پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہدایت اللہ خان شمسی کی غزلیں — Hidayatullah Khan Shamsi Ghazals

ہدایت اللہ خان شمسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے تیری جدائی کا یہ صدمہ مار ڈالے گا (غزل)

مجھے تیری جدائی کا یہ صدمہ مار ڈالے گا

زمانے بھر میں رسوائی کا چرچا مار ڈالے گا

تمہارے نام سے جاناں مرا یہ دل دھڑکتا ہے

اب آؤ ہاتھ رکھ دو ورنہ دھڑکا مار ڈالے گا

کوئی غمگین مل جائے تو ہنسنا بھول جاتا ہوں

کسی دن خیر خواہی کا یہ جذبہ مار ڈالے گا

چراغوں میں لہو ڈالو ہے لڑنی جنگ ظلمت سے

وگرنہ اب اجالوں کو اندھیرا مار ڈالے گا

زمیں کے سرخ منظر رات کو سونے نہیں دیتے

کسی دن مجھ کو یہ احساس میرا مار ڈالے گا

زمیں پر ایڑیاں رگڑو کہ اب چشمہ کوئی پھوٹے

بہت ظالم ہے دریا ہم کو پیاسا مار ڈالے گا

سمندر پار کرنا عشق کا آساں نہیں شمسیؔ

بھنور سے بچ بھی جائیں تو کنارا مار ڈالے گا

اپنے کہتے ہیں کوئی بات تو دکھ ہوتا ہے (غزل)

اپنے کہتے ہیں کوئی بات تو دکھ ہوتا ہے

ہنس کے کرتے ہیں اشارات تو دکھ ہوتا ہے

جن سے منسوب مرے دل کی ہر اک دھڑکن ہو

وہ نہ سمجھیں مرے جذبات تو دکھ ہوتا ہے

مجھ کو محروم کیا تم نے گلا کوئی نہیں

ہوں جو غیروں پہ عنایات تو دکھ ہوتا ہے

جسم و جاں جن کے لیے ہم نے لٹا ڈالے ہوں

چھوڑ جائیں جو وہی ساتھ تو دکھ ہوتا ہے

دور سے روز مسرت کا دکھا کر بادل

غم کی کرتے ہیں جو برسات تو دکھ ہوتا ہے

ہجر میں دن تو کسی طور گزر جاتے ہیں

جلنے لگتی ہے کبھی رات تو دکھ ہوتا ہے

بے سبب چھوڑ دیا اس نے کوئی بات نہیں

لوگ کرتے ہیں سوالات تو دکھ ہوتا ہے

مجھ کو بے لوث محبت کے عوض میں شمسیؔ

ہو عطا زخم کی سوغات تو دکھ ہوتا ہے