پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار شاھد ابو سعد کی غزلیں — Iftikhar Shahid Abu Saad Ghazals

افتخار شاھد ابو سعد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم صد ہزار بار تجھے دیکھتے رہے (غزل)

ہم صد ہزار بار تجھے دیکھتے رہے

تھا شوق بے مہار تجھے دیکھتے رہے

کچھ نے تو مسکرا کے کہا الوداع مگر

کچھ لوگ اشک بار تجھے دیکھتے رہے

پھر یوں ہوا کہ سارے بدن پر نکل پڑیں

آنکھیں کئی ہزار تجھے دیکھتے رہے

دیوار جاں سے نقش تو تحلیل ہو گئے

مژگاں کے آر پار تجھے دیکھتے رہے

اے حسن لا زوال تو آیا جو بام پر

صدیوں کے بیقرار تجھے دیکھتے رہے

دیدہ وران شوق نہ آنکھیں جھپک سکے

لمحوں کا کیا شمار تجھے دیکھتے رہے

شام ہوتے ہی چراغوں کو جلانے والے (غزل)

شام ہوتے ہی چراغوں کو جلانے والے

لوٹ کے آتے نہیں چھوڑ کے جانے والے

تو مری آنکھ کو بھایا ہے مرے دل کو نہیں

تیرے اطوار تو لگتے ہیں زمانے والے

عمر بھر تجھ کو مرا خواب نہیں آئے گا

وصل کی شام مرا ہجر منانے والے

یعنی کچھ روز تجھے چھوڑ کے میں بھی خوش تھا

مجھ کو یہ بات بتاتے ہیں بتانے والے

زندگی آج تجھے چھوڑ دیا ہے ہم نے

ہم نہیں آج ترے ناز اٹھانے والے

تو نے دیکھی مرے ہاتھوں کی مہارت لیکن

وہ مرے پاؤں مرا چاک گھمانے والے

شوق نظارہ لئے آنکھ کدھر جائے گی

حسن والے ہیں ترے شہر سے جانے والے

یہ بھی ممکن ہے ہوا کوئی تماشا کر دے

ہم ترے نام کی شمعیں ہیں جلانے والے