پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار حیدر کی غزلیں — Iftikhar Haidar Ghazals

افتخار حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فضول ناز اٹھانے سے بات بگڑی ہے (غزل)

فضول ناز اٹھانے سے بات بگڑی ہے

کسی کو دل میں بسانے سے بات بگڑی ہے

تھا واجبی سا تعلق تو بات اچھی تھی

تعلقات بڑھانے سے بات بگڑی ہے

ہم اختلاف کو آپس میں طے نہ کر پائے

کسی کو بیچ بلانے سے بات بگڑی ہے

محبتوں میں تکلف بھی ہے سم قاتل

قدم سنبھل کے اٹھانے سے بات بگڑی ہے

تمہارے ساتھ بگڑنے پہ کچھ ملال نہیں

ہماری ایک زمانے سے بات بگڑی ہے

فضائے وہم در آئی تعلقات کے بیچ

گھڑی گھڑی کے فسانے سے بات بگڑی ہے

ہم اپنی ذات کی تردید کر نہیں پائے

انا کے زعم میں آنے سے بات بگڑی ہے

ترے بغیر گزارہ نہیں کسی صورت

اسے یہ بات بتانے سے بات بگڑی ہے

جب ایک شخص اپنا ٹھکانہ بدل گیا (غزل)

جب ایک شخص اپنا ٹھکانہ بدل گیا

پھر اس کے ساتھ سارا زمانہ بدل گیا

بدلی نگاہ ناز کسی خوش جمال نے

بدلا رخ کمان نشانہ بدل گیا

بارش میں تیز دھوپ نکل آئی چار سو

موسم تھا وہ جو خوب سہانا بدل گیا

وہ شخص بے ثبات کا مطلب بتائے گا

وہ شخص جس کا دوست پرانا بدل گیا

ہجرت کے ساتھ ساتھ معیشت بدل گئی

شجرے کے ساتھ ساتھ گھرانا بدل گیا

بے چاری لڑکیوں کا بھی کیسا نصیب ہے

نسبت بدل گئی تو ٹھکانہ بدل گیا