پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمیدہ معین رضوی کی غزلیں — Hameeda Moeen Rizvi Ghazals

حمیدہ معین رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس ترک تعلق کا عجب مجھ پر اثر تھا (غزل)

اس ترک تعلق کا عجب مجھ پر اثر تھا

خود ہی وہ جلا ڈالا جو یادوں کا شجر تھا

صحرا میں گلابوں کو اگانے کی تمنا

یہ خواب انوکھا سا مرے پیش نظر تھا

وہ لوٹ کے اک دن جو پشیماں چلا آیا

میرے ہی وہ جذبوں کی صداقت کا سحر تھا

وہ میری دریدوں میں بھی موجود رہا ہے

میں کیسے بھلا دیتی نہیں اس سے مفر تھا

باقی رہا کانٹوں میں لہو ہونے کے با وصف

خودداری کا احساس مرا کیسا نڈر تھا

لائق ہی نہ تھا کوئی مکیں دل میں جو رہتا

ورنہ یہ کشادہ تو بہت رہنے کو گھر تھا

جن کرچیوں سے میرا بدن آج لہو ہے

وہ ٹوٹ کے بکھرا مرا ہی شیش نگر تھا

دل دھڑکا قدم ٹھٹھکے پلٹ کر ہوا معلوم

جس نے یہ صدا دی تھی ترا راہ گزر تھا

اک اندھا ارادہ لیے جاتا ہے کسی سمت

جب ٹھہرے تو دیکھا نہ سفر تھا نہ حضر تھا

اس لذت تخلیق کی کاوش میں پھنسا جو

نکلا نہ کبھی اس سے یہ ایسا ہی بھنور تھا

منزل نہ تھی کوئی نہ ہی رستہ نظر آتا

یہ سب اسی تفریق و تعصب کا ثمر تھا

منزل پہ پہنچنے کو تاروں پہ نظر رکھتے (غزل)

منزل پہ پہنچنے کو تاروں پہ نظر رکھتے

جب شہر بسایا تھا رستوں کی خبر رکھتے

کہتے ہو اندھیرا ہے کوئی نہیں چہرہ ہے

ایمان یقیں ہوتا آنکھوں میں سحر رکھتے

الزام تراشی سے اب کچھ بھی نہیں حاصل

جب آئے غنیم اندر لڑنے کا ہنر رکھتے

اس قحط رجالاں میں قائد بھی نہیں ملتے

جو قافلۂ دل کو مائل بہ سفر رکھتے

ہم خاک کے ذروں کی صورت میں پریشاں ہیں

طاقت کو جمع کرتے تو برق و شرر رکھتے

ہم سب سگ مایہ ہیں ہڈی پہ جھپٹتے ہیں

ایسے میں کسی پر کیا اب خاک اثر رکھتے

صحرا کی تپش ہر سو کرگس کا بسیرا ہے

ہر شے جو جلا دی ہے کچھ باقی شجر رکھتے

اک مرگ مسلسل ہے افکار ہیں یخ بستہ

صحرا کی حرارت کو شعلوں سا جگر رکھتے