حسن عباسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ میں اس کا نہ وہ میرا ہوا ہے (غزل)
نہ میں اس کا نہ وہ میرا ہوا ہے
چلو جو بھی ہوا اچھا ہوا ہے
گرا دوں اپنے پتے کس طرح میں
وہ میری چھاؤں میں بیٹھا ہوا ہے
چلو پڑھتے ہیں اس پتھر کو چل کر
سنا ہے اس پہ سچ لکھا ہوا ہے
گھنا ویران اور خاموش جنگل
مرے اطراف میں پھیلا ہوا ہے
ادھر اس پار جانا چاہتا ہوں
مگر دریا کا پل ٹوٹا ہوا ہے
اب تو آنکھ سے اتنا جادو کر لیتا ہوں (غزل)
اب تو آنکھ سے اتنا جادو کر لیتا ہوں
جس کو چاہوں اس کو قابو کر لیتا ہوں
میرے ہاتھ میں جب سے اس کا ہاتھ آیا ہے
خار کو پھول اور پھول کو خوشبو کر لیتا ہوں
رات کی تنہائی میں جب بھی گھر سے نکلوں
اس کی یادوں کو میں جگنو کر لیتا ہوں
دل کا دریا صحرا ہونے سے پہلے ہی
اپنی ہر اک خواہش آہو کر لیتا ہوں
جب بھی دل کی سمت حسنؔ بڑھتا ہے کوئی
اس کے آگے اپنے بازو کر لیتا ہوں