پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حارث راجہ کی غزلیں — Harris Raja Ghazals

حارث راجہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہاری آنکھوں کی کیمسٹری کو سمجھوں گا (غزل)

تمہاری آنکھوں کی کیمسٹری کو سمجھوں گا

پھر اس کے بعد کسی روشنی کو سمجھوں گا

یہ ریل گاڑی نہیں ہجر کا اشارہ ہے

میں اس کی کوک سے افسردگی کو سمجھوں گا

نکال لاؤں گا زینو سے عشق کی منطق

ارسطو پڑھتے ہوئے شاعری کو سمجھوں گا

رکھوں گا سامنے والعصر کی عبارت کو

میں کائنات کی بے چہرگی کو سمجھوں گا

میں اپنے باپ کی امید کا ستارہ ہوں

سو اپنے فرض کی خوش قامتی کو سمجھوں گا

تلازماتی حوالوں پہ کام کر رہا ہوں

تمہارے جسم سے بالیدگی کو سمجھوں گا

حسن جاناں کی تعریف کا مسئلہ (غزل)

حسن جاناں کی تعریف کا مسئلہ

سخت مشکل ہے تالیف کا مسئلہ

وہ غزل کی مکمل عبارت بنی

اور مجھ میں ہے تصحیف کا مسئلہ

اس کی آنکھوں میں غوطے لگاؤں مگر

ہے بچھڑنے کی تخویف کا مسئلہ

عاشقوں کو ازل سے ہی درپیش ہے

وصل کی رات تحریف کا مسئلہ