پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہری مہتہ کی غزلیں — Hari Mehta Ghazals

ہری مہتہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی کیا ہے وفا کیا ہے عقیدت کیا ہے (غزل)

زندگی کیا ہے وفا کیا ہے عقیدت کیا ہے

ہم بتاتے ہیں خداؤں کی حقیقت کیا ہے

میں نے پوچھا ہے ستاروں سے سیہ راتوں میں

کون ہے کوئے گنہ راہ طریقت کیا ہے

میں نے حالات کی ہر آگ میں جل کر جانا

راحت قلب ہے کیا اور مصیبت کیا ہے

ٹوک دیتا ہے بھلے کوئی غلط ہو کہ سہی

ناصحا یہ تو بتا فرض نصیحت کیا ہے

چاند سورج کو ستاروں کو پرکھنے والو

تم کو معلوم بھی ہے چشم بصیرت کیا ہے

کتنے انجان ہیں انسان سمجھ بیٹھے ہیں

خوب صورت ہو بشر پھر تو یہ سیرت کیا ہے

کس قدر دور ہریؔ کیش چلے آئے ہو

قدر تھی دیس میں پردیس میں قیمت کیا ہے

غم زدہ زندگی رہی نہ رہی (غزل)

غم زدہ زندگی رہی نہ رہی

خوش رہے ہم خوشی رہی نہ رہی

زندگی کی حسین راہوں میں

چھاؤں ٹھنڈی کبھی رہی نہ رہی

چاند تاروں میں زندگی کاٹی

آپ کو یاد بھی رہی نہ رہی

راہ مستی میں وہ چراغ ملے

جل گئے روشنی رہی نہ رہی

جب کوئی راہ پر لگا ہی نہیں

رہبری رہبری رہی نہ رہی

رہ گئی بات آپ کی چلئے

میری وقعت رہی رہی نہ رہی

دے کے امید پوچھتے ہیں مجھے

دل میں حسرت کوئی رہی نہ رہی

عمر گزری گناہ گاری میں

فکر انجام کی رہی نہ رہی

اپنے مرکز پہ آ گیا ہوں ہریؔ

غم نہیں زندگی رہی نہ رہی