حامد علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹھوکر ملی وفا پہ ہر اک آن دوستا (غزل)
ٹھوکر ملی وفا پہ ہر اک آن دوستا
ہم نے وفا کو جانا تھا ایمان دوستا
ہم نے ہر ایک رشتہ نبھایا خلوص سے
ملتا رہا جواب میں نقصان دوستا
جلتی رہی ضمیر کی قندیل ہر گھڑی
لیکن نہ چھوڑ پایا یہ وجدان دوستا
اک لمس مہربان نے بدلا مرا جہاں
یوں کھل گیا ہو جیسے گلستان دوستا
ہر حرف میں جھلک ہے ترے حسن کی صنم
ہر لفظ میں چھپی ہے مری جان دوستا
میں اب بتاؤں گا دل نادان کی خلش
تقدیر نے لکھا ہے یہ عنوان دوستا
ہم کو علیؔ خدا نے عطا کی ہے یہ نوا
اشعار سے ملی ہے یہ پہچان دوستا
جو رزق نہیں گاؤں میں آرام تو ہے نا (غزل)
جو رزق نہیں گاؤں میں آرام تو ہے نا
کچھ خانہ خرابوں میں مرا نام تو ہے نا
تو بھول گیا دل کو یہ معلوم ہے لیکن
در کھول کے بیٹھا ہوں ابھی شام تو ہے نا
مانا کہ نہیں یار ترے نین شرابی
مستی میں مچلتا ہوا اک جام تو ہے نا
چل جھوم کے چل زیست کی بستی میں مرے دوست
اس الجھی کہانی کا بھی انجام تو ہے نا
اس شہر طلسمات میں کافی ہے کہ حامدؔ
دو چار شریفوں میں تو بدنام تو ہے نا