حیات شیخ پوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انساں کے ساتھ جسم کا سایہ نہ جائے گا (غزل)
انساں کے ساتھ جسم کا سایہ نہ جائے گا
اب کوئی بھی چراغ بجھایا نہ جائے گا
جانا ہے جس کو اٹھ کے مرے سامنے سے جائے
نظروں سے اب کسی کو گرایا نہ جائے گا
ہم آئنہ صفات ہیں چلمن صفت نہیں
دل میں جو ہے وہ ہم سے چھپایا نا جائے گا
واجب ہے اس لیے بھی یہ غسل سفر کہ ہم
جاتے ہیں واں جہاں سے پھر آیا نہ جائے گا
کوئی خبر تو دے کہ نشانے پہ ہم بھی ہیں
اس کا پھر ایک تیر بھی ضائع نہ جائے گا
پہلے نگاہ کیف میں ساقی ڈبو اسے
ورنہ یہ جام ہم سے اٹھایا نہ جائے گا
مہماں وہ ہوگا بحر تکلف مرا تو پھر
ایسے میں ہم سے گھر کو سجایا نہ جائے گا