تم جھیل کنارے جاگے
گاؤں کی شب اور شہری راتیں
تارا تارا بکھر گئی تھیں
وصل میں ڈوبی چاندنی راتیں
بن کے پاگل پروا ڈھونڈوں
لہریں ساحل بھیگی راتیں
جنوری فروری اور دسمبر
ٹھنڈ میں جاگی ٹھٹھری راتیں
شفقؔ کے سوچ نگر میں ٹھہریں
دھند میں لپٹی کیسی راتیں
آخری دن کا ڈوبتا سورج (نظم)
آخری دن کا ڈوبتا سورج
تیری چوکھٹ پہ سجدہ ریز
اپنی کرنوں کے خالی کشکول الٹ کر
تھکی ہوئی یخ بستہ نگاہوں سے
میری دنیا کی تاریک راہداریوں میں
گزرے ہوئے پل کی کسی پر افشاں
ساعت کی تلاش میں ہے
مگر تا حد نگاہ پھیلی ہوئی مخلوق
خالق لم یزل سے امید نو کے کاسے پھیلائے
اپنی پلکوں کی منڈیروں پہ شفق رنگ لیے
نئے اجالوں نئے سورج کی طلب گار بنی ہے
بجھتی ہوئی سرد شام کے تنہا سورج
اے پیر فلک پیکر کہنہ سورج
الوداع الوداع الوداع