حیات وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الجھن میں اجالا ہے حیرت میں اندھیرا ہے (غزل)
الجھن میں اجالا ہے حیرت میں اندھیرا ہے
دنیا ترے آنگن میں یہ کیسا سویرا ہے
صدیوں سے ہے روز و شب چہروں کا سفر جاری
لمحات کا آئینہ تیرا ہے نہ میرا ہے
فطرت نے عطا کی ہے یہ بے سر و سامانی
دل خانہ بدوشوں کا اجڑا ہوا ڈیرا ہے
سانسوں سے سبک ہو کر بڑھ جاتے ہیں ہم آگے
یہ پیکر خاکی تو اک رین بسیرا ہے
کرنیں غم دوراں کی تھک جاتی ہیں رستے میں
سایہ تری یادوں کا اس درجہ گھنیرا ہے
سرمایہ اصولوں کا رکھ گھر میں حیاتؔ اپنے
ہر گام یہاں رہزن ہر موڑ لٹیرا ہے
فصیل شکر میں ہیں صبر کے حصار میں ہیں (غزل)
فصیل شکر میں ہیں صبر کے حصار میں ہیں
جہاں گزر نہیں غم کا ہم اس دیار میں ہیں
ہمیں اجال دے پھر دیکھ اپنے جلووں کو
ہم آئنہ ہیں مگر پردۂ غبار میں ہیں
جلا کے مشعلیں چلتے تو ہوتے منزل پر
وہ قافلے جو سویرے کے انتظار میں ہیں
ہے اختیار ہمیں کائنات پر حاصل
سوال یہ ہے کہ ہم کس کے اختیار میں ہیں