حسام الدین شعلہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس سے مل کر بھی رہا پیاسا تو پھر (غزل)
اس سے مل کر بھی رہا پیاسا تو پھر
وہ نہ بن پایا اگر دریا تو پھر
آئنہ سچ بولتا ہے سچ ہے یہ
وہ جو شوخی پر اتر آیا تو پھر
ایسا ویسا سوچتا رہتا ہوں میں
ایسا ویسا اس نے بھی سوچا تو پھر
وہ نہ ٹالے گا مری اس بات کو
اس نے مجبوراً اگر ٹالا تو پھر
جس کی خاطر جوجھتا رہتا ہوں میں
زندگی ہی میں اسے پایا تو پھر
میرا کیا مجنوں ابھی بن جاؤں گا
وہ نہ بن پائی اگر لیلیٰ تو پھر
میں سمجھتا ہوں جسے مخلص مرا
آستیں کا سانپ وہ نکلا تو پھر
رک ذرا اے دل ابھی تو بھیڑ ہے
وہ جب ہو جائے گا جو تنہا تو پھر
سرد شعلہؔ جان کر چھیڑو نہ تم
بے ارادہ میں اگر بھڑکا تو پھر