پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار حسین افتی کی غزلیں — Iftikhar Hussain Ifti Ghazals

افتخار حسین افتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اداسیوں کا یہ موسم گزر ہی جائے گا (غزل)

اداسیوں کا یہ موسم گزر ہی جائے گا

نشاں رہے گا مگر گھاؤ بھر ہی جائے گا

تمہارے شہر کے انصاف کا تقاضا ہے

گناہ سب کا یہاں میرے سر ہی جائے گا

جسے تمہیں ہی فقط چاہنے کی عادت ہو

خیال ہجر سے آخر وہ ڈر ہی جائے گا

اسی امید سے جھیلے ہیں حسن والے مجھے

یہ بد نما بھی کسی روز مر ہی جائے گا

بہت ہوا یہ بھٹکتے ہوئے سدا رہنا

یہ زندگی کا نشہ ہے اتر ہی جائے گا

یہ درد آنکھ سے ظاہر ہے دل اداس نہیں (غزل)

یہ درد آنکھ سے ظاہر ہے دل اداس نہیں

کہ اب یہ درد کی شدت بھی دل کو راس نہیں

ہوائے دشت مرے زخم دل پہ مرہم رکھ

مرا علاج مرے چارہ گر کے پاس نہیں

یہ میرا دل نہیں خاموشیوں کا ساگر ہے

یہاں کسی کے پلٹنے کی دل کو آس نہیں

مرے رقیب جنہیں تو نے منزلت دی ہے

کسی لحاظ سے وہ میرے آس پاس نہیں

میں کس کے نام کروں شاعری مری افتیؔ

یہاں پہ سارے صنم ہیں سخن شناس نہیں