پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسین تاج رضوی کی غزلیں — Husain Taj Rizvi Ghazals

حسین تاج رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈھلی جو شام نظر سے اتر گیا سورج (غزل)

ڈھلی جو شام نظر سے اتر گیا سورج

ہوا کسی نے اڑا دی کہ مر گیا سورج

سحر ہوئی نہیں کب سے گزشتہ شام کے بعد

غروب ہو کہ نہ جانے کدھر گیا سورج

سجی ہوئی ہے ستاروں کی انجمن اے دل

کہ پارہ پارہ فلک پر بکھر گیا سورج

لگا کہ کھینچ لی اس نے زمین پیروں سے

لگا کہ تلووں کو چھو کر گزر گیا سورج

یہ کیسا جلوہ کے بینائی لٹ گئی میری

کہ میری آنکھ کے اندر اتر گیا سورج

چھپا تھا مصلحتاً شام سے سمیٹ کے نور

مہیب رات یہ سمجھی کہ ڈر گیا سورج

شفق تمام لہو رنگ ہو گیا لیکن

ہجوم غم سے بہت پر جگر گیا سورج

ہمیشہ تاج کا اقبال یوں بلند رہا

جدھر جدھر نظر آیا ادھر گیا سورج

اس حال میں جیتے ہو تو مر کیوں نہیں جاتے (غزل)

اس حال میں جیتے ہو تو مر کیوں نہیں جاتے

یوں ٹوٹ چکے ہو تو بکھر کیوں نہیں جاتے

کیسے ہیں یہ ارمان یہ کاوش یہ تگ و دو

منزل نہیں معلوم تو گھر کیوں نہیں جاتے

اشکوں کی طرح کیوں مری پلکوں پہ رکے ہو

خنجر کی طرح دل میں اتر کیوں نہیں جاتے

مانا کہ یہ سب زخم جگر تم نے دیئے ہیں

مرہم سے کسی اور کے بھر کیوں نہیں جاتے

آئینہ ہے ماحول ہے اسباب ہیں تم ہو

خاطر مری اک بار سنور کیوں نہیں جاتے

بے خود تھے کیا غیر سے وعدہ مجھے منظور

آیا ہے اگر ہوش مکر کیوں نہیں جاتے

اے تاجؔ امیدوں کے یہ موسم بھی عجب ہیں

ہر رت کی طرح یہ بھی گزر کیوں نہیں جاتے