حسین ماجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شام چھت پر اتر گئی ہوگی (غزل)
شام چھت پر اتر گئی ہوگی
درد سینے میں بھر گئی ہوگی
خواب آنکھوں میں اب نئے ہوں گے
زندگی بھی سنور گئی ہوگی
میں تو کب سے اداس بیٹھا ہوں
زندگی کس کے گھر گئی ہوگی
ایک خوشبو تھی ساتھ میں اپنے
کون ڈھونڈے کدھر گئی ہوگی
اس کا چہرہ اداس ہے ماجدؔ
آئینے پر نظر گئی ہوگی
لوگوں نے آکاش سے اونچا جا کر تمغے پائے (غزل)
لوگوں نے آکاش سے اونچا جا کر تمغے پائے
ہم نے اپنا انتر کھوجا دیوانے کہلائے
کیسے سپنے کس کی آشا کب سے ہیں مہمان بنے
تنہائی کے سونے آنگن میں یادوں کے سائے
آنکھوں میں جو آج کسی کے بدلی بن کے جھوم اٹھی ہے
کیا اچھا ہو ایسی برسے سب جل تھل ہو جائے
دھول بنے یہ بات الگ ہے ورنہ اک دن ہوتے تھے
چندا کے ہم سنگھی ساتھی تاروں کے ہمسائے
آنے والے اک پل کو میں کیسے بتلا پاؤں گا
آشا کب سے دور کھڑی ہے باہوں کو پھیلائے
چاند اور سورج دونوں عاشق دھرتی کس کا مان رکھے
اک چاندی کے گہنے پھینکے اک سونا بکھرائے
کہنے کی تو بات نہیں ہے لیکن کہنی پڑتی ہے
دل کی نگری میں مت جانا جو جائے پچھتائے
ماجدؔ ہم نے اس جگ سے بس دو ہی چیزیں مانگی ہیں
اوشا سا اک سندر چہرہ دو نیناں شرمائے