حاوی مومن آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ہمیں یاد اب نہیں کرتے (غزل)
وہ ہمیں یاد اب نہیں کرتے
ہم بھی فریاد اب نہیں کرتے
کیا ہوا خیر ہے بتائیں تو
دل پہ بیداد اب نہیں کرتے
شاد ہوتا ہے تو اچھلتا ہے
دل کو ہم شاد اب نہیں کرتے
ظلم و جور و جفا ستم یارو
وہ مرے بعد اب نہیں کرتے
سنگ تربت پہ مار دے تیشہ
بات فرہاد اب نہیں کرتے
سو گئے آخرش میاں حاویؔ
کچھ بھی ارشاد اب نہیں کرتے
تھک چکا ہوں میں غم لکھتے لکھتے (غزل)
تھک چکا ہوں میں غم لکھتے لکھتے
توڑ نہ دوں قلم لکھتے لکھتے
مرثیہ کہہ گیا ہوں میں اپنا
شعر تم پر صنم لکھتے لکھتے
اشک میں بھیگ جاتا ہے کاغذ
آنکھ ہوتی ہے نم لکھتے لکھتے
ہاتھ حاویؔ قلم ہو گئے ہیں
ان کا جور و ستم لکھتے لکھتے