پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار امام صدیقی کی غزلیں — Iftikhar Imam Siddiqi Ghazals

افتخار امام صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو نہیں تو زندگی میں اور کیا رہ جائے گا (غزل)

تو نہیں تو زندگی میں اور کیا رہ جائے گا

دور تک تنہائیوں کا سلسلہ رہ جائے گا

کیجئے کیا گفتگو کیا ان سے مل کر سوچئے

دل شکستہ خواہشوں کا ذائقہ رہ جائے گا

درد کی ساری تہیں اور سارے گزرے حادثے

سب دھواں ہو جائیں گے اک واقعہ رہ جائے گا

یہ بھی ہوگا وہ مجھے دل سے بھلا دے گا مگر

یوں بھی ہوگا خود اسی میں اک خلا رہ جائے گا

دائرے انکار کے اقرار کی سرگوشیاں

یہ اگر ٹوٹے کبھی تو فاصلہ رہ جائے گا

وہ نہیں ملتا مجھے اس کا گلا اپنی جگہ (غزل)

وہ نہیں ملتا مجھے اس کا گلا اپنی جگہ

اس کے میرے درمیاں کا فاصلہ اپنی جگہ

زندگی کے اس سفر میں سیکڑوں چہرے ملے

دل کشی ان کی الگ پیکر ترا اپنی جگہ

تجھ سے مل کر آنے والے کل سے نفرت مول لی

اب کبھی تجھ سے نہ بچھڑوں یہ دعا اپنی جگہ

اک مسلسل دوڑ میں ہیں منزلیں اور فاصلے

پیڑ تو اپنی جگہ ہیں راستہ اپنی جگہ