پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار فلک کاظمی کی غزلیں — Iftikhar Falak Kazmi Ghazals

افتخار فلک کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر مشکل آسان بنانے والا تھا (غزل)

ہر مشکل آسان بنانے والا تھا

میں پتھر کے پان بنانے والا تھا

خوابوں کی تاویل سمجھ سے باہر تھی

جب میں پاکستان بنانے والا تھا

حق باہو حق باہو کہہ کر ایک فقیر

باہو کو سلطان بنانے والا تھا

مجھ ایسا بہلول کہاں سے لاؤ گے

نار سے جو ناران بنانے والا تھا

شہزادی نے جس کی خاطر زہر پیا

اک دیہاتی نان بنانے والا تھا

آپ نے میرا ہاتھ نہ تھاما ہوتا تو

میں خود کو شیطان بنانے والا تھا

دروازوں کی ساکھ بچانے کی خاطر

دیواروں کے کان بنانے والا تھا

آپ کی اک اک بات غزل میں ڈھال کے میں

آن کی آن میں تان بنانے والا تھا

در و دیوار خودکشی کر لیں (غزل)

در و دیوار خودکشی کر لیں

ہم جو ناچار خودکشی کر لیں

پھر نہ کہنا مذاق تھا پیارے

واقعی یار خودکشی کر لیں

کام کرنا ہی شرط ہے تو پھر

کیوں نہ اس بار خودکشی کر لیں

جن چراغوں کو موت کا ڈر ہے

وہ سر دار خودکشی کر لیں

اس سے پہلے کہ سامعیں سیوم

اہم کردار خودکشی کر لیں

جو ہیں ناداں وہ زندگی جھیلیں

اور سمجھ دار خودکشی کر لیں

میں تو کہتا ہوں جوش کی مانیں

سب قلمکار خودکشی کر لیں