پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حزیں لدھیانوی کی غزلیں — Hazin Ludhianvi Ghazals

حزیں لدھیانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کا نہیں ہے غم کوئی، جاں سے اگر گزر گئے (غزل)

اس کا نہیں ہے غم کوئی، جاں سے اگر گزر گئے

دکھ کی اندھیری رات میں ہم بھی چراغ دھر گئے

شان و شکوہ کیا ہوئے، قیصر و جم کدھر گئے

تخت الٹ الٹ گئے، تاج بکھر بکھر گئے

فکر معاش نے سبھی جذبوں کو سرد کر دیا

سڑکوں پہ دن گزر گیا ہو کے نڈھال گھر گئے

لپٹے رہے تمام رات پھول کی پتیوں کے ساتھ

دھوپ پڑی جو پھول پر قطرے فرار کر گئے

تندیٔ سیل وقت میں یہ بھی ہے کوئی زندگی

صبح ہوئی تو جی اٹھے، رات ہوئی تو مر گئے

گرد سفر میں کھو گئے، ایسے ہزاروں راہرو

راہ میں جو ٹھہر گئے، آندھیوں سے جو ڈر گئے

پھر بھی کسی رئیس کے دل کی طرح ہے چشم تنگ

آپ پھرے ہیں ملک ملک آپ نگر نگر گئے

کھل کے رہیں گے دیکھنا چار سو روشنی کے پھول

رات کے دشت کی طرف نقش گر سحر گئے

خاک میں تیری مل گئی فیضؔ کے جسم کی ضیا

اب تو دیار مہوشاں قرض تمام اتر گئے

پھول کا پیغام لے جائے کوئی مالی کے نام (غزل)

پھول کا پیغام لے جائے کوئی مالی کے نام

اس سراپا فصل گل گلزار کے والی کا نام

میں بہادر شہ‌ ظفرؔ اور درد کا رنگون ہے

کیا لکھوں غالبؔ کے نام اور کیا لکھوں حالیؔ کے نام

سبزۂ بیگانہ ہو یا لالہ و گل کی قبا

وقف ہے میرا لہو گلشن کی ہریالی کے نام

لکھ رہا ہوں اپنے ہاتھوں کی خراشوں کا سلام

یار کے دست حنائی کی حسیں لالی کے نام

اے ندیم ماہ و انجم آ کوئی پیغام دے

پستیوں میں ڈگمگاتی بے پر و بالی کے نام

اصل میں سیل خزاں لاتا ہے پیغام بہار

ہر شگوفہ ہر کلی ہر پات ہر ڈالی کے نام

تیرا دیوانہ حزیںؔ منسوب کرتا ہے بہ شوق

یہ غزل اے عشق تیری فطرت عالی کے نام